منتخب غزلیں
۳ مارچ___بزرگ و اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی شاعِر س…
۳ مارچ___بزرگ و اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی شاعِر سعید احمد اخترؔ کے یومِ ولادت پر
رہی ہے کوئی لَیلیٰ مُدّتوں تک حکمراں دِل پر
وگرنہ کیوں مجھے ہوتا بیاباں کا گماں دِل پر
تری آنکھوں کے تاروں سے، ترے ہونٹوں کے پھولوں سے
اُتر آیا ہو جیسے جگنوؤں کا کارواں دِل پر
تھکن تو ہے مگر دیوانگی رکنے نہیں دیتی
اُٹھائے پھر رہے ہیں تیرے غم کا آسماں دِل پر
سُنا ہے مہربانی سے یہ رشتہ دیرپا تر ہے
محبت دیر تک رکھے اُسے نامہرباں دِل پر
ابھی اخترؔ فرشتہ موت کا کچھ دور بیٹھا ہے
گذرنے ہیں ابھی کچھ اور شاید امتحاں دِل پر
سعید احمد اخترؔ
از:-دُور پڑے ہیں جا ص ۱۰۸
(بشُکرِیَہ عماد قاصر صاحب)
انتخاب
سفید پوش


