پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر انصاری اکبرآبادی کی غزلیں — Akhtar Ansari Akbarabadi Ghazals

اختر انصاری اکبرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ را ابتدا سمجھو نہ راز انتہا سمجھو (غزل)

نہ را ابتدا سمجھو نہ راز انتہا سمجھو

نظر والوں تمہیں کرنا ہے اب دنیا میں کیا سمجھو

طلب میں صدق ہے تو ایک دن منزل پہ پہنچو گے

قدم آگے بڑھاؤ خود کو اپنا رہنما سمجھو

یہ کیا انداز ہے اتنا گریز اہل تمنا سے

خدا توفیق دے تو اہل دل کا مدعا سمجھو

تمہارے ہر اشارے پر سر تسلیم خم لیکن

گزارش ہے کہ جذبات محبت کو ذرا سمجھو

ہو کوئی موج طوفاں یا ہوائے تند کا جھونکا

جو پہنچا دے لب ساحل اسی کو ناخدا سمجھو

جسے دیکھو وہی بدمست ہی مغرور ہے ہمدم

کوئی بندہ نہیں دنیا میں کس کس کو خدا سمجھو

یہاں رہبر کے پردے میں بہت رہزن ہیں اے اخترؔ

رہو دور اس سے تم جس کو وفا نا آشنا سمجھو

یوں بدلتی ہے کہیں برق و شرر کی صورت (غزل)

یوں بدلتی ہے کہیں برق و شرر کی صورت

قابل دید ہوئی ہے گل تر کی صورت

زلف کی آڑ میں تھی جان نظر کی صورت

رات گزری تو نظر آئی سحر کی صورت

ان کے لب پر ہے تبسم مری آنکھوں میں سرور

کیا دکھائی ہے دعاؤں نے اثر کی صورت

قافلے والو نئے قافلہ سالار آئے

اب بدل جائے گی انداز سفر کی صورت

کیا کرشمہ ہے مرے جذبۂ آزادی کا

تھی جو دیوار کبھی اب ہے وہ در کی صورت

اب کوئی حوصلہ افزائے ہنر ہے اخترؔ

اب نظر آئے گی ارباب ہنر کی صورت