پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آج مرزا غالبؔ کے چہیتے شاگرد میر مہدی حسین مجروح ک…

آج مرزا غالبؔ کے چہیتے شاگرد میر مہدی حسین مجروح کی برسی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجروح
میر مہدی حسین ۔ ولادت 1833ء لگ بھگ دہلی ۔ غالب کے عزیز شاگرد ، وفات 15 مئی 1903ء دہلی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میر مہدی حسین مجروح سادات نجیب الطرفین کے ایک شریف اور عالی خاندان سے تعلق رکھتے تھے ۔ ان کے آباؤ اجداد ایران سے اس وقت ہندوستان آۓ جب مغلیہ سلطنت کا آفتاب صدیوں کی ضوفشانی کے بعد غروب کی ساعتوں میں تھا۔ یہ لوگ شاعر اور اہل علم تھے۔ مجروحؔ کے والد میر حسین فگار کے دادا یا نانا اس خاندان کے پہلے فرد ہیں جن کا نام ان کی شاعری کی بدولت اردو شعراء کے تذکروں میں باقی رہ گیا ہے ۔ وہ شاہ عالم بادشاہ کے درباری شاعر تھے اور فقیرؔ تخلص کرتے تھے ۔
ان کے والد فگارؔ بہت بڑے عالم اور نزاکت آفریں شاعر تھے ان کے چند اشعار ملاحظہ فرمائیں:
تیرے دیوانے کو سودا ہے روز اک آن نیا
چاہیے بہرِ جنوں روز بیاباں نیا
نہ تو دنیا کی تمنا ہے ، نہ دیں کی خواہش
ہے ہوس ہاۓ جہاں سے مرا ارماں نیا
قید کچھ اس پہ نہیں عصرِ گزشتہ کی فگار
اس سخن کا ہے ہر اک وقت میں فیضان نیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بے طلب گھر میں ترے وہ جو چلے آتے تھے
اس زمانے کو فگارؔ اب تو کر یاد ، گیا
یارانِ رفتہ کو نہ کروں کس طرح سے یاد
آنکھوں کے سامنے سے وہ دفتر الٹ گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجروح کی صحیح تاریخِ پیدائش کہیں نہیں مل سکی ۔ تذکرہ نگاروں سے تو خیر اس کی توقع ہی عبث ہے ، خود مجروحؔ یا ان کے کسی عزیز یا ہم عصر یا استاد نے بھی اس پر کوئی روشنی نہیں ڈالی ۔ " دیوان مجروح" کے مرتب وحید نے صرف اتنا لکھا ہے:
"سنہ پیدائش کا اندازہ اس سے ہو سکتا ہے کہ وہ غدر میں وہ پچیس سالہ جوان تھے"
1857ء سے 25 منہا کیے جائیں تو باقی بچتے ہیں 1832ء ۔ کسی نے 1832ء لکھا ہے اور کسی نے 1833ء لکھا ہے۔ مالک رام نے درمیانہ راستہ اختیار کرتے ہوۓ احتیاطاً " لگ بھگ" کے الفاظ استعمال کیے ہیں۔
"ان ( مجروح) کی پیدائش 1833ء کے لگ بھگ ہوئی"
مالک رام کی طرح زیادہ لوگوں نے 1833ء ہی کو ترجیح دی ہے۔
مجروحؔ دہلی میں پیدا ہوۓ تھے۔ ان کا آبائی مکان دہلی کے مشہور اور گنجان آباد محلے "اردو بازار" میں واقع تھا۔اردو بازار، قلعہ معلٰی اور جامع مسجد کے درمیاں ہوا کرتا تھا ۔ غالب ، مجروح کو لکھتے ہیں :
۔۔۔۔۔ بھائی ! تم تو اردو کے مرزا قتیل بن گۓ ہو ، اردو بازار میں نہر کے کنارے رہنے رہتے رہتے رودِ نیل بن گۓ ہو"
۔۔۔۔۔۔۔۔ "ڈھے ہوۓ اردو بازار کے رہنے والے ، حسد سے لکھنؤ کو برا کہنے والے ۔۔۔۔۔۔۔'
ابتدائی تعلیم گھر میں پائی کیونکہ سارا خاندان دولت علم و فضل سے مالا مال ہو رہا تھا۔ لڑکپن سے ہی شاہدِ سخن کی پرستاری شروع کر دی تھی
"شاہد سخن کی پرستاری" کی وجوہات بھی ظاہر ہیں ۔ شاعری ان کی گھٹی میں پڑی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجروحؔ کی رسائی درِ ٖغالبؔ تک سولہ برس کی عمر میں یعنی 1848ء کے لگ بھگ یا اس سے بھی سال ، چھ مہینے پہلے ہوئی ہو گی۔
خطوطِ غالب گواہ ہیں کہ غالب اور مجروح پہلی ہی ملاقات میں ایک دوسرے کے دیوانے تھے۔
مجروحؔ لکھتے ہیں:
"اسی شوق میں بسر ہوتی تھی کہ یکایک اس چرخِ کج رفتار اور زمانہ ناہنجار نے ایک ایسا فتنہ اٹھایا کہ ہنگامہ رستخیر کو بھی پرے بٹھایا اور تندبادِ حوادث نے اس گلدستہ احباب کو برگ رزانِ خزاں کی طرح درہم برہم کر دیا ۔ وہ غدر 1857ء کا تھا کہ جس نے مردوں سے خاک کا پیٹ بھر دیا اور دہلی کو آدمیوں سے خالی کر دیا ۔ بہت سے برسرِ دار اور اکثر گرفتار اور باقی فرار ہو کر اطرافِ جہاں میں منتشر ہو گۓ۔"
1857ء میں مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ایک دلخراش داستان ہے جو لہو کے آنسو رلوانے کے لیے کافی ہے لیکن اگر یہ فتنہ نہ اٹھتا تو غالبؔ اور مجروحؔ کی خط و کتابت بھی وجود میں نہ آکتی ۔ کیونکہ غدر نے مجروح کو غالبؔ سے جدا کر دیا تھا اور دونوں پرستاروں کی آتشِ شوق بھڑک اٹھی ۔ ایسے میں مجروحؔ کا تقاضا بھی یہی تھا کہ وہ اپنے پرستار کی آتشِ شوق فرو کرنے کے لیے آبِ نثر فراہم کرتے رہیں اور یوں مجروحؔ کو دھڑا دھڑ خط پر خط لکھتے چلے جائیں ۔ یہ خطوط اب اردو نثر کی آبرو ہیں ۔ غالبؔ کے پرستار اتنے خطوط لکھوانے کی وجہ سے ہمیشہ مجروحؔ کے احسان مند رہیں گے۔
" کاغذ نبڑ گیا ورنہ تمھارے دل کی خوشی کے واسطے ابھی اور لکھتا۔"
" میری جان ! تم کو تو بیکاری میں خط لکھنے کا ایک شغل ہے ۔ قلم دوات لے بیٹھے، اگر خط پہنچا ہے تو جواب ، ورنہ شکوہ و شکایت و عتاب و خطاب لکھنے لگے"
"تمھاری شکایت ہاۓ بیجا کا جواب یہ ہے کہ تم نے جو خط مجھ کو پانی پت سے بھیجا تھا اور کرنال کی روانگی کی اطلاع دی تھی، میں نے تجویز کر لیا کہ جب کرنال سے خط آۓ گا تو میں جواب لکھوں گا"
غالبؔ 26 اپریل 1863ء تک مجروحؔ کو کم از کم ایک سو خط لکھ چکے تھے۔
" واہ سید زادہ بے پرواہ ! ہمارے ہاتھ کی خستگی کا بھی خیال نہیں ۔ خط کا جواب قلم انداز ۔ اگر اس خط کا جواب آ جاتا تو مجھے دوبارہ تحریر کی زحمت کیوں پہنچتی؟
۔۔۔۔۔۔ تمھارے پاس ، بلا مبالغہ کہتا ہوں کہ ، سو سے خط کم نہ ہوں گے۔"
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفات
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسماعیل پانی پتی کے مطابق " 17 صفر المظفر 1321ھ بمطابق 15 اپریل 1903ء کو بدھ کے روز وہ اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے"
مالک رام لکھتے ہیں:
"بروز جمعہ 15 مئی 1903ء 17 صفر 1321ھ کو وفات پائی۔:
غلام رسول مہر رقمطراز ہیں :
"17 صفر 1321ھ بمطابق 15 مئی 1903ء کو بروز جمعہ دہلی میں انتقال ہوا۔"
"اے ہسٹری آف اردو لٹریچر" میں گراہم بیلی نے صفحہ 177 پر مجروح کا سنہ وفات 1902ء لکھا ہے اسی کی پیروی کرتے ہوۓ " نادراتِ غالب" میں آفاق حسین آفاق نے بھی (ص 173) 1902ء لکھا ہے جو صریحاً غلط ہے ۔
"مخزن" (مئی 1903ء) میں شیخ عبدالقادر لکھتے ہیں:
"اس مہینے میں میر مہدی اس جہاں سے اٹھ گۓ"
مالک رام اور غلام رسول مہر نے مجروح کی جو تاریخ وفات لکھی ہے وہ ہر لحاظ سے درست ہے۔
"تلامذہ غالب" میں ملک رام لکھتے ہیں:
اتفاق کی بات کہ وفات سے پہلے چند بار "اغفرلی" کہا اور اسی حالت میں جان جاں آفریں کے سپرد کر دی۔
یہی "اغفرلی" ان کی تایخ وفات ہے ۔ درگاہ قدم شریف ، دہلی کے صدر دروازے کے باہر، فصیل کے متصل ، جنوب میں قبر ہے ۔ لوحِ مزار پر نواب احمد سعید خاں طالب کا لکھا ہوا ہے قطعہ تاریخ کندہ ہے:

