ہم راہ (زویا حسن)
قسط نمبر 15
________________________
میں سج سنور کے چائے کی ٹرے لیے ڈرائنگ روم میں داخل ہوئی۔۔۔۔ میں نے وہاں موجود سبھی لوگوں پہ ایک سرسری سی نظر دوڑائی۔۔۔ اور ایک جگہ جا کے میری آنکھیں رک گئیں۔۔۔۔
"اوہ۔۔۔ میرے خدایا۔۔۔۔ !” میرے لب ہلے۔۔۔۔
زندگی میرے ساتھ کونسے کھیل کھیل رہی ہے۔۔۔۔
"آپ۔۔۔۔۔ !” ڈاکٹر حمزہ صوفے سے اٹھ کے کھڑا ہوا ۔۔ انکی حالت بھی میرے جیسی تھی
میں نے انھیں آنکھ سے اشارہ کیا تو وہ واپس بیٹھ گئے۔۔
باقی سب کی نظریں کبھی اسکی طرف اٹھ جاتیں کبھی میری طرف
"تم لوگ پہلے سے ایکدوسرے کو جانتے ہو۔۔۔؟” پھوپھو نے مشکوک نگاہ ہم دونوں پہ ڈالی
"نہیں۔۔۔۔ ! نہیں تو۔۔۔۔۔۔ میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں انھیں۔۔۔” ڈاکٹر حمزہ ہڑ بڑا کے بولا
حالانکہ انکے جواب پہ کسی کو یقین نہیں آرہا تھا ۔ پر موقع محل دیکھ کے سب خاموش رہے
میں نے سب کو سلام کیا اور چائے دے کے صوبیہ آپی کے پاس بیٹھ گئی۔۔
"یہ میری بہن ارسہ ہے۔۔۔۔ بہت کم گو اور شرمیلی سی ہے۔۔۔۔ لیکن گھر داری میں اسکا کوئی ثانی نہیں ہے۔۔ ہمارے خاندان کی سبھی لڑکیوں کے لیے یہ ایک مثال ہے” صوبیہ آپی میری تعریفوں کے پل باندھنے لگیں
اف خدایا۔۔۔۔ ! صوبیہ آپی اللہ کو مانیں۔۔۔۔ جس بندے کو آپ شیشے میں اتارنے کی کوشش کررہی ہیں وہ پہلے سے ہی مجھے جانتا ہے۔۔۔۔۔ میں انھیں آنکھ کے اشارے سے روکتی رہی کہ پلیز بریک لگائیں۔۔۔ پر انھوں نے میرے ہر اشارے کو نظر انداز کیا۔
ڈاکٹر حمزہ مجھ سے نظریں چرا رہا تھا اور میں اس سے۔۔۔۔۔
"ڈگری مکمل کرنے کے بعد ارسہ نے پورا گھر سنبھالا ہوا ہے۔۔۔۔ ” صوبیہ آپی مزے لے لےکے تعریفیں کررہی تھیں
"میں نے جیسے گھر سنبھالا ہوا ہے وہ میری ماں سے پوچھو۔۔۔۔” میں نے سرگوشی کی
"دوسری لڑکیوں کی طرح۔۔ گھومنا پھرنا ۔۔۔کہیں آنا جانا۔۔۔ بالکل بھی نہیں۔۔۔۔ ” انکی بریک ہی نہیں لگ رہی تھی
مجھے پہلی بار افسوس ہور ہا تھا کہ میں نے ان سے صلح کی کیوں۔۔۔۔۔
جب بات برداشت سے باہر ہوئی تو میں اٹھ کھڑی ہوئی۔۔۔
"کیا ہوا۔۔۔۔ ! بیٹھو نا۔۔۔۔” انھوں نے میرا ہاتھ پکڑ لیا
میں نے انھیں آنکھیں دکھائیں۔۔۔ تو انھوں نے ہاتھ چھوڑ دیا
"ٹھیک ہے تم چلو اپنے کمرے میں مَیں ابھی آتی ہوں۔۔۔” بالآخر انھوں نے جان چھوڑی
میں تلملاتی ہوئی اپنی کمرے میں آگئی۔۔۔۔
میں نے ڈاکٹر حمزہ کو میسج کیا
"ڈاکٹر صاحب۔۔۔۔ ! یہ سب کیا ہے؟”
شائد وہ میرے ہی میسج کا انتظار کررہے تھے۔
"محترمہ۔۔۔ ! یقین مانیں۔۔۔ میں اس سب سے قطعی لا علم تھا۔۔۔ لیکن آج یہ یقین ہوگیا ہے کہ دنیا گول ہے”
فوراً ریپلائی آیا
"اب کیا ہوگا۔۔۔؟” میں نے میسج کیا
"ہونا کیا ہے۔۔۔۔ جو ہم دونوں چاہیں گے وہی ہوگا۔۔۔”
"لیکن پلیز۔۔۔۔ آپ صوبیہ آپی کی باتوں پہ بالکل دھیان مت دیجئے گا۔۔ انھوں نے جتنی بھی تعریفیں کیں سب جھوٹ ہے۔۔” میں سچ بول کے دل بوجھ ہلکا کرنا چاہتی تھی
"مس ارسہ۔۔۔ ! آپکی صوبیہ آپی سے میرا بھی تھوڑا بہت رشتہ ہے۔۔۔ آپ فکر مت کریں میری پوری فیملی ان سے اچھی طرح سے واقف ہے”
"مجھے پریشانی ہورہی ہے۔۔۔”
"کیوں۔۔۔۔؟”
"یہ سب ایسے۔۔۔۔ اچانک۔۔۔ ”
"زندگی میں بہت ساری چیزیں اچانک ہوتی ہیں۔۔۔۔”
"پھر ۔۔۔ بھی۔۔۔ آپ نے جو سوچا بھی نہیں ہوتا ۔۔۔ وہی ہو جاتا ہے”
"آپکو سزا ملی ہے۔۔۔”
"کس چیز کی سزا۔۔۔؟”
"آپ بار بار میرے ساتھ لنچ کرنے آفر ٹھکرا رہی تھیں۔۔۔۔ لیکن قدرت یہی چاہتی تھی کہ آپ کی مجھ سے ملاقات ہو”
"بات آپکی لنچ آفر کی نہیں ہے ۔۔۔ ویسے ہی قدرت میرے ساتھ انوکھے کھیل کھیل رہی ہے”
"آپ اس بارے میں زیادہ نہ سوچیں۔۔۔ چِل ہو جائیں۔۔۔”
"ہاں۔۔۔ ٹھیک ہے۔۔۔”
"صوبیہ آپی شائد آپکی طرف ہی آرہی ہیں۔۔۔۔”
"اوہ۔۔۔ اچھا۔۔ چلیں میں بعد میں میسج کرتی ہوں۔۔۔۔ پلیز پلیز۔۔۔ کسی کو مت بتائیے گا کہ ہم پہلے مل چکے ہیں”
"بے فکر رہیں۔۔۔۔ ”
اتنے میں دروازہ کھلا اور صوبیہ آپی اندر داخل ہوئیں
"کیا۔۔۔۔ بھئی۔۔۔ ارسہ۔۔۔ تم تھوڑی دیر بیٹھ نہیں سکتی تھی۔۔۔۔؟” وہ غرائیں
"آپی۔۔۔۔ ! جو گولے بارود آپ چھوڑ رہی تھیں۔۔۔ انکے سامنے میری برداشت کم پڑ گئی تھی” میں بھی چڑ گئی
"آئے ہائے۔۔۔۔ ! دیکھو یہ ضروری چیزیں ہیں۔۔۔۔ رشتے والے صرف شکل و صورت کو نہیں دیکھتے۔۔ انھیں یہ بھی بتانا پڑتا ہے کہ ہماری لڑکی میں کتنے گْن ہیں۔۔۔۔” وہ لڑکے والوں کی نفسیات بتانے لگیں
"ارے تو سچی چیزیں بتاؤ نا۔۔۔۔ جھوٹ کیوں بولنا۔۔۔ ایک نہ ایک دن تو اصلیت سامنے آ ہی جاتی ہے۔۔۔” میں انکی بات سے متفق نہیں تھی
"تم ابھی چھوٹی ہو۔۔۔ تمہیں کچھ نہیں پتا۔۔۔۔” انھوں نے مشہورِ زمانہ ڈائیلاگ مارا
میں جل بھن گئی۔۔۔
وہ وہاں سے چلی گئیں۔۔۔
امّی دو چار بار میرے کمرے میں آئیں۔۔۔۔۔ انھیں بس ایک ہی فکر کھائے جارہی تھی کہ کچھ اونچ نیچ ہوئی تو میں پھر سے اپنے اصل رنگ ڈھنگ میں نہ آجاؤں۔۔۔ اس لیے وہ بار بار یہی تسلی دے رہی تھیں کہ جو میں چاہوں گی وہی ہوگا۔۔۔
ڈاکٹر حمزہ کا پورا خاندان ہی براجمان تھا۔۔۔ اللہ جانے کتنے لوگ تھے۔۔۔ بھائی ، بہنیں، بھابیاں۔۔۔ چچا،، تایا۔۔۔ سبھی۔۔۔ بندہ پوچھے لڑکی دیکھنے اتنے لوگ آئے ہیں برات میں تو پورا شہر ساتھ لاتے ہوں گے۔
تھوڑی دیر بعد سب کے لیے کھانا لگ گیا۔۔ امّی ، صوبیہ آپی اور پھوپھو میرے کمرے میں آگئے۔۔ بھائی کو بھی بلا لیا۔۔۔۔
پھوپھو کے میرے ساتھ تعلقات ابھی تک نارمل نہیں ہوئے تھے۔ حالانکہ جب وہ گھر آئیں تو میں نے بڑی کوشش کی کہ انکے سارے شکوے دور کروں۔۔ لیکن انھوں نے بھی ٹھان رکھی تھی کچھ بھی ہو جائے مجھے منہ نہیں لگائیں گی۔
"دیکھو ۔۔۔ بھئی ثریا۔۔۔ ! مجھے تو لڑکا بہت شریف اور نیک لگ رہا ہے” پھوپھو نے تمہید باندھی
امّی اور بھائی کا پورا دھیان میرے بدلتے تیور پہ تھا۔۔۔
"مرضی۔۔۔ تم لوگوں کی اپنی ہے۔۔۔ ہم تو بس مشورہ دے سکتے ہیں۔۔۔ لڑکا ڈاکٹر ہے۔۔۔ خاندان بھی اچھا ہے۔۔ ایسے رشتے نصیب والوں کو ہی ملتے ہیں۔۔۔” وہ بولیں
"چچی۔۔۔ ! پھوپھو ٹھیک کہہ رہی ہیں۔۔۔ لڑکا واقعی بہت اچھا ہے۔۔۔ اسی لیے تو میں پیچھے پڑی تھی۔۔۔ میں تو بس آپ لوگوں کے لیے یہ سب کررہی ہوں۔۔۔ ” صوبیہ آپی بھی شروع ہوئیں۔۔۔
"آپا۔۔۔ ! آپ ٹھیک کہہ رہی ہیں۔۔۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ لڑکا اچھا ہے۔۔ خاندان بھی سلجھا ہوا ہے۔۔ لیکن ہم فوراً تو ہاں نہیں کر سکتے نہ۔۔۔۔ دو چار ملاقاتیں ہوں گی تبھی تو بات آگے بڑھے گی۔۔” امّی نے اپنی زبان کھولی
"لو۔۔۔ بھلا۔۔۔۔ دو چار ملاقاتیں کرکے کیا نکالنا ہے تم نے۔۔۔۔۔ ؟” پھوپھو طنزیہ انداز میں بولیں
"آپ بھی حد کرتی ہیں۔۔۔ چچی۔۔۔ ! میں بھی تو انھی لوگوں میں جی رہی ہوں۔۔۔ اور آپکے سامنے ہے کہ اچھی زندگی بیت رہی ہے۔۔۔ مجھ پہ یقین نہیں ہے آپ کو۔۔۔۔؟” صوبیہ آپی تو ٹھان کے بیٹھی تھیں کہ میری شادی کرا کے چھوڑیں گی
"پھوپھو۔۔۔۔ ! آپ بجا فرما رہی ہیں۔۔۔۔ لیکن تھوڑا سا تو وقت چاہیے ہمیں۔۔۔۔ آخر ارسہ کی بھی تو رضا۔۔ ضروری ہے” بھائی بولے
پھوپھو اور صوبیہ آپی کی نظریں میرے اوپر جم گئیں۔۔۔ میں سر جھکا کے بیٹھی رہی
"کیوں۔۔ بھئی۔۔۔ تمہیں کوئی اعتراض ہے۔۔۔؟ ” پھوپھو مجھ سے مخاطب ہوئیں
"آپا۔۔۔۔ ! تھوڑا وقت دیں ہمیں۔۔۔۔ ارسہ سے میں خود پوچھ لوں گی۔۔۔” امّی نے انھیں جواب دیا
” تمہاری بیٹی کو اور کوئی اعتراض ہو نہ ہو۔۔۔۔ لیکن یہ اعتراض ضرور ہوگا کہ پھوپھو اس رشتے میں خوش ہے تو منع کردو۔۔۔ ” وہ آہستہ آہستہ اپنے اصل ٹریک پہ آرہی تھیں۔۔۔
"چچی۔۔۔ ! کہیں ایسا تو نہیں۔۔۔ کہ آپکی نظر میں کوئی دوسرا لڑکا ہو۔۔۔؟ اگر ایسا ہے تو ابھی بتا دیں۔۔۔ میں خوامخواہ ان بیچاروں کی جوتیاں نہ گھساؤں۔۔۔۔” صوبیہ آپی کو ایک اور پریشانی لاحق ہوئی
امّی اور بھائی ایکدوسرے کی شکل دیکھنے لگے۔۔۔
"ہو نہ ہو۔۔۔۔ صوبیہ صحیح کہہ رہی ہے۔۔۔ کچھ تو ہے ” پھوپھو جھٹ سے بولیں
"پھوپھو۔۔۔۔ ! دراصل ایک دو اچھے رشتے ہماری نظر میں ہیں۔۔۔ ہم بس یہی چاہتے ہیں۔۔۔ کہ ان سے بھی اگر مل لیا جائے تو کوئی حرج نہیں ہے۔۔۔” بھائی پھوپھو کی طرف دیکھ کے بولے
پھوپھو بھائی کی بات سن کے لال پیلی ہوگئیں۔۔۔۔
"تم لوگ۔۔ چپ چاپ یہ سارے کھیل کھیل رہے ہو۔۔ بتانا بھی منساب نہیں سمجھا۔۔۔؟”
"ارے۔۔۔ کچھ بتانے لائق ہو تو بتائیں نہ۔۔۔۔ابھی تو بس کسی نے ہمارے کان میں بات ڈالی ہے۔۔۔ وہ لوگ آئیں گے تو پتا چلے گا نہ۔۔۔۔ اور آپکی رضامندی کے بنا تھوڑی نہ ارسہ کی شادی کردیں گے۔۔۔ ہم تو بس یہی سوچ رہے تھے کہ ایک بار ان لوگوں سے بھی مل لیتے ہیں۔۔۔ پھر مل بیٹھ کے فیصلہ کریں گے کہ کونسا رشتہ زیادہ موزوں ہے۔۔۔” امّی انھیں سمجھانے لگیں
"ایک بات تو بہت صاف ہے۔۔۔۔ آپ لوگ پوری دنیا گھوم لیں۔۔۔ ایسا رشتہ تو ملنے سے رہا۔۔۔۔ آ پ نے وقت لینا ہے تو بے شک لیں لیکن یہ دھیان میں رکھیے گا کہ اگر زیادہ دیر کی تو یہ رشتہ ۔۔۔۔گیا۔۔۔۔۔۔۔۔ سمجھو۔۔۔۔۔۔” صوبیہ آپی نے خبردار کیا۔۔۔۔
ان چاروں کا آپس میں کافی دیر تک بحث و مباحثہ چلتا رہا۔۔۔ اور جس کے رشتے کی باتیں چل رہی ہیں۔۔ اسے قطعی طور پہ نظرانداز کردیا گیا۔۔۔۔
میرے دل میں رہ رہ کے ایک بات آرہی تھی کہ امّی اور بھائی نے کونسا نیا رشتہ ڈھونڈ لیا ہے۔۔۔
مہمان کھانے سے فارغ ہوئے۔۔۔ اسکے بعد چائے پیش کی گئی۔۔۔ صوبیہ آپی پھر سے زور زبردستی مجھے انکے سامنے لے گئیں۔۔۔ ڈاکٹر حمزہ کی بھابیوں اور بہنوں نے میرا خوب انٹرویو لیا۔۔۔۔ لیکن میرے ساتھ صوبیہ آپی جیسی عظیم عورت موجود تھیں تو مجھے انکے سوالوں کا جوا ب دینے میں کوئی دقت پیش نہیں آئی۔۔۔۔
مہمانوں کے جانے کے بعد صوبیہ آپی اور پھوپھو نے امّی اور بھائی کے ساتھ میری غیر موجودگی میں ایک لمبی میٹنگ کی۔۔۔۔ جاتے ہوئے انکے چہرے صاف بتا رہے تھے کہ حل طلب نتائج برآمد نہیں ہوئے۔۔۔ خیر جو بھی ہو اس بار میں سکون میں تھی۔ رات کے کھانے کے بعد میں امّی کی بغل میں جا کے بیٹھ گئی تاکہ پتا چلے کہ وہ کس نئے رشتے کی بات کررہی تھیں۔۔۔۔
"ارے۔۔۔ بیٹا۔۔۔۔ وہ تو بس میں تمہاری پھوپھو کو فلحال کے لیے ٹال رہی تھی۔۔۔ وہ چاہ رہی تھیں کہ ہم لوگ ابھی ہاں کردیں۔۔۔ لیکن میں اپنی گڑیا کو ایسے کسی کے پلے تھوڑی نہ باندھ دوں گی۔۔۔” وہ مسکرانے لگیں
انکی یہ بات سن کے میں جذباتی ہو کے ان سے لپٹ گئی۔۔۔ ماں ہو تو ایسی۔۔۔۔ میں نے انکی گود میں اپنا سر رکھ لیا۔۔۔ امّی سے باتیں کرتے کرتے میرا موبائل وائیبریٹ ہوا۔۔۔
"کین وی ٹاک۔۔۔۔؟” ڈاکٹر حمزہ کا میسج تھا
میں نے امّی کی جان چھوڑی اور اپنے کمرے میں آکر ڈاکٹر حمزہ کو ریپلائی کیا۔۔ کچھ ہی سیکنڈ میں انکی کال آگئی۔۔۔ میں نے فون اٹنڈ کیا
"کیسی ہیں آپ۔۔۔۔؟”
"جی میں ٹھیک ہوں۔۔۔۔ ”
"معافی چاہتا ہوں آپکو اچانک ایسے تکلیف دی۔۔۔۔”
"کوئی بات نہیں۔۔۔۔ کہیے ۔۔۔ ! کیا با ت ہے۔۔۔؟”
"ایکچولی۔۔۔ آج جو کچھ ہوا۔۔ مجھے اس بارے میں بات کرنی ہے۔۔”
"میں سن رہی ہوں۔۔۔۔”
"مس ارسہ۔۔۔۔ ! آپ کیا سوچتی ہیں اس بارے میں۔۔۔۔؟”
"کس بارے میں۔۔۔؟”
"ہم دونوں کے رشتے کے بارے میں۔۔۔۔؟”
"ڈاکٹر حمزہ۔۔۔ یہ سب کچھ اتنا اچانک ہوا۔۔۔ میں فلحال کسی نتیجے پہ نہیں پہنچی ہوں”
"آپ اچھی طرح سے اس بارے میں سوچ لیں۔۔۔۔ پھر جواب دیجئے گا۔۔”
"جی۔۔۔ ٹھیک ہے۔۔۔”
"مجھ سے نہیں پوچھیں گی۔۔۔ کہ میں کیا چاہتا ہوں۔۔۔؟”
میں چپ ہوگئی
"مِس ارسہ۔۔۔۔ ! میرے گھر والو ں کو آپ بہت پسند آئی ہیں۔۔۔ انھوں نے جب مجھ سے آپ کے بارے میں رائے لی تو۔۔۔”
وہ کچھ کہتے کہتے رک گیا
"تو۔۔۔۔؟” میں نے پوچھا
