پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جگدیش جین کی غزلیں — Jagdeesh Jain Ghazals

جگدیش جین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بد دعا تیری مرے حق میں دعا ہو جانا (غزل)

بد دعا تیری مرے حق میں دعا ہو جانا

ہے کرامت تجھے احساس وفا ہو جانا

ہے یقیناً مری فریاد و فغاں کی تاثیر

عندلیبوں کا یہاں شعلہ نوا ہو جانا

رکھے جس حال میں تو شکر خدا کر بندے

ہے مناسب تجھے راضی بہ رضا ہو جانا

میرے نزدیک نہیں بڑھ کے عبادت اس سے

فرض انساں پہ جو لازم ہے ادا ہو جانا

حسن اخلاق سے انسان کا ہونا عاری

جیسے اک پھول سے خوشبو کا جدا ہو جانا

شدت غم سے ہوا ہم پہ یہ واضح جگدیشؔ

درد کا حد سے گزرنا ہے دوا ہو جانا

آخر اس زیست کے طوفاں سے گزر جانا ہے (غزل)

آخر اس زیست کے طوفاں سے گزر جانا ہے

موج بن کر ہمیں اس پار اتر جانا ہے

توڑ دی میں نے تو اس موڑ پہ زنجیر نفس

اے مری زیست بتا تجھ کو کدھر جانا ہے

خواہ توہین چمن ہو کہ ہو توقیر چمن

نکہت گل کو بہر حال بکھر جانا ہے

آئی ہے شام یقیں کتنے تقاضے لے کر

اک پرندے کی طرح ہم کو بھی گھر جانا ہے

میں نہ لکھوں گا کبھی عارض و لب کے قصے

میں نے اس قید کو توہین ہنر جانا ہے

وہ مرے پاس نہ آئے نہ مرے ساتھ چلے

جس کو دو چار قدم چل کے ٹھہر جانا ہے

کوئی جادہ ہے نہ منزل ہے نظر میں جگدیشؔ

اب اسی سوچ میں بیٹھا ہوں کدھر جانا ہے

مزید غزلیں از جگدیش جین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں