اختر انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سینہ خوں سے بھرا ہوا میرا (غزل)
سینہ خوں سے بھرا ہوا میرا
اف یہ بد مست مے کدہ میرا
نا رسائی پہ ناز ہے جس کو
ہائے وہ شوق نا رسا میرا
دل غم دیدہ پر خدا کی مار
سینہ آہوں سے چھل گیا میرا
یاد کے تند و تیز جھونکے سے
آج ہر داغ جل اٹھا میرا
یاد ماضی عذاب ہے یا رب
چھین لے مجھ سے حافظہ میرا
منت چرخ سے بری ہوں میں
نہ ہوا جیتے جی بھلا میرا
ہے بڑا شغل زندگی اخترؔ
پوچھتے کیا ہو مشغلہ میرا
سمجھتا ہوں میں سب کچھ صرف سمجھانا نہیں آتا (غزل)
سمجھتا ہوں میں سب کچھ صرف سمجھانا نہیں آتا
تڑپتا ہوں مگر اوروں کو تڑپانا نہیں آتا
یہ جمنا کی حسیں امواج کیوں ارگن بجاتی ہیں
مجھے گانا نہیں آتا مجھے گانا نہیں آتا
یہ میری زیست خود اک مستقل طوفان ہے اخترؔ
مجھے ان غم کے طوفانوں سے گھبرانا نہیں آتا
یہ چاہتا ہوں کہ کچھ دیر کے لیے ہمدم (نظم)
یہ چاہتا ہوں کہ کچھ دیر کے لیے ہمدم
تجھے بھی دل سے بھلاؤں میں خود کو بھی بھولوں
اڑوں لگا کے تخیل کے پر زمینوں سے
کمند پھینکوں فلک پر ستاروں کو چھو لوں
مچاؤں دھومیں کبھی کہکشاں میں اور کبھی
دھنک کو گود میں لے کر گھٹاؤں میں جھولوں
بلند ہو کے بہار و خزاں کے عالم سے
ریاض انجم و مہتاب میں پھلوں پھولوں
مگر اڑان کی قیمت کہاں سے دوں گا میں
بلندیوں سے گروں گا تو کیا کروں گا میں