ایک زمین اور 20 شاعر
…
خواجہ حیدر علی آتش
قبر پر یار نے قرآن پڑھا میرے بعد
شرط الفت کی ملی مجکو جزا میرے بعد
ہوگیا سلسلہ مہر و محبت برہم
نازنیں بھول گۓ ناز وادا میرے بعد
یاس و حرماں و غم و درد یہ بڑھ جائیں گے
بےکسی کا نہیں لگنے کا پتا میرے بعد
رنگ رخسار گل و لالہ دگرگوں ہوگا
نہ رہے گی یہ گلستاں کی ہوا میرے بعد
زندگی تک ہیں قیامت کے یہ سارے دھڑکے
مجھ کو کیا غم اگر حشر ہوا میرے بعد
دوستداری کا گنہگار ہوں وہ دشمن جاں
مغفرت کی مرے مانگے گا دعا میرے بعد
میں جو نوشہ تو وہ بن جائیگی آغوش عروس
گور سے آئیگی شہنا کی صدا میرے بعد
خونِ ناحق کا مرے کھینچے گا خمیازہ
ہاتھ ملۓ گا بہت مل کے حنا میرے بعد
قفسِ تن سے چھٹا میں، تو چمن سے لاکر
بوۓ گل کس کو سنگھادے گی صبا میرے بعد
کلہہ کج نہیں رہے گی تمھارے سر پر
تنگ و چست ایسی نہ ہووےگی قبا میرے بعد
ہڈیاں کھا کے جو مجھ کشتہ کی لذت پائ
صدقے ہوگا مرے قاتل کے ہما میرے بعد
میں نہ ہوں گا تو نہ ہوگا یہ قمار الفت
کوئ بدنے گا نہیں شرط وفا میرے بعد
گور تک ساتھ رہے پڑھ کے جنازے کی نماز
فرض جو تھا سو کیا تم نے ادا میرے بعد
آئینہ رکھ کے بنانے کے نہیں شانے سے
مختصر ہووے گی یہ زلف رسا میرے بعد
قبر پر فاتحے کو آۓ وہ شوخ اے آتش
نیک توفیق دے اس بت کو خدا میرے بعد
………
بہادر شاہ ظفر
قدر اے عشق رہے گی تری کیا میرے بعد
کہ تجھے کوئ نہیں پوچھے گا میرے بعد
زخم پر دل کے گوارا ہے مجھے گو یہ نمک
کون چکھے گا محبت کا مزا میرے بعد
در جاناں سے مری خاک نہ کرنا برباد
دیکھ جانا نہ ادھر باد صبا میرے بعد
خار صحراۓ جنوں یوں ہی اگر تیز رہے
کوی آۓ گا نہیں آبلہ پا میرے بعد
میرے دم تک ہے ترا اے دل بیمار علاج
کوئ کرنے کا نہیں تیری دوا میرے بعد
اس ستمگر نے مجھے جرم وفا پہ مارا
کوئ لینے کا نہیں نام وفا میرے بعد
اے طفر کیونکہ محبت کو نہ ہوغم میرا
کوئ غمخوارِ محبت نہ ہوا میرے بعد
….
میر کلو عرش …… (میر تقی میر کے بیٹے)
خوں بہانے کا بہانہ ہے بھلا میرے بعد
تین دن پان بھی کھانا نہ ذرا میرے بعد
فاتحہ پڑھ کے وہ رونے جو لگا میرے بعد
شور محشر مرے مدفن پہ اٹھا میرے بعد
سامنا ہوتے ہی یارو وہ برا مانتا ہے
میرا احوال کہو اس سے بھلا میرے بعد
دل احباب نہ مدفن پہ جلا مثل چراغ
پھر گئی ایسی زمانے کی ہوا میرے بعد
قبر کو تکیۂ آغوش بنا کر بیٹھا
میرے قاتل کا کہیں دل نہ لگا میرے بعد
کارواں میں پس و پیش ایک ہے منزل سب کی
ہو گئی رحلت ہر شاہ و گدا میرے بعد
ٹکڑے ہوگا میرے غم میں سر ساغر ساقی
کاٹ ڈالے گی صراحی بھی گلا میرے بعد
نہ رہا بلبل و پروانہ کو عشق گل و شمع
نام کو بھی کوئی عاشق نہ رہا میرے بعد
اے پری زاد تو دیوانہ ہے رسوا ہوگا
زاد دل غیر سے کہنا نہ سنا میرے بعد
اس سا معشوق جہاں میں کوئی مجھ سا عاشق
عرشؔ آگے نہ ہوا تھا نہ ہوا میرے بعد
…..
مرزا غالب
حسن غمزے کی کشاکش سے چھٹا میرے بعد
بارے آرام سے ہیں اہل جفا میرے بعد
منصب شیفتگی کے کوئی قابل نہ رہا
ہوئی معزولی انداز و ادا میرے بعد
شمع بجھتی ہے تو اس میں سے دھواں اٹھتا ہے
شعلۂ عشق سیہ پوش ہوا میرے بعد
خوں ہے دل خاک میں احوال بتاں پر یعنی
ان کے ناخن ہوئے محتاج حنا میرے بعد
در خور عرض نہیں جوہر بیداد کو جا
نگۂ ناز ہے سرمے سے خفا میرے بعد
ہے جنوں اہل جنوں کے لیے آغوش وداع
چاک ہوتا ہے گریباں سے جدا میرے بعد
کون ہوتا ہے حریف مے مرد افگن عشق
ہے مکرر لب ساقی پہ صلا میرے بعد
غم سے مرتا ہوں کہ اتنا نہیں دنیا میں کوئی
کہ کرے تعزیت مہر و وفا میرے بعد
آئے ہے بیکسی عشق پہ رونا غالبؔ
کس کے گھر جائے گا سیلاب بلا میرے بعد
تھی نگہ میری نہاں خانۂ دل کی نقاب
بے خطر جیتے ہیں ارباب ریا میرے بعد
تھا میں گلدستۂ احباب کی بندش کی گیاہ
متفرق ہوئے میرے رفقا میرے بعد
…..
میر یار علی جان
منہ پہ کیا پوچھنا یوسف سے بوا میرے بعد
عشق میں نام زلیخا کا ہوا میرے بعد
رات کو خواب میں لیلیٰ نے کہا بندی سے
تو نے پھر زندہ کیا نام مرا میرے بعد
سچ میں کہتی ہوں نبی بخش برا ہے داماد
رکھے عزت مری بچی کی خدا میرے بعد
کارخانے میں خدا کے نہیں کچھ دخل بوا
بچہ تم پہلے جنیں بیاہ ہوا میرے بعد
منہ پہ جو چاہتیں کہہ لیتی برا یا کہ بھلا
ان سے باجی کو نہ کرنا تھا گلا میرے بعد
بھیا فرہاد ہی تھے جان جو دی شیریں پر
تم نہیں ایسے جو دکھلاؤ وفا میرے بعد
بھولی کس برتے پہ ہو یاد رہے اے بنو
اس نصیحت کا اٹھاؤ گے مزا میرے بعد
جیتی جب تک ہوں میں ہے ساری محبت صاحب
ایسے تم بیاہ کرو گے نہ بھلا میرے بعد
دل یتیموں کا بہت ہوتا ہے نازک بنوں
جانؔ صاحب کو گھڑکنا نہ ذرا میرے بعد
….
