پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کچھ تو ہوا بھی سرد تھی کچھ تھا ترا خیال بھی۔۔پروین…

کچھ تو ہوا بھی سرد تھی کچھ تھا ترا خیال بھی۔۔پروین شاکر۔۔!!

کچھ تو ہوا بھی سرد تھی کچھ تھا ترا خیال بھی
دل کو خوشی کے ساتھ ساتھ ہوتا رہا ملال بھی
بات وہ آدھی رات کی رات وہ پورے چاند کی
چاند بھی عین چیت کا اس پہ ترا جمال بھی
سب سے نظر بچا کے وہ مجھ کو کچھ ایسے دیکھتا
ایک دفعہ تو رک گئی گردش ماہ و سال بھی
دل تو چمک سکے گا کیا پھر بھی تراش کے دیکھ لیں
شیشہ گران شہر کے ہاتھ کا یہ کمال بھی
اس کو نہ پا سکے تھے جب دل کا عجیب حال تھا
اب جو پلٹ کے دیکھیے بات تھی کچھ محال بھی
میری طلب تھا ایک شخص وہ جو نہیں ملا تو پھر
ہاتھ دعا سے یوں گرا بھول گیا سوال بھی
اس کی سخن طرازیاں میرے لیے بھی ڈھال تھیں
اس کی ہنسی میں چھپ گیا اپنے غموں کا حال بھی
گاہ قریب شاہ رگ گاہ بعید وہم و خواب
اس کی رفاقتوں میں رات ہجر بھی تھا وصال بھی
اس کے ہی بازوؤں میں اور اس کو ہی سوچتے رہے
جسم کی خواہشوں پہ تھے روح کے اور جال بھی
شام کی نا سمجھ ہوا پوچھ رہی ہے اک پتا
موج ہوائے کوئے یار کچھ تو مرا خیال بھی

پروین شاکر۔۔۔!!


Comments

5 responses to “کچھ تو ہوا بھی سرد تھی کچھ تھا ترا خیال بھی۔۔پروین…”

  1. Mohtarma Parveen Shakir,
    Paryon ki shehzadi,paristan se bhatak ke pakisan a ponhchi thi,
    Mager phoolon,rangon,khusbuon,ki ye pari yahan Sazishain or hadsat bardasht na kar saki,
    Or rooth ke wapis paristan chali gaey.
    Allah is shehzadi ke darjaat buland farmaay.

  2. 10دسمبر 1994 کو ایک سیمینار کے سلسلے میں مَیں اسلام آباد میں تھا۔۔ شام سات بجے فراغت کے بعد مَیں نے محترمَہ پروین شاکر سے فون پہ اجازت لی اور چند ہی لمحوں کے بعد مَیں محترمَہ کے گھر کی جانب روانہ ہو گیا۔۔۔محترمَہ کے چہرے پہ متانت (جو ان کی شخصیت کاخاصہ تھی) کے ساتھ ساتھ بےحَد گہری خاموشی بھی ہویدا تھی۔۔۔۔بہت سے موضوعات پہ گفتگو ہوتی رہی انہوں نے معمول سے ہٹ کر۔۔۔۔ نم آنکھوں (کیونکہ وہ بہت بہادر خاتون تھیں) سے کہا "مَیں اپنے گیتو سے جدا نہیں ہونا چاہتی۔۔۔یہ لوگ اسے بھی جینے نہیں دیں گے”۔۔۔۔( اپنے اکلوتے بیٹے مراد علی کو وہ پیار سے گیتو کہتی تھیں)۔۔۔۔۔۔ایک جری خاتون جو مردوں کے اس معاشرے میں ” مردانہ وار ” جی رہی تھیں۔۔۔ ان کی آواز میں لرزش تھی ، مَیں چونک سا گیا انہوں نے میرے جواب کا انتظار کئے بغیر مجھے اپنے درج ذیل اشعار سنا دئیے۔۔۔۔مَیں داد بھی پیش نہ کر سکا ان کے لہجے میں عجیب طرح کا سناٹا تھا کچھ توقف کے بعد مَیں اجازت لے کر چلا آیا۔۔۔۔ان کے انتقال کی خبر 26 دسمبر کو مجھے میرے کزن نے لاہور سے فون پہ دی تو مجھے محترمَہ کا لہجہ۔۔۔اشعار۔۔۔اور گیتو سے ان کی جدائی کی بات یاد آگئی مَیں ان کی باوضو نگاہیں آج بھی نہیں بھلا سکا۔۔۔۔جیسے انہیں عالمِ ارواح سے بلاوے کا اندازہ ہو چکا تھا۔۔۔۔۔(حکیم خلیق الرحمٰن)

    رات کو مان لیا دل نے مقدر لیکن
    رات کے ہاتھ پہ اب کوئی دیا چاہتا ہے

    تیرے پیمانے میں گردش نہیں باقی ساقی
    اور تری بزم سے اب کوئی اٹھا چاہتا ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جواب دیں