پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

"مرا قلم نہیں کاسہ کسی سبک سر کا جو غاصبوں کو قصید…

"مرا قلم نہیں کاسہ کسی سبک سر کا
جو غاصبوں کو قصیدوں سے سرفراز کرے”

عہدِ تاریک کا روشن ترین ستارہ اور ضیاء آمریت کے دور کا سب سے بڑا ہیرو: احـــمــد فـــراز

اشفاق حسین کینیڈا میں احمد فراز سے اپنی پہلی ملاقات اور نظم محاصرہ کے بارے میں رقم طراز ہیں کہ:

"ٹورنٹو کے مشاعرے میں پہلی بار جب احمد فراز اپنا کلام سنا رہے تھے تو ہر طرف ایک سکوت کا عالم تھا لیکن یہ سکوتِ سخن شناس نہیں بلکہ سکوتِ حیرانگی اور احترامِ سخن شناسی کی منزل تھی۔ مگر جب وہ اس منزل کے آخری موڑ پر پہنچے اور اپنی نظم "محاصرہ” سنانے لگے تو ہر کوئی ان کے احترام میں نہ صرف یہ کہ کھڑا ہوگیا تھا بلکہ ان کے قدموں میں اپنا دل بچھائے ہوئے تھا۔ یہ شاعری نہیں، ساحری تھی اور تمام ساحرین مسحور ہوچکے تھے۔ میں نے بھی آج پہلی ہی بار ان کے منہ سے یہ نظم سنی اور خود میں بھی ایک عجیب محویت کے عالم میں کھو گیاتھا۔ بعد کے دنوں میں بھی (صرف مشاعروں ہی میں نہیں بلکہ نجی محفلوں میں بھی) اس نظم کو خود انہی سے کئی کئی بار سنا لیکن اس بار کا تو عالم ہی کچھ اور تھا۔ عجیب اتفاق ہے کہ احمد فراز نے اپنی زندگی کے آخری مشاعرے میں واشنگٹن میں جو آخری نظم پڑھی وہ بھی یہی نظم محاصرہ تھی۔٭”

٭اشفاق حسین، احمد فراز: یادوں کا ایک سنہرا ورق، لاہور، 2009 صفحہ41

نظم "محاصرہ”

مرے غنیم نے مجھ کو پیام بھیجا ہے
کہ حلقہ زن ہیں مرے گرد لشکری اُسکے
فصیل شہر کے ہر برج، ہر منارے پر
کماں بدست ستادہ ہیں عسکری اُسکے

وہ برق لہر بجھا دی گئی ہے جس کی تپش
وجودِ خاک میں آتش فشاں جگاتی تھی
بچھا دیا گیا بارود اسکے پانی میں
وہ جوئے آب جو میری گلی کو آتی تھی

سبھی دریدہ دہن اب بدن دریدہ ہوئے
سپردِ دار و رسن سارے سرکشیدہ ہوئے

تمام صوفی و سالک، سبھی شیوخ و امام
امیدِ لطف پہ ایوانِ کجکلاہ میں ہیں
معززین ِعدالت حلف اٹھانے کو
مثالِ سائلِ مبرم نشستہ راہ میں ہیں

تم اہل ِحرف کے پندار کے ثناگر تھے
وہ آسمانِ ہنر کے نجوم سامنے ہیں
بس اک مصاحبِ دربار کے اشارے پر
گداگرانِ سخن کے ہجوم سامنے ہیں

قلندرانِ وفا کی اساس تو دیکھو
تمھارے پاس ہے کون آس پاس تو دیکھو

سو شرط یہ ہے جو جاں کی امان چاہتے ہو
تو اپنے لوح و قلم قتل گاہ میں رکھ دو
وگرنہ اب کے نشانہ کمان داروں کا
بس ایک تم ہو، سو غیرت کو راہ میں رکھ دو

یہ شرط نامہ جو دیکھا تو ایلچی سے کہا
اُسے خبر نہیں تاریخ کیا سکھاتی ہے
کہ رات جب کسی خورشید کو شہید کرے
تو صبح اک نیا سورج تراش لاتی ہے

سو یہ جواب ہے میرا مرے عدو کے لیے
کہ مجھکو حرص ِکرم ہے نہ خوفِ خمیازہ
اسے ہے سطوتِ شمشیر پر گھمنڈ بہت
اسے شکوہِ قلم کا نہیں ہے اندازہ

مرا قلم نہیں کردار اس محافظ کا
جو اپنے شہر کو محصور کر کے ناز کرے
مرا قلم نہیں کاسہ کسی سبک سر کا
جو غاصبوں کو قصیدوں سے سرفراز کرے

مرا قلم نہیں اوزار اس نقب زن کا
جو اپنے گھر کی ہی چھت میں شگاف ڈالتا ہے
مرا قلم نہیں اس دُزدِ نیم شب کا رفیق
جو بے چراغ گھروں پر کمند اچھالتا ہے

مرا قلم نہیں تسبیح اس مبلغ کی
جو بندگی کا بھی ہر دم حساب رکھتا ہے
مرا قلم نہیں میزان ایسے عادل کی
جو اپنے چہرے پہ دُہرا نقاب رکھتا ہے

مرا قلم تو امانت ہے میرے لوگوں کی
مرا قلم تو عدالت مرے ضمیر کی ہے
اسی لیے تو جو لکّھا تپاکِ جاں سے لکھا
جبھی تو لوچ کماں کا، زبان تیر کی ہے

میں کٹ گروں کہ سلامت رہوں یقیں ہے مجھے
کہ یہ حصار ِستم کوئی تو گرائے گا
تمام عمر کی ایذا نصیبیوں کی قسم
مرے قلم کا سفر رائگاں نہ جائے گا۔۔


Comments

5 responses to “"مرا قلم نہیں کاسہ کسی سبک سر کا جو غاصبوں کو قصید…”

  1. شاعر بھی کیا کمال ہوتے ہیں بات اپنے من کی کرتے لیکن ہر پڑھنے والا اپنی ہی داستان سمجھتا ہے

  2. واااااااہ ۔۔۔ جی ۔۔۔۔ واااااااہ ۔۔۔۔۔ کیا ۔۔۔۔۔۔ کہنے

جواب دیں