پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید معراج جامی کی غزلیں — Syed Meraj Jami Ghazals

سید معراج جامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی کیا ہر قدم پر اک نئی دیوار ہے (غزل)

زندگی کیا ہر قدم پر اک نئی دیوار ہے

تیرگی دیوار تھی اب روشنی دیوار ہے

کیوں بھٹکتی پھر رہے ہیں آج ارباب خرد

کیا جنوں کے راستے میں آگہی دیوار ہے

بچ نہیں سکتی تغیر کے اثر سے کوئی شے

پہلے سنتی تھی مگر اب دیکھتی دیوار ہے

ہم تو وابستہ ہیں ایسے دور سے جس دور میں

آدمی کے راستے میں آدمی دیوار ہے

جذبۂ جہد و عمل سے زندگی کوہ گراں

بے عمل ہو زندگی تو ریت کی دیوار ہے

آج اپنے دشمنوں سے کھل کے لڑ سکتا نہیں

دشمنی کے راستے میں دوستی دیوار ہے

روح کیوں مضطر نہ ہو جامیؔ حریم جسم میں

جس طرف بھی دیکھتی ہے آہنی دیوار ہے

بہ ہر لمحہ پگھلتا جا رہا ہوں (غزل)

بہ ہر لمحہ پگھلتا جا رہا ہوں

نئے سانچے میں ڈھلتا جا رہا ہوں

مری منزل مرے پیش نظر ہے

مگر رستے بدلتا جا رہا ہوں

مرے اشعار میرا آئنہ ہے

میں اپنا فن اگلتا جا رہا ہوں

کوئی صورت نکالو زندگی کی

کہ اب غم سے بہلتا جا رہا ہوں

سفر تو زندگی کی شرط ٹھہرا

نہ چلنے پر بھی چلتا جا رہا ہوں

سہارا دے رہی ہیں لغزشیں اب

کہ جامیؔ میں سنبھلتا جا رہا ہوں

مزید غزلیں از سید معراج جامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں