پیر • 5 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب غزلیں

ہر درد پہن لینا ، ہر خُواب میں کھو جانا کیا اپنی ط…


ہر درد پہن لینا ، ہر خُواب میں کھو جانا
کیا اپنی طبیعت ہے ، ہر شَخص کا ہو جانا

اِک شہر بَسا لینا ، بِچھڑے ہوئے لوگوں کا
پِھر شَب کے جَزیرے میں ، دِل تھام کے سو جانا

موضُوعِ سُخن کُچھ ہو ، تا دیر اُسے تَکنا
ہر لفظ پہ رُک جانا ، ہر بات پہ کھو جانا

آنا تو بِکھر جانا، سانسوں میں مَہک بن کر
جانا تو کلیجے میں ، کانٹے سے چبھو جانا

جاتے ہوئے چُپ رہنا ، اُن بولتی آنکھوں کا
خاموش تَکلم سے ، پَلکوں کو بِھگو جانا

لفظوں میں اُتر آنا ، اُن پُھول سے ہونٹوں کا
اِک لَمس کی خوشبُو کا، پوروں میں سَمو جانا

ہر شام عَزائم کے ، کُچھ مَحل بنا لینا
ہر صُبح اِرادوں کی ٫ دہلیز پہ سو جانا

(اَعتبار ساجِد)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی