پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عداوت (ریاض عاقب کوہلر) قسط نمبر 2 …

عداوت (ریاض عاقب کوہلر)
قسط نمبر 2

ملک ضیاالحق خاندانی رئیس تھا۔گاوں بھر میں اس کی حویلی کے برابر کوئی مکان نہیں تھا۔دو ایکٹرکے رقبے پر پھیلی قلعہ نماحویلی دیکھنے والوں کو احساس کمتری میں مبتلا کر دیتی تھی۔اور پھر بیس مربع کی زرخیزاور قابل کاشت زمینیں سونا اگلتی تھیں ۔مزارعوں کی ایک فوج تھی جن کی روزی روٹی ملک ضیاءالحق کی حویلی سے منسلک تھی ۔اس کے دو ہی بیٹے تھے بڑا ملک احسان الحق اور چھوٹا ملک اکرام الحق۔دونوں بھائی منہ میں سونے کا چمچ لے کر پیدا ہوئے تھے ۔خود ملک ضیاءالحق کی تعلیم نہ ہونے کے برابر تھی مگر بیٹوں کی تعلیم پر اس نے خصوصی توجہ دی تھی یہ علاحدہ بات کہ وہ دونوں ہمیشہ واجبی نمبر لے کر ہی پاس ہوتے رہے ۔احسان الحق کی شادی اس کی ماں نے اپنی مرضی سے اپنی بھتیجی فرخندہ سے کرائی ۔جبکہ اکرام الحق اس معاملے میں خوش قسمت تھا کہ اسے اپنی پسند کی شادی کرنے کا موقع مل گیا تھا ۔والدین نے بھی اس لیے اعتراض نہیں کیا تھا کہ اس نے ایک اونچے خاندان کی لڑکی کو شادی کے لیے پسند کیا تھا ۔اس کی بیو ی شاہینہ کا والد، احتشام علی بھی ایک بڑا زمیندار تھا ۔اپنے بھائی اکرام الحق کی شادی کے وقت احسان الحق تین سالہ بچے کا باپ تھا ۔ ثوبان کی پیدائش کے بعد فرخندہ بیگم کچھ ایسی پیچیدگیوں کا شکار ہو گئی تھی کہ دوبارہ ماں نہ بن سکی ۔ شادی کے ایک سال بعد ہی اکرام الحق کو بھی اللہ پاک نے بیٹی کی نعمت سے نوازا۔نیہا کی پیدائش کے بعد میاں بیوی نے باہمی رضامندی سے وقفہ لینے کا سوچا تھا۔
اپنی ممی زبیدہ خاتون کی حیات میں دونوں بھائی والدین کے ساتھ ہی رہے ۔ان کے انتقال کے بعد انھوں نے گاو¿ں چھوڑ کر شہر منقل ہونے کا سوچا ۔لاہور میں ضیاءالحق کی ایک بہت بڑی کوٹھی موجود تھی ۔اسے تعمیر کراتے وقت ضیاءالحق نے یہ بات مد نظر رکھی تھی کہ اگر دونوں بھائی کسی وجہ الگ رہنا چاہیں تو کوٹھی گرائے بغیر علاحدہ علاحدہ حصے میں رہ سکیں ۔ لاہور میں ضیاالحق کی ایک سٹیل مل بھی موجود تھی ،مگر دونوں بھائیوں کے درمیان سال بھر کے اندر ہی اختیارات کا تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔اس کا حل ضیا الحق نے شوگر مل کی بنیا درکھ کر ڈھونڈ لیا ۔لیکن دونوں ملوں کو اس نے اپنی ملکیت ہی میں رکھا تھا ۔دونوں بیٹے اپنی اپنی ملز میں بہ طور ایم ڈی ہی کام کرتے تھے۔ البتہ روپے پیسے کی ان کو کوئی کمی نہیں تھی کسی بھی جگہ رقم خرچ کرنے کے لیے انھیں بس والد کوا طلاع دینی ہوتی تھی ۔یوں بھی اول آخر سب کچھ انھی کا تھا ۔
شہر آتے ہی سب سے پہلے احسان الحق نے اپنے بیٹے کو ایک اچھے پرائیویٹ سکول میں داخل کروایا ۔اس وقت ثوبان نو سال کا تھا ۔گاو¿ں کے سکول میں دوسری کلاس کا طالب علم ہونے کے باوجود الف با سے آگے نہیں بڑھاتھا اور اس کی وجہ وہی احمقانہ سوچ تھی کہ جب خود اتنی زمینوں اور فیکٹری کا مالک ہے تو اسے پڑھنے کی کیا ضرورت ۔جب اس کا دادا واجبی تعلیم رکھنے کے باوجود دو فیکٹریوں اور بیس مربع زمین کو سنبھال سکتا تھا تو اسے کیا مشکل پیش آنی تھی ۔ جو توجہ ضیاءالحق نے اپنے دونوں بیٹوں کی پڑھائی پر دی تھی اس کے عشر عشیر بھی ثوبان کی پڑھائی پر توجہ نہ دی گئی ۔مگر گاو¿ں سے شہر منتقل ہوتے ہی انھیں ایسا ماحول میسر آیا کہ اس کے والد کوثوبان کی تعلیم کی طرف متوجہ ہونا پڑا ۔نیہا ، ثوبان الحق سے چار سال چھوٹی تھی لیکن دونوں کو ایک کلاس ہی میں داخل ہونا پڑا۔ نیہا شروع دن سے پڑھائی میں اچھی تھی جبکہ ثوبان کھیل کود میں زیادہ دل چسپی رکھتا تھا۔خود سے چھوٹی لڑکی کو زیادہ نمبر لیتے دیکھ کر اس کے دل میں نیہا کی نفرت بھرنی شروع ہو گئی تھی۔شاید یہ نفرت ان کے والدین کے اچھے تعلقات کی بہ دولت کم یا ختم ہوجاتی مگر شاہینہ بیگم اور فرخندہ بیگم اپنے والدین کے جھگڑوں کو اس گھر میں گھسیٹ لائیں ۔شاہینہ کے والد احتشام نے فرخندہ کے چچا حشمت ڈار سے بیس پچیس ایکٹر زرعی اراضی خریدی ،مگر فرخندہ کے والد طالب ڈار نے شفعہ کر دیا۔یہ بات وجہ نزاع بنی اور جھگڑاان کے خاندانوں سے ضیاءالحق کے خاندان میں منتقل ہو گیا ۔پہلے پہل دونوں دیورانیو ں کی بات چیت بند ہوئی ۔ پھراپنے شوہروں کے کان بھر کر انھیں ایک دوسرے سے نفرت پر مجبور کیا گیااورآخرمیں اپنے معصوم بچوں کے ننھے دماغوں میں ایسا زہر گھولا کہ کسی بھی بری مثال کے لیے ان کے دماغ میں اپنے چچا ،چچی اور اس کی اولاد ہی کا نام آتا ۔ثوبان پڑھائی کے میدان میں نیہا سے کم تر تھا مگر عمر میں بڑاہونے کی وجہ سے وہ بغیر کسی وجہ کے اس کی پٹائی کر دیتا ۔دونوں بھائیوں نے آئے روز کی چخ چخ سے تنگ آ کر کوٹھی کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ۔چند فٹ کی دیوار نے صرف کوٹھی ہی نہیں مکینوں کے دلوں اوررشتوں کو بھی دو حصوں میں تقسیم کر دیا تھا ۔
ثوبان گھر کا بدلہ اسکول میں لینے لگا ۔نتیجتاََ اسے اسکول سے بے دخل کردیا گیا ۔ یہ بات اسے اور زیادہ مشتعل کر گئی تھی ۔وہ آئے روز نیہا کی تاک میں رہتااور جب کبھی وہ اسے اکیلی ٹکرا جاتی اس کی پٹائی کردیتا۔اس بات پر دونوں بھائیوں میں کئی بار توتکار ہوئی بلکہ ایک دو بار تو نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی تھی۔ضیا ءالحق ان کے آپس کے جھگڑوں سے ناواقف نہیں تھا۔ پہلے پہل وہ بڑے شدّ و مد سے ان کی صلح صفائی کرانے کی کوشش کرتا۔اور اس کی کوشش تھوڑی بہت کامیاب بھی ہو جاتی مگر مسلسل ہونے والے جھگڑوں کے سامنے وہ بند نہ باندھ سکا اور چپ سادھ کے بیٹھ گیا ۔یوں بھی اگر فرخندہ بیگم اور شاہینہ بیگم اس نفرت کی خلیج کو پاٹنے کی ذرا بھر بھی کوشش کرتیںتو بات اتنی نہ بڑھتی ۔ مگر وہ تو ہمہ وقت اس آگ پر پٹرول چھڑکتی رہتیں ۔تنگ آ کر اس نے یہ کوشش ہی ترک کر دی تھی ۔جب بھی لاہور آناہوتا وہ بچوں کے گھر ٹھہرنے کے بجائے ہوٹل میں ٹھہرنا پسند کرتا ۔گو اسے نیہا سے بہت زیادہ محبت تھی ۔ثوبان بھی اس کے دل کا ٹکڑا تھا ۔مگر ان کے جھگڑوں پر اس کا دل کٹنے لگتا ۔
شروع شروع میں دونوں بھائی عید ،بقر عید کے موقع پر آبائی حویلی میں اکٹھے ہو جاتے مگر جب جھگڑوں نے شدت اختیا ر کی تو انھوں نے بغیر کسی گفت و شنید کے دونوں عیدیں تقسیم کر لی تھیں۔بڑا بھائی عید الفطر حویلی میں مناتا اور چھوٹا بھائی عید قربان پر حویلی چلا جاتا ۔دور پار کے رشتا داروں کی شادی میں بھی ا ن کا آمنا سامنا ہوجاتا تو ایک دوسرے پر پھبتیاں اور جملے کسنے سے باز نہ آتے ۔ اور پھر اس نفرت کی آگ میں جل بھن کر وہ پروان چڑھے ۔اکرام الحق کی دوبیٹیاں اور ایک بیٹا تھا ۔جبکہ احسان الحق کا ایک ہی بیٹا تھا ۔بی بی اے کا داخلہ اتفاق سے دونوں نے ایک ہی یونیورسٹی میں کرا دیا تھا ۔مگر اب نیہا بڑی ہو گئی تھی اور اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتی تھی ۔یونیورسٹی میں ان کے شب و روز ایک دوسرے کو نیچا دکھانے ہی میں گزرے تھے ۔
٭٭٭
نیہا اپنے لگژری بیڈ پر دراز ہزارہا اندیشوں میں کھوئی ہوئی تھی ۔اس کے نزدیک ثوبان سے شادی کرنا جہنم کی ٹکٹ خریدنے کے برابر تھا ۔ایسا شخص جس سے وہ اتنی نفرت کرتی تھی؟ جو اس کے نزدیک دنیا کا مبغوض ترین آدمی تھا ۔وہ اس سے شادی کیسے کر سکتی تھی؟گزرے دنوں کے تلخ واقعات اس کی نظروں میں کسی فلم کی طرح گھومنے لگے …………
”م….مم….میں جی ؟؟؟“عباس ،نیہا کے ہونٹوں سے اپنا نام سن کر ہکلا گیا تھا ۔
”عباس !تمھاراہی نام ہے نا؟“اس نے ادائے دلبری سے پوچھا۔
”جی جی …. میرا ہی نام ہے ۔“عباس نے بے صبری سے دونوں ہاتھ ملے ۔ اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ وہ پرکشش امیر زادی اس کو مخاطب ہو گی ۔
