سید معظم پاشا رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
انساں رہے نہ منزل دشوار کی طرح (غزل)
انساں رہے نہ منزل دشوار کی طرح
طے راستہ ہو قافلہ سالار کی طرح
میٹھی زبان چاہیے انساں کو بولنا
الفاظ ہوں نہ برق شرربار کی طرح
انسانیت کی راہ میں انسان کے لیے
اک اک قدم ہے منزل دشوار کی طرح
ہم راہ راستی پہ چلے ہیں تو آپ کو
آنکھوں میں کیوں کھٹکنے لگے خار کی طرح
جب آنکھ بند ہوگی تو بیدار ہوں گے ہم
یہ زندگی ہے خواب گراں بار کی طرح
ایسا نہ ہو کہیں کہ بکھر جاؤ ٹوٹ کر
ہر ایک کے گلے نہ پڑو ہار کی طرح
تم پر کبھی نہ آئے گا الزام قتل کا
خاموش کیوں کھڑے ہو خطا کار کی طرح
کیسی خزاں بدوش معظمؔ بہار ہے
ہنستے ہیں پھول نرگس بیمار کی طرح
کلی کا روپ پھولوں کی ہنسی اچھی نہیں لگتی (غزل)
کلی کا روپ پھولوں کی ہنسی اچھی نہیں لگتی
تمہارے سامنے یہ چاندنی اچھی نہیں لگتی
تمہارا ساتھ ہو تو زندگی اک قیمتی شے ہے
نہ ہو تم پاس تو یہ زندگی اچھی نہیں لگتی
ہوا کیا کیوں نگاہیں پھیر کر بیٹھے ہو محفل میں
اب ایسی بھی تمہاری بے رخی اچھی نہیں لگتی
جہاں ہوں دل کی باتیں دل کی راہیں حسن کی منزل
وہاں اے عقل تیری رہبری اچھی نہیں لگتی
معظمؔ بے خودی میں نام ان کا آ گیا لب پر
تو کہتے ہیں تری دیوانگی اچھی نہیں لگتی