پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابن انشا کی "اردو کی آخری کتاب” سے چند تحریریں ۔۔۔…

ابن انشا کی "اردو کی آخری کتاب” سے چند تحریریں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہمارا تمھارا خدا بادشاہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کسی ملک میں ایک تھا بادشاہ۔ بڑا دانشمند،مہربان اور انصاف پسند۔اس کے زمانے میں ملک نے بہت ترقی کی اور رعایا اس کو بہت پسند کرتی تھی۔اس بات کی شہادت نہ صرف اس زمانے کے محکمہ اطلاعات کے کتابچوں اور پریس نوٹوں سے ملتی ہے بلکہ بادشاہ کی خودنوشت سوانح عمری میں بھی ملتی ہے۔
شاہ جمجاہ کے زمانے میں ہر طرف آزادی کا دور دورہ تھا۔لوگ آزاد تھے اخبارات آزاد تھے کہ جو چاہیں کہیں اور جو چاہیں لکھیں بشرطیکہ وہ بادشاہ کی تعریف میں خلاف نہ ہو۔
اس بادشاہ کا زمانہ ترقی اور فتوحات کے لۓ مشہور تھا۔ہر طرف خوشحالی ہی خوشحالی نظر آتی تھی۔کہیں تل دھرنے کو جگہ باقی نہ تھی۔جو لوگ لکھ پتی تھے دیکھتے ہی دیکھتے کروڑ پتی ہو گۓ۔حسن انتظام ایسا تھا کہ امیر لوگ سونا اچھالتے اچھالتے ملک کے اس سرے سے اس سرے تک،بعض اوقات بیرون ملک بھی چلے جاتے تھے۔کسی کی مجال نہ تھی کہ پوچھے اتنا سونا کہاں سے آیا اور کہاں لے جا رہے ہو۔
روحانیت سے شغف تھا۔کئی درویش اسے ہوائی اڈے پر لینے یا چھوڑنے جاتے یا اس کی کامرانی کے لۓ چلے کاٹتے تھے۔طبیعت میں عفو اور درگذر کا مادہ ازحدا تھا۔اگر کوئی آکر شکایت کرتا کہ فلاں شخص نے میری فلاں جائداد ہتھیا لی ہے یا فلاں کارخانے پر قبضہ کر لیا ہے۔تو مجرم خواہ بادشاہ کا کتنا ہی قریبی عزیز کیوں ہو۔وہ کمال سرچشمی سے اسے معاف کر دیتے تھے۔بلکہ شکایت کرنے والے سے خفا ہوتے کہ عیب گوئی بری بات ہے۔
جب بادشاہ کا دل حکومت سے بھر گیا تو وہ اپنی چیک بکس لے کر تارک دنیا ہو گیا۔اور بہاڑوں کی طرف نکل گیا۔کچھ لوگ کہتے ہیں اب بھی زندہ ہے۔واللہ علم بلصواب۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
برکات حکومت غیر انگلشیہ
۔۔۔۔۔۔۔
عزیزو؛بہت دن پہلے اس ملک میں انگریزوں کی حکومت ہوتی تھی۔اور درسی کتابوں میں ایک مضمون”برکات حکومت انگلشیہ” کے عنوان سے شامل رہتا تھا۔اب ہم آزاد ہیں،اس زمانے میں مصنف حکومت انگلشیہ کی تعریفیں کیا کرتے تھے۔کیونکہ اس کے سوا چارہ نہ تھا۔ہم اپنے عہد کی آزاد اور قومی حکومتوں کی تعریف کریں گے۔اس کی وجہ بھی ظاہر ہے
عزیزو: انگریزوں نے کچھ اچھے کام بھی کۓ لیکن ان کے زمانے میں خرابیاں بہت تھیں۔کوئی حکومت کے خلاف بولتا تھا یا لکھتا تھا تو اسے جیل بھیج دیتے تھے۔اب نہیں بھیجتے۔
رشوت ستانی عام تھی آج نہیں ہے۔دکاندار چیزیں مہنگی بیچتے تھے اور ملاوٹ بھی کرتے تھے۔آج کل کوئی مہنگی چیز چیزیں نہیں بیچتا اور ملاوٹ بھی نہیں کرتا۔انگریزوں کے زمانے میں امیر اور جاگیردار عیش کرتے تھے غریبوں کو کوئی نہیں پوچھتا تھا۔اب امیر لوگ عیش نہیں کرتے اور غریبوں کو ہر کوئی اتنا پوچھتا ہے کہ وہ تنگ آجاتے ہیں۔خصوصآ راۓ دہندگی بالغاں کے بعد سے۔
تعلیم اور صنعت و حرفت کو ہی لے لیجیۓ۔ربع صدی کے مختصر عرصے میں ہماری شرح خواندگی اٹھارہ فیصد ہو گئی ہے غیر ملکی حکومت کے زمانے میں ایسا ہوتا تھا؟
انگریز شروع شروع میں ہمارے دستکاروں کے انگوٹھے کاٹ دیتے تھے۔اب کارخانوں کے مالک ہمارے اپنے لوگ ہیں دستکاروں کے انگوٹھے نہیں کاٹتے ہاں کبھی کبھی پورے دست کار کو ہی کاٹ دیتے ہیں ۔
آزادی سے پہلے ہندو بنیۓ اور سرمایہ دار ہمیں لوٹا کرتے تھے۔ہماری خواہش تھی کہ یہ سلسلہ ختم ہو اور ہمیں مسلمان بنیۓ اور سیٹھ لوٹیں۔الحمدللہ کہ یہ آرزو پوری ہوئی۔جب سے حکومت ہمارے ہاتھ میں آئی ہے ہم نے ہر شعبہ میں بہت ترقی کی ہے۔درآمدبرآمد بھی بڑھ گئی ہے ۔ ہماری خاص برآمدات دو ہیں۔وفود اور زر مبادلہ۔درآمد ہم گھٹاتے جا رہے ہیں۔ایک زمانے میں تو خارجہ پالیسی تک باہر سے درآمد کرتے تھے۔اب یہاں بننے لگی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
خمار گندم سے
فیض احمد فیض اور میں ۔۔۔ ۔۔۔ ابن انشا کی ایک شاہکار تحریر
۔۔۔۔۔۔۔
فیض صاحب کے متعلق کچھ لکھتے ہوئے مجھے تامل ہوتا ہے۔ دنیا حاسدانِ بد سے خالی نہیں۔ اگر کسی نے کہہ دیا کہ ہم نے تو اس شخص کو کبھی فیض صاحب کے پاس اٹھتے بیٹھتے نہیں دیکھا تو کون اس کا قلم پکڑ سکتا ہے۔ احباب پر زور اصرار نہ کرتے تو یہ بندہ بھی اپنے کوشۂ گمنامی میں مست رہتا۔ پھر بعض ایسی باتیں بھی ہیں کہ لکھتے ہوئے خیال ہوتا ہے کہ آیا یہ لکھنے کے ہیں بھی کہ نہیں۔ مثلاً یہی کہ فیض صاحب جس زمانے میں پاکستان ٹائمز کے ایڈیٹر تھے، کوئی اداریہ اس وقت تک پریس میں نہ دیتے تھے جب تک مجھے دکھا نہ لیتے۔ کئی بار عرض کیا کہ ماشاء اللہ آپ خود بھی اچھی انگریزی لکھ لیتے ہیں لیکن وہ نہ مانتے اور اگر میں کوئی لفظ یا فقرہ بدل دیتا تو ایسے ممنون ہوتے کہ خود مجھے شرمندگی ہونے لگتی۔ پھر فیض صاحب کے تعلق سے وہ راتیں یاد آتی ہیں جب فیض ہی نہیں، بخاری ، سالک، خلیفہ عبد الحکیم وغیرہ ہم سبھی ہم پیالہ و ہم نوالہ دوست راوی کے کنارے ٹہلتے رہتے اور ساتھ ہی ساتھ علم و ادب کی باتیں بھی ہوتی رہتیں۔یہ حضرات مختلف زاویوں سے سوال کرتے اور یہ بندہ اپنی فہم کے مطابق جواب دے کر ان کو مطمئن کر دیتا۔ اور یہ بات تو نسبتاً حال ہی کی ہے کہ ایک روز فیض صاحب نے صبح صبح مجھے آن پکڑا اور کہا: ” ایک کام سے آیا ہوں۔ ایک تو یہ جاننا چاہتا ہوں کہ یورپ میں آج کل آرٹ کے کیا رجحانات ہیں۔ اور آرٹ پیپر کیا چیز ہوتی ہے؟ دوسرے میں واٹر کلر اور آئل پینٹنگ کا فرق معلوم کرنا چاہتا ہوں۔ ٹھمری اور دادرا کا فرق بھی چند لفظوں میں بیان کر دیں تو اچھا ہے۔” میں نے چائے پیتے پیتے سب کچھ عرض کر دیا۔ اٹھتے اٹھتے پوچھنے لگے ۔ ” ایک اور سوال ہے۔ غالب کس زمانے کا شاعر تھا اور کس زبان میں لکھتا تھا؟” وہ بھی میں نے بتادیا۔ اس کے کئی ماہ بعد تک ملاقات نہ ہوئی۔ ہاں اخبار میں پڑھا کہ لاہور میں آرٹ کونسل کے ڈائریکٹر ہو گئے ہیں۔ غالباً اس نوکری کے انٹرویو میں اس قسم کے سوال پوچھے جاتے ہوں گے
