پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عامر رحمتی کی غزلیں — Aamir Rahmati Ghazals

عامر رحمتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی کو یاد تڑپائے تمہیں کیا (غزل)

کسی کو یاد تڑپائے تمہیں کیا

کوئی مرتا ہو مر جائے تمہیں کیا

تمہیں سجنے سنورنے سے ہے مطلب

قیامت آتی ہو آئے تمہیں کیا

انا الحق کی سدا دیتے ہوئے گر

کوئی پھر سولی چڑھ جائے تمہیں کیا

تمہارا حسن یہ ہم عاشقوں پر

غضب ڈھائے ستم ڈھائے تمہیں کیا

تمہیں تو کھیلنا ہوتا ہے دل سے

کسی کی جاں چلی جائے تمہیں کیا

ادا سے شانوں پہ گیسو بکھیرو

جہاں بھر میں گھٹا چھائے تمہیں کیا

تمہارا کام چھپ کر بیٹھ جانا

کسی کی جاں بہ لب آئے تمہیں کیا

نگہبانی میں ہو عامرؔ کسی کی

کریں کچھ بھی یہ ہمسائے تمہیں کیا

کہو تو کیا یہ مسئلہ ہے عین شین قاف کا (غزل)

کہو تو کیا یہ مسئلہ ہے عین شین قاف کا

جی رستہ مشکلوں بھرا ہے عین شین قاف کا

اسے کیے بغیر خود خدا بھی رہ نہیں سکا

یہی تو دوست معجزہ ہے عین شین قاف کا

بنے پھرے ہیں قیس آج کل جو ان سے پوچھیے

انہیں ذرا سا بھی پتہ ہے عین شین قاف کا

یہاں وہاں نہ دیکھ شیخ جا چلا جا میکدے

اگر جو رقص دیکھنا ہے عین شین قاف کا

سناں کی نوک پر کرا دے جو امام سے ثنا

حضور ایسا مرتبہ ہے عین شین قاف کا

ترے بغیر چل نہیں سکیں گے اک قدم بھی ہم

بہت کٹھن یہ راستہ ہے عین شین قاف کا

کہیں پہ کربلا کہیں پہ حشر برپا کر دیا

یہ مختصر سا واقعہ ہے عین شین قاف کا