#میں_جانوں_میرا_خدا_جانے
#تحریر_مائرہ_مشتاق
قسط نمبر 6
رمشا گھر سے نکلنے کے بعد کافی دیر بے وجہ سڑکوں پر گاڑی دوڑاتی رہی. پھر اسے رومیسہ کا خیال آیا تو وہ آُس کی طرف گئی… اس نے رومیسہ کو ساری بات بتائ.
"تم ایسا کرو کہ یہ منگنی کر لو. اس کےبعد کیا کرنا یے میں تمہیں بعد میں بتاؤں گی..” رومیسہ نے اس کو ایک دوستانہ مشورہ دیا.
"تم کیا سوچ رہی ہو میسی.. مجھے بھی کچھ بتاؤ…”
"بس تھوڑا سا صبر رکھو میری جان… پھر سب پتا چل جاۓ گا…” رومیسہ کے چہرے پر ایک تلخ مسکراہٹ سج گئ..
"تم جو سوچ رہی ہو وہ بولو.. میری تو جان سولی پر لٹکی ہوئ ہے..” رمشا کو اس مسئلے سے نکلنا تھا, اسی لیۓ وہ جاننا چاہتی تھی کہ رومیسہ آخر کیا سوچ کر بیٹھی ہوئ ہے.
"ایبک سے شادی کرو گی…؟؟” رومیسہ نے رمشا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پوچھا… یہ سوال اتنا اچانک تھا کہ رمشا اپنی جگہ پر ساکت ہو گئ..
"یہ تم… کیا … کہہ رہی ہو… میسی.. میں کیسے… ایک کر… کررر…رسچن سے…..” وہ بہت اٹک اٹک کر بول رہی تھی…
"تو پھر جاؤ رامش سے منگنی کرنے… یہاں میرے پاس کیا لینے آئ ہو….” رومیسہ نے ایک دم سے آنکھیں پھیر لیں. رمشا کو اس سب کی توقع نہیں تھی.. اس نے اپنا بیگ اٹھایا اور باہر نکل گئ…
"شادی تو تمہاری ایبک سے ہی ہو گی مشی.. چاہے ایسے یا ویسے….” پورے کمرے میں رومیسہ کے قہقہے گونجنے لگے…
*———————–*
دردانہ بیگم آج شاپنگ کرنے گئ تھیں. انھوں نے رمشا کے لیۓ رائل بلیو فراک پسند کیا تھا جس پر کافی ہیوی کام ہوا تھا اور اپنے لیۓ بھی جارجٹ کا کامدار سوٹ لیا. وہ لاکھ فرمان نواز سے ناراض سہی لیکن اپنی شان و شوکت کا بھرم بھی تو رکھنا تھا. شام کو واپس آ کر انھوں نے سارے بل بیڈ پر پھینکے جہاں فرمان صاحب لیپ ٹاپ پر مگن تھے ..
"یہ رہا آپ کے پیسوں کا حساب. میں نے ایک روپیا بھی اس سے باہر نہیں خرچ کیا…”
"آپ کے بیٹے کی شادی ہے. آپ جتنا چاہیں خرچ کر سکتی ہیں…” فرمان صاحب نے بلز کو دیکھے بغیر ہی کہا..
"ہوں… میرا بیٹا…. کاش کہ رامش میرا بیٹا ہوتا تو آج میں اس طرح سے….. خیر جانے دیں فرمان صاحب… گِلے ان سے کیۓ جاتے ہیں جو ان کو دور کرنا جانتے ہوں…”
"آپ کب سمجھیں گی کہ آپ کی بہن کو صرف آپ کے پیسے سے مطلب ہے… ہم سب آپ کے خیر خواہ ہیں…” فرمان صاحب نے یمیشہ کی طرح دردانہ بیگم کو سمجھانا چاہا لیکن ان کی آنکھوں پر تو سلطانہ بیگم نے پٹی باندھی ہوئی تھی..