”بیٹھو۔“اس نے سامنے دھری کرسی کی جانب اشارہ کیا ۔
عباس جلدی سے بیٹھ گیا ۔
”چاے یا ٹھنڈا ….؟“اس نے بے تکلفی سے پوچھا۔
”کک….کچھ بھی ….کچھ بھی ۔“عباس نے اضطراری انداز میں سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے اپنی زلفوں کو سنوارا ۔وہ خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین آدمی تصور کر رہا تھا۔نیہا نے اسے چاے کی دعوت دی یقینا وہ اسے پسند کرنے لگی تھی ۔ورنہ اتنی امیر کبیر اور خوب صورت و پرکشش لڑکی بھلا کب کسی ایرے غیرے کو لفٹ کراتی ہے ۔
چاے کا بتا کر وہ اس کی طرف متوجہ ہوئی ۔”پتا ہے مسٹر عباس !….میں نے تمھیں کیوں بلایا ہے ؟“
”یہ تو آپ کو پتا ہو گا؟“وہ دوبارہ اپنے بالوں میں انگلیاں پھیرتا ہوا معنی خیز لہجے میں بولا ۔
”میرا ایک چھوٹا سا کام کر وگے ؟جس کا میں معاوضا بھی دوں گی؟“
”چھوڑو معاوضے کو جی !….آپ کے لیے تو جان بھی حاضر ہے ۔“وہ رومانوی لہجے میں بولا ۔
”اوئے بناسپتی مجنوں !….اپنی حیثیت پہچان ۔مجھے جانتا ہے نا ؟نیہا ملک ہے میرا نام ….تمھیں اس لیے بتا رہی ہوں کہ اس میں تمھارا بھی فائدہ ہے ۔چند ٹکے مل جائیں گے تو کوئی نیا موبائل خرید لینا ورنہ میں جانتی ہوںتمھارے پاس جو موبائل فون ہے اس کی بیٹری میں کاغذ دے کر ہی اسے آن کر پاتے ہو ؟“
”جج….جی ….جی میڈم صاحبہ !….میرا وہ مطلب نہیں تھا ۔“عباس ہکلا گیا تھا ۔ نیہا ملک کے حسن اور دولت کا رعب ایسا نہیں تھا کہ وہ غریب اسے کوئی مناسب جواب دے پاتا۔
”گڈ ….“نیہا نے کہا ۔اسی وقت بیرے نے ان کے سامنے چاے کی پیالیاں لا کر رکھ دیں ۔چاے کی پیالی اس کی طرف دھکیل کر وہ پوچھنے لگی ۔
”اپنی یونیورسٹی کی باسکٹ بال ٹیم کا میچ کب ہے ؟“
وہ جوش سے بولا۔”کل ہے میڈم !….اپنی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے ۔“
”توتمھارا کیا خیال ہے؟ ٹیم کی کیا پوزیشن آئے گی ؟“
”ہم جیتیں گے میڈم!اپنی باسکٹ بال ٹیم بہت اچھی ہے ۔“
”ٹیم میں سب سے اچھا کھلاڑی کون سا ہے ؟“
وہ جلدی سے بولا۔”ٹیم کاکیپٹن ملک ثوبان الحق سب سے اچھا کھلاڑی ہے میڈم!“
”اگر میں کہوں ٹیم کو ہارنا چاہیے ؟“
”مم….مگر کیسے ؟“
”مطلب اگرمسٹر ثوبان حصہ نہ لے تو کیا پھر بھی اپنی ٹیم جیت جائے گی ؟“
”نہیں میڈم !….پھر تو بہت مشکل ہے ۔“
”تو بس ٹھیک ہے ۔تم نے ثوبان کو کواٹر فائنل نہیں کھیلنے دینا ۔“
”میں بھلا اسے کھیلنے سے کیسے روک سکتا ہوں ؟،وہ میرا سرنہیں پھاڑ دے گا؟“
”بے وقوف!….ہر جگہ لڑائی جھگڑا یا طاقت کام نہیں آتی ۔عقل استعمال کرو۔“
ایک لمحا سوچنے کے بعد وہ بولا ۔میری سمجھ میں تو کچھ نہیں آ رہا ۔آپ کے پاس کوئی تجویز ہے تو بتائیں ؟“