پروین ام مشتاق
مجھ کو کیا فائدہ گر کوئی رہا میرے بعد
ساری مخلوق بلا سے ہو فنا میرے بعد
مر چکا میں تو نہیں اس سے مجھے کچھ حاصل
برسے گر پانی کی جا آب بقا میرے بعد
چاہنے والوں کا کرتا ہے زمانہ ماتم
ماتمی رنگ میں ہے زلف رسا میرے بعد
روئیں گے مجھ کو مرے دوست سب آٹھ آٹھ آنسو
برسے گی قبر پہ گھنگھور گھٹا میرے بعد
یوں ہی کھلتی رہیں گی صحن چمن میں کلیاں
یوں ہی چلتی رہے گی باد صبا میرے بعد
جان دینے کو نہ ان پر کوئی تیار ہوا
گویا جاں باز زمانہ میں نہ تھا میرے بعد
ہاتھ سے ان کے ٹپکتے نہیں مے کے قطرے
اشک خوں روتا ہے یہ رنگ حنا میرے بعد
حشر تک کوئی نہ روکے گا ستم گاروں کو
جو خدا پہلے تھا وہ ہی ہے خدا میرے بعد
جیتے جی دیتے تھے جو گالیاں مجھ کو پرویںؔ
مغفرت کے لئے کرتے ہیں دعا میرے بعد
….
طالب باغپتی
ہاتھ ملتا ہے پشیمان جفا میرے بعد
خیر یوں بڑھ گئی توقیر وفا میرے بعد
خود سے محجوب ہے خود ان کی حیا میرے بعد
حسن مغموم ہے معذور ادا میرے بعد
رنگ لائے گی مری آہ رسا میرے بعد
تم مجھے یاد کرو گے بخدا میرے بعد
ہو گئے زرد کف دست نگاریں افسوس
خیر سر سبز تو ہے نخل حنا میرے بعد
سوگواری میں حسینوں نے بڑھائے جھولے
کتنی بے کیف ہے ساون کی فضا میرے بعد
کیوں ندامت سے تہ خاک گڑا جاتا ہوں
تم نے کس دل سے مجھے یاد کیا میرے بعد
اب کہاں ہیں وہ لب بام قمر کے جلوے
ان کی صورت کو ترستی ہے فضا میرے بعد
قبر پر لائے چڑھانے کو مری آئینہ
یوں اٹھی میت انداز و ادا میرے بعد
بھول جاتے ہیں وہ اب روز لگانا مہندی
روز پسنے کو ترستی ہے حنا میرے بعد
مر کے کیا چین ملے اب یہ خلش ہے طالبؔ
با وفا بن گئے ارباب جفا میرے بعد
….
گویا فقیر محمد
ہر روش خاک اڑاتی ہے صبا میرے بعد
ہو گئی اور ہی گلشن کی ہوا میرے بعد
کتنے دن یار نے شانہ نہ کیا میرے بعد
کیا پریشان رہی زلف دوتا میرے بعد
خوں مرا کر کے لگانا نہ حنا میرے بعد
دست رنگیں نہ ہوں انگشت نما میرے بعد
کوئی لاشے پہ مرے آ نہ پھرا میرے بعد
استخواں کھانے بھی آیا نہ ہما میرے بعد
کر دیا اس نے اسیروں کو رہا میرے بعد
طائر رنگ حنا تک نہ رہا میرے بعد
ذکر اس مصحف عارض کا کیا میرے بعد
اس طرح یاروں نے قرآن پڑھا میرے بعد
قتل سے اپنے بہت خوش ہوں ولے یہ غم ہے
دست قاتل کو بہت رنج ہوا میرے بعد
ٹھوکریں سر مرا کھاتا نہ پھرا کس کس کی
کون ہے دوست کہ دشمن نہ ہوا میرے بعد
سنگ سے پھوڑیں گے سر جام جو میں مست ہوا
کاٹ ڈالے گی صراحی بھی گلا میرے بعد
تھا دم قتل یہی دھیان نہ چھوڑوں اس کو