"بس کریں فرمان صاحب.. اگر میں اس گھر میں واپس آئی ہوں تو اپنی آپا کی ہی وجہ سے…”
فرمان نواز نے چُپ رہنا ہی مناسب سمجھا. وہ ماحول کو مزید کشیدہ نہیں بنانا چاہتے تھے..
*———————–*
گھر آنے کے بعد رمشا کا ذہین کافی الجھا ہوا تھا. ایک طرف تو وہ رامش سے منگنی نہیں کرنا چاہتی تھی تو دوسری طرف ایبک سے شادی پر بھی اس کا دل نہیں مان رہا تھا. وہ کیسے ایک کرسچن سے شادی کر سکتی تھی. اس نے خود کو پرسکون رکھنے کے لیۓ ٹیبلٹ لے لی اور نیند کی وادی میں کھو گئ…
اگلے پورے دن وہ کمرے میں پڑی سوتی رہی. کسی نے اس کو جگانے کی زحمت نہیں کی. مشال آفندی نے سوچا کہ شاید وہ منگنی کو لے کر سب سے کٹ گئی ہے.. خود ہی ٹھیک ہو جاۓ گی.. شام کو پانچ بجے کے قریب اس کی آنکھ کھلی.. وہ اٹھی, فریش ہوئی اور باہر لان میں آ کر بیٹھ گئ. رضیہ نے وہیں اسے چاۓ لا کر دی… ناشتے کے بعد وہ رانیہ کی طرف چلی گئ. رانیہ اسے بہت تپاک سے ملی..
*———————–*
"کیا تم نہیں دیکھتے ہو کہ اللہ کی تسبیح کر رہے ہیں وہ سب جو آسمانوں اور زمین میں ہیں اور وہ پرندے جو پر پھیلاۓ اُڑ رہے ہیں.؟؟ ہر ایک اپنی نماز اور تسبیح کا طریقہ جانتا ہے, اود اللہ سب جانتا ہے جو کچھ یہ کرتے ہیں.” (النور ٤١)
"اللہ ساری کائنات کا نور ہے. اس نور کی طرف رہنمائ کرنے والے بے شمار نشانات ہیں کہ اگر کوئ دل کی آنکھیں کھول کر دیکھے تو اسے ہر چیز میں اللہ کی نشانیاں نظر آئیں گی. زمیں اور آسمانوں کی طرف انسان دیکھے تو اسے معلوم ہو گا کہ ہر چیز اپنے اپنے طریقے سے اللہ کے ہونے کا پتا دے رہی ہے, اس کی تسبیح بیان کر رہی ہے. ان بلند و بالا پہاڑوں کو دیکھو اور آسمان کو دیکھو کہ کس طرح سے بغیر سہارے کے موجود ہے, اس سے اہل بصیرت کو پتا چلتا ہے کہ اللہ ہر وقت اپنا کام کر رہا یے. ان پرندوں پر ایک انسان غور کرے کہ کس طرح اپنے پروں کے سہارے ہوا میں اڑ رہے ہیں, یہ پرندے بھی اللہ کی تسبیح کا طریقہ جانتے ہیں. یہ بھی اس پاک پروردِگار کے ہونے کا پتا دیتے ہیں.. کائنات کی ہر چیز اپنے اپنے طریقے سے اللہ کی تسبیح بیان کر رہی ہے اور اللہ سب سے باخبر رہتا ہے. مگر عقل کے اندھوں کو اللہ کہیں بھی نظر نہیں آتا.”
*———————-*
وہ دونوں رانیہ کے کمرے میں تھیں جب رمشا نے بات شروع کی..
"رانیہ مجھے تم سے کچھ ضروری بات کرنی تھی… وہ ایکچیولی میری ایک فرینڈ کو کچھ ہیلپ چاہیۓ تھی..”
"مجھے اچھا لگے گا اگر میں تمہاری فرینڈ کے کچھ کام آ سکوں..”
