پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جگت موہن لال رواں کی غزلیں — Jagat Mohan Lal Ravan Ghazals

جگت موہن لال رواں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گل ویرانہ ہوں کوئی نہیں ہے قدرداں میرا (غزل)

گل ویرانہ ہوں کوئی نہیں ہے قدرداں میرا

تو ہی دیکھ اے مرے خلاق حسن رائیگاں میرا

یہ کہہ کر روح نکلی ہے تن عاشق سے فرقت میں

مجھے عجلت ہے بڑھ جائے نہ آگے کارواں میرا

ہوا اس کو اڑا لے جائے اب یا پھونک دے بجلی

حفاظت کر نہیں سکتا مری جب آشیاں میرا

زمیں پر بار ہوں اور آسمان سے دور اے مالک

نہیں معلوم کچھ آخر ٹھکانا ہے کہاں میرا

مجھے نغمے کا لطف آتا ہے راتوں کی خموشی میں

دل بشکستہ ہے اک ساز آہنگ فغاں میرا

وہیں سے ابتدائے کوچۂ دلدار کی حد ہے

قدم خود چلتے چلتے آ کے رک جائے جہاں میرا

ذرا دور اور ہے اے کشتئ عمر رواں ساحل

کہ اس بحر جہاں میں ہر نفس ہے بادباں میرا

ہوئی جاتی ہے تنہائی میں لذت روح کی ضائع

لٹا جاتا ہے ویرانے میں گنج شائگاں میرا

عناصر ہنستے ہیں دنیا کی وسعت مسکراتی ہے

کسی سے پوچھتے ہیں اہل بینش جب نشاں میرا

مرے بعد اور پھر کوئی نظر مجھ سا نہیں آتا

بہت دن تک رکھیں گے سوگ اہل خانداں میرا

غنیمت ہے نفس دو چار جو باقی ہیں اب ورنہ

کبھی کا لٹ چکا سرمایۂ سود و زیاں میرا

ابھی تک فصل گل میں اک صدائے درد آتی ہے

وہاں کی خاک سے پہلے جہاں تھا آشیاں میرا

رواںؔ سچ ہے محبت کا اثر ضائع نہیں ہوتا

وہ رو دیتے ہیں اب بھی ذکر آتا ہے جہاں میرا

راہ و رسم ابتدائی دیکھ لی (غزل)

راہ و رسم ابتدائی دیکھ لی

انتہائے بے وفائی دیکھ لی

سامنے تعریف غیبت میں گلہ

آپ کے دل کی صفائی دیکھ لی

اب نہیں ملنا کسی سے بھی پسند

سب کی اچھائی برائی دیکھ لی

نام بھی دامن پہ سرخی کا نہیں

دیدہ و دل کی کمائی دیکھ لی

بے خبر ہیں وہ مرے حالات سے

نالۂ دل کی رسائی دیکھ لی

عشق اپنا ہے فقط اتنا رواںؔ

اچھی صورت آگے آئی دیکھ لی

یہ عقیدہ ہندوؤں کا ہے نہایت ہی قدیم (نظم)

یہ عقیدہ ہندوؤں کا ہے نہایت ہی قدیم

جب کبھی مذہب کی حالت ہوتی ہے زار و سقیم

قادر مطلق جو ہے دانائے اسرار و کریم

بھیجتا ہے رہنمائی کے لیے اپنا ندیم

رہبران راہ حق جب رہبری فرماتے ہیں

بھولے بھٹکے سب مسافر راہ پر آ جاتے ہیں

اک زمانہ تھا کہ غارت ہو رہے تھے اہل ہند

اپنا مذہب اپنے ہاتھوں کھو رہے تھے اہل ہند

اک عجب خواب گراں میں سو رہے تھے اہل ہند

اپنے ہی اعمال کو خود رو رہے تھے اہل ہند

غرق ہونے پر تھا جب بیڑا ہماری قوم کا

گوشۂ عزلت میں تلسیؔ ناخدا پیدا ہوا

اپنی نادانی کہیں یا اپنی قسمت کا قصور

دید کے زریں عقائد سے ہوئے جاتے تھے دور

اپنے مذہب کے مسائل سے طبیعت تھی نفور

رہتے تھے ذکر بتان سیم تن کی دھن میں چور

تھا یہاں تک ہم پہ جور‌‌ گردش چرخ بلند

موتیوں کے بدلے ہم کو کنکر آتے تھے پسند

تھے پران و وید و گیتا کے مسائل جس قدر

سلک رامائن میں رکھا تو نے سب کو باندھ کر

جو خزانے تھے پرانے ان سے تھے ہم بے خبر

آنکھیں تھیں لیکن نہ عظمت اپنی آتی تھی نظر

ہو سکے اے ملک کے محسن تری تعریف کیا

تو نے اک کوزے کے اندر بند دریا کر دیا

اک طرف ہنگام شام از بس تھکا ماندہ کساں

دن کی محنت سے فراغت پا کے آیا ہے مکاں

جمع کر کے اپنے گھر کے بچے بوڑھے اور جواں

کہہ رہا ہے ہند کی ہندی میں ہندو داستاں

جو سمجھتے ہیں عجب کیا گر انہیں آتا ہے لطف

لفظ جو سنتا ہے کچھ اس کو بھی آ جاتا ہے لطف

اک طرف عزلت میں ہے نقاد معنی مو شگاف

یہ معانی ہیں موافق وہ مطالب ہیں خلاف

اس سے ہوتا ہے کمال شاعری کا انکشاف

اتنے پیچیدہ مطالب اور پھر بھی اتنے صاف

اہل فن کہتے ہیں اس کو بحر نا پیدا کنار

اور عوام الناس کہہ کے سہل اسے کرتے ہیں پیار

دل دہل جاتا ہے جس بھی وقت کرتے ہیں خیال

تیری رامائن نہ ہوتی گر تو ہوتا کیسا حال

چند دن گر اور چلتا وہ زمانہ اپنی چال

ہم کو کر دیتی ضعیف الاعتقادی پائمال

رائے یہ میری نہیں فتویٰ ہے ساری قوم کا

تیری رامائن نہیں نغمہ ہے ساری قوم کا

مزید غزلیں از جگت موہن لال رواں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں