کمال امروہی کا یومِ پیدائش
Jan 17, 1918
کمال امروہی کا اصل نام سید امیر حیدر کمال نقوی تھا۔ وہ 17 جنوری 1918 کو امروہہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے فلمساز، ہدایتکار، سکرین رائٹر اور مکالمہ نگار کی حیثیت سے شہرت حاصل کی۔ وہ اردو اور ہندی زبانوں میں شاعری کرتے تھے۔کمال امروہی 1938ء میں امروہہ سے تعلیم حاصل کرنے کے لیے لاہور آئے۔ دراصل انہیں کے ایل سہگل نے دریافت کیا جو انہیںممبئی لے گئے تاکہ وہ سہراب مودی کی فلم کمپنی منروا مووی ٹون کے لئے کام کریں۔ یہ وہ دور تھا جب ان کا فلمی کیریئر شروع ہوا۔ انہوں نے فلم ’’جیلر‘‘ (1938)، بھروسہ (1940) اور اے آر کاردار کی ’’شاہ جہاں‘‘ کیلئے کام کیا ۔ بطور ہدایتکار ان کی سب سے پہلی فلم ’’محل‘‘ تھی جو 1949ء میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں مدھو بالا بھی شامل تھیں جن کی عمر اس وقت صرف 16 برس تھی۔ اس کے بعد انہوں نے 1953ء میں فلم’’دائرہ‘‘ کی ہدایات دیں جس میں میناکماری اور دلیپ کمار کے بھائی ناصر خان نے کام کیا۔ 1958ء میں انہوں نے فلم پاکیزہ شروع کی۔ کمال امروہی اس فلم کے فلمساز و ہدایتکار تو تھے ہی لیکن انہوں نے اپنی اس فلم کے گیت اور سکرین پلے بھی لکھا۔ 1983ء میں ان کی فلم ’’رضیہ سلطان‘‘ ریلیز ہوئی جس میں ہیمامالنی نے مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ ان کی آخری فلم تھی۔ اگرچہ انہوں نے راجیش کھنہ اور راکھی کو لیکر ایک فلم ’’مجنوں‘‘ بھی شروع کی لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر یہ فلم بند کردی گئی۔ انہوں نے زیادہ تر سہراب مودی، اے آر کاردار اور کے آصف کی فلموں کے سکرپٹ لکھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کے آصف کی معرکۃ آلاراء فلم ’’مغل اعظم‘‘ کے مکالمے چار افراد نے تحریر کیے تھے۔ ان چاروں مکالمہ نگاروں نے اس فلم کیلئے اپنی تمام تر قابلیت صرف کردی تھی۔ یہ مکالمہ نگار کون تھے؟ کمال امروہی، احسان رضوی، وجاہت مرزا اور امان اللہ۔ یہ امان اللہ بھارت کی مشہور اداکارہ زینت امان کے والد تھے۔ سارے مکالمہ نگاروں نے بڑے جاندار مکالمے لکھے لیکن کمال امروہی ان سب پر بازی لے گئے۔ ’’مغل اعظم‘‘ کے بہترین مکالمہ نگار کا فلم فیئر ایوارڈ کمال امروہی کو دیا گیا۔ اس کے علاوہ کمال امروہی نے ’’جیلر، پکار، شاہ جہاں، پاکیزہ اور شنکر حسین‘‘ کے مکالمے لکھے جو بے حد پسند کیے گئے۔ کمال امروہی نے 1953ء میں کمال پکچرز کے نام سے ادارہ قائم کیا۔ امروہہ کے مشہور شاعروں میں سید محمد تقی، رئیس امروہی اور جون ایلیا شامل تھے اور یہ سب کمال امروہی کے کزنز تھے۔ ان سب نے ہجرت کے بعد پاکستان میں بہت شہرت حاصل کی۔ وہ اردو اور ہندی دونوں زبانوں میں شاعری بھی کرتے تھے۔ 1983ء میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’’رضیہ سلطان‘‘ بڑی محنت سے بنائی گئی تھی لیکن یہ فلم باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ اس فلم کا یہ گیت تو آج بھی وجد طاری کر دیتا ہے: ’’اے دلِ ناداں‘‘ ۔ کمال امروہی نے 1952ء میں میناکماری سے شادی کی۔ یہ شادی 1964ء تک قائم رہی۔ اس وقت مینا کماری ’’بیجوباورا‘‘ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بنا پر بہت مقبولیت حاصل کر چکی تھیں۔ کمال امروہی کی طرح مینا کماری بھی شاعری کرتی تھیں اور ان کا ایک شعری مجموعہ بھی شائع ہوا تھا۔ وہ کمال امروہی کی تیسری بیوی تھیں۔ لیکن کیفی اورجانثار اختر سے کمال امروہی کی ذہنی ہم آہنگی تھی جو آخر تک جاری رہی۔ وہ سہراب مودی کے پسندیدہ مکالمہ نگار تھے۔ وہ ایک وسیع النظر اور وسیع المطالعہ شخص تھے جس کی جھلکیاں ان کی فلموں میں ملتی ہیں۔ 11 فروری1993ء کو یہ نابغۂ روزگار 75 برس کی عمر میں عالم جاوداں کو سدھار گیا۔ ان کا نام اور کام دونوں زندہ رہیں گے۔ –

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