پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید محمود حسن قیصر امروہی کی غزلیں — Syed Mehmood Hasan Qaisar Amrohvi Ghazals

سید محمود حسن قیصر امروہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق کے مخبر کو اپنا رازداں سمجھا تھا میں (غزل)

عشق کے مخبر کو اپنا رازداں سمجھا تھا میں

رہزن منزل کو میر کارواں سمجھا تھا میں

طور کے قصے کو اپنی داستاں سمجھا تھا میں

بجلیوں کے گھر کو اپنا آشیاں سمجھا تھا میں

صبح محشر بہر تجدید نماز زندگی

صور اسرافیل کو بانگ اذاں سمجھا تھا میں

آج مجھ پر ظلم ڈھاتا ہے فلک بن کر وہی

جس کو کل تک اپنی آہوں کا دھواں سمجھا تھا میں

آہ اے شور قیامت کیا کیا تو نے ستم

کچھ ابھی راز حیات جاوداں سمجھا تھا میں

مر گیا محمودؔ تجھ کو ڈھونڈ کر اے زندگی

تو کہاں آ کر ملی تجھ کو کہاں سمجھا تھا میں

شب فرقت تمہاری یاد رہ رہ کر رلاتی ہے (غزل)

شب فرقت تمہاری یاد رہ رہ کر رلاتی ہے

نہ ہے دل کو سکوں اک دم نہ نیند آنکھوں میں آتی ہے

قریب کوئے جاناں آ گیا کیا قافلہ دل کا

کہ ہر ہر ذرے سے بوئے محبت مجھ کو آتی ہے

خیال وصل سے بھی کس طرح تسکین ہو دل کو

کہ پھر مل کر جدا ہونے کی ساعت یاد آتی ہے

محبت کیا اسی کا نام ہے دنیا میں اے قیصرؔ

کہ شمع بزم پروانے کو جل جل کر جلاتی ہے

خاموش فضاؤں کا وہ پر کیف نظارا (نظم)

خاموش فضاؤں کا وہ پر کیف نظارا

وہ نور سحر اور وہ گنگا کا کنارا

لہروں کی کشاکش میں وہ پانی کی روانی

موجوں کے تلاطم میں وہ بہتا ہوا دھارا

اک چادر آبی پہ زمرد کی تھی جھالر

یوں سبزے سے پر زیب تھا دریا کا کنارا

اس وقت میں آ کر کسی مہوش کا نہانا

واللہ کہ فردوس نظر کا وہ نظارا

پیشانی پہ ٹپکا تھا کہ اک نقش دل آرا

یا حسن کی قسمت کا چمکتا تھا ستارا

وہ حسن کی تصویر وہ خوبی کا مرقع

زاہد بھی جو دیکھے نہ رہے ضبط کا یارا

جو عضو تھا وہ حسن کے سانچے میں ڈھلا تھا

تھی اس پہ وہ سرمست جوانی ستم آرا

وہ حسن کے دریا کی تھی اک ماہیٔ بے تاب

چھینٹوں سے وفا کے جسے خالق نے نکھارا

اٹھتے تھے قدم بار نظر سے بہ تکلف

گو چشم تماشا کو نہ تھا دید کا یارا

آنچل کو سنبھالے ہوئے انداز سے آئی

کرنے لگی آ کر لب دریا کا نظارا

ہر سمت جو پڑتی تھیں نگاہیں متوحش

دل پا گیا میرا جو نظر کا تھا اشارا

یہ دیکھ کے میں ہو گیا ساحل سے ذرا دور

اور بیٹھ گیا بازو کا واں لے کے سہارا

اس ماہ نے ہر سمت پھر اک بار نظر کی

جب دیکھا کہ سنسان ہے دریا کا کنارا

لیتے ہوئے انگڑائی کیا زلفوں کو برہم

اور ناز سے پانی میں قدم اس نے اتارا

اٹھتی ہوئی موجوں میں تلاطم ہوا برپا

سوئی ہوئی لہروں نے بھی سر اپنا ابھارا

قدموں کو جمائے ہوئے آپے کو سنبھالے

موجوں سے بہم کھیل رہی تھی وہ دل آرا

پانی میں تھا اس وقت وہ رنگینی کا عالم

گویا ہے مئے ناب کا بہتا ہوا دھارا

کس طرح وہ دریا سے نہائے ہوئی نکلی

آگے نہیں قیصرؔ لب اظہار کو یارا

بکھری ہوئی زلفوں سے وہ گرتے ہوئے قطرے

ٹوٹے کوئی جس طرح ستارے پہ ستارا

دے ساقئ مہوش کہ نہیں ضبط کا یارا

محرومیٔ رنداں تجھے کیوں کر ہے گوارا

سوئے بھی یہ مے خوار تو لے لے کے ترا نام

چونکے جو کبھی خواب سے تجھ کو ہی پکارا

تجھ کو تری بے تاب نگاہوں کی قسم ہے

میری ہی طرح دیکھ لے مجھ کو بھی خدارا

میری ہی نگاہوں نے حسیں تجھ کو بنایا

میری ہی محبت نے ترا حسن نکھارا