سر فروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے
یہ غزل جب ہمارے کان میں پڑتی ہے ذہن میں رام پرساد بسمل کا نام ابھر آتا ہے۔ یہ غزل رام پرساد بسمل کی علامت سی بن گئی ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کے مطلع کے خالق رام پرساد بسمل نہیں بلکہ اس کے خالق شاعر بسمل عظیم آبادی ہیں اور یہ مطلع مذکورہ بالا ابیات کے ساتھ ان کے مجموعہ کلام حکایت ہستی میں موجود ہے۔ مگر رام پرساد بسمل نے بھی اسی مطلع کو لے کر اسی زمین پر غزل کہی تھی۔ اور آخری ایام میں ان کا ورد زباں رہی
بسمل شاہجہاں پوری سیاست کے علاوہ شعروادب کابھی ذوق رکھتےتھے۔ بسمل شاہجہاں پوری کی غزل سرفروشی کی تمنا عالمی شہرت یافتہ ہے۔ مقدمے کےدوران ان کی کئی نظمیں مشہور ہوئیں، حکام نے ان کے کلام پر پابندی عائد کردی۔ زمانےکی دست برد سے سرفروشی کی تمنا محفوظ غزل ہے اس کے ابتدائی چار شعر اورمقطع”بندے ماترم” نامی رسالہ میں اور بقیہ اورمقطع 1929ء میں "پشپانجلی”میں شائع ہوئے تھے۔ پوری نظم لائق توجہ ہے۔
البتہ رام پرساد نے اپنی غزل میں مقطع کو نہیں لیا تھا لیکن اس کی جگہ اس نے اسی زمین پر ایک اور غزل کہی جو “زندگی کا راز“ کے نام سے مشہور ہے اس میں مقطع رام پرساد کا ہے۔ وہ یہ ہے۔
بام رفعت پر چڑھا دو دیش پر ہوکر فنا
بسمل’ اب اتنا ہوش باقی ہمارے دل میں ہے !
محققین کی آراء
رام پرساد بسمل اور اشفاق اللہ خان پر تحقیق کر نے والے سدھیر کہتے ہیں، "سرفروشی کی تمنا” کو رام پرساد بسمل نے گایا ضرور تھا، لیکن یہ غزل بسمل عظیم آبادی کی ہے۔ ”
مؤرخ پروفیسر امتیاز بھی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ غزل بسمل عظیم آبادی کی ہی ہے۔ پروفیسر امتیاز کے مطابق، ان کے ایک دوست خود۔
رضوان احمد اس غزل پر ایک تحقیق کر چکے ہیں، جسے کئی قسطوں میں انہوں نے اپنے اخبار ‘ عظیم آباد ایکسپریس’ میں شائع کیا تھا۔
بسمل عظیم آبادی کے پوتے منور حسن بتاتے ہیں کہ یہ غزل آزادی کی لڑائی کے وقت قاضی عبد الغفار کی میگزین ‘صباح’ میں 1922ء میں شائع ہوئی تو انگریز حکومت تلملا گئی تھی۔ ایڈیٹر نے خط لکھ کر بتایا کہ برطانوی حکومت نے پرچے کو ضبط کر لیا ہے۔ دراصل، اس غزل کا ملک کی جنگ آزادی میں ایک اہم کردار رہا ہے۔
یہ غزل رام پرساد بسمل کی زبان پر ہر وقت رہتی تھی۔ 1927ء میں سولی پر چڑھتے وقت بھی یہ غزل ان کی زبان پر تھی۔ بسمل کے انقلابی ساتھی جیل سے پولیس کی لاری میں جاتے ہوئے، کورٹ میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوتے ہوئے اور لوٹ کر جیل آتے ہوئے ایک سر میں اس غزل کو گایا کرتے تھے
بسمل کی درج بالا غزل انقلابی قیدی جیل سے پولیس کی لاری میں عدالت میں جاتے ہوئے، عدالت میں مجسٹریٹ کو چڑھاتے ہوئے اور عدالت سے لوٹ کر واپس جیل آتے ہوئے کورس کے روپ میں گایا کرتے تھے۔ بسمل کی شہادت کے بعد تو یہ تخلیق سبھی انقلابیوں میں زبان زد عام ہو گئی تھی۔ جتنی تحریر اوپر دی گئی ہے وہ لوگ اتنی ہی گاتے تھے۔
بعد میں یہ نظم سب سے پہلے 1965ء میں منوج کمار کی فلم ’’ شہید آن دا لائف ‘‘ بھگت سنگھ میںشامل کی گئی تھی۔دوبارہ آج کے دور میں اسے کچھ مبدل سطور کے ساتھ 2002ء میں ہندی فلم ’’ لیجنڈ بھگت سنگھ ‘‘ میںشامل کیا گیا اس کے بعد 2006ء میں اس کی سطور ’’ رنگ دے بسنتی ‘‘ میں استعمال کی گئیں،اور یہی نظم ایک بار پھر 2009ء میں اورنگ کاشیاپ کی فلم ’’ گلال‘‘ میں بھی شامل کی گئی۔

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