خوں بھی قاتل ہی کی جانب کو بہا میرے بعد
استخواں میری سگ یار تلک پہنچا دے
اتنا احسان کرے مجھ پہ ہما میرے بعد
صدمۂ تیغ سے اور فرط نزاکت کے سبب
پہلے میں گر پڑا اور یار گرا میرے بعد
چمن جوہر شمشیر سے منگوائے پھول
خوب قاتل نے سوئم میرا کیا میرے بعد
کیا ہی مرنے سے مرے شاد ہیں اللہ اللہ
بت کیا کرتے ہیں اب شکر خدا میرے بعد
نہ رہی بعد مرے نامہ و پیغام کی رسم
خاک اڑاتی پھرے گلیوں میں صبا میرے بعد
منہ دکھاتا تو کہاں باتیں تھیں اس کی مجھ تک
لن ترانی کی بھی آئی نہ صدا میرے بعد
کیا ہوا غم نہ کیا اس نے مرے مرنے کا
اس کا گیسو تو پریشاں رہا میرے بعد
چاک کرتا ہوں اسی غم سے کفن مرقد میں
کھلے رہتے ہیں ترے بند قبا میرے بعد
مجھ سا بدنام کوئی عشق میں پیدا نہ ہوا
ہاں مگر قیس کا کچھ نام ہوا میرے بعد
کبریائی تری ثابت نہ رہے گی او بت
کوئی کہنے کا نہیں تجھ کو خدا میرے بعد
استخواں کو نہ جلا دیجیو اے آتش غم
آ کے مایوس نہ پھر جائے ہما میرے بعد
سر اٹھایا مری وحشت نے پس از مردن بھی
بید مجنوں مرے تربت پہ اگا میرے بعد
سنگ مدفن کے عوض رکھ دیا مدفن پہ مرے
کوہ غم جبکہ کسی سے نہ اٹھا میرے بعد
سب سے پہلے ہوں میں اس سرو خراماں کا سر
طوق قمری کی بھی گردن میں پڑا میرے بعد
تیرے آنے کی دعا مانگی ہے اول میں نے
ساقیا ہاتھ سبو کا بھی اٹھا میرے بعد
اٹھ گیا صفحۂ ہستی سے نگیں کی صورت
نہ رہا میں تو مرا نام رہا میرے بعد
وہ جو برگشتگئ بخت تھی ہرگز نہ گئی
خاک مرقد سے مرے چاک بنا میرے بعد
آخر اس نے مری مٹی کا بنایا تودہ
کوئی تیروں کا نشانہ نہ ہوا میرے بعد
ولولہ جوش جنوں کا تھا مجھی تک گویاؔ
نظر آیا نہ کوئی آبلہ پا میرے بعد
بید مجنوں نہ ہوا گل کا گریباں نہ پھٹا
سنبل تر بھی پریشاں نہ ہوا میرے بعد
……
شہزاد احمد
واقعہ کوئی نہ جنت میں ہوا میرے بعد
آسمانوں پہ اکیلا ہے خدا میرے بعد
پھر دکھاتا ہے مجھے جنت فردوس کے خواب
کیا فرشتوں میں ترا جی نہ لگا میرے بعد
کچھ نہیں ہے تری دنیا میں ہیولوں کے سوا
مجھ سے پہلے بھی وہی تھا جو ہوا میرے بعد
خاک صحرائے جنوں نرم ہے ریشم کی طرح
آبلہ ہے نہ کوئی آبلہ پا میرے بعد
میرے انجام پہ ہنسنے کی تمنا نہ کرو
کم ہی بدلے گی گلستاں کی ہوا میرے بعد
ختم افسانہ ہوا بات سمجھ میں آئی
ساری دنیا نے مجھے جان لیا میرے بعد
یار ہوتے تو مجھے منہ پہ برا کہہ دیتے
بزم میں میرا گلا سب نے کیا میرے بعد
ہوں پر کاہ شب و روز مگر سوچتا ہوں
کس کے گھر جائے گا سیلاب بلا میرے بعد