"میں آپکو پسند کرتا ہوں۔۔۔ آج سے نہیں۔۔ بلکہ تب سے جب دوسری دفعہ اسپتال میں ہماری ملاقات ہوئی تھی۔۔۔ میں بار بار آپکو لنچ کے لیے بھی اس لیے انوائیٹ کررہا تھا کہ آپ سے اپنے دل کی بات کہہ سکوں۔۔۔۔ اس بار جب میں پنڈی آیا تو گھر والوں نے ضد ٹھان لی کہ لڑکی کو دیکھنے چلو۔۔۔۔ میں نے ان کی ضد کے سامنے گھٹنے تو ٹیک دیے تھے لیکن میں خود سے ایک فیصلہ کرچکا تھا کہ چاہے کتنی بھی حسین و جمیل لڑکی کیوں نہ ہولیکن میں ہاں نہیں کروں گا۔۔۔ پر آپکو سامنے دیکھ کر مجھے یقین ہوگیا کہ شائد خدا نے ہماری جوڑی پہلے ہی بنا دی ہے۔۔۔۔” ڈاکٹر حمزہ نے اپنا دل کھول کے رکھ دیا
میں بے حس و حرکت بس اسکی باتیں سنتی رہی ۔۔۔
"مس ارسہ۔۔۔۔ میرے دل میں ایک عجیب سا وہم ہے۔۔۔ اگر آپکو برا نہ لگے تو ایک سوال پوچھوں” وہ بولا
"جی پوچھیں۔۔۔۔ !” میں نے جواب دیا
"یہ سوال مسٹر احمر کے بارے میں ہے۔۔۔ جن کے ساتھ آپ اسپتال میں تھیں۔۔۔۔” وہ جھجکتے ہوئے بولا
میرا دل زور زور سے دھڑکنے لگا۔۔۔۔
"آپ بلا جھجک پوچھیں۔۔۔” میں نے دل پہ ہاتھ رکھ کے کہہ دیا
"احمر سے آپکا کیا رشتہ ہے۔۔۔؟ آپ جس طرح سے انکے لیے پریشان تھیں۔۔ انکا خیال رکھ رہی تھیں۔۔ ان ساری چیزوں کو دیکھتے ہوئے میرے دل میں کئی سوال اٹھ رہے ہیں۔۔۔”
مجھے پہلے ہی اندازہ ہوچکا تھا کہ اسکا سوال یہی ہوگا
"دیکھیں۔۔۔ ڈاکٹر حمزہ۔۔۔۔ ! میرا احمر کے ساتھ سوائے انسانیت کے کوئی اور رشتہ نہیں ہے۔۔ جیساکہ میں پہلے بتا چکی ہوں کہ میری خالہ کے احمر کی فیملی کے ساتھ بہت پرانے تعلقات ہیں۔۔۔ صرف اسی وجہ سے میں اسکا خیال رکھ رہی تھی کیوں کہ اس وقت انکی ماں کے علاوہ اور کوئی تھا نہیں جو انکے پاس رکتا ۔۔۔ ” میرے لہجے میں بہت سنجیدگی تھی۔۔۔
"مجھے آپ پہ پورا بھروسہ ہے۔۔۔۔” اس نے جواب دیا
"تھینک یو۔۔۔۔ ! ڈاکٹر حمزہ۔۔۔”
"حمزہ۔۔۔۔ صرف حمزہ۔۔۔۔ ڈاکٹر میں اسپتال میں ہوں”
میں خاموش ہوگئی
"تو پھر میں آپ کے جواب کا ا نتظار کرتا ہوں۔۔۔۔ آپ سوچ سمجھ کے جواب دیجئے گا”
"جی۔۔۔۔ !” میں آہستگی سے بولی
اسکے بعد اس نے فون بند کردیا۔۔۔
میں بیڈ پہ الٹی لیٹ گئی۔۔۔۔ میرا دل کر رہا تھا کہ احمر کو فون کروں۔۔۔۔ اور اسے کہوں۔۔۔ کہ پلیز۔۔۔۔ مجھے اپنا لے۔۔۔ لیکن ساتھ ہی اسکا وہ سرد روّیہ مجھے یاد آیا۔۔۔۔ مجھے خود پہ افسوس ہونے لگا کہ میں نے کس انسان سے پیار کیا تھا۔۔۔۔
کتنا فرق ہے حمزہ اور احمر میں۔۔۔۔۔ احمر نے صرف ایک غلطی فہمی کی بنیادہ پہ مجھے ٹھوکر ماردی اور ۔۔۔ حمزہ۔۔۔ کو میرے جھوٹ پہ بھی بھروسہ ہے۔۔۔۔۔
دماغ کے سارے ووٹ حمزہ کے حق میں تھے۔۔۔۔ پر دل کا جھکاؤ اب بھی احمر کی طرف تھا۔۔۔
میں دل و دماغ کے بیچ حائل ہو کے رہ گئی تھی۔۔۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــ
دو دن بیت چکے تھے، صوبیہ آپی دن رات مجھے فون کر کر کے پوچھ رہی تھیں کہ تم لوگوں نے کیا سوچا۔۔۔ میں ہر بار امّی اور بھائی پہ ڈال دیتی۔۔۔۔ امّی نے بھی گہری خاموشی اختیار کی ہوئی تھی۔۔ دو ایک بار میں نے انھیں بتایا بھی کہ صوبیہ آپی فون کرکے پوچھ رہی ہیں تو انھوں نے مجھے منع کیا کہ میں ان سے کسی قسم کی بات نہ کروں۔۔۔ امّی نے پھوپھو اور تائی سے ڈر ڈر کے زندگی جی تھی۔۔ ایکدم سے ایسا کیا ہوا کہ وہ اب شیرنی بنی گھوم رہی تھیں۔۔۔ میں اگر کوئی سوال جواب کرتی بھی تو وہ ادھر ادھر کی باتیں کرکے مجھے بہلا پھسلا دیتی تھیں۔۔۔