یادگارِ غالب معجز بیاں
میر مہدی ، سید والا تبار
بُد کلامش سر بسر آہ و فغاں
چوں تخلص بود مجروحِ فگار
کرد از دنیا چو آھنگِ سفر
گفت: "اغفرلی" چند بار
طالبا! دیگر مرنجاں فکر را
رازِ فتش خود ز "اغفرلی" برار
1321ھ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جہاں تک مجروحؔ کی تصانیف کا تعلق ہے ان میں سے بعض کو تو چھپنا ہی نصیب نہیں ہوا ، جو چھپ گئی تھیں وہ نایاب ہو چکی ہیں ۔ بہر صورت ان کا دیوان ہی ان کی متاعِ خاص ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منتخب کلام
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہمسر جہاں میں کب ہے رسول کریم کا
ثانی کبھی ملا نہیں در یتیم کا
وہ گلشن وقار کہ جس کے درخت پر
ہے آشیانہ بلبل سدرہ مقیم کا
وہ شاہ عدل دوست کہ یہ بندوبست شرع
ہے اک نمونہ آپ کی رائے سلیم کا
وہ ہادی الطریق کہ جس کے کلام کا
ہر حرف رہنما ہے رہ مستقیم کا
حاکم وہ اس جہان میں ہر جن و انس پر
قاسم وہ دین میں ہے نعیم و جحیم کا
شائق کلیم تھا سو رخ پاک شاہ نے
جلوہ دکھا دیا اسے حسن قدیم کا
فرش رہ حضور ہو اس کی یہ چاہ ہے
رتبہ بلند کیوں نہ ہو عرش عظیم کا
اکھڑی سی کچھ ہوا نفس عیسوی کی ہے
یثرب سے آ گیا کوئی جھونکا نسیم کا
آؤ در حضور پہ اے طالبان حق
رستہ دکھا رہا ہوں رہ مستقیم کا
اب فکر کیا شفاعت و رحمت ہے ایکجاہ
نائب بھی ہے کریم خدائے رحیم کا
حضرت کے واسطے سے نہ کی التجائے دید
مقصود کس طرح سے بر آتا کلیم کا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غیروں کو بھلا سمجھے، اور مجھ کو برا جانا
سمجھے بھی تو کیا سمجھے، جانا بھی تو کیا جانا

