داغؔ دہلوی
جِس کے پہلُو میں ہو تُم اُس کا نصِیب اچّھا ہے
میری دانست میں، تُم سے بھی رقیب اچّھا ہے
مرضِ عِشق ہی آفت ہے، وگرنہ ہم نے!
کی دَوا اُس کی، سُنا جس کو طبیب اچّھا ہے
بیٹھے ناوک کی طرح، اُٹّھے قیامت کی طرح
یہ ادب جِس نے سِکھایا، وہ ادیب اچّھا ہے
شہسوارانِ رہِ عِشق کو پُہنچا کب خضر
ہم غریبوں میں، یہ بیچارہ غرِیب اچّھا ہے
اِس کے معنیٰ تو یہی ہیں کہ ہُنرمند نہیں !
کیوں مُجھے دیکھ کے کہتے ہیں نصِیب اچّھا ہے
آپ سُنتے ہی نہیں، ہائے مِرا افسانہ !
سو طلِسموں میں یہ احوالِ عجِیب اچّھا ہے
اے دہن! تیرے لیے حرفِ دُعا ہی بہتر
اے زباں! تیرے لیے ذکرِ حبیب اچّھا ہے
شیخ کو تاک کے، رِندوں نے کہا آپس میں!
مال، یہ جُبہ و دستار و جرِیب اچّھا ہے
جو مصاحب ہوں، وہ اِس رمز کو سمجھیں، اے داغؔ !
دُور رہنا ہے بُرا اور قریب اچّھا ہے
داغؔ دہلوی

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