میں صبح نماز کے لیے اٹھی تو مجھ سے اٹھا نہیں گیا۔۔۔ سر بھاری تھا اور جسم درد کررہا تھا۔۔۔ میں پھر سے لیٹ گئی۔۔ امّی مجھے ناشتے کے لیے جگانے آئیں تو میں نے انھیں بتایا کہ میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔۔۔ میرا جسم بخار سے تپ رہا تھا۔۔ وہ پریشان ہوگئیں۔۔۔ دس گیارہ بجے بھائی مجھے ڈاکٹر کے پاس لے گئے۔۔ ڈاکٹر نے کچھ دوائیاں دیں اور کہا کہ موسمی بخار ہے جلد ہی ٹھیک ہو جائے گا۔۔۔
دوپہر میں امّی نے کھچڑی بنا کے دی ، میں دوائی لے کے سو گئی۔۔۔۔
میں گہری نیند میں تھی ۔۔ کسی کی کھسر پھسر کی آواز میرے کان میں پڑی۔۔۔ میں نے آنکھیں کھول کے ادھر ادھر دیکھا۔۔ لیکن کمرے کے دروازہ بند تھا۔۔۔ آس پاس بھی کوئی موجود نہ تھا۔۔۔ میں سمجھی کہ شائد بخار کی وجہ سے وہم ہو رہا ہے۔۔۔ میں نے پھر سے آنکھیں بند کرلیں
میرے دونوں گالوں پہ بیک وقت کسی نے بوسہ دیا۔۔۔۔ میں نے ایک زور دار چیخ ماری اور آنکھیں کھول دیں۔۔۔
پَری اور نومی میرے دائیں اور بائیں بیٹھے مسکرا رہے تھے۔۔۔ انھیں دیکھ کے ایک بارپھر سے میری چیخ نکلی لیکن اس بار خوشی والی چیخ تھی۔۔۔ وہ دونوں مجھ سے لپٹ گئے۔۔۔۔ میں نے دونوں کو پیار کیا۔۔۔۔
"تم۔۔۔ لوگ یہاں کیسے آئے۔۔۔۔” مجھے میری آنکھوں پہ یقین نہیں آرہا تھا۔۔۔
"آنٹی۔۔۔ آپ کا گھر اتنا دور ہے۔۔۔ ہم گاڑی پہ آئے ہیں۔۔۔” نومی اپنے دونوں بازو پھیلا کے بولا
"ہیں۔۔۔۔ ! دور تو ہے۔۔۔” میں نے اسکا گال تھپتھپایا
"بیٹا۔۔۔۔ ! آپ چپ کیوں ہو۔۔۔۔؟” میں نے پَری کو گود میں بٹھایا
"آنٹی۔۔۔۔ پَری آپ سے ناراض ہے۔۔۔۔” نومی بھی میری گود میں بیٹھنے کی کوشش کرنے لگا
"کیوں۔۔۔ ! کیوں۔۔۔ بھئی۔۔۔؟” میں نے پَری کی طرف دیکھا
"اس دن آپ ہمیں۔۔ ایسے چھوڑ کے وہاں سے چلی آئیں۔۔۔۔ آپکو پتا ہے پَری کو رو رو کے بخار ہو گیا تھا۔۔۔ اس لیے یہ آپ سے کٹی ہے۔۔۔”
"اوہ۔۔۔۔ ایم سو سوری۔۔۔ بیٹا۔۔۔۔” میں نےپرَی کو زور سے گلے لگایا
"ماموں نے مجھے تھپڑ بھی مارا تھا۔۔۔۔ !” پَری منہ بنا کے بولی
"کیوں۔۔۔۔۔ اس کھڑوس آدمی نے کیوں تھپڑ مارا۔۔۔” مجھے احمر پہ غصہ آنے لگا
"یہ ضد کررہی تھی نا۔۔۔ اس لیے انھیں غصہ آگیا۔۔۔۔” نومی سیدھا ہو کے بیٹھ گیا۔۔۔
کمرے کا درواز ہ کھلا تو بڑی نانی اندر داخل ہوئیں۔۔ میں بیڈ سے اتری اور انھیں گلے سے لگا لیا۔۔ انھوں نے میرے ماتھے پہ بوسہ دیا
اتنے میں امّی اور ساجدہ آنٹی اندر داخل ہوئے۔۔۔ میں انکی طرف بڑھی تو انھوں نے مجھ سے منہ موڑ لیا
"ثریا۔۔۔ ! اپنی بیٹی سے کہہ دو۔۔۔ میں تو نہیں ملوں گی اس سے۔۔۔” وہ مجھ سے بہت خفا تھیں
