اسلام میں شاعری کی حیثیت اور متعلقات شعر پر ایک تحقیقی نظر
شاعری اور متعلقات شعر پر پیرسید نصیر الدین نصیر گیلانی کا ایک تحقیقی رسالہ قلم کاروں کی نذر۔
حصہ دوم
اللہ تعالیٰ کی دوسری تخلیقات کی طرح لے بھی کائنات میں ایک حقیقت ہے جسے ہم ہر تخلیق کا اہم جزو بھی کہہ سکتے ہیں۔ یہی لے شعر کا بنیادی وصف ہے اس کے بغیر شعر کو شعر نہیں کہا جاسکتا۔دریاؤں کا بہاؤ، سمندر کا تلاطم، ہواؤں کا خرام، آوازوں کا زیر و بم، زمین اورفضاء میں اڑنے والے پرندوں اور جہازوں کی اڑان اور اجرام فلکی کی مختلف چالیں، درحقیقت اسی لے کی مرہون منت ہیں۔
دیکھا دیکھی شعر موزوں کر لینا اور بات ہے اور باقاعدہ شاعر ہونا اور شاعری کرنا بالکل اور بات ہے۔ بعض لوگ صرف وزن میں الفاظ جوڑ کر اپنے آپ کو شاعر سمجھ بیٹھتے ہیں اور بعض اوزانِ شعر کا شعور نہ رکھنے کے باوجود محض تک بندی کی بنیاد پر خود کو بڑا شاعر سمجھ لیتے ہیں یہ دونوں چیزیں شاعری کی تعریف کے سراسر خلاف ہیں۔
یہاں ہم اپنی مطالعاتی محنت اور ذوق کے تحت دنیائے شعر سے متعلق اساتذۂ عروض کی تصریحات اور ان کے پیش کردہ تعریفاتِ اصطلاحات کا اجمالی ذکر کرنا مناسب سمجھتے ہیں، تاکہ بعض سہل نگاروں پر یہ حقیقت واضح ہو جائے کہ شاعری صرف چند الٹے سیدھے لفظوں کو جوڑ لینے یا وزن میں دو مصرعے کہہ لینے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک باقاعدہ اور مشکل ترین فن ہے، جسے ہم ایک باقاعدہ علمِ موہوبی بھی کہہ سکتے ہیں، ایسا علم جس کا سلسلہ و ما علمنہ الشعر پر منتہی ہوتا ہے جسے خود اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ایک علم قرار دیا ہے، کیوں علمنا کامادۂ اشتقاق ثلاثی مجرد کی صورت میں علم ہی قرار پاتا ہے۔ اگر شعر گوئی کوئی باقاعدہ علم یا فن نہ ہوتا تو حضور سے اس کے انتفائے نسبت کے وقت مادۂ علم سے مشتق لفظ استعمال میں نہ لایا جاتا اس سے یہ امر بھی پایۂ ثبوت کو پہنچا کہ شاعری نبی کے شایان شان نہ ہونے کے باعث نبی کے لیے درجۂ علم نہیں رکھتی، مگر غیر نبی کے لیے ایک باقاعدہ علم کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ علمِ شعر بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے تعلیم شدہ علم ہے، جسے بندوں کو ان کے ظرف کے مطابق تعلیم کیا جاتا ہے، لیکن یہ بات خصائص نبوی ﷺ سے ہے کہ اللہ نے اس علم کی آپ ﷺ سے نفی کردی۔ اب ذرا دنیائے عروض کی سیر ملاحظہ ہو۔
شعر کہنے کے لیے سب سے ضروری چیز "موزونیت” ہے جسے خدادا سمجھیے۔ موزونیت سکھانے یا بتانے سے پیدا نہیں ہوسکتی۔ ہاں جن لوگوں کو موسیقی سے کچھ دلچسپی ہے ان کے لیے طبیعت کا موزوں کرلینا کسی قدر آسان ہوتا ہے۔ کسی خاص شعری بحر کو سامنے رکھتے ہوئے کسی راگ میں آواز موزوں کرتے رہنے سے (یعنی گنگنانے سے) اکثر موزونیت حاصل ہو جاتی ہے۔ شعر کہنے کے لیے علم کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ مگر معمولی علم والے بھی اگر چاہیں تو شعر کہہ سکتے ہیں۔ جو لوگ علوم کے ماہر ہوں انہیں زیادہ مشکل کا سامنا نہیں ہوتا۔ اس لیے شاعری سیکھنے سے پہلے علم حاصل کر لینا ضروری ہے۔
عقلاء اس حقیقت سے بخوبی آشنا ہیں کہ کلام کی دو قسمیں ہیں:
منظوم اور منثور
منظوم کا مصدر نظم اور منثور کا نثر ہے۔ ان کی مختصر تشریح ملاحظہ ہو۔
نظم:
نظم کا لغوی معنی موتی پرونا ہے۔ اصطلاحا وہ کلام جس میں موزونیت (موسیقی) پائی جائے اور جو بالقصد کہا جائے نظم کہلاتا ہے۔ اس کی دس(۱۰) قسمیں ہیں۔ فرد، رباعی، قطعہ، غزل، قصیدہ، مثنوی، ترجیع بند، ترکیب بند، مستزاد، اور مسمط
فرد:
فرد بروزن گرد، بمعنی یکتا، تنہا اور طاق، مگر شاعرانہ اصطلاح میں اسے شعر کہتے ہیں۔ شعر دو مصرعوں کا ہوتا ہے اور مصرعہ کہتے ہیں دروازے کے کواڑ کو۔ دو کواڑ ملتے ہیں تو دروازہ بنتا ہے۔ اس طرح دو مصرعے مل کر ایک شعر بنتا ہے۔ فرد کی مثال:
عشق کا عالم کیا کہیے
جیسے کوئی نیند میں ہو
رباعی:
رباعی بروزن دلائی بمعنی منسوب بہ ربع ۔ فارسی میں اس کو ترانہ کہتے ہیں اس کا موجد رودکی ہے۔ عربی میں ربع کے معنی چوتھائی کے ہیں۔ کیوں کہ رباعی چار مصرعوں کی ہوتی ہے اس لیے اس کو اس نام سے موسوم کیا گیا۔ یہ عروضی لحاظ سے چوبیس(۲۴) اوزان میں کہی جاتی ہے۔ اساتذۂ ماسبق ان چوبیس لفظوں کے خط کو جائز قرار دیتے ہیں۔ یہ وزن بحرِ ہزج مثمن سالم سے نکالا گیا ہے۔ مثلا از علامہ فوق سبزواری مرحوم صاحب فکرو فن:
اظہارِ شہود کی ضرورت کیا تھی
اس نام و نمود کی ضرورت کیا تھی
جب مر کے عدم کو پھر بسانا ہو گا
دنیا کے وجود کی ضرورت کیا تھی
واضح ہو کہ رباعی کا مفہوم چوتھے مصرعے پر منحصر ہوتا ہے اس لیے چوتھا مصرعہ نہایت چست اور با معنی ہونا چاہیے۔ ایسا کہ پہلے تینوں مصرعوں سے بلحاظِ مفہوم مربوط بھی ہو۔
قطعہ:
قطعہ بروزن حصہ بمعنی ٹکڑا یہ وہ نظم ہوتی ہے جو کم از کم دو شعروں سے ترتیبدی گئی ہوپہلے تو قطعہ میں مطلعہ نہیں ہوتا تھا مگر ذوق نے مطلع کو بھی قطعہ میں شامل کیا ہے۔ ہر وہ غزل قطعہ ہے جس میں مطلع نہ ہو۔مگر واضح ہو کہ قطعہ کا موضوع غزل سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ غزل کا ہر شعر علیحدہ ہوتا ہے اور قطعہ کے اشعار میں بلحاظ مضمون تسلسل ہونا چاہیے۔مثال
کیا وہ جینا جس میں ہو کوشش نہ دیں کے واسطے
واسطے واں کے بھی کچھ، یا سب یہیں کے واسطے
ذوق عاصی ہے تو اس کا خاتمہ کیجو بخیر
یا الہی اپنے ختم المرسلیں کے واسطے
غزل اور قصیدے میں اکثر قطعہ بند اشعار ہوتے ہیں۔
غزل:
غزل بروزنِ اثر۔ بمعنی حسن و محبت کی باتیں کرنا، چناں چہ غزل میں تغزل کا ہونا شرط اول ہے مگر فی زمانہ غزل میں فلسفہ، منطق، سائنس، ہیئت، بہار و خزاں، مناظرِ قدرت اور فطری جذبات جیسی باتوں کا ذکر بھی شامل ہے۔ غزل کے پہلے شعر کو مطلع کہتے ہیں۔ طلوع بمعنی نکلنا گویا مطلع سے غزل شروع ہوتی ہے۔ مطلع میں دونوں مصرعے ردیف اور قافیے رکھتے ہیں۔ غزلِ داغ مشہور ہے جس کا مطلع یہ ہے :
