پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آج 8 نومبر برِّ صغیر پاک و ہند کے ممتاز شاعر، فلسف…

آج 8 نومبر برِّ صغیر پاک و ہند کے ممتاز شاعر، فلسفی اور تاریخ دان جون ایلیاء کا یومِ وفات ہے—

جون ایلیاء برِّ صغیر میں نمایاں حیثیت رکھنے والے پاکستانی شاعر، فلسفی، تاریخ داں اور سوانح نگار تهے، وہ اپنے انوکھے اندازِ تحریر کی وجہ سے آج بھی بہت زیادہ پسند کئے جاتے ہیں— وہ معروف صحافی رئیس امروہوی اور معروف فلسفی سیّد محمد تقی کے بهائی اور معروف کالم نگار اور افسانہ نگار زاہدہ حنا کے سابق خاوند تهے— جون ایلیا کو عربی، انگریزی، فارسی، سنسکرت اور عبرانی زبان میں اعلیٰ مہارت حاصل تھی—

جون ایلیاء ۱۴ دسمبر ۱۹۳۷ء میں امروہہ اتر پردیش کے ایک علمی و ادبی گھرانے میں پیدا ہوئے— وہ اپنے تمام بهائی بہنوں میں سب سے چھوٹے تهے، ان کے والد علامہ شفیق حسَّن ایلیا بهی ایک خوش گو شاعر تهے— اس علمی ماحول نے جون کی طبیعت کی تشکیل بهی انہی خطوط پر کی— انہوں نے اپنا پہلا شعر صرف آٹھ سال کی عمر میں کہا— اپنی کتاب "شاید” کے پیشِ لفظ میں رقم طراز ہیں کہ؛

"میری عُمر کا آٹھواں سال میری زندگی کا سب سے اہم اور ماجرا پرور سال تها— اس سال میری زندگی کے دو سب سے اہم حادثے پیش آئے— پہلا حادثہ یہ تها کہ میں اپنی نرگسی انا کی پہلی شکست سے دوچار ہوا— یعنی ایک قتّالہ لڑکی کی محبّت میں گرفتار ہوا— دوسرا حادثہ یہ کہ میں نے پہلا شعر کہا؛

چاہ میں اسکی طمانچے کهائے
دیکھ لو سرخی مرے رخسار کی

جون ایلیاء کے ایک قریبی رفیق سیّد ممتاز سعید بتاتے ہیں کہ ایلیا امروہہ کے سیّد المدارس کے بهی طالبعلم رہے— یہ مدرسہ امروہہ میں اہلِ تشیع حضرات کا ایک اہم علمی و مذہبی مرکز رہا ہےـ— جون ایلیا خود بهی ایک شیعہ تهے اس لیے وہ اپنی شاعری میں جابجا شیعی حوالوں کا خوب استعمال کیا کرتے— حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ذاتِ عالی سے انہیں خاص عقیدت تهی اور انہیں اپنے سیّد ہونے پر بهی بڑا ناز تها—

سعید کہتے ہیں؛
"جون کو زبانوں سے خصوصی لگاؤ تھا وہ انہیں بغیر کوشش کے سیکھ لیتا تھا— عربی اور فارسی کے علاوہ جو انہوں نے مدرسے میں سیکهی تهی، انگریزی سنسکرت اور عبرانی میں بهی مہارت حاصل کر لی تهی—”

جون ایلیاء نے ۱۹۵۷ءمیں پاکستان ہجرت کی اور کراچی کو اپنا مستقل مسکن بنا لیا— جلد ہی وہ شہر کے ادبی حلقوں میں مقبول ہو گئے— ان کی شاعری انکے متنوع مطالعے کی عادات کا واضح ثبوت تهی جسکی وجہ سے انکے کلام کو زبردست پذیرائی نصیب ہوئی— جون ایک انتھک مصنِّف تھے لیکن انہیں اپنا تحریری کام شائع کروانے پر کبهی راضی نہ کیا جا سکا— ان کا پہلا شعری مجموعہ "شاید” اس وقت شائع ہوا جب انکی عمر ساٹھ سال تھی— نیاز مندانہ” کے عنوان سے لکهّے ہوئے اس کتاب کے پیشِ لفظ میں جون ایلیا نے ان حالات اور ثقافت کا بڑی گہرائی سے جائزہ لیا ہے جس میں رہ کر انہیں اپنے خیالات کے اظہار کا موقع ملا— ان کی شاعری کا دوسرا مجموعہ”یعنی” انکی وفات کے بعد ۲۰۰۳ء میں، تیسرا مجموعہ "گمان” ۲۰۰۴ء میں اور چوتھا مجموعہ” گویا” ۲۰۰۸ء میں شائع ہوا—

جون ایلیاء مجموعی طور پر دینی معاشرے میں علی الاعلان نفی پسند اور فوضوی تهے— انکے بڑے بھائی رئیس امروہوی کو مذہبی انتہا پسندوں نے قتل کر دیا تها جسکے بعد وہ عوامی محفلوں میں بات کرتے ہوئے بہت احتیاط برتنے لگے—
فلسفہ، منطق، اسلامی تاریخ، اسلامی صوفی روایات، اسلامی سائنس، مغربی ادب اور واقعۂ کربلا پر جون ایلیا کا علم کسی انسائیکلوپیڈیا سے کم نہ تها- اس علم کا نچوڑ انہوں نے اپنی شاعری میں بهی داخل کیا تاکہ خود کو اپنے ہمعصروں سے نمایاں کر سکیں—

جون ایک ادبی رسالہ” انشا” سے بطور مدیر وابستہ رہے جہاں انکی ملاقات اردو کی ایک اور انتھک مصنفہ زاہدہ حنا سے ہوئی جن سے بعد میں انکی شادی ہو گئی— جون کے زاہدہ حنا سے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا پیدا ہوا— ۱۹۸۰ء کی دہائی کے وسط میں ان کی طلّاق ہو گئی اسکے بعد تنہائی کے باعث ان کی صحت گرتی چلی گئی کثرتِ شراب نوشی نے انہیں بالکل پژمردہ کر دیا— با الآخر طویل علالت کے بعد ۸ نومبر ۲۰۰۲ء کو کراچی میں انتقال کر گئے اور سخی حسن قبرستان میں سپردِ خاک کر دئیے گئے—
___

"تُمہارا شکریہ—”
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جون ایلیاء کی آخری مکمل تحریر "تُمہارا شکریہ” ان کی وفات کے بعد سسپینس ڈائجسٹ میں شائع ہوئی— جس میں انہوں نے اپنی موت کی قبل از وقت علامتی اطلاع دی تھی جس میں جون ایلیا کا ہمزاد (نشیان) ان کے قاتلوں کا انکشاف کر رہا ہے—

نشیان، سحر البیان
تم نے سنا جون ایلیاء مر گئے
کیا کہا، جون ایلیاء مر گئے؟
ہاں، ہاں جون ایلیاء مر گئے
لیکن تمہیں یقین کیوں نہیں آ رہا "نشیان، بلیغ البیان!” کیا میں اتنا بڑا اور احمقانہ جھوٹ بول سکتا ہوں؟
کیا میں تم سے ٹھٹھول کر سکتا ہوں؟
نہیں نشیان، نہیں نہ یہ مخول ہے نہ ٹھٹھول!
یہ حقیقت ہے بین اور ٹھوس حقیقت جس سے نہ منہ موڑا جا سکتا ہے اور نہ انکار کیا جا سکتا ہے—