پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یوم پیدائش مستنصر حسین تارڑ یکم مارچ 1939 ۔ لاہور…

یوم پیدائش
مستنصر حسین تارڑ
یکم مارچ 1939 ۔ لاہور
ادیب ۔ ایکٹر ۔ کالم نگار

مستنصر حسین تارڑ نے اردو سفر نامے ، میں بالکل نئے اسلوب کے موجد ہیں ۔ انہوں نے سفر نامے کو روایتی سانچوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ۔۔

1969 میں مستنصر حسین تارڑ یورپ کی سیاحت کے لئے نکلے اور ایک سال بعد وطن لوٹے ۔ ان کا بیان ہے کہ انہیں سفر نامہ لکھنے کا خیال اسی لئے آیا کہ انہوں نے جس قدر سفر نامے پڑھے تھے ، ان کے لکھنے والے ” آوارہ گرد ” نہیں تھے ۔ سفر نامہ اس جذبے کے بغیر رنگ نہیں لاتا ۔۔ ہوائی جہازوں سے سفر کرنا ، ہوٹلوں میں ٹہرنا اور دوسروں سے سنی سنائی باتوں کو بیان کر دینے سے سفر نامہ بے رنگ ہوجاتا ہے ، اس کے بر عکس آوارگی کے اپنے رنگ ہیں ۔۔ ان کی پہلی کتاب ” نکلے تیری تلاش میں ” کی دھوم مچ گئی اور وہ اپنی اس کامیابی کو قسمت کا نام دیتے ہیں ۔ اس کتاب سے اردو سفر نامے کی ایک نئی روایت کا آغا ہوا ۔۔۔

ان کا دوسرا سفر نامہ ” اندلس میں اجنبی ” سفر نامے کے ساتھ اندلس کی تاریخ کا ریسرچ ورک بھی ہے ۔۔
ان کا تیسرا سفر نامہ ” خانہ بدوش ” ہے ۔۔۔
ان سفر ناموں کے علاوہ مستنصر حسین تارڑ نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات پر کئی سفر نامے لکھے ان علاقوں کی جھیلوں ، پہاڑوں اور پتھروں کو روشناس کرایا ۔۔۔

مستنصر حسین تارڑ کہتے ہیں ، آوارگی اور خانہ بدوشی کا جزبہ جو تین چار ہزار سال پہلے تھا وہ جدید سائنسی ترقی کے باوجود بھی اسی صورت میں ہے اسی لئے میں ان سفر ناموں کو اسی طرح محسوس کرتا ہوں ۔ میرے سفر نامے بھی اسی معتبر روایت کا حصہ ہیں ۔ جب میں یورپ کے سفر کے بعد واپس پیدل پاکستان آیا تو مجھے یہ بات سمجھ میں آئی کہ سینٹرل ایشیا کے حملہ آور ہندوستان ہی کا رخ کیوں کرتے تھے ، وہ دوسرے ممالک کی جانب کیوں نہیں گئے ۔ دراصل برصغیر پاک و ہند موسموں ، خوراک ، حسن اور دیگر معاملات میں اپنی طرف متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ، جو لوگ ان تجربات سے گزرے بغیر سفر نامے لکھتے ہیں ان میں سفر نامے کی بنیادی روح یعنی آوارگی اور دشت نوردی کے رنگ نہیں ہوتے ۔ ان میں میزبانوں کی دعوتوں اور محبتوں کے تذکرے کئے جاتے ہیں میں ایسے سفر ناموں کو پلاؤ سفر نامے کہتا ہوں ۔ میں نے ایسے سفر نامے نہیں لکھے ” ۔
تارڑ صاحب کہتے ہیں ، ” آوارگی کے بغیر کمرشل سفر نامہ لکھا جا سکتا ہے ، ڈائری لکھی جاسکتی ہے ۔۔۔ سفرنامہ تو ایک محبت کی طرح ہے ، اگر محبت میں کاروباری رنگ ہوں گے تو اس کا کوئی تاثر قائم نہیں ہو گا ، سفر نامہ پورے وجود کی سچائی کے بغیر نہیں لکھا جا سکتا ” ۔

مستنصر حسین تارڑ موجودہ دور کے ادیبوں میں سب سے زیادہ پڑھے جانے والے ادیب ہیں ۔۔۔۔۔۔ وہ خود کو ” قلم کا مزدور ” کہتے ہیں کہ شائد منٹو کے بعد وہ ایسے ادیب ہیں جنہوں نے صرف قلم و کتاب کے سہارے زندگی بسر کی ۔۔۔۔

مستنصر حسین تارڑ اپنے سفر ناموں میں منظر کشی کے ساتھ افسانوی طرز بیان کا مسحور کن امتزاج ملتا ہے ۔۔۔

مستنصر حسین تارڑ کہتے ہیں ، ” میرے سفرناموں پر یہ اعتراضات ہوئے کہ ان میں افسانوی رنگ زیادہ ہوتے ہیں اور یہ فکشن ہوتے ہیں ۔ میرا موقف ہے کہ میں کوئی رپورٹ تو لکھ نہیں رہا ہوں کہ میں جو کچھ بھی دیکھوں اسے من و عن بیان کروں ۔ کسی پہاڑ کو دیکھ کر اس کا احوال بیان کردینا ایک الگ کام ہے جبکہ تخلیقی صلاحیت سے ذرے کو آفتاب بنا دیا جاتا ہے ۔ فکشن کا مطلب جھوٹ نہیں ہے بلکہ ایک اوسط درجے کی صلاحیت رکھنے والے کو جو کچھ نظر آ رہا ہے وہ تحریر میں دکھائی نہ دے کیونکہ وہ ایک عام انسان ہوتا ہے اس لئے اس کے تجربات اور نظر محدود ہوتی ہے ، اس کے برعکس تخلیقی صلاحیت رکھنے والے مختلف زاویوں سے دیکھتے اور محسوس کرتے ہیں ، ان کے درمیان بھی فرق اور فاصلے ہوتے ہیں ۔ میرے سفر ناموں میں فکشن اس لحاظ سے ضرور ہوتا ہے کہ میں انہیں بناتا اور سنوارتا ہوں ۔ میں واقعات اور حقائق کو تبدیل نہیں کرتا میں دلچسپی کے عنصر کو ضرور باقی رکھتا ہوں ، کچھ راستہ قاری بھی طے کرتا ہے اور کچھ راستہ ادیب کو طے کرنا چاہئیے ۔ ”

مستنصر حسین تارڑ نے ناول بھی لکھے ۔ لیکن اردو میں پہلے سے مستند دو بڑے ناول پہاڑ کی طرح کھڑے ہیں ۔ قرةالعین حیدر کا آگ کا دریا اور شوکت صدیقی کا خدا کی بستی ۔۔۔۔۔۔

مستنصر حسین تارڑ کے یہاں رومانس ، گلیمر اور انٹرٹینمنٹ بہت زیادہ ہے اور معاشرتی مسائل ، دکھ ، بے انصافی ، غربت و جہالت طبقاتی کشمکش موضوعات کا قحط ۔۔

مستنصر حسین تارڑ پر تنقید بھی بہت کی گئی اور انہیں سراہا بھی بہت گیا ۔۔۔

ٹی وی پر کمپئرنگ کرتے ہوئے جب وہ جلوہ گر ہوتے تھے تو ناظرین کی طبیعت میں لطافت،تازگی اور خوشگواری آجاتی تھی ۔۔

ا س وقت جبکہ پاکستان میں ادب دم توڑ چکا ہے ، تارڑ صاحب واحد ادیب ہیں جو مسلسل لکھ کر ادب کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور وہ بڑے ادیبوں میں آخری ادیب ہیں ۔۔۔۔

آخر میں بزرگ مشتاق احمد یوسفی کا خراج تحسین ،
” مستنصر حسین تارڑ نے سفرناموں کا رخ موڑ دیا ہے ،
اپنی طرف "۔

بشکریہ
https://www.facebook.com/1876886402541884/posts/2132107530353102