شرکتِ غم بھی نہیں چاہتی غیرت میری
غیر کی ہو کے رہے یا شب فرقت میری
غزل کا آخری شعر مقطع ہوتا ہے۔ مقطع میں شاعر اپنا تخلص نظم کرتا ہے جس کی وجہ سے سامعین یہ معلوم کر لیتے ہیں کہ یہ غزل فلاں شاعر کی ہے جیسے غالب کا مقطع ہے
غالب برا نہ مان جو واعظ برا کہے
ایسا بھی کوئی ہے کہ سب اچھا کہیں جسے
قصیدہ:
قصیدہ بروزن ملیدہ بمعنی موئے مغز۔ وہ نظم جس میں کسی کی مدح یا ہجوہو۔ قصیدہ بھی غزل کی طرح ہوتا ہے، مگر فرق صرف اتنا ہے کہ غزل میں حسن و عشق، ہجر و وصال کا مضمون ہوتا ہے جب کہ قصیدوں میں حمد، نعت، منقبت، مدح، ہجو، نصیحت، شکایتِ روزگار وغیرہ کا تذکرہ ہوتا ہے۔ قصیدہ میں کم سے کم بیس(۲۰) اشعار ہونے چاہیں، زیادہ کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ قصیدہ اکثر قافیہ اور ردیف کے نام سے مشہور ہوتا ہے۔ مثلا اگر قافیہ کنول، آنچل ہے تو اس کو لامیہ کہیں گے۔ اگر آفتاب ردیف ہے جیسے بہار آفتاب، قرار آفتاب تو قصیدہ شمسیہ ہوگا۔ اقسامِ نظم میں قصیدہ کا لکھنا مشکل ہے۔ اس کے لیے شوکتِ الفاظ اور عمدہ تراکیب کے علاوہ مضمونِ دقیق، معنی بلند اور استعارۂ نازک کی ضرورت رہتی ہے، متاخرین غزل اور قصیدہ ایک ہی طرز پر لکھتے ہیں۔ قصیدہ دو قسم کا ہوتا ہے خطابیہ اور تمہیدیہ قصیدہ، قصد سے مشتق ہے بمعنی کسی کی جانب متوجہ ہونا۔
خطابیہ:
خطابیہ وہ قصیدہ ہوتا ہے جس میں مطلع سے آخری شعر تک شاعر کسی خاص مقصد کے تحت سامعین کو مخاطب کرے۔ اس میں وعظ ، پد، مدح، ہجو وغیرہ شامل ہیں اس میں تمہید نہیں ہوتی۔
تمہیدیہ:
تمہید کے معنی لغت میں ہموار اور درست کرنا کے ہیں یہاں بھی شاعر ایک خاص مقصد کو بیان کرتا ہے۔ تمہیدیہ قصائد میں پہلے تشبیب پھر گریز پھر خطاب یا مدعا اس کے بعد دعا اور آخر میں خاتمہ کے متعلق کچھ اشعار ہوتے ہیں۔
تشبیب:
تشبیب بروزن تدبیر بمعنی ایام شباب کا ذکر کرنا۔ اس کو تمہید بھی کہتے ہیں۔ لغوی معنی جوانی کا حال اور معشوق کی صفت بیان کرنا ہے، کیوں کہ شاعر نفسِ مضمون کو معشوق کے ذکر سے بلند کرتا ہے اس لیے اس کو تشبیب کہا گیا۔
گریز:
گریز بروزن منڈیر بمعنی بھاگنا۔ اصطلاح شاعری میں ایک مضمون سے ہٹ کر دوسرے مضمون کی جانب آنے کو کہتے ہیں۔ یعنی وہ شعر جو تشبیب کے بعد نفسِ مضمون کی جانب اشارہ کرے گریز جس قدر خوبصورتی کے ساتھ کیا جائے گا اسی قدر قصیدہ اچھا ہوگا۔
خطاب:
خطاب بروزن عتاب، بمعنی بات کرنا، گریز کے بعد شاعر مدعا بیان کرتا ہے اس کو خطاب کہتے ہیں۔
دعا:
دعا بروزن خدا بمعنی مانگنا، خواہش، وہ اشعار جو بطور دعا نظم کیے جائیں۔
خاتمہ
بروزن فاطمہ بمعنی انجام، وہ اشعار جن پر قصیدہ ختم کیا جائے (مثال کے لیے قصائدِ سودا اور ذوق وغیرہ ملاحظہ ہوں)
مثنوی:
مثنوی بروزن سرسری بمعنی منسوب بہ مثنی، جس کے معنی دو کے ہیں۔ چوں کہ مثنوی کے ہر بیت میں دو قافیہ مختلف ہوتے ہیں، اسی نسبت سے اس کو مثنوی کہا گیا ہے۔اس کی ترتیب، تمہید، توحید، نعت، مناجات، ساقی نامہ وغیرہ ہوتی ہے۔ مثنوی کے تمام ارکان ایک ہی وزن پر ہوتے ہیں۔ اس کے اشعار کی تعداد معین نہیں۔ مثنوی میں عام طور پر قصے کہانیاں نظم ہوتی ہیں مگر اب واقعات بھی لکھے جاتے ہیں۔ مثال میں مثنوی میر حسن اور گلزار نسیم دیکھیے یا حالیہ مثنوی پیام ساوتری کامطالعہ کیجیے۔
ترجیع بند
ترجیع بند وہ نظم ہے جو غزل کی طرح ردیف اور قافیہ کی پابندی سے لکھی جائے اور ان اشعار کے بعد ایک مطلع دوسری ردیف و قافیہ میں لکھا جائے جو موضوع کے مطابق ہو اور یہ مطلع ہر بند کے آخر میں بغیر تبدیلی کے آتا رہے۔
ترکیب بند: یہ نظم ترجیع بند کی طرح لکھی جاتی ہے لیکن فرق یہ ہے کہ بند کا مطلع تبدیل ہوتا رہتا ہے دیکھیے بندِ حالی مرحوم۔
مستزاد :
مستزاد بروزن مستجاب بمعنی زیادہ کیا گیا۔ رباعی یا غزل کے وزن میں ہر مصرع کے بعد ایک یا دو رکن اسی وزن کے اور بڑھا دیں۔ پہلے تو صرف رباعی کے وزن کو مستزاد کیا جاتا تھا اب غزل کے وزن کو بھی مستزاد کر لیا جاتا ہے۔ مثال:
پھر ذرا کہہ دیجیے ہنس کر کہ دیکھا جائے گا، آپ کا کیا جائے گا
مسمط:
مسمط بروزنِ مسبغ بمعنی لڑی میں موتی پرونا۔ لغت میں تسمیط جمع کرنے کو کہتے ہیں اور اصطلاح میں چند متفق الوزن والقافیہ مصرعوں کو ایک جگہ جمع کرنا۔ اس کی آٹھ قسمیں ہیں۔ مثلث، مربع، مخمس، مسدس، مسبع، مثمن، متسع ، معشر
بہرحال شعر کے لوازم و محاسن کو سامنے رکھتے ہوئے شعر کہنا انتہائی مشکل کام ہے۔ ندرت فکر اور بلندی تخیل کے ساتھ ساتھ ابلاغِ مفہوم کے لیے الفاظ کا چناؤاس قدر کٹھن مرحلہ ہے کہ اللہ اکبر۔ خواجہ آتش نے ایسی ہی شاعری کے لیے کہا تھا:
شعر گوئی کام ہے آتش! مرصع ساز کا
نگینوں کی طرح الفاظ کا خیال رکھنا، اس طرح کہ اگر کوئی اس کو اٹھا لے اور دوسرا لفظ اس کی جگہ رکھنا چاہے تو شعر بے جان ہو کر رہ جائے۔ مثلا غالب نے ایک مصرعہ میں ایک بھاری بھرکم لفظ رکھ دیا، جو بظاہر نثر کا معلوم ہوتا ہے، مگر کوئی بڑے سے بڑا شاعر اور زبان دان اس کی جگہ اس سے بہتر کوئی لفظ نہیں رکھ سکتا۔ وہ مصرع یہ ہے
تھی وہ اک شخص کے تصور سے
اس مصرعے میں شخص کی جگہ آپ اور کوئی لفظ نہیں لا سکتے اور اگر لائیں گے تو شعریت ختم ہو کر رہ جائے گی۔ اساتذہ کی شاعری اور آج کل کی شاعری میں زمین وآسمان کا فرق ہے۔ آج کے اکثر شاعر جو الفاظ استعمال کرتے ہیں، ان سے بہتر الفاظ کی گنجائش موجود ہوتی ہے مگر اساتذۂ متقدمین جب شعر کہتے تھے تو یہ تمام گنجائشیں ختم کر دیتے تھے۔
کلامِ موزوں کا شعر ہونا بطریقہءِ احسن بیان ہوچکا۔ لیکن شعرو شاعری کی شرعی حیثیت پر بھی کلام کرنا ضروری معلوم ہوتا ہے۔ اگرچہ بعض اساتذہ سخن اور محقق علمائے اسلام نے اس موضوع پر سیر حاصل گفتگو فرمائی ہے۔ ہمارا یہ مختصر مقالہ اس کا متحمل نہیں تاہم بالاختصار اس پر ہم کچھ ضرور عرض کریں گے۔ جو لوگ شعر گوئی کو ناجائز اور منافی علم و تحقیق خیال کرتے ہیں وہ سب سے پہلے دو دلیلیں آیات قرآنیہ کے حوالے سے دیتے ہیں۔ پہلی آیت جو سب سے زیادہ پیش کی جاتی ہے۔سورہ یسین شریف میں ہے۔
