"جدید غزل کا نمائندہ شاعِر”
طویل مدت کے بعد چناروں کے سائے میں ایک مدھر نغمہ بلند ہوا، وہ نغمہ جو کہ طویل ریاضت کے بعد ایک زاہدؔ کی زبان سے نکلا، وہ زاہدؔ جو برسوں کی ریاضت کے بعد اس مقام پہ پہنچا کہ دَورِ جدید میں اپنی آواز کو غزل کے توانا نام کے طور پر ابھارے، پہلے شعر سے میں آپ کے سُخن کے تیور دیکھنا چاہوں گا
ہو کے باشندہ اِک ستارے کا
اُنگلیاں چاند پر اُٹھاتا ہوں
جو کہ خود ایک سیارہ نشین ہے جو کہ ستارے کے گرد گردش کر رہا ہے، ہاں وہی سرفراز زاہدؔ جو روزانہ تازہ خبر لے کے اور پھر بے سدھ ہو کے لیٹ جانے والی عمومیت کا قائل نہیں ہے، بلکہ وہ زحمتِ بال و پر اُٹھاتا ہے وہ زاہدؔ جو برسوں اپنی مفتوحہ زمینوں میں گھومتا ہے اور غزل کو بطورِ استعارہ ایسے اُٹھاتا ہے کہ جیسے وہ اِس دَور کی زبان بن گئی ہو سرفراز زاہدؔ غزلِ جدید میں ایک منفرد نام لے کے چل رہے ہیں گویا زاہدؔ کی تیرہ سالہ ریاضت رنگ لے آئی اور زاہدؔ اس محنت کو جاری رکھے ہوئے ہے
یقیناً یہ اُردُو اَدب اور اُردُو غزل کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے جہاں غزل کی ہیت میں کچھ تبدیلیاں آ رہی ہیں وہی سرفراز زاہدؔ جدید غزل میں روایت کے ساتھ ساتھ نئے استعارات اور نئے قوافی کے ساتھ نمودار ہوئے
کئی جگہوں پر ان کے قوافی یوں لگتے ہیں کہ جیسے وہ خود ایک تخلیق کار کی حیثیت سے قوافیوں کو اپنے رنگ میں ڈھالتے ہیں کبھی وہ ردیف کی مجبوری نہیں بنتے نہ ہی قافیہ ان کی مجبوری ہوتا ہے
وہ غزل و قافیہ کو اپنے رنگ میں ڈھالتے ہیں اور غزل کہتے ہیں
جب زاہدؔ سوچنے لگتا ہے تو کہتا ہے
سوچوں نے جب خلا بنایا
لفظوں سے اِک خدا بنایا
شاید ہو کوئی اپنے جیسا
تھا جس نے آئینہ بنایا
وہ جدت کے نام پہ موجودہ دور میں مقبول خرافات کا شکار نہیں ہوتے، بلکہ وہ جدت، خیال ہی جدت لاتے ہیں ان کے لفظوں میں ان کے قافیے میں ان کی بحر میں وہ توانا شاعِر ابھرتا ہے کہ جو اپنے دَور کے متقاضی کلام کہتا ہے اور اپنا راستہ بناتا ہے
نئی زمینوں میں ابھی سرفراز زاہد نے بہت اچھے اشعار کہے اور وہ زمین کی تخلیق میں بالکل بے لگام ہو کر وہ طویل بحروں میں اور ردیف کے لیے بھی بالکل ایک علیحدہ موضوع اور ایک علیحدہ روایت نبھاتے نظر آتے ہیں
بحر کے تیور دیکھیے گا
یہ خوش گمانی ہے یا نظر کا مغالطہ ہے
انا کی دیوار میں جو در کا مغالطہ ہے
وہ زندگی کی فلاسفی سے نہیں ہیں واقف
کہ اپنے شانوں پہ جن کو سر کا مغالطہ ہے
ابھی یہ دوسرا شعر دورِ جدید میں مذاحمت کے حوالے سے بھی دیکھا جا سکتا ہے
قافیہ شاعری کا تقریباً سب سے مشکل مرحلہ ہے جبکہ سرفراز زاہدؔ کے ہاں قافیے کی استادی اس طرح ملتی ہے کہ جیسے قافیہ خود ان کے آگے دست بستہ باادب کھڑا ہے
شعر دیکھیے گا
شعلے نیم گلابی ہوتے دیکھ رہا ہوں
موسم ابراہیمی ہوتے دیکھ رہا ہوں
سرفراز زاہدؔ کی شاعری پڑھتے ہوئے آپ یہ ضرور محسوس کریں گے کہ ان کہ ہاں مضامین کی تکرار نہیں ہے میں نے تقریبا پوری کتاب پڑھی ہر شعر میری نظر سے گزرا اور میں انکے مضامین دیکھ کر حیران ہوتا رہا وہ نہ صرف یہ کہ کائنات کے اسرار و رموز کی بات کرتے نظر آتے ہیں بلکہ اپنے عہد پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں، انسان ، اسکی مجبوریاں،محرومیاں، زندگی کی مصروفیات اور اسکے باہمی تعلقات پر اثرات، تلاش ذات کے مضامین تخلیقی انداز سے باندھنا اور شعریت پیدا کرنا کارِ دشوار ہوتا ہے مگر سرفراز زاہدؔ صاحب کیلئے نہیں۔
دورانِ مطالعہ میں اکثر اشعار سے تیزی سے گزرا مگر اگلے شعر پر ٹھٹک کر واپس پہلے شعر پر آیا تو اس میں نہاں معنی کھلتے چلے گئے، ایسی شاعری ناپید ہوتی جا رہی ہے صد شکر کہ سرفراز زاہدؔ صاحب اور ان جیسے کچھ شعراء ابھی موجود ہیں