"ایک مسلمان لڑکی کے لیۓ کرسچن سے شادی کے بارے میں تمہاری کیا راۓ ہے…” رمشا کے اس سوال پر رانیہ چونکی.. اس نے رمشا کی بے چینی کو نوٹ کر لیا تھا لیکن ایک دم میں خود کو کمپوز کر کے بولی.
"ایک مسلمان لڑکا تو اہلِ کتاب سے شادی کر سکتا یے مگر ایک لڑکی کے لیۓ یہ سب جائز نہیں…”
"اگر وہ کسی بہت مشکل میں ہو تو پھر….” رمشا نے ایک دم میں اپنی نظریں نیچے کر دیں.. رانیہ کو دیکھ کر یہ سوال کرنے کی ہمت اس میں نہیں تھی.
"دیکھو رمشا میں جانتی ہوں کہ تمہاری فرینڈ کسی بڑی مشکل میں ہی ہو گی تب ہی وہ اتنا بڑا قدم لینے کا سوچ رہی ہے. تم اسے سمجھاؤ کہ جس چیز کی ہمارا مذہہب اجازت نہیں دیتا اس سے دور ہی رہنا چاہیۓ…” رانیہ نے رمشا کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھا تو اسے کچھ حوصلہ ملا..
"لیکن رانیہ اگر کوئ اور راستہ نہ بچے پھر…”
"میں نہیں سمجھتی کہ ایک کرسچن سے شادی ہی آخری راستہ ہو.. وہ اللہ جو انسان کو ستر ماؤں سے ذیادہ چاہتا ہے وہ کیسے اسے اس دوراہے پر لا کر کھڑا کر سکتا ہے.. تم اپنی فرینڈ کو بتاؤ کہ وہ اللہ سے اس کی محبت مانگے, اس کو حل مل جاۓ گا..”
"اگر وہ اللہ سے بہت دور ہو تو پھر اللہ اس کی مدد کیوں کرے گا…” رمشا کی آنکھوں میں آنسو آ گۓ تو اس نے ایک دم ٹشو لیا اور آنکھیں صاف کیں..
"دیکھو رمشا چاہے انسان اللہ سے کتنا ہی دور کیوں نہ ہو جاۓ, وہ اپنے بندے کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑتا, ہم دو قدم اس کی طرف بڑھائیں تو وہ چار قدم ہمارے قریب ہو گا.. وہ فرماتا ہے کہ تم مجھے پکارو میں تمہاری پکار کا جواب دوں گا…”
"تھینک ہو رانیہ…. تم سے بات کر کے مجھے بہت سکون ملا ہے…” اس نے ہلکے سےمسکرانے پر ہی اکتفا کیا…
اس کے بعد رمشا اٹھ کر چلی گئ.. رانیہ آواز کرتی رہی کہ آج کا کھانا وہ ان کے ساتھ کھاۓ لیکن اسے وہاں سے جانے کی بہت جلدی تھی..
*———————-*
شہریار آفریدی تانیہ کا کیس جیت چکا تھا.. تانیہ کے بھائ اور دلاور جہانگیر کو سزا مل گئ تھی.. ہر چینل پر اسی کا تذکرہ ہو رہا تھا.. اس کی قابلیت کو سراہا جا رہا تھا… وہ بہت خوش تھا لیکن یہ خوشی وہ کسی سے بھی شئیر نہیں کر سکتا تھا… اتنے دنوں سے کام کی وجہ سے وہ رانیہ کو فراموش کیۓ ہوۓ تھا لیکن اب مزید نہیں… وہ سیدھا بس سٹاپ کی طرف گیا جہاں پر رانیہ اسے نظر آ گئ.. وہ اکیلی کھڑی تھی اور اس نے وہی لاسٹ ٹائم والا سیاہ عبایا اوڑھا ہوا تھا..
