پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عامر اظہر کی غزلیں — Aamir Azher 1 Ghazals

عامر اظہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پڑھ لے گا کوئی رات کی روئی ہوئی آنکھیں (غزل)

پڑھ لے گا کوئی رات کی روئی ہوئی آنکھیں

ہر سمت ہیں آرام سے سوئی ہوئی آنکھیں

جن لوگوں کی منزل پہ نظر ہوتی ہے ہر دم

ان کا ہی تماشا ہیں یہ کھوئی ہوئی آنکھیں

دن بھر تو جمے رہتے ہیں پلکوں پہ وہی خواب

کیوں ہوش میں لاتی نہیں دھوئی ہوئی آنکھیں

آنکھوں کا جمال آپ کو معلوم ہی کیا ہے

دیکھیں ہیں کبھی رات وہ سوئی ہوئی آنکھیں

دل ہے کہ تجھے پائیں بکھر جائیں اے مولا

بینائی کے دھاگے میں پروئی ہوئی آنکھیں

کچھ بھی نہ دکھا معجزہ تھا ہی یہی عامرؔ

کھولی گئیں زمزم سے بھگوئی ہوئی آنکھیں

کب سے آدھا ہے ماہتاب مرا (غزل)

کب سے آدھا ہے ماہتاب مرا

پورا ہوتا نہیں ہے خواب مرا

جس کی چاہت ہی ایک نیکی ہو

اس پہ قربان ہر ثواب مرا

تیری دنیا ہے خواب کی دنیا

میری آنکھوں میں ہے سراب مرا

سرخ سا چاند اور سیاہ سی رات

ان کی زلفوں میں ہو گلاب مرا

مجھ کو دیوانگی کا ہوش نہیں

ہوش ہی رہ گیا جواب مرا

کب سے بیٹھا ہوا ہوں چوکھٹ پہ

جانے کس سمت میں ہے باب مرا

تارے گنتے ہوئے لگا عامرؔ

کچھ بگڑ ہی گیا حساب مرا

چلو ایک کام کرتے ہیں (نظم)

چلو ایک کام کرتے ہیں

ایسے بات کرتے ہیں

کہ خاموش رہیں

نہ تم کچھ بولو

نہ میں کچھ بولوں

نہ سنو تم کچھ

نہ سنوں میں کچھ

بس دیکھیں

ایک دوسرے کی آنکھوں میں

جب کہ سامنے

نہ میں ہوں نہ تم

مگر اس گفتگو کے بیچ میں

اگر کہیں سے تم آ جاؤ

تو اس مداخلت پہ

مجھے کوئی اعتراض نہیں