پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جون ایلیا کے یہ اشعار عمدہ شاعر برادر مکرم عرفان س…

جون ایلیا کے یہ اشعار عمدہ شاعر برادر مکرم عرفان ستار کے منتخب کردہ ہیں، پڑھئے اور لطف لیجئے

جون ایلیا کا مقدمہ صرف ان کے اشعار پیش کرکے لڑا جاسکتا ہے، کیونکہ جون کی شاعری پر مروجہ تنقیدی نظریات کے تحت بات نہیں ہوسکتی۔ یہ شاعری کیفیت میں شرکت مانگتی ہے۔ یہ زندگی کی تلخ اور سچی حقیقتوں کی شاعری ہے۔ اسے محسوس کرنا ہوتا ہے۔ صرف مضمون کی داد دینے والوں کے لیے اس میں کچھ نہیں۔۔۔۔۔

کیا ستم ہے کہ اب تری صورت
غور کرنے پہ یاد آتی ہے

یہ مجھے چین کیوں نہیں پڑتا
ایک ہی شخص تھا جہان میں کیا

گرم جوشی اور اس قدر، کیا بات
کیا تمہیں مجھ سے کچھ شکایت ہے؟

مل رہی ہو بڑے تپاک کے ساتھ
مجھ کو یکسر بھلا چکی ہو کیا

کیا کہا، عشق جاودانی ہے
آخری بار مل رہی ہو کیا؟

عشق کو درمیاں نہ لاو کہ میں
چیختا ہوں بدن کی عسرت میں

میں اسی طرح تو بہلتا ہوں
اور سب جس طرح بہلتے ہیں

وہ خلا ہے کہ سوچتا ہوں میں
اس سے کیا گفتگو ہو خلوت میں؟

اب فقط عادتوں کی ورزش ہے
روح شامل نہیں شکایت میں

یہ کچھ آسان تو نہیں ہے کہ ہم
روٹھتے اب بھی ہیں مروت میں

دکھ اُٹھاتا ہوں میں رفاقت کے
تم نہیں ہو مری طبیعت کے

تو کیا اب نیند بھی آنے لگی ہے؟
تو بستر کیوں بچھایا جا رہا ہے؟

کون اس گھر کی دیکھ بھال کرے
روز اک چیز ٹوٹ جاتی ہے

یادیں ہیں یا بلوہ ہے
چلتے ہیں چاقو مجھ میں

آدم، ابلیس، اور خدا
کوئی نہیں یکسو مجھ میں

تم میری اک خودمستی ہو، میں ہوں تمہاری خودبینی
قصے میں اس عشق کے ہم تم، دونوں بےبنیاد ہوئے

شوق کا رنگ بجھ گیا، یاد کے زخم بھر گئے
کیا مری فصل ہو چکی، کیا میرے دن گزر گئے

خیرہ سران شوق کا، کوئی نہیں ہے جنبہ دار
شیر میں اس گروہ نے، کس کو خفا نہیں کیا

تو کبھی سوچنا بھی مت، تو نے گنوا دیا مجھے
مجھ کو مرے خیال کی، موج بہا کے لے گئی

میرا سانس اکھڑتے ہی سب، بین کریں گے، روئیں گے
یعنی میرے بعد بھی یعنی، سانس لیے جاتے ہوں گے؟

ہم نے خدا کا رد لکھا، نفی بہ نفی لا بہ لا
ہم ہی خدا گزیدگاں، تم پر گراں گزر گئے

میں تو صفوں کے درمیاں، کب سے پڑا ہوں نیم جاں
میرے تمام جاں نثار، میرے لیے تو مر گئے

عجب ہے ایک حالت سی ہوا میں
ہمیں جیسے گنوایا جا رہا ہے

اس بار وہ تلخی ہے کہ روٹھے بھی نہیں ہم
اب کے وہ لڑائی ہے کہ جھگڑا نہ کریں گے

تو بھی کسی کے باب میں، عہد شکن ہو غالبا
میں نے بھی ایک شخص کا، قرض ادا نہیں کیا

جانے تری نہیں کے ساتھ، کتنے ہی جبر تھے کہ تھے
میں نے ترے لحاظ میں، تیرا کہا نہیں کیا