میں خود ہی ان سے چھوٹے بچوں کی طرح لپٹ گئی۔۔۔۔ میری آنکھیں بھر آئیں۔۔۔ وہ بھی آبدیدہ ہوگئیں۔۔ میرے سر پہ بوسہ دیا
"بے وفا لڑکی۔۔۔ تم سے تو بہت امیدیں تھیں مجھے ۔۔۔۔ ” وہ بولیں۔۔۔
"اچھا۔۔۔ معاف کردیں۔۔۔۔۔” میں نے کان پکڑ لیے
"چلو۔۔۔ ! بھئی اب سارے ڈرائنگ روم میں آجاؤ۔۔۔ میں گرما گرم چائے لاتی ہوں” امی نے اعلان کیا
ہم سب کمرے سے باہر آگئے۔۔۔۔
ان سب سے ملنے کے بعد میری نگاہیں جسے ڈھونڈ رہی تھیں۔۔۔ وہ کہیں نظر نہیں آرہا تھا۔۔۔ میں نے ساجدہ آنٹی سے بھی اسکے بارے میں نہیں پوچھا۔۔۔ لیکن دل کو ایک دھڑکا سا لگا تھا۔۔۔ امی نے سب کو چائے دی۔۔۔ بڑی نانی پَری اور نومی کو چائے ٹھنڈی کرکے پلانے لگیں۔۔۔ ساجدہ آنٹی امّی سے باتوں میں لگ گئی۔۔۔ اور میں اپنے آپ میں الجھی تھی۔۔۔
مین ڈور کھلا۔۔۔ بھائی ہنستے ہوئے اندر داخل ہوئے اور انکے پیچھے پیچھے احمر بھی آگیا۔۔۔ میری نظریں اس پہ پڑیں تو دل کی دھڑکنیں پھر سے بے قابو ہوئیں۔۔۔
اسکی نگاہیں مجھ پہ جمی تھیں۔۔۔ اور میری اس پہ۔۔۔۔ وقت کی سوئی پل بھر کے لیے رک سی گئی۔۔۔۔ وہ میرے عین سامنے صوفے پہ بیٹھ گیا۔۔۔
"ارسہ۔۔۔ ! احمر کو سلام نہیں کرو گی۔۔۔؟” ساجدہ آنٹی کی آواز پہ میں چونکی
میں اپنی جگہ سے کھڑی ہوئی۔۔۔ سلام کے لیے لب ہلائے۔۔۔ اسکے چہرے پہ ایک سنجیدگی تھی۔۔۔ میں نے اسکے جواب کاانتظار نہیں کیا۔۔۔
"چلو۔۔۔ بچو۔۔۔ میرے کمرے میں چلتے ہیں۔۔” میں نے پَری اور نومی کو اشارہ کیا۔۔۔
وہ دونوں میرے پیچھے پیچھے آ گئے۔۔۔۔
میں انھیں کھیل میں لگا کے خود سوچوں میں ڈوبی رہی۔۔۔ دل و دماغ میں کئی سوال گردش کرنے لگے کہ یہ لوگ آخر کیوں آئے۔۔۔ جب مجھے خود سے کوئی جواب نہیں ملا تو میں نے خالہ کا نمبر ڈائل کیا۔۔۔۔
"بیٹا۔۔۔ ! خالہ کی یاد کیسے آئی۔۔؟” وہ بھی سب کی طرح شکوہ کناں تھیں
"خالہ۔۔۔ ! مجھے آپ سے ایک ضروری بات پوچھنی ہے۔۔۔” میں نے انھیں بیچ میں ہی ٹوکا
"ہاں ۔۔ پوچھو۔۔۔”
"احمر کی فیملی ہمارے گھر کیوں آئی ہے۔۔۔ کیا آپکو اس بارے میں علم ہے۔۔؟” میں نے فورا! سوال کیا
وہ چپ ہوگئیں
"خالہ بتائیں نا۔۔۔۔ پلیز۔۔۔ آپکی خاموشی صاف بتا رہی ہے کہ آپ سب کچھ جانتی ہیں”
"بیٹا۔۔۔ ! تھوڑا سا صبر کرلو خود ہی پتا چل جائے ” وہ بولیں
"نہیں خالہ۔۔۔۔ ! آپ بتائیں۔۔۔ پلیز۔۔۔۔ ”
"نہیں۔۔۔۔ میں فلحال کچھ بھی نہیں بتا سکتی۔۔۔” انھوں نے ہاتھ کھڑے کردیے
جب میری ضد ان پہ بے اثر ہوئی تو میں نے ناراض ہو کے فون بند کردیا
ہو نہ ہو۔۔۔۔ امّی کو خالہ نے سب کچھ بتایا ہوگا۔۔۔
بھائی احمر کو لے کے باہر کسی کام سے چلے گئے۔ میں امّی سے بات کرنے کا موقع ڈھونڈنے لگی۔۔۔ لیکن میں جب بھی باہر جاتی وہ ساجدہ آنٹی سے چپک کے بیٹھی ہوتیں۔۔۔ باتوں ہی باتوں میں مجھے یہ اندازہ تو ہوگیا کہ ان لوگوں کا آج رات رکنے کا پلان ہے۔ میری حیرانی بڑھتی جارہی تھی کہ ایسی کونسی وجہ ہوگی جو یہ لوگ لاہور سے یہاں پہنچ گئے اور رات میں بھی رہنے کا پروگرام ہے۔