اک عمر کے دُکھ پائے، سوتے ہیں فراغت سے
اے غلغلۂ محشر، ہم کو نہ جگا جانا

مانگوں تو سہی بوسہ پر کیا ہے علاج اس کا
یاں ہونٹ کا ہل جانا واں بات کا پا جانا

گو عمر بسر اس کی تحقیق میں کی تو بھی
ماہیّتِ اصلی کو اپنی نہ ذرا جانا

کیا یار کی بد خوئی، کیا غیر کی بد خواہی
سرمایۂ صد آفت ہے دل ہی کا آ جانا

کچھ عرضِ تمنّا میں شکوہ نہ ستم کا تھا
میں نے تو کہا کیا تھا اور آپ نے کیا جانا

اک شب نہ اُسے لائے، کچھ رنگ نہ دکھلائے
اک شور قیامت ہی نالوں نے اُٹھا جانا

چلمن کا الٹ جانا، ظاہر کا بہانہ ہے
ان کو تو بہر صورت اک جلوہ دکھا جانا

ہے حق بطرف اسکے، چاہے سَو ستم کر لو
اس نے دلِ عاشق کو مجبورِ وفا جانا

انجام ہوا اپنا آغازِ محبّت میں
اس شغل کو جاں فرسا ایسا تو نہ تھا جانا

مجروح ہوئے مائل کس آفتِ دوراں پر
اے حضرتِ من تم نے، دل بھی نہ لگا جانا
—-
کوئی آسماں کیا سوا ہو گیا
کہ افزوں نزول بلا ہو گیا
وہ جاتے ہیں دامن بچائے ہوئے
تجھے جرات شوق کیا ہو گیا
ڈرو نالہ حسرت آلود سے
غضب ہو گیا گر رسا ہو گیا
نہ ہلنے دیا مہر صیاد نے
رہا قید میں گو رہا ہو گیا
کبھی میرے دل سے نکلتا نہیں
یہ غم تو مزا وصل کا ہو گیا
ہوئے بال و پر بند اب ہمکو کیا
اگر عقدہ دام وا ہو گیا
بڑھے اور بھی بخت کی تیرگی
اگر سر پر ظل ہما ہو گیا
لگا ہاتھ میں کس کا شور آب اشک
جو پھیکا سا رنگ حنا ہو گیا
کہا میں نے ایجاں تو بولے چہ خوش
کہو کب سے میں بیوفا ہو گیا
وہ آئیں یہاں اک نئی بات ہے
تجھے بخت بد آج کیا ہو گیا
کیا حال دوری جو ان کو رقم
تو ہر حرف خط کا جدا ہو گیا
کھٹکتا ہے پہلو میں دن رات دل
یہ پیکاں ترے تیر کا ہو گیا
کھلا جب سیہ نامہ میرا تو پھر
شب تار روز جزا ہو گیا

ہیں اس تند خو سے یہ گستاخیاں
تھمو تم کو مجروح کیا ہو گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موسٰی نہ غش میں آئیو ، اک بار دیکھنا
آساں نہیں ہے یار کا دیدار دیکھنا

محفل طرازیاں وہ کہاں،اب تو کام ہے
گھر میں پڑے ہوۓ در و دیوار دیکھنا

ساقی کی چشمِ مست کا گر دور ہے یہی
زاہد کو آج کل ہی میں مے خوار دیکھنا

ہیں بعدِ مرگ بھی وہی آنکھیں کھلی ہوئی
عاشق کی اپنے حسرتِ دیدار دیکھنا

گر چشمِ تر کی ہیں یہی خوننابہ باریاں
اس گھر ہی میں لگا گل و گلزار دیکھنا

ہے کس سے تانک جھانک، کہ خالی نہیں ہے یہ
سوراخِ در سے آپ کا ہر بار دیکھنا

چندے یونہی ہے عشقِ زلیخا کی گر کشش
یوسفؑ کو آج کل سرِ بازار دیکھنا

ہو قہر یا کہ مہر ، کوئی یہ بھی ڈھنگ ہے
سو بار منہ کو پھیرنا ، سو بار دیکھنا

قطعہ
میں اپنی جاں پہ کھیل کے کل قتل گاہ میں
کہنے لگا کہ قاتلِ خوں خوار دیکھنا

کیا قتل کرنے میں یہی انصاف شرط ہے
بے جرم دیکھنا نہ گنہگار دیکھنا؟

کہنے لگا یہ سن کے وہ شوخِ ستیزہ کار
آ جاؤ تم بھی ، ہو جو کوئی وار دیکھنا

اس امر کو تو اس نے کیا اس قدر محال
آساں ہے مرگ اور ہے دشوار دیکھنا

ظاہر ہے یہ کہ جاذبِ شبنم ہے آفتاب
کافی ہمیں ہے یار کا اک بار دیکھنا

میں ہوں جو بے قرار تو معذور جانیے
آساں نہیں ہے دل کا گرفتار دیکھنا

سر رکھ کے اس کے زانو پہ رویا وہ ماہ وش
یارو عدو کے طالعِ بیدار دیکھنا

شاید ہمارے دل کے اڑانے کی فکر ہے
خالی نہیں ہے ان کا یہ ہر بار دیکھنا

برگِ گیاہ ہو نہیں سکتا حریفِ برق
مجروحؔ کی طرف نہ کہیں یار دیکھنا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی(بھٹکلی)