پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

” زندہ ہوں اس طرح کی غم زندگی نہیں” . معروف شاعر …

” زندہ ہوں اس طرح کی غم زندگی نہیں”
.
معروف شاعر اور فلمی نغمہ نگار قمر جلال آبادی کا یوم پیدائش
29 February 1916
(پیدائش 29 فروری 1916ء – وفات 8 جنوری 2003ء )
———-
منتخب کلام
———-
کچھ تو ہے بات جو آتی ہے قضا رک رک کے
زندگی قرض ہے قسطوں میں ادا ہوتی ہے
———-
مرے خدا مجھے تھوڑی سی زندگی دے دے
اداس میرے جنازے سے جا رہا ہے کوئی
———-
راہ میں ان سے ملاقات ہو گئی
جس سے ڈرتے تھے وہی بات ہو گئی
———-
چھوٹی سی بے رخی پہ شکایت کی بات ہے
اور وہ بھی اس لئے کہ محبت کی بات ہے
میں نے کہا کہ آئے ہو کتنے دنوں کے بعد
کہنے لگے حضور یہ فرصت کی بات ہے
میں نے کہا کی مل کے بھی ہم کیوں نہ مل سکے
کہنے لگے حضور یہ قسمت کی بات ہے
میں نے کہا کہ رہتے ہو ہر بات پر خفا
کہنے لگے حضور یہ قربت کی بات ہے
میں نے کہا کہ دیتے ہیں دل تم بھی لاؤ دل
کہنے لگے کہ یہ تو تجارت کی بات ہے
میں نے کہا کبھی ہے ستم اور کبھی کرم
کہنے لگے کہ یہ تو طبیعت کی بات ہے
———-
آواز دے رہی ہے یے کس کی نظر مجھے
شاید ملے کنارہ وہیں ڈوب کر مجھے
چاہا تجھے تو خود سے محبت سی ہو گئی
کھونے کے باد مل گئی اپنی خبر مجھے
ہر ہر قدم پے ساتھ ہوں سایہ ہوں میں ترا
اے بے وفا دکھا تو ذرا بھول کر مجھے
دنیا کو بھول کر تری دنیا میں آ گیا
لے جا رہا ہے کون ادھر سے ادھر مجھے
دنیا کا ہر نظارہ نگاہوں سے چھین لے
کچھ دیکھنا نہیں ہے تجھے دیکھ کر مجھے
———-
اک حسین لا جواب دیکھا ہے
رات کو آفتاب دیکھا ہے
گورا مکھڑا یے سرخ گال ترے
چاندنی میں گلاب دیکھا ہے
نرگسی آنکھ زلف شب رنگی
بادلوں کا جواب دیکھا ہے
جھومتے جام سا چھلکتا بدن
ایک جام شراب دیکھا ہے
ہم تو مل کر نہ مل سکے تم کو
تم کو دیکھا کہ خواب دیکھا ہے
———-
تیرے خوابوں میں محبت کی دہائی دوں گا
جب کوئی اور نہ ہوگا تو دکھائی دوں گا
میری دنیا میں فقط ایک خدا کافی ہے
دوستو کتنے خداؤں کو خدائی دوں گا
دل کو میں قید قفس سے تو بچا لے آیا
کب اسے قید نشیمن سے رہائی دوں گا
کوئی انساں نظر آئے تو بلاؤ اس کو
اسے اس دور میں جینے پہ بدھائی دوں گا
دیکھ لوں اپنے گریباں ہی میں منہ ڈال کے میں
اپنے حالات کی کس کس کی برائی دوں گا
تم اگر چھوڑ گئے مجھ کو تو یوں تڑپوں گا
ساری دنیا کو غم و درد جدائی دوں گا
تیری ہی روح کا نغمہ ہوں اگر مٹ بھی گیا
میں تجھے دوسری دنیا سے سنائی دوں گا
———-
یا رب ترے کرم سے یہ سودا کریں گے ہم
دنیا میں پی کے خلد میں توبہ کریں گے ہم
یوں رسم حسن و عشق کو رسوا کریں گے ہم
تم منتظر رہو گے نہ آیہ کریں گے ہم
آئینے میں خود اپنا تماشا کریں گے ہم
یوں بھی شب فراق گزارہ کریں گے ہم
جب تک نہ نظر آؤ گے ایسا کریں گے ہم
ہر روز اک خدا کو تراشا کریں گے ہم
تجھ کو بٹھا کے دور سے دیکھا کریں گے ہم
یوں بھی ترے غرور سے کھیلا کریں گے ہم
جا تجھ سے بے نیاز ہوئے بھولے تیرا ذکر
تو چاہے گا تو تیری تمنا کریں گے ہم
…..
نوٹ : تاریخِ پیدائش قمر جلال آبادی کے مجموعے رشکِ قمر جو کہ دسمبر 1984 میں شائع ہوا ، کے باب قمر جلال آبادی : مختصر سوانح حیات صفحہ نمبر 16 سے لی گئی ہے
بشکریہ اردوئے معلیٰ