اکثر لوگوں کو تعجب ہوتا ہے کہ "نقشِ فریادی” کا رنگِ کلام اور ہے اور فیض صاحب کے بعد کے مجموعوں "دستِ صبا” اور "زندان نامہ” کا اور۔ اب چونکہ اس کا پس منظر راز نہیں رہا اور بعض حلقوں میں بات پھیل گئی ہے لہٰذا اسے چھپانے کا کچھ فائدہ نہیں۔فیض صاحب جب جیل چلے گئے تو ویسے تو ان کو زیادہ تکلیف نہیں ہوئی لیکن کاغذ قلم ان کو نہیں دیتے تھے اور نہ شعر لکھنے کی اجازت تھی۔ مقصد اس کا یہ تھا کہ ان کی آتش نوائی پر قدغن رہے اور لوگ انہیں بھول بھال جائیں۔ لیکن وہ جو کہتے ہیں "تدبیر کند بندہ تقدیر زند خندہ” فیض صاحب جب جیل سے باہر آئے تو سالم تانگہ لے کر سیدھا میرے پاس تشریف لے آئے اور ادھر ادھر کی باتوں کے بعد کہنے لگے۔ "اور تو سب ٹھیک ہے لیکن سوچتا ہوں میرے ادبی مستقبل کا اب کیا ہوگا؟” میں نے مسکراتے ہوئے میز کی دراز میں سے کچھ مسودے نکالے اور کہا یہ میری طرف سے نذر ہیں۔ پڑھتے جاتے تھے اور حیران ہوتے جاتے تھے۔ فرمایا۔ ” بالکل یہی جذبات میرے دل میں آتے تھے لیکن ان کو قلم بند نہ کر سکتا تھا۔ آپ نے اس خوب صورتی سے نالے کو پابندِ نَے کیا ہے کہ مجھے اپنا ہی کلام معلوم ہوتا ہے۔ میں نے کہا: ” برادرِ عزیز! بنی آدم اعضائے یک دیگر اند۔ تم پر جیل میں جو گزرتی تھی، اسے میں یہاں بیٹھے بیٹھے محسوس کر لیتا رہا ورنہ من آنم کہ من دانم۔ بہر حال اب اس کلام کو اپنا ہی سمجھو بلکہ اس میں، میں نے تخلص بھی تمہارا ہی باندھا ہے اور ہاں نام بھی تجویز کیئے دیتا ہوں۔ آدھے کلام کو "دست صبا” کے نام ست شائع کرو اور آدھے کو ” زندان نامہ” کا نام دو۔” اس پر بھی ان کو تامل رہا۔ بولے: ” یہ برا سا لگتا ہے کہ ایسا کلام جس پر ایک محبِ صادق نے اپنا خونِ جگر ٹپکایا ہو اپنے نام سے منسوب کر دوں” میں نے کہا: :فیض میاں! دنیا میں چراغ سے چراغ جلتا آیا ہے، شیکسپیئر بھی تو کسی سے لکھوایا کرتا تھا۔ اس سے اس کی عظمت میں کیا فرق آیا؟” اس پر لا جواب ہو گئے اور رقت طاری ہو گئی۔
فیض صاحب کی ایک اور بات میں نے دیکھی۔ وہ بڑے ظرف کے آدمی تھے۔ ایک طرف تو انہوں نے کسی پر یہ راز افشا نہیں کیا کہ یہ مجموعے ان کا نتیجۂ فکر نہیں۔ دوسری طرف جب لینن انعام لے کر آئے تو تمغہ اور آدھے روبل میرے سامنے ڈھیر کر دیئے کہ اس کے اصل حق دار آپ ہیں۔ اس طرح کے اور بہت سے واقعات ہیں۔ بیان کرنے لگوں تو کتاب ہو جائے لیکن جیسا کہ میں نے عرض کیا نمود و نمائش سے اس بندے کی طبیعت سے ہمیشہ نفور رہی ہے۔
۔۔۔۔


Comments

جواب دیں