کسے دوام کی فرصت یہاں خضر کی طرح؟
تپش کی زیست یہی ایک پل شرر کی طرح
طلب کی راہ سے گزرے ہیں یوں بھی دیوانے
زمانہ ساتھ چلا گردِ رہگذر کی طرح
گُلوں کو چاک گریبانیاں مبارک ہوں
نسیم آئی بہاروں کے نامہ بر کی طرح
کبھی گزر بھی گیا شوق حدِّ تمکیں سے
کبھی چھلک بھی گیا جام چشمِ تَر کی طرح
ہزار سادگی و صد ہزار پُرکاری
نہ کوئی دوست، نہ دشمن تری نظر کی طرح
جنوں وہ خام جو بن جائے انجمن کا چراغ
ہوا کی زد پہ رہو شمعِ رہگذر کی طرح
وہ گفتگو کا سلیقہ بھی چاہئے تاباںؔ
کہ بات دل میں اتر جائے نیشتر کی طرح
(غلام ربّانی تاباںؔ)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