”انسان کی روٹین اور خدا کی روٹین ” (امریکا کی خون جمادینے والی سردی میں دو روٹینوں کا ذکر )
گزشتہ ہفتے امریکا کی بیشتر ریاستوں میں برف کا طوفان آیا – دس سے بارہ انچ تک برف پڑی- درجہ حرارت منفی پچیس سے تیس ڈگری تک گرا – سڑکیں برف سے ڈھک گئیں- بچوں کے سکول بند کردیے گیے- بہت سی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی –
اس سرد موسم میں مجھے کتنی سردی لگی ؟ اف ! بہت سردی تھی – شدید !
جب باہر منفی پچیس تھا تب میں گھر کے اندر آدھی بازوں کی ٹی شرٹ میں پھر رہا تھا – جب باہر خون جما دینے والی سردی تھی تب میں رات گرم کمبل میں راحت بھری نیند لے رہا تھا – جب صبح جاگا تو پانی چلا کر جھجھکتے ہویے اس میں ہاتھ ڈالا کہ پتا نہی کتنا برفیلا ہوگا ‘ لیکن یہ کیا ؟ پانی تو بہت گرم اور راحت بخش تھا – تیار ہو کر جب ہسپتال جانے لگا تو گاڑی میرے بیٹھنے سے پہلے ہی سٹارٹ ہو کر گرم ہو رہی تھی – جب اندر بیٹھا تو سیٹ بھی گرم تھی ؛ سٹیرئنگ بھی گرم تھا ‘ اور باہر سرد جنوری ہوتے ہویے بھی گاڑی کے اندر اپریل کی بہار جیسا موسم تھا – گھر سے باہر نکلا تو ہر طرف برف کے ٹیلے دیکھے – کچھ جگہوں پر گاڑیوں کے حادثات بھی دیکھے لیکن میں پھر بھی بغیر کسی حادثے کے آفس پہنچا – گاڑی پارک کی تو بس پانچ منٹ کھلی ہوا میں چلنا پڑا پر اس دوران بھی میرے جسم پر انتہائی موٹی لیدر کی جیکٹ ‘ میرے سر پر اس کا فر والا ہڈ (hood ) ‘ میری گردن کے گرد گرم سکارف ‘ میرے ہاتھوں میں اون کی دستانے اور میرے پاؤں میں موٹی جرابیں اور ہائی سول (high soul ) جوتے تھے – میں جب ہسپتال میں داخل ہوا تو پورا ہسپتال اتنا گرم تھا کہ وہاں کسی جیکٹ کی کوئی ضرورت نہی تھی – کام ختم کرکے جب واپس آیا تو گھر کے سامنے کی سڑک کی برف صاف تھی کیوں کہ سوسایٹی والے صاف کرکے چلے گیے تھے – گھر کے دروازے پر جمی برف کیسے صاف ہوگی ‘ ابھی یہ سوچ ہی رہا تھا کہ گھاس کاٹنے والے کا فون آیا کہ کیا آپ نے برف صاف کروانی ہے ‘ تو میں سوچنے لگا کہ اب سردی کا شور کیسے مچاؤں ؟ خبروں میں دیکھا کہ دس لاکھ لوگ بجلی سے محروم ہوگیے تھے پر میرے گھر میں بجلی بھی چل رہی تھی – خبروں سے پتا چلا کہ نیویارک میں دس سے زاید لوگ سردی کی نذر ہوگیے جن کے پاس شاید اس سردی میں سر چھپانے کا ٹھکانا نہی تھا پر میں اس طوفان میں بھی ٹھکانے سے لگا رہا – سوشل میڈیا دیکھا تو وادی تیرہ کی سردی نظر آئ’ اس سردی میں گھروں سے نقل مکانی کرتے لوگ نظر آیے —-!
تب ذہن میں یہ خیال آیا کہ ہو نہ ہو میں کتنا ناشکرا ہوں کہ ان تمام سہولتوں اور راحتوں کو اپنا پیدائشی حق سمجھ بیٹھا ہوں – تب ہی تو شکر ادا کرنے کی بجاے گھر فون کرکے یہاں کی سردی کا شکوہ کرتا رہا ہوں — انسان نے خدا کا شکر کرنا ہو تو اس کے پاس موضوع بھی بہت ہیں اور وجوہات بھی بہت – شاور سے نکلنے والے گرم پانی سے لے کر گاڑی میں خود سے گرم ہوتی کار سیٹ تک ؛ جسم کے گرد گرم کپڑوں سے لے کر اس جسم میں جانے والی گرم چاے تک کسی بھی چیز پر ہمارا پیدائشی حق نہی ہے – اگر ایسا ہوتا تو پھر سب انسانوں کو یہ سہولتیں برابر میسر ہوتیں – نیویارک میں سڑک پر سونے والے ہوم لیس کو بھی وہ گرم کمبل اور گھر میسر ہوتا جس کو میں نے اپنا حق سمجھ لیا ہے – خبر پختونخواہ کی وادی تیرہ میں گھروں سے بے دخل کی جانے والی اس بچی کو بھی وہ چھت میسر ہوتی جس کا دستیاب ہونا مجھے عام روٹین لگتا ہے – اگر آپ تھوڑا غور کریں تو ہم اکثر ان آزمائشوں اور مصائب کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں جن کے اثرات ہم تک پہنچ بھی نہیں پاتے- اکثر اس سردی کو بڑھا چڑھا کر بیان کرتے ہیں جو ہم نے ابھی محسوس ہی نہی کی – اکثر اس برف کا شکوہ کرتے رہتے ہیں جو ہمارے وجود کو ٹچ بھی نہی کی – شکوہ کرنا انسان کی فطرت ہے اور ناشکری اس کا شیوہ اور روٹین – لیکن کبھی کبھی روٹین سے ہٹ کر ہمیں اپنی روٹین میں میسر سہولتوں کا جائزہ ضرور لینا چاہیے تاکہ ہمیں ادراک ہو کہ یہ سب سہولتیں سب لوگوں کی روٹین نہیں ہیں بس ہم پر خدا کا کرم اور ہمارے ساتھ خدا کی روٹین ہے ‘ جس پر ہم ساری عمر بھی سجدے میں پڑے رہیں تو حق ادا نہی ہوگا –
ایسے ہی نہیں قران نے کہا کہ
فبأي آلاء ربكما تكذبان
تیری قدرتوں کا شمار کیا تیری وسعتوں کا حساب کیا
تو محیط عالم رنگ و بو’ تیری شان جل جلالہ
قلم کا تشکر وقاص نواز
————————————————–
Source