اس زمیں میں وہ کوئی اور غزل بھی کہتا
لیکن افسوس کہ غالبؔ نہ ہوا میرے بعد
…
عدیم ہاشمی
نہ کوئی رنگ نہ ہاتھوں میں حنا میرے بعد
وہ مکمل ہی سیہ پوش ہُوا میرے بعد
لےکے جاتا رہا ہر شام وہ پھُول اور چراغ
بس یہی اُس نے کیا، جتنا جیا میرے بعد
روز جا کر وہ سمندر کے کنارے چُپ چاپ
ناؤ کاغذ کی بہاتا ہی رہا میرے بعد
اُس کے ہونٹوں سے مرا نام نکل جاتا تھا
جس نے اپنایا اُسے ،چھوڑدیا میرے بعد
اِک پرندہ جو بُلاتا تھا اُسے میری طرح
وہ پرندہ بھی قفس میں نہ رہا میرے بعد
میں نے گرنے نہ دیے تھے کبھی آنسُو اُس کے
شاید اِس واسطے وہ رو نہ سکا میرے بعد
میں بھی ویسا نہ رہا اُس کے بچھڑ جانے سے
کوئی اُس کو بھی نہ پہچان سکا میرے بعد
ساری دُنیا نے اُسے مالِ غنیمت سمجھا
جو نہ سوچا تھا کبھی، وہ بھی ہوا میرے بعد
اُس کا ہنسنا مجھے بھاتا تھا ،سو وہ شخص عدیم
بال کھولے ہوئے ہنستا ہی رہا میرے بعد
…
منور خان غافل
آ کے سجادہ نشیں قیس ہوا میرے بعد
نہ رہی دشت میں خالی کوئی جا میرے بعد
میان میں اس نے جو کی تیغ جفا میرے بعد
خوں گرفتہ کوئی کیا اور نہ تھا میرے بعد
دوستی کا بھی تجھے پاس نہ آیا ہے ہے
تو نے دشمن سے کیا میرا گلا میرے بعد
گرم بازاریٔ الفت ہے مجھی سے ورنہ
کوئی لینے کا نہیں نام وفا میرے بعد
منہ پہ لے دامن گل روئیں گے مرغان چمن
باغ میں خاک اڑائے گی صبا میرے بعد
چاک اسی غم سے گریبان کیا ہے میں نے
کون کھولے گا ترے بند قبا میرے بعد
اب تو ہنس ہنس کے لگاتا ہے وہ مہندی لیکن
خون رلا دے گا اسے رنگ حنا میرے بعد
میں تو گلزار سے دل تنگ چلا غنچہ روش
مجھ کو کیا پھر جو کوئی پھول کھلا میرے بعد
وہ ہوا خواہ چمن ہوں کہ چمن میں ہر صبح
پہلے میں جاتا تھا اور باد صبا میرے بعد
سن کے مرنے کی خبر یار مرے گھر آیا
یعنی مقبول ہوئی میری وفا میرے بعد
ذبح کر کے مجھے نادم یہ ہوا وہ قاتل
ہاتھ میں پھر کبھی خنجر نہ لیا میرے بعد
میری ہی زمزمہ سنجی سے چمن تھا آباد
کیا صیاد نے اک اک کو رہا میرے بعد
آ گیا بیچ میں اس زلف کی اک میں ناداں
نہ ہوا کوئی گرفتار بلا میرے بعد
قتل تو کرتے ہو پر خوب ہی پچھتاؤ گے
مجھ سا ملنے کا نہیں اہل وفا میرے بعد
برگ گل لائی صبا قبر پہ میری نہ نسیم
پھر گئی ایسی زمانے کی ہوا میرے بعد
گر پڑے آنکھ سے اس کی بھی یکایک آنسو
ذکر محفل میں جو کچھ میرا ہوا میرے بعد
زیر شمشیر یہی سوچ ہے مقتل میں مجھے
دیکھیے اب کسے لاتی ہے قضا میرے بعد
شرط یاری یہی ہوتی ہے کہ تو نے غافلؔ
بھول کر بھی نہ مجھے یاد کیا میرے بعد
….
فضل حسین صابر
ہے جو خاموش بت ہوش ربا میرے بعد
گل کھلائے گا کوئی اور نیا میرے بعد
تو جفاؤں سے جو بدنام کئے جاتا ہے
یاد آئے گی تجھے میری وفا میرے بعد
کوئی شکوہ ہو ستم گار تو ظاہر کر دے
پھر نہ کرنا تو کبھی کوئی گلہ میرے بعد
عبرت انگیز ہے افسانہ مرے مرنے کا
رک گئے ہیں قدم عمر بقا میرے بعد
زمزمے خانۂ صیاد کے کیوں گونجتے ہیں
کیا کوئی تازہ گرفتار ہوا میرے بعد
سر کے بل عشق کی منزل کو کیا طے میں نے
نہیں ملتے جو نشان کف پا میرے بعد
صابرؔ خستہ کو ہر حال میں یا رب رکھ شاد
کہیں ایسا نہ ہو ہو صبر فنا میرے بعد
…
محسن خان محسن
در بدر بھیک ہی مانگے گا موا میرے بعد
یاد رکھنا یہ مری بات بوا میرے بعد
کسبی کیا کیا نہ لگائے گی بلا میرے بعد
ریش میں کون لگائے گی حنا میرے بعد
پھول بھی دو نہ چڑھائے مری تربت پہ کبھی
ایسے سوکن نے دیئے پھول پڑھا میرے بعد
بوا کیا کیا نہ بگاڑیں گے گھروندا اپنا
لوٹ لے گی موئی کسبی کی ادا میرے بعد
ظلم سہہ سہہ کے چھنالوں کے پشیماں ہوں گے
میرے جینے کی وہ مانگیں گے دعا میرے بعد
میں بوا ان کے لیے شوق سے لوں راہ عدم
راہ پر لائے جو دولہا کو خدا میرے بعد
رنگ کیا کیا نہ موئی لائے گی مہندی بیگم
خون تھوکے گی ہزاروں میں حنا میرے بعد
سامنے پھوٹے اگر شیخ تو منہ نوچ لوں میں
کہتا سب کچھ بوا پھرتا ہے موا میرے بعد
پانی ہو ہو کے بہیں گی یہ جفائیں قبلہ
جوش پر آئے گا جب خون وفا میرے بعد
ستم یار سے کہتی ہے وفا کی حسرت
ہوگی اب کس پہ نگوڑی یہ جفا میرے بعد
ہائے نواب ستمگر کی کدورت نہ گئی
ہوگی حسرت کی لب گور صدا میرے بعد
منہ لگے بھڑوے بنائیں گے نہ کیا کیا ابتر
چوک جا جا کے نہ ہو جائیں گے کیا میرے بعد
جیتے جی شرم نہ محسنؔ کو جب آئی گوئیاں
خاک آئے گی نگوڑے کو حیا میرے بعد
…
حکیم ناصر
زندگی کو نہ بنا لیں وہ سزا میرے بعد
حوصلہ دینا انہیں میرے خدا میرے بعد
کون گھونگھٹ کو اٹھائے گا ستم گر کہہ کے
اور پھر کس سے کریں گے وہ حیا میرے بعد
پھر محبت کی زمانے میں نہ پرسش ہوگی
روئے گی سسکیاں لے لے کے وفا میرے بعد
ہاتھ اٹھتے ہوئے ان کے نہ کوئی دیکھے گا
کس کے آنے کی کریں گے وہ دعا میرے بعد
کس قدر غم ہے انہیں مجھ سے بچھڑ جانے کا
ہو گئے وہ بھی زمانے سے جدا میرے بعد
وہ جو کہتا تھا کہ ناصرؔ کے لیے جیتا ہوں
اس کا کیا جانئے کیا حال ہوا میرے بعد
…
محشر بدایونی
کم الجھتی ہے چراغوں سے ہوا میرے بعد
شہر میں شہر کا موسم نہ رہا میرے بعد
میں نے جل کر نہ دیا مصلحت وقت کا ساتھ
کیا خبر کون جلا کون بجھا میرے بعد
سچ کی خاطر سر شعلہ بھی زباں رکھ دیتا
بات یہ ہے کوئی مجھ سا نہ رہا میرے بعد
ڈوبنا تھا سو میں اک موج میں پس ڈوب گیا
اور دریا تھا کہ بہتا ہی رہا میرے بعد
پھر کوئی شام شفق دیدہ بھی اتری کہ نہیں
میری تنہائی کا کیا رنگ ہوا میرے بعد
اور کیا حشر تھا اس انجمن افروزی کا
بس یہی تھا کہ دھواں اور بڑھا میرے بعد
یوں میں آسودۂ منزل ہوں کہ اب گرد سفر
چومتی ہے مرا نقش کف پا میرے بعد
کیا برا وقت پڑا شہر وفا پر محشرؔ
مجھ کو ہی ڈھونڈتی ہے میری وفا میرے بعد
….
ہمدم کاشمیری
ایک قطرہ نہ کہیں خوں کا بہا میرے بعد
زنگ آلود ہوئی تیغ جفا میرے بعد
کیوں ہر اک موڑ پہ ہوتا ہے گھٹن کا احساس
تنگ کیوں ہونے لگی میری فضا میرے بعد
دیکھتے دیکھتے ہی ماند پڑے شمس و قمر
خود سے بیزار ہوئے صبح مسا میرے بعد
ہر طرف زردی رخسار نظر آتی ہے
کہیں روشن نہ ملا رنگ حنا میرے بعد
رک گیا قافلۂ عمر سبک رو شاید
دیکھ خاموش ہے آواز درا میرے بعد
زندگی بھر نہ کیا یاد کسی نے اور اب
پوچھتے ہیں وہ میرے گھر کا پتا میرے بعد
عمر بھر اس کو سنبھالے ہوئے رکھا میں نے
گر نہ جائے کہیں دیوار انا میرے بعد
اب بھی کیا اس میں ہے آباد سیاہی ہمدمؔ
میرے ویرانے کا کیا حال ہوا میرے بعد
…
انور صابری
لب پہ کانٹوں کے ہے فریاد و بکا میرے بعد
کوئی آیا ہی نہیں آبلہ پا میرے بعد
میرے دم تک ہی رہا ربط نسیم و رخ گل
نکہت آمیز نہیں موج صبا میرے بعد
اب نہ وہ رنگ جبیں ہے نہ بہار عارض
لالہ رویوں کا عجب حال ہوا میرے بعد
چند سوکھے ہوئے پتے ہیں چمن میں رقصاں
ہائے بیگانگی آب و ہوا میرے بعد
منہ دھلاتی نہیں غنچوں کا عروس شبنم
گرد آلود ہے کلیوں کی قبا میرے بعد
آدمیت شکنی بھی تو نہیں کم انورؔ
ڈر ہے کچھ اور نہ ہو اس کے سوا میرے بعد
……
مرزا مستیا بیگ منتہی
نہ ہوا اہل جنوں مجھ سے سوا میرے بعد
رہ گئی دشت میں خالی مری جا میرے بعد
خار صحرائے جنوں نے نہ اٹھایا سر کو
نہ پھرا آ کے کوئی آبلہ پا میرے بعد
بے گنہ قتل تو کرتے ہو کہے رکھتے ہیں
یاد آئے گی تمہیں میری وفا میرے بعد
خاکساری کو مری پھر نہ کسی نے پایا
عشق کا راز کسی پر نہ کھلا میرے بعد
یاد آئے گا یہ عاصی تمہیں اس دم صاحب
یوں کسی اور پہ جب ہوگی جفا میرے بعد
کھیچ کر لائے گا اس شوخ کو تربت پہ مری
کام آئے گا مرا دست دعا میرے بعد
نہ رہے گا یہ ترے حسن کا پیارے شہرہ
نہ رہے گی یہ گلستاں کی ہوا میرے بعد
مرے دم تک مرے سفاک کی سفاکی ہے
ٹھوکریں کھائیں گے پھر جور و جفا میرے بعد
نگہت گل کی صفت اس چمن عالم میں
ماری ماری پھرے گی بوئے وفا میرے بعد
خاکساری کو مری یاد کرے گی جس دم
منتہیؔ خاک اڑائے گی صبا میرے بعد
…….