خدا خدا کرکے مجھے امّی سے بات کرنے کا موقع ملا۔۔ و ہ ملازمہ کے ساتھ رات کے کھانے کی تیاری میں لگی تھیں۔۔ میں نے ملازمہ کو باہر بھیجا
"امی۔۔۔ ساجدہ آنٹی کیوں آئی ہیں۔۔؟” میں نے پہلی فرصت میں سوال کیا
"کیا مطلب۔۔۔ کیوں آئی ہیں۔۔۔ تم سے ملنے آئی ہیں اور کیا۔۔” انھوں نے بے دھیانی میں جواب دیا
"نہیں۔۔۔ یہ بات ہضم نہیں ہورہی۔۔۔ آپ مجھے اصل بات بتائیں۔۔۔” میں چڑ گئی
میرے چہرے پہ پریشانی کے آثار دیکھ کے انھوں نے کام چھوڑ اور میری طرف مڑیں
"ساجدہ۔۔۔ احمر کے لیے تمہارا ہاتھ مانگنے آئی ہے۔۔۔” انھوں نے صاف گوئی سےجواب دیا
"کیا۔۔۔۔ ؟ میرا رشتہ۔۔۔۔؟” میری آنکھیں پھیل گئیں۔۔۔
"کیوں۔۔۔ اس میں حیران ہونے والی کیا بات ہے۔۔۔ پہلے انھوں نے تمہاری خالہ سے بات کی وہ اس رشتے سے بہت خوش تھیں انھوں نے ہی بھیجا ہے ان لوگوں کو۔۔۔” وہ بولتی گئیں
مجھے میرے کانوں پہ یقین نہیں آرہا تھا۔۔۔ یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ احمر تو مجھ سے اتنی نفرت کرتا ہے پھر کیسے۔۔۔۔ میں سوالوں کی دلدل میں دھنسنے لگی۔
"ساجدہ آنٹی نے اپنے بیٹے سے پوچھا ہے۔۔۔؟” میں نے سوال کیا
میرے اس سوال پہ امّی ہنس پڑیں
"پگلی۔۔۔۔ ! بیٹے کی مرضی کے بنا تھوڑی نہ آئی ہوں گی۔۔۔”
"کیا راز و نیاز چل رہے ہیں ماں بیٹی میں۔۔۔۔” ساجدہ آنٹی کیچن میں آگئیں
میں نے اپنے آپ کو نارمل کیا۔۔ کچھ دیر انکے ساتھ رکی پھر اپنے کمرے میں آگئی۔۔۔۔
"مجھے اتنا ذلیل کرنے بعد۔۔۔ احمر سوچ بھی کیسے سکتا ہے کہ میں اس سے شادی کے لیے تیار ہو جاؤں گی۔۔۔ نہیں ۔۔ مسٹر احمر۔۔۔۔ اب نہیں۔۔۔ جو گھاؤ تم نے میری روح پہ لگائے ہیں میں وہ کبھی نہیں بھول سکتی۔۔۔۔ ” میں اپنے آپ سے باتیں کرتی رہی۔۔۔
مجھے ایک بار احمر سے بات کرنی ہوگی۔۔۔ لیکن کیسے۔۔۔۔ کیسے موقع ملے گا۔۔۔ میں دل ہی دل میں منصوبہ بندی کرنے لگی۔۔۔
رات کے گیارہ بجے تو ساجدہ آنٹی امی کے کمرے میں سونے لگیں۔۔۔ بڑے نانی کے لیے دوسرے کمرے میں بستر لگایا۔۔۔ پَری اور نومی نے ضدکی کہ وہ میرے ساتھ سوئیں گے۔۔۔۔ احمر بھائی کے کمرے میں تھا۔۔۔
بچوں کے سونے کے بعد میں باہر لان میں آگئی اور احمر کو فون کرنے کا سوچنے لگی۔۔۔ لیکن ڈر لگ رہا تھا کہ بھائی کو نہ پتا چل جائے۔۔۔
میں سوچوں میں ڈوبی ۔۔۔ ٹہلتی رہی۔۔۔ اچانک میری نظر چھت پہ پڑی۔۔۔ کوئی سگریٹ سلگائے چھت کے کونے میں کھڑا تھا۔۔۔۔ بھائی تو سگریٹ پیتے نہیں ہیں یہ احمر ہی ہے۔۔۔۔۔ میں نے موقع غنیمت جانا اور چھت کی طرف لپکی۔۔۔۔۔
اسکی پشت میری جانب تھی۔۔۔ میں آہستہ آہستہ قدم اٹھاتی اسکی طرف بڑھنے لگی۔۔۔۔
"احمر۔۔۔۔۔ !” میں نے اسے پاس جا کے آواز دی۔۔۔۔
وہ پیچھے مڑا۔۔۔۔۔ چاندنی رات میں اسکی بڑی بڑی آنکھیں اور زیادہ چمکنے لگی تھیں۔۔۔
بقیہ اگلے حصے میں۔۔۔۔
___________________

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