وما علمنہ الشعر وما ینبغی لہ
ترجمہ: اور ہم نے ان (محمدﷺ) کو شاعری نہیں سکھائی اور نہ شاعری ان کے شایان شان ہے۔ اس آیات محولہ بالا سے استدلال کرتے ہوئے معترضین کہتے ہیں کہ جناب رسول اللہ ﷺ کی ذات کو اللہ تعالی نے مجمع الکمالات بنایا اور آپ سے ہر نقص اور رجس کی نفی کر دی ہے۔ اگر شاعری کوئی کمال والی بات ہوتی تو اللہ تعالیٰ اپنے محبوب ﷺ کو شاعری کی تعلیم دینے کی نفی نہ کرتا۔ شاعری کیوں کہ اچھی چیز نہیں اس لیے اللہ نے اس کی ذاتِ رسالت مآبﷺ سے نفی کر دی۔
اس اعتراض کے متعدد جوابات ہیں:
نمبر ۱: وما علمنہ الشعر ۔ کہ یہ حکمت و علت وما ینبغی لہ ہے یعنی صرف رسول اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس کے شایانِ شان شاعری نہیں۔ یہ نہیں کہا گیا کہ فی نفسہ شاعری کسی کے لیے بھی جائز یا مناسب نہیں۔ کیوں کہ قرآن مجید کی فصاحت و بلاغت بے مثال ہے اور اس میں باعتبارِ فواصل ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں۔ جو فنِ شاعری کے حوالے سے کلامِ موزوں (شعر) محسوس ہوتی ہیں۔ اور اسی بنا پر منکرینِ قرآن یہ
کہتے تھے کہ یہ شاعرانہ کلام ہے اس میں قوافی، ردیف اور وزن کا خیال رکھا گیا ہے اسی لیے یہ کلامِ مخلوق ہے اور محمد ﷺ شاعر ہیں اور یہ ان کا موزوں کیا ہوا کلام ہے۔اس شک و اعتراض کا دفعیہ کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے کہیں تو یہ فرمایا وھو بقول شاعر اور وہ(قرآن مجید) کسی شاعر کا کلام نہیں۔ اور کہیں وما علمنہ الشعر وما ینبغی لہ ان ھو الا ذکر و قرآن مبین فرمایا۔
نوٹ: ہم یہاں ایک نہایت باریک و لطیف نکتہ امامِ اجل علامہ فخر الدین رازی ؒ کی تفسیرِ کبیر سے بیان کرتے ہیں۔ جس میں سابقہ اعتراض کا جواب بھی باریک نظر سے نظر آئے گا۔ فرماتے ہیں۔
(البحث الاول) خص الشعر بنفی التعلیم مع ان الکفار کانوا ینسبون الی النبی اشیاء من جملتھا السحر ولم یقل و ما علمناہ السحر وکذلک کانوا ینسبونہ الی الکھانۃ و لم یقل وما علمنہ الکھانۃ
ترجمہ: نبی اکرم ﷺ کی ذات سے بطورِ خاص تعلیم شعر کی نفی کی گئی ہے۔ حالاں کہ کفار حضور اکرم ﷺ کی طرف جادو اور کہانت بھی منسوب کیا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے یوں نہیں فرمایا کہ ہم نے پیغمبر کو جادو کی تعلیم نہیں دی اور نہ یوں فرمایا ہم نے پیغمبر کو کہانت کی تعلیم نہیں دی۔ اس بات کا جواب دیتے ہوئے امام رازی فرماتے ہیں۔
فنقول اما الکھانۃ فکانوا ینسبون النبی الیھا عندما کان یخبر عن الغیوب و یکون کما یقول و اما السحر فکانوا ینسبونہ الیہ عند ما کان یفعل ما لا یقدر علیہ الغیر کشق القمر و تکلم الحصی والجذع