"رانیہ میں چاہتا ہوں کہ اگلے کیس کی سیلیبریشن میں آپ میرے ساتھ ہوں.. میرے ہر قدم پر میرے ساتھ ساتھ چلنے کے لیۓ..” رانیہ کے ساتھ کا سوچ کر ہی شہریار آفریدی میں ایک نئی روح سی بھر گئ..
بیس منٹ شہریار آفریدی وہیں کھڑا رہا مگر ابھی تک رانیہ کی بس نہیں آئ تھی.. رانیہ کے پاس ٹیکسی کا کرایہ نہیں تھا تو اس نے پیدل جانے کا سوچا.. وہ تھوڑا سا آگے گئ ہو گی کہ شہریار نے اس کے پاس آ کر گاڑی روکی اور شیشہ نیچے کیا..
"آئیے رانیہ میں آپ کو ڈراپ کر دوں… اس طرح سے پیدل چل کر آپ خود کو تھکا دیں گی..”
"نہیں بہت شکریہ میں چلی جاؤں گی.. آپ فکر نہ کریں مجھے عادت ہے خود کو تھکانے کی..” اس نے شہریار کو بتایا اور پھر آگے چلنے لگی.. شہریار کی گاڑی بھی اس کے ساتھ ساتھ چل رہی تھی..
"شاید آپ نے مجھے پہچانا نہیں ہے اسی لیۓ منع کر رہی ہیں.. میں علی احمد انکل کا بھانجا ہوں…”
"میں آپ کو پہچان چکی ہوں شہریار صاحب.. رمشا نے ایک مرتبہ آپ کا بتایا تھا لیکن آپ جائیں پلیز.. میں آپ کے ساتھ نہیں آ سکتی…” رانیہ یہ کہہ کر وہاں نہیں رکی.. اس نے اپنے قدم تیز کر دئیے.. شہریار نے بھی اپنی گاڑی ریورس کی اور تانیہ کی طرف چلا گیا جہاں وہ نئے خواب سجاۓ اس کا انتظار کر رہی تھی..
*——————–
رمشا بہت شش و پنج میں مبتلا تھی. رانیہ اسے جو راستہ بتا رہی تھی وہ اس پر نہیں چل سکتی تھی. اللہ کے سامنے جھکنا دور, اس نے کبھی اس سے کچھ مانگا بھی نہیں تھا. اسے لگتا تھا کہ دنیا کی ہر چیز اس کے سامنے رکھنے والے اس کے بابا ہیں. وہ سیدھی کیفے رُوف ٹاپ گئی. وہاں رنگ برنگی لائٹیں جل رہی تھیں جو ہر طرف ایک فسوں بکھیر رہی تھیں. رمشا نے چاکلیٹ فلیور شیشا آرڈر کیا. شیشے کا دھواں ہر طرف پھیلا ہوا تھا. رمشا پائپ کی مدد سے دھواں اپنے وجود میں اتارتی جا رہی تھی اور اس کے اندر ایک سکون کی لہر پھیلتی جا رہی تھی.. بیگ میں اس کا فون مسلسل بج رہا تھا مگر وہ اسے اگنور کر رہی تھی..
*————————
"شہریار صاحب آپ کا بہت بہت شکریہ.. آپ کی وجہ سے میں یہ جنگ جیتی ہوں.. ورنہ مجھ بیچاری کو کون پوچھتا.” شہریار آفریدی کو دیکھتے ہی تانیہ تشکر آمیز لہجے میں بولی.
"شکریہ کی کوئی بات نہیں. یہ تو میرا فرض تھا.. چلو اب گھر چلیں….” شہریار یہ کہہ کر باہر نکل گیا تو تانیہ کے وجود میں ایک خوشی کی لہر دوڑ گئ.. یہ الفاظ تھے یا کوئ جادو.. شہریار اسے گھر چلنے کے لیۓ کہہ رہا تھا..