پاپولر میرٹھی
اس گرانی میں مرے ساتھ ہیں بارہ بچے
ٹھوکریں کھائے گا یہ قافلہ کیا میرے بعد
میری بیگم نے کبھی یہ نہیں سوچا آخر
”کس کے گھر جائے گا سیلاب بلا میرے بعد”
….
مجید لاہوری
حاذق الملک نہ کوئی بھی رہا میرے بعد
کون دے گا تجھے کھجلی کی دوا میرے بعد
مرغیاں کوفتے مچھلی بھنے تیتر انڈے
کس کے گھر جائے گا سیلاب غذا میرے بعد
فاتحہ خوانی میں احباب اڑائیں گے پلاؤ
اور کریں گے مری بخشش کی دعا میرے بعد
اک یہی چیز ہے جو خیر سے ہے بے راشن
کون کھائے گا کلفٹن کی ہوا میرے بعد
سینکڑوں پلان بنا کر تجھے دوں گا اے دوست
جن کے پڑھنے سے ہو ”بہتوں کا بھلا” میرے بعد
اے کہ ہے سیفٹی ریزر ترا ہر ہر غمزہ
اور کس کس پہ کرے گا تو جفا میرے بعد
کل یہ اک اونٹ سے کہتا تھا شتربان مجیدؔ
کون ہوگا ترے غمزوں پہ فدا میرے بعد
……
سخی لکھنوی
زندگی تک مری ہنس لیجئے آپ
پھر مجھے روئیے گا میرے بعد
…..
امیر مینائی
کون اٹھائے گا تمہاری یہ جفا میرے بعد
یاد آئے گی بہت میری وفا میرے بعد
…..
سید محمد خان رند
اپنے مرنے کا اگر رنج مجھے ہے تو یہ ہے
کون اٹھائے گا تری جور و جفا میرے بعد
…
فیض احمد
کوئے جاناں میں کھلا میرے لہو کا پرچم
دیکھیے دیتے ہیں کس کس کو صدا میرے بعد
‘کون ہوتا ہے حریف مے مرد افگن عشق’
‘ہے مکرر لب ساقی پہ صلا میرے بعد’
….
میر تقی میر
آوے گی میری قبر سے آواز میرے بعد
ابھریں گے عشق دل سے ترے راز میرے بعد
جینا مرا تو تجھ کو غنیمت ہے ناسمجھ
کھینچے گا کون پھر یہ ترے ناز میرے بعد
شمع مزار اور یہ سوز جگر مرا
ہر شب کریں گے زندگی ناساز میرے بعد
حسرت ہے اس کے دیکھنے کی دل میں بے قیاس
اغلب کہ میری آنکھیں رہیں باز میرے بعد
کرتا ہوں میں جو نالے سر انجام باغ میں
منھ دیکھو پھر کریں گے ہم آواز میرے بعد
بن گل موا ہی میں تو پہ تو جا کے لوٹیو
صحن چمن میں اے پر پرواز میرے بعد
بیٹھا ہوں میرؔ مرنے کو اپنے میں مستعد
پیدا نہ ہوں گے مجھ سے بھی جانباز میرے بعد

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