نوے کی دھائی کے آغاز میں دبئی میں سلیم جعفری کے منعقد کردہ مشاعروں کی وڈیوز دیکھنا میرا مشغلہ تھا۔ ان دنوں دبئی کے المنصور وڈیو والے یہ مشاعرے وڈیو کیسٹس پر ریلیز کرتے تھے اوریہ کیسٹس دس روپے کرائے پر مل جاتے تھے۔ ایسے ہی مشاعرے کے دوران میرا لیاقت علی عاصم اور ان کی شاعری سے پہلا تعارف ہوا۔ مجھے آج بھی یاد ہے کہ سلیم جعفری نے ان کے تعارف میں محشر بدایونی کا یہ فقرہ دہرایا کہ "آنے والی غزل کے تیور دیکھنے ہوں تو لیاقت علی عاصم کی شاعری دیکھو”۔ انھوں نے مشاعرے میں جو دو غزلیں پڑھیں ان کے مطلع یہ تھے:
ہمیں پسند سہی، اب یہ رنگ مت پہنو
پرائے تن پہ ہماری امنگ مت پہنو
ہمارا خواب کیا جھوٹا تھا جو تعبیر تک پہنچا
نہ مجنوں کو ملی لیلیٰ نہ رانجھا ہیر تک پہنچا
میں تادیر ان غزلوں کے حصار میں رہا اور کراچی کے مختلف بک اسٹالز پر لیاقت علی عاصم کے شعری مجموعے ڈھونڈتا رہا جس میں مجھے ناکامی ہوئی۔ وقت گزرتا گیا۔ 1995 میں میری ملاقات جون ایلیا کے حجرے میں انیق احمد سے ہوئی، جنھوں نے مجھے طارق روڈ پر واقع ایک ایرانی ہوٹل میں مدعو کیا جہاں بقول ان کے چند احباب منگل کی شام کو جمع ہوتے ہیں۔ وہاں میری پہلی ملاقات لیاقت علی عاصم سے ہوئی۔ ان کے علاوہ عزم بہزاد اور سعید آغا سے بھی یہ میری پہلی ملاقات تھی۔ پہلی ملاقات میں لیاقت علی عاصم مجھے بہت روکھے سے لگے۔ چپ چاپ۔ ہاتھ میں سگریٹ، آنکھیں دیواروں پر کچھ ڈھونڈتی ہوئی، اور آس پاس سے بے نیاز بلکہ بیزار۔ اس ہوٹل میں دو تین ملاقاتوں کے بعد عزم بہزاد نے مجھے اپنے گھر سنیچر کی رات ہونے والی ہفتہ وار نشست میں شرکت کی دعوت دی۔ اب ہر سنیچر کی رات دیگر احباب کے ساتھ لیاقت علی عاصم سے بھی ملاقاتیں شروع ہوگئیں، اور رفتہ رفتہ ان کی شخصیت پر سے بیزاری اور روکھے پن کا خول اترنے لگا اور وہ لیاقت علی عاصم نمودار ہوا جو اپنی غزلوں کی طرح خوبصورت، رنگوں اور خوشبو بھرا رسیلا انسان ہے۔ شعری وفور سے لبریز۔ صاف گو۔ صاف دل۔ ایک پیارا دوست۔ عزم بہزاد کی نشست میں ہم سب تازہ غزلیں سناتے تھے مگر سچی بات ہے کہ عاصم بھائی کی غزل اکثر و بیشتر سب سے اچھی ہوا کرتی تھی۔
کچھ باتیں میں ان دنوں بھی کہتا تھا اور اب بھی کہتا ہوں۔ لیاقت علی عاصم جیسا تراشیدہ، مضبوط اور رواں مصرع کہنے والے شاعر بہت کم ہیں، اور بہترین اشعار کی جتنی تعداد لیاقت علی عاصم کے کلام میں ملتی ہے، اس کی مثال فی زمانہ ملنا بہت مشکل ہے۔ چند ماہ قبل عاصم بھائی کی خواہش پر میں نے ان کی کلیات سے غزلوں کا انتخاب کیا تو بے حد کڑا معیار قائم رکھنے کے باوجود میں انتخاب کو101 غزلوں سے کم نہ کرسکا۔ خدا کرے عاصم بھائی جلدی سے ٹھیک ہوں اور یہ انتخاب شائع ہو جس کا مقدمہ لکھنے کا وعدہ بھی انھوں نے مجھ سے لے رکھا ہے۔
لیاقت علی عاصم فنی طور پر پختہ اور زبان جاننے والے شاعر ہیں۔ اپنے بعد آنے والوں کے لیے ریاضت اور محنت کی عمدہ مثال ہیں۔ وہ بحیثیت شاعر آج بھی ویسے ہی تروتازہ ہیں جیسے تیئیس چوبیس برس قبل تھے۔ بہت سی غزلیں ابھی کہنا باقی ہیں۔ بہت سے اشعار ہمیں یاد ہونا باقی ہیں۔ ابھی بھائی اقبال پیرزادہ نے عاصم بھائی کی تصویر بھیجی۔ دل دہل گیا۔ دعائیں کرتے ہوئے یہ تحریر لکھ دی کہ اس بہانے مزید دعائیں جاگیں اور عاصم بھائی یکایک اٹھ بیٹھیں اور کہیں "مچھلی کھائیں آج؟”
—————————————————————————–
درج بالا تحریر ہمارے مخلص بھائی، ہردلعزیز دوست اور شدید شاعر جناب عرفان ستار صاحب کی ہے، کچھ دیر قبل یہ تحریر پڑھی اور اب اطلاع آئی کہ لیاقت علی عاصم اب ہمارے بیچ نہیں رہے –
انا للہ وإنا إلیہ راجعون
رات کے اس آخری پہر دل غم سے بوجھل ہے کیونکہ کتاب چہرے کی حد تک ہماری جتنی بے تکلفی عاصم بھائی کے ساتھ تھی اتنی کسی اور سے نہیں ہو سکی
لہٰذا!! میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ یہ میرا ذاتی دکھ ہے
ابوالحسن علی ندوی (بھٹکلی)
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