و غیر ذلک واما الشعر فکانوا ینسبونہ الیہ عند ما کان یتلو القرآن علیہم لکنہ ﷺ ما کان یتحدی الا بالقرآن کما قال تعالیٰ وان کنتم فی ریب مما نزلنا علی عبدنا فاتو بسورۃ من مثلہ الی غیر ذلک و لم یقل ان کنتم فی شک من رسالتی فانطقوا الجزوع او اشبعوا الخالق العظیم او اخبروا بالغیوب فلما کان تحدید بالکلام وکانوا ینسبونہ الی الشعر عند الکلام خص الشعر بنفی التعلیم۔
ترجمہ: ہم کہتے ہیں کہ کفار نبی پاک ﷺ کو کہانت کی طرف اس وقت منسوب کرتے تھے جب حضور ﷺ غیب کی خبریں دیا کرتے اور آپ ﷺ کی خبر کے مطابق وہ بات اسی طرح ظہور پذیر ہوجاتی اور جادو کی طرف آپ ﷺ کی نسبت اس وقت کرتے جب حضور کے دستِ مبارک سے ایسے واقعات صادر ہوتے جو کسی غیر کے بس کی بات نہ ہوتی جیسا کہ چاند کو ٹکڑے کرنا کنکریوں اور درختوں وغیرہ سے کلام کرانا، لیکن شعر و شاعری کی نسبت اس وقت کرتے جب آپ ﷺ ان کے سامنے قرآن مجید کی تلاوت فرماتے۔ نیز آپ نے چیلنج بھی کفار کو صرف قرآن پاک کے حوالے سے دیا۔ چناں چہ ارشاد باری تعالیٰ ہوا کہ اے کافروا! اگر تم اس کتاب کی صداقت کے میں شک و شبہ میں مبتلا ہو جو ہم نے اپنے عبد مقدس پر نازل کی ہے تو اس کی مثل ایک سورت ہی لا کر دکھا دو۔ اور آپ نے اس بات کا چیلنج نہیں دیا کہ اگر تمہیں میری رسالت میں شک ہے تو تم درخت کے سوکھے تنوں سے کلام کرا کے دکھاؤ یا تھوڑے طعام سے کثیر مخلوق کو سیر کر دو یا غیب کی خبریں لے آؤ۔ لیکن کیوں کہ حضور دعوتِ مقابلہ بھی کلام الہی قرآن مجید کے معاملہ میں دیتے تھے اور اسی کلام کی وجہ سے کفار آپ کو شاعر اور کلام کو شعر کہا کرتے تھے اس لیے خصوصا شعر کی تعلیم کی نفی ذات رسالت ﷺ سے کی گئی۔
نمبر ۲: نبی کریم کو تعلیم دینے والا آپ کا معلم اللہ جل شانہ ہے۔ پس اللہ تعالیٰ نے جو چاہا آپ ﷺ کو تعلیم دیا اور جو پسند نہ فرمایا تعلیم نہ دیا۔
نمبر ۳: علمائے باطن، عارفین و عاشقین کے نزدیک آنحضور کو شاعری نہ سکھائے جانے کا ایک سبب اور بھی ہے۔ اور وہ یہ ہے کہ شاعر خواہ کتنا ہی مشاق اور بلند پایہ کیوں نہ ہو ، مگر اچھا شعر کہنے میں اسے کچھ نہ کچھ محنت ضرور کرنا پڑتی ہے۔ اور نہیں تو قافیہ، ردیف اور عروض وغیرہ کا خیال اسے ضرور رکھنا پڑتا ہے۔ تھوڑی دیر کے لیے ہی سہی مگر جب تک وہ اپنی توجہات کو شعر کہتے وقت ایک خاص نقطہ پر مرتکز نہیں کر دیتا اس سے شعر گوئی کا حق ادا نہیں ہوتا، اللہ تعالیٰ کو یہ پسند نہیں آیا کہ حضور نبی اکرم ﷺ چند لمحوں کے لیے کسی دوسری طرف متوجہ ہوں اسی لیے آپ کو سرے سے شاعری ہی نہیں سکھائی گئی۔
نمبر ۴: منصبِ رسالت اتنا ارفع و بلند ہے کہ اس کے مقابلے میں شاعری کوئی کمال نہیں بلکہ نقص ہے۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے مرتبۂ رسالت کے حوالے سے آپ ﷺ کی ذات سے شاعری کی نفی کی۔
نمبر ۵: شاعر پہلے الفاظ کو ترتیب دے کر اسے قافیہ و ردیف کے مطابق موزوں کرتا ہے پھر ا س کے تابع کر کے معانی و مفاہیم کو سوچتا ہے جب کہ حکمت و دانائی کا یہ تقاضا ہے کہ پہلے معنی کو ملحوظ فکر رکھا جائے ، پھر الفاظ اس کے تابع ہو کر آئیں۔ اور نبوت و حکمت لازم و ملزوم ہیں، بلکہ نبی خود بھی حکیم ہے اور حکمت کی تعلیم دیتا ہے اسی لیے شاعری مرتبۂ نبوت کے منافی ہونے کی وجہ سے آپ ﷺ کو نہیں سکھائی گئی۔
نمبر ۶: آں حضرت ﷺ کو علمِ شاعری نہ سکھانے کا مقصد یہ نہیں کہ آپ کو کوئی شعر آتا ہی نہ تھا، بلکہ آپ تو صحابہ کرام کے بعض اشعار کی معنوی اصلاح بھی فرمایا کرتے تھے۔ مقصد صرف اتنا ہے کہ آپ ﷺ کو خود شعر موزوں کرنے کا ملکہ نہیں عطا کیا گیا تھا۔
ایک مرتبہ حضرت کعب بن زہیر اسلمی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے قصیدۂ نعتیہ میں عرض کیا
وان الرسول لنار یستضاء بہ
وصارم من سیوف الھند مسلول
آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا نار کی جگہ نور کہو اور سیوف الہند کی جگہ سیوف اللہ رکھو۔
نمبر۷: حضور ﷺ کو شعر کہنے پر قدرت دی گئی تھی۔ لیکن اللہ تعالیٰ کی طرف سے آپ پر شعر کہنا حرام کیا گیا تھا۔ اسی لیے آپ نے شعر نہیں کہے۔ ورنہ جب کبھی آپ نے مسجع و مقفی کلام فرمایا تو عرب کے بڑے بڑے فصحاء حیران و ششدر رہ گئے، چناں چہ درجِ ذیل چند کلمات مبارکہ ہمارے اس موقف پر دلیل ہیں۔
ھل انت الا اصبع دمیت و فی سبیل اللہ ما لقیت واللہ لو لا اللہ ما اھتدینا، ولا تصدقنا ولا صلینا فانزلن سکینۃ علینا، وثبت الاقدام ان لا قینا ان الاولیٰ قد بغوا علینا اذا ارادو فتنۃ ابینا ، یرفع بھا صوتہ ابینا ابینا اللھم لا عیش الا عیش الآخرۃ فاغفر الانصار والمھاجرۃ ہیں اور اس کے بعد معترضین کی مستدلہ دوسری آیت کی تشریح پیشِ خدمت کریں گے۔
اول:
اس بات میں علمائے اسلام کا اختلاف ہے کہ آیا صرف ہمارے حضرت رسول اکرم ﷺ کی ذات سے شاعری کی نفی کی گئی یعنی آپ ﷺ کو شاعر نہیں بنایا گیا یا تمام انبیاء علیہم السلام کو شعر کی تعلیم نہیں دی گئی۔ بعض علماء کہتے ہیں کہ صرف ہمارے حضرت کی ذات سے نفی کی گئی کیوں کہ عرب کا شاعرانہ ماحول اور اس وقت کی شاعری کا معیار جھوٹے تخیلات، اخلاق سوز طرز کلام اور عجب و تکبر سے بھری خلافِ واقعہ باتیں تھیں، انہی کی وجہ سے حضور ﷺ پر سے شاعر ہونے کا الزام رفع کیا گیا۔ جب کہ دیگر انبیاء علیہم السلام سے اس کی نفی نہیں کی گئی، بلکہ حضرت آدم علیہ السلام کے وہ شعر جو انہوں نے اپنے بیٹے ہابیل کی موت پر کہے تھے وہ بھی بعض کتب میں لکھے ہوئے ہیں۔
تغیرت البلاد و من علیہا
ووجہ الارض مغبر قبیح
تغیر کل ذی طعم و لون
وقل بشاشۃ الوجہ الصبیح
(تفسیر روح المعانی)
اور دوسرے بعض علماء کہتے ہیں کہ یہ نفی کا حکم عام ہے تمام انبیاء علیہم السلام کو تعلیمِ شعر نہیں دی گئی، کیوں کہ یہی آیتِ مذکورہ بالا ہی عام نفی پر دلالت کر رہی ہے۔
ثانی:
ہمارے پیغمبر جناب محمد مصطفی ﷺ نے بعض اوقات کچھ اشعار اپنی زبان مبارک سے ادا فرمائے(کسی اور شاعر کے) لیکن آپ ﷺ نے ان کو ساقط الوزن فرما دیا۔ یا آپ ﷺ سے اللہ تعالیٰ نے ان کو ساقط الوزن ادا کرا دیا۔ چناں چہ ایک بار آپ ﷺ نے درج ذیل شعر پڑھا۔
ستبدی لک الایام ما کنت جاھلا
و یاتیک من لم تزود بالاخبار
فقال ابو بکر رضی اللہ عنہ لیس ھکذا یا رسول اللہ فقال علیہ الصلوۃ والسلام انی واللہ ما انا بشاعر ولا ینبغی لی
پس جناب ابو بکر صدیق ؓ نے عرض کی یا رسول اللہ ﷺ شعر اس طرح نہیں ہے۔ بلکہ اصل شعر میں تو مصرعۂ ثانیہ یوں ہے۔۔۔ ع
و یاتیک بالاخبار من لم تزود
آپ ؓ نے فرمایا اللہ کی قسم ہے، نہ تو میں شاعر ہوں اور نہ ہی میرے لیے یہ مناسب ہے۔ ایک مرتبہ رسول اللہ ﷺ نے یہ شعر بطورِ مثال پڑھا۔
کفی بالاسلام والشیب للمرء ناھیا( اسلام اور بالوں کی سفیدی آدمی کو گناہوں سے روکنے کے لیے کافی ہے) حضرت ابو بکر ؓ نے عرض کیا اے اللہ کے نبی ! شاعر نے تو اس طرح کہا ہے۔ کفی الشیب والاسلام بالمرء ناھیا۔
آپ ؓ نے دوبارہ پڑھا تو پھر بھی پہلے ہی کی طرح پڑھا اس پر حضرت ابو بکر ؓ نے کہا: اشھد انک رسول اللہ ما علمک الشعر و ما ینبغی لک۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ ﷺ اللہ کے رسول ہیں اللہ نے آپ ﷺ کو شعر سکھایا ہی نہیں اور نہ وہ آپ کے شایانِ شان ہے۔ اسی طرح آپ ﷺ نے ایک دفعہ یہ شعر پڑھا۔
اتجعل نھبی و نھب العبید
بین الاقرع و عیینۃ
اس پر بھی جناب ابو بکر صدیقؓ نے عرض کیا میرے ماں باپ آپؓ پر قربان ہوں آپ نہ شاعر ہیں اور نہ راوی اور نہ یہ آپ کےشایان شان ہے۔
دوسری آیتِ مبارکہ انیسویں پارہ سورہٗ شعراء کی ہے۔ والشعراء یتبعھم الغاوون ( یعنی شاعروں کی پیروی تو بے راہ رو لوگ ہی کرتے ہیں۔ یعنی شاعر لوگ کیوں کہ خود گم کردہ راہ ہوتے ہیں ان کا کلام بے راہ روی کا حاصل ہوتا ہے اسی لیے ان کی پیروی بھی بے راہ رو لوگ ہی کرتے ہیں۔ معلوم ہوا کہ شاعری کوئی مستحسن اور اچھا کام نہیں ہے۔ بلکہ فی کل واد یھیمون کا مصداق ہے جواباً گزارش ہے کہ بے شک کافر، مشرک، زمانۂ جاہلیت کے بے راہ رو لوگ اور شعراء یقینا اس زد میں آتے ہیں اور آج بھی ایسے شعراء جو کتاب و سنت کی تعلیمات کے خلاف شاعری کریں، لوگوں میں اخلاقی بے راہ روی پیدا کرنے والے شعر لکھیں یا جو لوگ ایسے شعراء کی آنکھیں بند کر کے تقلید کریں اور مسلمہ شرعی و دینی عقائد جو کتاب و سنت سے ثابت ہیں ان کے خلاف عقائد اپنائیں یا ایسے عقائد کی ترویج واشاعت کریں اور کتاب و سنت اور اقوال سلف صالحین سے تمسک کے بجائے شعرو شاعری سے استدلال کریں وہ یقینا اس وعید شدید کے مستحق ہیں، مگر یہ وعید بلا تخصیص و تحقیق سب کے لیے نہیں ہے۔ آخر الا الذین آمنو وعملو الصلحت کا استثناء بھی تو کتاب اللہ میں موجود ہے اورصراحتاً تفسیر جلالین شریف میں اس آیت کے زیرِ تفسیر مرقوم ہے۔
الا الذین آمنوا وعملوا الصلحت من الشعراء
سید نصیر الدین نصیر گیلانی
جاری ہے

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