"شہریار صاحب جس طرح آپ نے میری زندگی میں رنگ بھرے ہیں, اسی طرح ایک دن میں بھی آپ کے گھر کے ساتھ آپ کی زندگی میں قدم رکھوں گی…” شہریار کے پیچھے جاتے ہوۓ وہ دل ہی دل میں اسے مخاطب کرنے لگی…
شہریار کے گھر پہنچ کر تانیہ کو بہت ہتک کا احساس ہو رہا تھا. پورے راستے وہ سوچ رہی تھی کہ سب لوگ اس کے استقبال کے لیۓ کھڑے ہوں گے مگر وہاں تو کوئی بھی نہیں تھا.. ملازمہ نے اس کا سامان اٹھایا اسے اس کے کمرے تک چھوڑ آئی.
"شہریار صاحب کا کمرہ کس طرف ہے…” جب ملازمہ باہر نکل رہی تھی تو تانیہ بولی…
"اس کمرے کے بالکل سامنے ہے ان کا کمرہ.. آپ آرام کریں میں آپ کے لیۓ کھانا لاتی ہوں…” وہ یہ کہہ کر باہر نکل گئ..
"تو آپ نے اپنے سامنے والا کمرہ مجھے دیا ہے شہریار صاحب… اتنے قریب رکھنا چاہتے ہیں آپ مجھے… میں ہر پل خود کو آپ کے قریب رکھوں گی.. تانیہ کا وعدہ ہے جی آپ سے…” تانیہ نے بیگ سے لان کا پرنٹڈ سوٹ نکالا اور فریش ہونے چلی گئی..
*————————-*
رمشا کے جانے کے بعد رانیہ بہت پریشان ہو گئی تھی.. وہ جانتی تھی کہ رامش سے جان چھڑانے کے لیۓ رمشا کسی کرسچن کے ساتھ شادی کرنے کا سوچ رہی ہے.. اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ وہ رمشا کو کس طرح سنبھالے.. اس نے رمشا کا فون ملایا مگر وہ اٹینڈ نہیں کر رہی تھی… کل اس نے رمشا کی طرف جانے کا فیصلہ کر لیا تھا…
*—————————*
پارسا کل دردانہ کی طرف آئی تھی. سلطانہ بیگم نے اسے سمجھا کر بھیجا تھا کہ کس طرح اسے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوۓ ان گھر والوں کو اپنا اسیر کرنا ہے… وہ دردانہ کے ساتھ سارے کام کروا رہی تھی… ابھی بھی وہ ٹیبل پر ڈنر سَرو کر رہی تھی.. اسے دیکھ کر دردانہ بیگم کا سر چوڑا ہو گیا تھا..
"دیکھ لیں فرمان صاحب یہ ہے میری بہن کی تربیت.. لوگوں کا کیا ہے وہ تو باتیں بنائیں گے.. آپ کے پاس ابھی بھی وقت یے سوچ لیں..” جب پارسا کچن میں گئی تو دردانہ بیگم فرمان نواز سےمخاطب ہوئیں..
"مما أپ اس ٹاپک کو کلوز کر دیں پلیز.. اس گھر میں صرف رمشا آۓ گی… پارسا نہیں .” فرمان صاحب سے پہلے ہی رامش نواز بول پڑا..
"رامش.. میں تمہیں کبھی معاف نہیں کروں گی…” دردانہ بیگم رامش کی بات کے جواب میں اتنا ہی بولیں.
"مما میں نے کوئی گناہ کیا ہی نہیں جس کی معافی مانگوں.. آپ ایسی باتیں کر کے میرا موڈ مت خراب کریں..” رامش ایک دم میں اکھڑ گیا.. رمشا سے آخری مرتبہ بات کرنے کے بعد سے وہ اسی طرح ہو گیا تھا..
"رمشا اس گھر میں بسنے والی نہیں ہے بیٹا… کیوں مجھے اپنا دشمن سمجھتے ہو… میں تو…” دردانہ بیگم اور بھی بول رہی تھیں کہ رامش وہاں سے اٹھ کر کمرے میں چلا گیا…
*———————-*
"میسی میں ایبک سے شادی کرنے کے لیۓ تیار ہوں.. بس میری منگنی ہو جانے دو.. اس کے بعد کسی بھی دن تم اسے بُلا لینا…” رومیسہ کے فون اٹھاتے ہی رمشا تیز تیز بولنے لگی…
"اب آئی ہو تم لائن پر مشی.. مجھے یقین تھا کہ تم یہی فیصلہ کرو گی… ایسے ہی میرا کہا مانو گی تو دیکھنا سب ٹھیک ہو جاۓ گا…” رومیسہ خوشامدی لہجے میں بولی…
"میں نے یہ بکواس سننے کے لیۓ فون نہیں کیا.. صرف اپنا فیصلہ بتایا ہے تمہیں..” رمشا نے موبائیل آف کر کے بیڈ پر پھینک دیا.
"تمہاری اتنی ہمت میرے ساتھ اس طرح بات کرنے کی… اب دیکھنا میں کیا کیا کرواتی ہوں تمہارے ساتھ…” رومیسہ نے ایبک کا نمبر ٹرائی کیا…
"ہاں ایبک.. مچھلی جال میں پھنس چکی ہے… بس کچھ دنوں کی بات ہے پھر وہ تمہارے بیڈ روم کی زینت بن جاۓ گی…”
"صرف میرے بیڈ روم کی ہی نہیں, بےشمار رومز کی… میں شوکت خان سے ڈیل فائنل کر لوں تمہاری رمشا کی…؟”
"ہاں ہنڈرڈ پرسنٹ… میرا شیئر بھی ریڈی رکھنا…” رومیسہ نے فون رکھ دیا.. وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو گئی تھی..
*——————–*
رانیہ صبح گیارہ کے قریب رمشا کے گھر آئی مگر وہ وہاں کہیں نہیں تھی.. اس نے اس کا نمبر ملایا جو آف جا رہا تھا..
"یا اللہ یہ لڑکی کیا کرنے جا رہی ہے… کیوں اپنا تماشا بنوا رہی ہے… یہ تو بے وقوف ہے تُو اسے سیدھا راستہ دکھا دے اللہ…” رانیہ نے اللہ سے سچے دل سے رمشا کے لیۓ دعا مانگی…
رانیہ کافی دیر رمشا کے کمرے میں اس کا انتظار کرتی رہی مگر وہ نہیں آئ.. اچانک اس کی نظر اس کے دراز میں پڑی.. وہاں پر رمشا کا موبائیل تھا.. اس نے اسے آن کیا اور کال ہسٹری چیک کی.. وہاں اسے کچھ خاص نہیں ملا تو اس نے انباکس کھولا..
"ایبک نے سارا انتظام کر لیا ہے.. میں دو تین دن میں تمہیں شادی کی ڈیٹ بتاؤں گی…” رومیسہ کا میسج دیکھتے ہی رانیہ کے پیروں تلے زمین سرک گئی.. اس نے جلدی سے اپنے موبائیل سے اسے میسج بھیجا..
"السلام علیکم رومیسہ..
مجھے رمشا کے سلسلے میں امپارٹنٹ بات کرنی ہے.. اینی ایڈریس..؟؟
رانیہ..”
رومیسہ نے میسج پڑھتے ہی ایک دم میں ایڈریس ٹیکسٹ کیا اور ساتھ میں ایبک کو میسج بھیجا..
"قسمت کچھ زیادہ ہی مہربان ہو رہی ہے ایبک… جلدی سے پرنس ہوٹل, روم نمبر 10 میں پہنچ جاؤ.. سرپرائز تیار ہے…”
*——————-*
پارسا صبح سویرے چاۓ لے کر رامش نواز کے کمرے میں آئی تھی.. اس نے اپنے گیلے بال پشت پر پھیلاۓ ہوۓ تھے اور دوپٹا گلے میں ڈالا ہوا تھا.. اس کے کپڑے بھی بہت چست تھے.. رامش کو اس سے وحشت ہونے لگی..
"ہزار دفعہ کہا ہے کہ میرے کمرے میں مت آیا کرو.. پھر کیوں آ جاتی ہو منہ اٹھا کر…” رامش نے اپنا منہ چادر میں چھپا لیا…
"میں نے سوچا تمہیں اپنے ہاتھ سے بنی چاۓ دے دوں… آفٹر آل ہم کزن ہیں رامش.. ” پارسا نے دوپٹا وہیں نیچے گرا دیا اور رامش کے سر سے چادر ہٹائ… اس کے کالے گھنے بال رامش کے چہرے پر پھیل گۓ اور وہ خود رامش کے اوپر گر گئ.. رامش نے اسے دھکیلنا چاہا مگر پارسا نے اس کے گرد اپنے بازو حمائل کر دئیے…
"میں اپنا آپ تمہیں سونپنا چاہتی ہوں رامش.. مجھے اپنے سے دور مت کرو.. میری قربت کو محسوس تو کر کے دیکھو, رمشا کو بھول جاؤ گے. ” پارسا نے رامش کے گالوں کو اپنے ہونٹوں سے چوما..رامش نے ایک جھٹکے سے اسے پرے دھکیلا.. وہ وہیں بیڈ کے دوسری طرف گر گئ..
"عورت پر ہاتھ اٹھانا مجھے میری ماں نے نہیں سکھایا پارسا.. ورنہ تمہاری اس حرکت کے بدلے تمہارا چہرہ لال کر دیتا…” اس نے پارسا کو بیڈ سے اٹھایا اور دھکیلتا ہوا کمرے سے باہر نکال دیا… پارسا نے بہت منت کی کہ وہ ایک مرتبہ اس کو آزماۓ مگر رامش نے اس کی ایک نہ سنی….
______
رانیہ کافی دیر سے رومیسہ کا انتظار کر رہی تھی مگر وہ ابھی تک نہیں آئی تھی.. جوں جوں وقت کا پہیہ چل رہا تھا اس کی بے چینی میں اضافہ ہوتا جا رہا تھا.. اس نے رومیسہ کو میسج بھیجا کہ مزید کتنا ویٹ کرنا ہے تو اس نے لکھا کہ بس پانچ منٹ.. یہ پانچ منٹ کاٹنا رانیہ کے لیۓ بہت بھاری گزر رہے تھے… باہر اذان کی آواز گونجنے لگی. رانیہ نے پوری اذان سنی اور اس کا جواب دیا.. اس کی بے چینی تھوڑی سی کم ہو گئی تھی…
کمرے کا دروازہ کھلا تو باہر سے ایبک اندر داخل ہوا… اس کے چہرے پر خوشی دیدنی تھی…
"تھینک یو رومیسہ فار سچ آ بیوٹیفُل سرپرائز…” ایبک نے میسج ٹائپ کر کے رومیسہ کو بھیج دیا..
*————–
شہریار آفریدی آج صبح سے ہی بہت بے چین تھا. اس کا کسی کام میں جی نہیں لگ رہا تھا اسی لیۓ اس نے آج کی میٹنگز کینسل کیں اور گھر آ گیا مگر اس کی بے چینی بدستور قائم تھی. ایسا لگ رہا تھا اس کا دل کسی نے اپنی مٹھی میں جھکڑ لیا ہو. کسی بہت اپنے کی تکلیف اسے اپنی اوٹ میں محسوس ہو رہی تھی. اس نے گاڑی نکالی اور بس سٹاپ کی طرف نکل گیا جہاں پر رانیہ اسے مل جاتی تھی… مگر آج رانیہ وہاں کہیں بھی نہیں تھی.. ایسا تو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا..
"یا اللہ رانیہ جہاں کہیں بھی ہے اسے اپنی حفاظت میں رکھیں..” شہریار نے اللہ سے رانیہ کے لیۓ دعا مانگی…
جاری ہے

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