کل دوپہر عجیب سی اک بے دلی رہی
بس تیلیاں جلا کے بجھاتا رہا ہوں میں

دل کو تری ہوس سے کسی دم نہیں قرار
ہلکان ہو گیا ہوں تری دل کشی سے میں

یہ حشر ناز کہ بس، اور یہ تیز تیز نفس
تمہیں سلیقہ انکار تک نہیں آتا

ہنر تو ذات کی بربادی ہمیشہ ہے
یہ سلسلہ کبھی گھربار تک نہیں آتا

مستقل بولتا ہی رہتا ہوں
کتنا خاموش ہوں میں اندر سے

عجیب ہے مری فطرت کہ آج ہی مثلا
مجھے سکون ملا ہے ترے نہ آنے سے

کیا تکلف کریں یہ کہنے میں
جو بھی خوش ہے، ہم اس سے جلتے ہیں

ہے وہ جان اب ہر ایک محفل کی
ہم بھی اب گھر سے کم نکلتے ہیں

بولنے ہی سے ہیں جو رشتے ہیں
تو عجب ہے کہ بولتا ہی نہیں

ہم موجہ شمیم کی صورت برہنہ ہیں
تو رنگ بن کے آ کہ ردا چاہیے ہمیں

اس گلی نے یہ سن کے صبر کیا
جانے والے یہاں کے تھے ہی نہیں

ہاں ٹھیک ہے، میں اپنی انا کا مریض ہوں
آخر مرے مزاج میں کیوں دخل دے کوئی

ابھی اک شور ہاو ہو سنا ہے ساربانوں نے
وہ پاگل قافلے کی ضد میں پیچھے رہ گیا ہوگا

اک شخص کررہا ہے ابھی تک وفا کا ذکر
کاش اس زباں دراز کا منہ نوچ لے کوئی

ہے عجب فیصلے کا صحرا بھی
چل نہ پڑیے تو پاؤں جلتے ہیں

نظر پر بار ہوجاتے ہیں منظر
جہاں رہیو، وہاں اکثر نہ رہیو

شکست اعتماد ذات کے وقت
قیامت آرہی تھی، آگئی کیا؟

اس کی امید ناز کا، ہم سے یہ مان تھا کہ آپ
عمر گزار دیجیے، عمر گزار دی گئی

جانے کیا واقعہ ہوا کیوں لوگ
اپنے اندر نہیں رہے آباد

جانے مجھ سے یہ کون کہتا تھا
آپ اپنا خیال تو رکھیے

بہت بے آسراپن ہے سو چپ رہ
نہیں ہے یہ کوئی مژدہ، خدا نئیں

تو ہے پہلو میں پھر تری خوشبو
ہو کے باسی کہاں سے آتی ہے

خوش ہو سینے کی ان خراشوں پر
پھر تنفس کے یہ صلے بھی کہاں

کیوں ہمیں کردیا گیا مجبور
خود ہی بے اختیار تھے ہم تو

اب جو رشتوں میں بندھا ہوں تو کھلا ہے مجھ پر
کب پرند اڑ نہیں پاتے ہیں پروں کے ہوتے

ہم نے جانا تو ہم نے یہ جانا
جو نہیں ہے، وہ خوبصورت ہے

وہ جو تعمیر ہونے والی تھی
لگ گئی آگ اس عمارت میں

زندگی کی غزل تمام ہوئی
قافیہ رہ گیا محبت کا

زندگی خس طرح بسر ہوگی
دل نہیں لگ رہا محبت میں

ترک الفت تھا کس قدر آسان
آج تو جیسے کچھ ہوا ہی نہیں

آج کے بعد عشرت مجلس شام غم کہاں
دل نہ لگے گا تیرے بعد، پر ترے بعد ہم کہاں

شوق فزوں کو آج شام، صاف جواب مل گیا
اب وہ معاش خدمت، گیسوئے خم بہ خم کہاں

یارو کچھ تو بات بتاؤ، اس کی قیامت بانہوں کی
وہ جو سمٹتے ہوں گے ان میں، وہ تو مرجاتے ہوں گے

ہے نسیم بہار گرد آلود
خاک اڑتی یے اس مکان میں کیا؟

جو ان روزوں مرا غم یے وہ یہ ہے
غموں سے بردباری جا رہی ہے

ہے اسے دور کا سفر درپیش
ہم سنبھالے نہیں سنبھلتے ہیں

تو مرا حوصلہ تو دیکھ، داد تو دے کہ اب مجھے
شوق کمال بھی نہیں، خوف زوال بھی نہیں

میں بھی بہت عجیب ہوں، اتنا عجیب ہوں کہ بس
خود کو تباہ کر لیا، اور ملال بھی نہیں

المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی

Irfan Sattar