پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال کا ماخوذ کلام پیامِ صبح – بانگِ درا (ماخو…

اقبال کا ماخوذ کلام
پیامِ صبح – بانگِ درا
(ماخوذ از لانگ فیلو )
اجالا ہوا رخصت جبینِ شب کی افشاں کا
نسیمِ زندگی پیغام لائ صبحِ خنداں کا
جگایا بلبلِ رنگیں نوا کو آشیانے میں
کنارے کھیت کے شانہ ہلایا اس نے دہقاں کا
طلسمِ ظلمتِ شب سورۂ والنور سے توڑا
اندھیرے میں اڑایا تاجِ زر شمع شبستاں کا
پڑھا خوابیدگانِ دیر پر افسونِ بیداری
برہمن کو دیا پیغام خورشیدِ درخشاں کا
ہوئ بامِ حرم پر آکے یوں گویا مؤذن سے
نہیں کھٹکا ترے دل میں نمودِ مہرِ تاباں کا
پکاری اس طرح دیوارِ گلشن پر کھڑے ہوکر
چٹک او غنچہ وگل ! تو مؤذن ہے گلستاں کا
دیا یہ حکم صحرا میں چلو اے قافلہ والو
چمکنے کو ہے جگنو بن کے ہر ذرہ بیاباں کا
سوۓ گورِ غریباں جب گئ زندوں کی بستی سے
تو یوں بولی نظارا دیکھ کر شہرِ خموشاں کا
ابھی آرام سے لیٹے رہو میں پھر بھی آؤں گی
سلادوں گی جہاں کو خواب سے تم کو جلاؤں گی

یہ نظم فتنہ و عطرِ فتنہ (ایڈیٹر ریاض خیرآبادی ) گورکھپورکے شمارہ 23 ڈسمبر 1903ء میں شائع ہوئ تھی
..
"پیام صبح” لانگ فیلو کی نظم” ڈے بریک” کا آزاد ترجمہ ہے۔ اصل نظم میں لانگ فیلو نے طلوع آفتاب کا ذکر مکالمہ کے انداز میں کیا ہے۔ اصل نظم کے مطابق سمندر سے نسیم صبح آتی ہے اور شبنم سے جہازوں ، زمین سے، جنگل سے پرندوں سے، مرغ خانہ سے کھیت سے اور گھنٹہ سے مخاطب ہو کر جگاتی ہے اور صبح کا پیام دیتی ہے۔ لیکن قبرستان پر سے گزرتی ہے تو کہتی ہے ابھی آرام کرو ۔ یہ مخاطبت شاعر نے نسیم صبح کے الفاظ میں بیان کی ہے۔ اٹھارہ مصرعوں کی نظم کا ترجمہ اقبال نے اٹھارہ مصرعوں ہی میں کیا ہے۔ اقبال کی نظم "پیام صبح” کے مطابق نسیم صبح بلبل کو، دہقان کو، برہمن و موذن کو ، غنچہ و گل کو ، قافلہ والوں کو پیام صبح دیتی ہے۔ اصل نظم میں تمام پیام نسیم سحر کے الفاظ میں بیان ہوا ہے۔ اقبال ابتدائی حصہ میں طلوع سحر سے متعلقہ مناظر کی عکاسی خود کرتے ہیں۔ البتہ بعد کے حصہ میں نسیم سحر یا نسیم صبح کی بجائے نسیم زندگی کہہ کرطلوع سحر کو وسیع تر مفہوم میں استعمال کیا، چنانچہ موذن سے اور اہل قافلہ سے نسیم زندگی کی مخاطبت میں بھی ان وسیع معنوں کی طرف صاف اشارہ ملتا ہے۔
..
لانگ فیلو کی اسی نظم کا ایک اور ترجمہ سید ضامن علی کنتوری نے بھی کیا تھا ۔
نسیمِ سحر
خوشگوار ایک نسیم کا جھونکا
کر گیا آ کے روح کو تازہ
سنسناہٹ تھی اس کی پر معنی
صادر احکام ہوتے تھے قطعی
گہ اشارہ تھا اشک شبنم سے
دور ہو گل کے عارض نم سے
کہیں تھا انتظام دریا کا
کہیں تھا بندوبست صحرا کا
واں جہازوں کے لنگر اٹھتے تھے
مرغ ادھر جھاڑ کر پر اٹھتے تھے
تھی منادی یہ شاخساروں میں
علم سبز آگے آگے رہیں
حکم مرغانِ خوشنوا کو یہ تھا
کہ ہوئ صبح پھر ہوں حمد سرا
کاشتکاروں کو مژدہ جا کے دیا
کہ اٹھو کھیت بوؤ دن نکلا
تھا درخستانِ بارور کو یہ حکم دو
مک مہو جورسنگ صم” بکم”
جاکے گھڑیال گھر میں حکم دیا
کہ بجا کر جرس کردو یہ ندا
آگئ صبح ہوشیار ہو پھر
غافلو صرفِ کاروبار ہو پھر
کر کے یوں ہر طرف سے اطمینان
آئ پھر سوۓ شہرؐ خاموشاں
نفس سرد اک بھرا ناگاہ
بے ثباتی پہ یاں کی تھا جو گواہ
بولی کس نیند آج سوۓ تم
سب اٹھے آہ پر نہ اٹھے تم
ضامن کنتوری کی یہ نظم ‘ معلمِ نسواں ‘ 1900ء میں شائع ہوئ تھی اور ان کے مجموعہ ‘ ارمغانِ فرنگ ‘ میں شامل ہے ۔
یاد رہے کہ اقبال کی نظم 1903ء کی ہے ۔
…
بشکریہ وسیم سیٗد


Comments

6 responses to “اقبال کا ماخوذ کلام پیامِ صبح – بانگِ درا (ماخو…”

  1. اقبال میرے پسندیدہ شاعر ہیں. …

  2. خدا تجھے کسی طوفان سےآشنا کردے
    کہ تیرے بحر کی موجوں میں اضطراب نہیں
    اقبال

  3. بہت خوب۔ مگر لانگ فیلو کی اصل نظم بھی پیش کردی جاتی تو مزہ مکمل ہوجاتا۔

جواب دیں