پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تسہیلِ شکوہ حصہ نمبر 3: "ٹل نہ سکتے تھے اگر جنگ م…

تسہیلِ شکوہ حصہ نمبر 3:

"ٹل نہ سکتے تھے اگر جنگ میں اَڑ جاتے تھے
پاؤں شیروں کے بھی میداں سے اُکھڑ جاتے تھے
تُجھ سے سرکش ہوا کوئی ، تو بگڑ جاتے تھے
تیغ کیا چیز ہے ہم توپ سے لڑ جاتے تھے

نقش توحید کا ہر دل میں بٹھایا ہم نے
زیرِ خنجر بھی یہ پیغام سنایا ہم نے”

سرکش: نافرمان
توپ سے لڑ جانا: ترک لڑائی کے دوراں بارود باندھ کر دشمن کی توپوں سے ٹکرا جایا کرتے تھے اُس طرف اشارہ ہے۔
زیرِ خنجر: جہاں کفار نے اکڑ بازی دکھائی تو وہاں ہم نے بھی قوتِ بازو دکھائی۔

"تُو ہی کہہ دے کہ اُکھاڑا درِ خیبر کس نے؟
شہر قیصر کا جو تھا اس کو کیا سر کس نے؟
توڑے مخلوقِ خداوندوں کے پیکر کس نے؟
کاٹ کر رکھ دیئے کفار کے لشکر کس نے؟

کس نے ٹھنڈا کیا آتش کدہء ایراں کو ؟
کس نے پھر زندہ کیا تذ کرہء یزداں کو؟”

دَرِ خیبر: قلعہ خیبر کا دروازہ جسے حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے فتح کیا۔
شہرِ قیصر: عیسائی اپنے بادشاہوں کو "قیصر” کا لقب دیا کرتے تھے، مراد قیصرِ روم ہے، جسکا شہر قسطنطنیہ تھا۔ سلطان محمد فاتح رحمہ اللہ نے اسے فتح کیا تھا۔
مخلوقِ خداوندوں کے پیکر: مخلوق کے اپنے بنائے ہوۓ پیکر یعنی بُت۔
آتش کدہء ایراں: ایران میں اس وقت آگ پرست بستے تھے اور ان کا ایک آتش کدہ تھا، جسکی آگ کبھی ٹھنڈی نہ ہوتی تھی، احادیث میں آتا ہے کہ جب ھمارے پیارے نبی ﷺ پیدا ہوۓ تھے تو اس آتش کدہ کی آگ خود بخود ٹھنڈی ہوگئے تھی، بہرحال اسکو دوبارہ جلا لیا گیا تھا، اور جب بعد میںمسلم مجاھدین ایران فتح کرنے کیلۓ گئے تو یہ سُنا کہ یہاں کے لوگوں میں اس آتش کدہ کو مذہبی حیثیت حاصل ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ جب تک یہ آتش کدہ جَلتا رہیگا ان کی حکمرانی رہیگی اور اگر یہ بجھ گیا تو انکا زوال شروع ہوجائیگا، لہٰذا مسلمانوں کے ایک دستے نے جان پر کھیل کر اِس آتش کدہ کو ٹھنڈا کیا جسکے بعد آتش پرستوں کی فوج کمزور پڑ گئی فتح پھر آسانی سے ایران فتح کرلیا گیا۔
تذکرہء یزداں: خدا کا ذکر

"کون سی قوم فقط تیری طلبگار ہوئی؟
اور تیرے لئے زحمت کشِ پیکار ہوئی؟
کس کی شمشیرِجہانگیر جہاندار ہوئی؟
کس کی تکبیر سے دنیا تیری بیدار ہوئی؟

کس کی ہیبت سے صنم سہمے ہوئے رہتے تھے؟
مُنہ کے بل گر کے ھُوَاللہُ اَحَد کہتے تھے؟”

زحمت کش پیکار: زحمت: تکلیف، کش:اُٹھانا، پیکار: لڑنا، بِھڑنا۔ یعنی لڑائی کی زحمت اُٹھانا۔
جہانگیر و جہاندار: ساری دنیا کو فتح اور حکمرانی میں لینے والی
تکبیر: اللہ کی بڑائی بیان کرنا، اللہ اکبر کہنا
ہیبت: رعب
صنم: بُت
منہ کے بل گر کے ھو اللہ احد کہتے تھے: غالباً فتحِ مکہ کے معرکہ کی طرف اشارہ ہے جب حضور ﷺ اس جگہ جہاں سے چند سال پہلے اُن کو نکالا گیا تھا، وہاں لَوٹے اور بحیثیتِ فاتح اللہ نے اس مبارک جگہ پر مسلمانوں کا قبضہ کروایا تہ کفار اس وقت مسلمانوں سے بہت مرعوب ہوگئے تھے، اُسی وقت حضور ﷺ نے اپنی چھڑی سے مسجد الحرام میں نصب 360 بتوں کو ٹھونک ٹھونک کر گرایا تھا۔

"آگیا عین لڑائی میں اگر وقتِ نماز
قبلہ رُو ہو کے زمیں بوس ہوئی قومِ حجاز
ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز
نہ کوئی بندہ رہا اور نہ کوئی بندہ نواز

بندہ و صاحب و مُحتاج و غنی ایک ہوئے!
تیری سرکار میں پہنچے تو سبھی ایک ہوئے!”

زمیں بوس ہونا:سجدے میں گر جانا
قومِ حجاز: امتِ مسلمہ
محمود و ایاز: محمود بادشاہ تھا اور ایاز اسکا عقلمند غلام تھا
بندہ: غلام
بندہ نواز: آقا
صاحب: دنیاوی اعتبار سے عزت دار آدمی
محتاج: ضرورت مند
سرکار: دربار

٭٭٭قاضی حارث٭٭٭


Comments

2 responses to “تسہیلِ شکوہ حصہ نمبر 3: "ٹل نہ سکتے تھے اگر جنگ م…”

  1. ہم تو جیتے ہیں کہ دنیاں میں تیرا نام رہے
    کہیں ممکن ہے کہ ساقی نہ رہے اور جام رہے

جواب دیں