ربط :
ٹوٹا اگر کسی کا شہِ دوسرا سے ربط
ممکن نہیں کہ جڑ سکے اُس کا خدا سے ربط
پوچھ اہلِ معرفت سے مقاماتِ اِتّباع
رکھتے ہیں جو مراقبِ غارِ حرا سے ربط
ہر جادۂ اراءَتِ وحدت میں خیر ہو
پیدا اگر ہو موصلِ حدِّ ہدیٰ سے ربط
کشفِ حجابِ غیب کی سب منزلیں ہوں طے
بن جائے تیرا جلوۂ دیدہ کشا سے ربط
ہو جا تو محوِ ذاتِ رسولِ خدائے پاک
کثرت میں رکھ تو وحدتِ جانِ بقا سے ربط
اِک ایک ساعت اُن کی ہے پہلے سے بے نیاز
ہے اُن کا بے گمان حدِ ارتقا سے ربط
جا دیکھ اُن کے حلقۂ دامن کی نعمتیں
رہتا ہے جن کا کوچۂ نافئ لَا سے ربط
محشر میں بھی لطافتِ تسکیں نہ جائے گی
رکھ دشتِ کوئے شاہ کی بادِ صبا سے ربط
آئیں گے کیسے چشمِ خلائق کے سامنے
جرموں کا جب مرے رہے اُن کی رِدا سے ربط
دیتا ہوں واسطہ اَبَوینِ حضور کا
ہو کیوں اجابتوں کو نہ میری دعا سے ربط
رازیٓ سخن نہ کیسے ہو دو آتشہ مرا
رکھتا ہوں سوزِ جامیٓ و طرزِ رضآ سے ربط
بندۂ لاشئ
میرزا امجد رازیٓ