اب ایسے قحط الاشعار میں اگر اک ایسی کتاب میسر ہو جائے جس میں بے شمار اعلی درجے کے اشعار یکجا ہوں تو آپ ہی بتائیے قاری کس قدر نہال ہوگا۔ کچھ ایسی ہی میری کیفیت تب ہوئی جب سرفراز زاہدؔ صاحب کی "لفظوں سے پہلے” نامی کتاب مجھے نصیب ہوئی اور میرے مطابق "لفظوں سے پہلے” جدید شاعری کی اہم ترین کتاب ہے
سرفراز زاہدؔ ایک کم گو اور تنہائی پسند شاعِر ہے نمود نمائش سے دور گوشہ نشینی اختیار کر کے بیٹھا ہے اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اَدبی گروہ بندیوں جیسی خرافات نے اِس صاف گو کو ایسے ماحول سے دور رکھا ہوا ہے
سرفراز زاہدؔ نے اپنے شعری سفر کا آغاز سنہ 2001 میں شروع کیا اور تیرہ سالہ طویل ریاضت کے بعد اپنا پہلا شعری پڑاؤ "لفظوں سے پہلے” کی صورت میں کیا جو کہ 2014 میں منصہ شہود پر آئی زیرِ نظر مجموعہ مِثال پبلشر فیصل آباد نے شائع کیا جس میں سرفراز زاہدؔ کی 58 غزلیں شامل ہیں اور اِس مجموعۂ کلام پر مشاہیر کی آراء بھی درج ہیں
جناب ظفر اِقبال صاحب
جناب اختر رضا سلیمی صاحب
جناب شہاب صفدر صاحب
آخر میں "لفظوں سے پہلے” سے میرا اِنتِخاب ملاحظہ فرمائیں
محبت عام سا اِک واقعہ تھا
ہمارے ساتھ پیش آنے سے پہلے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وہاں مشکل میں پڑ جاتے ہیں گردوپیش
جہاں میں سانس آسانی سے لیتا ہوں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عشق! آٹو گراف دے اپنا
دیکھ! سُولی تک آ گیا ہوں میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گریباں کے بٹن پہ اونگھتا تھا
ستارہ آنکھ کُھل جانے سے پہلے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اجل گہری نظر رکھے ہوئے ہے
مری سانسوں کی بے ترتیبیوں پر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایسی ویسی پہ قناعت نہیں کر سکتے ہم
دان یہ فقر کی دولت نہیں کر سکتے ہم
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وہیں پہ میرے مصنّف کو اُونگھ آتی ہے
میں جن سطور میں دشمن پہ حاوی ہوتا ہوں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جب تعارف سے بے نیاز تھا میں
کوئی زاہدؔ نہ سرفراز تھا میں
سب کو قدرت تھی خوش کلامی پر
خامشی میں زباں دراز تھا میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایسا ویسے روز بناتا ہوں
ویسے ایسا روز نہیں بنتا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سال گزر جاتا ہے سارا
اور کیلنڈر رہ جاتا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مری تنہائی کو نہیں معلوم
کب کا کمرے سے جا چکا ہوں میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ ترا بخت ، محل ، تاج ، سپاہ
میرے اِک خواب کی قیمت ہے میاں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خود کو یکمشت دان کر بیٹھے
ہم یہ کیسا زیان کر بیٹھے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منڈیروں سے اُتر کر خوف کوئی
دبے پاؤں مرے کمرے میں آیا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
زباں پہ توبہ کی ت کِس طرف سے آ نکلی
ابھی گلاس میں باقی شراب کی ب ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آپ اگر پلکوں کی چوکھٹ تک آ جائیں
ہم اپنی تصویر سے باہر آ سکتے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ جو تالاب ہے دریا تھا کبھی
میں یہاں بیٹھ کے روتا تھا کبھی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک ہجوم کے پیچھے کوئی
رہ جاتا ہے تنہا مجھ میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیچھے مُڑ کر دیکھ رہا ہے مصرعہ کوئی
شعر مکمّل یعنی ہوتے دیکھ رہا ہوں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریر : مُحمّد فاروق(سفیدپوش)
سرگودھا


جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