”یہ لو ۔“اس نے کاغذ کی ایک پڑیا اس کی جانب بڑھائی ۔”اس میں موجود سفوف میچ سے قریباََ آدھا گھنٹا پہلے ثوبان کو پلا دینا اور بس ۔“
اس نے گھبراتے ہوئے پوچھا ۔”پھر کیا ہو گا ؟“
”بس وہ میچ نہیں کھیل پائے گا ۔“
”اگر اسے کچھ ہو گیا تو ؟“
”میں بتا رہی ہوں نا اسے کچھ بھی نہیں ہوگا ….بس اسے پیچس لگ جائیں گے اور تین چار گھنٹے بعد وہ خود بہ خود ٹھیک ہو جائے گا ۔“
”دیکھ لو میڈم !….کہیں میں پھنس نہ جاو¿ں ؟“
”ہاں تم اسے زہر کھلا رہے ہو نا ؟کہ پھنس جاو¿ گے ؟“نیہا ملک نے منہ بنایا۔
”میڈم ڈر تو لگتا ہے نا ؟“
”ڈر کاہے کا ۔تم ایک بہادر جوان ہو ۔اور پھر تم ایک اچھے موبائل کے مالک بھی تو بننے والے ہو ۔“اس نے پرس سے ایک سفید لفافہ نکال کراس کی جانب بڑھایا۔”یہ دس ہزار روپے ہیں ۔کام ہوجانے کے بعد پانچ ہزار روپے اور بھی دوں گی ۔“
لفافہ اس کے ہاتھ سے جھپٹتے ہوئے وہ مستفسر ہوا ۔”یہ سفوف اسے کس چیز میں ملا کر پلانا ہے ؟“
”کسی بھی چیز میں ۔دودھ ،چاے ،کافی ،جوس ،پانی وغیرہ جو بھی میسر ہواس میں گھول کر پلا دو ۔“
”ایک بات پوچھوں میڈم !“
”ہاں ….ہاں پوچھو۔“
”جہاں تک میرے علم میں ہے تو ملک ثوبان الحق آپ کا کزن ہے ؟“
اس نے بے پرواہی سے کندھے اچکائے ۔”تو پھر کیا ؟“
”مطلب ایسا تو آدمی اپنے دشمنوں کے ساتھ کرتا ہے ؟“
”درست کہا ۔“اس نے اثبات میں سر ہلایا۔”اس دنیا میں ثوبان سے بڑھ کر کوئی شخص میرے لیے قابلِ نفرت نہیں ۔اور یقینا تم اس بارے پہلے سے جانتے ہو کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے کتنے خلاف ہیں ؟“
”بالکل ،لیکن میں اس کے پس پردہ وجہ جاننے کا خواہش مند ہوں ؟“
”شاید وجہ جاننا تمھارے لیے ضروری نہیںہے ۔“اس نے بات ختم ہونے کا اعلان کیا۔”فی الحال یہ یاد رکھو کہ میں اسے ٹرافی وصول کرتے نہیں دیکھ سکتی ۔“
”میڈم !….ٹرافی تو اسے پانچ ہزار میٹر کی دوڑ میں بھی مل جائے گی ….وہ ایک بہترین اتھلیٹ ہے ۔اور وہ مقابلہ باسکٹ میچ سے اگلے روز ہو گا ۔تب تک وہ ٹھیک ہو جائے گا۔“
وہ معنی خیز انداز میں مسکرائی ۔”یقینا تم پندرہ ہزار مزید بھی کمانا چاہو گے ؟“
”ہاں مگر ……..“
”چھوڑو اگر مگر کو….“قطع کلامی کرتے ہوئے اس نے پرس سے ایک اور پڑیا نکال کر اس کی جانب بڑھائی ۔”طریقہ کار تمھیں معلوم ہے ۔اور رقم باسکٹ بال میچ کے بعد تمھیں مل جائے گی ۔“یہ کہہ کر اس نے چائے کی پیالی کے نیچے پچاس کا نوٹ رکھا اور چل دی ۔جبکہ عباس تیس ہزار روپیوں کو ٹھکانے لگانے کا منصوبہ بنانے لگا ۔

٭٭٭
جاری ہے…