پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسلام میں شاعری کی حیثیت اور متعلقات شعر پر ایک تح…

اسلام میں شاعری کی حیثیت اور متعلقات شعر پر ایک تحقیقی نظر
پانچواں اور آخری حصہ

۔
قرآنِ مجید نے جس شاعری اور جن شاعروں کی پیروی سے روکا ہے، وہ ایک مخصوص ڈگر کی شاعری تھی، جس میں اخلاقی اقدار اور توحید و رسالت کی تعلیمات کے برعکس عریانی و فحاشی اور غیر اخلاقی مضامین کو بیان کرنا اس عہد کا دستور بن چکا تھا۔ غیر اللہ کی طرف رغبت، اسباب پر انحصار اور اصنام کی تعریف و توصیف کا عنصر بھی اس شاعری کا جزو اعظم تھا۔ والشعراء یتبعھم الغاون اسی بات کی طرف اشارہ ہے سبع معلقات اگرچہ زبان اور بیان کے اعتبار سے عربی میں ایک شاہکار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اشعار کی سلاست، الفاظ کا رکھ رکھاؤ، حسنِ بیان، محاورات کا برمحل استعمال اور مضمون آفرینی اگرچہ ان کا طرۂ امتیاز ہے، مگر قرآن و سنت کے مفاہیم عالیہ کے سامنے اس دور کی ساری شاعری خاک کے برابر بھی نہ تھی۔ حضور نے آباؤ و اجداد پر فخر کرنے سے منع فرمایا، مگر اس دور میں فکر بالآباء کا دستور عام تھا یہاں ہم سبع معلقہ میں سے ایک معلقہ کے چند اشعار مع ترجمہ نمونہ کی طور پر نقل کرتے ہیں، تاکہ قارئین سمجھ سکیں کہ جس شاعری سے قرآن مجید نے منع فرمایا، وہ شاعری کیسی تھی اور ان شاعروں کے دماغوں میں کس قدر بوئے نخوت تھی۔ وہ کس قدر اجڈ ضدی اور گنوار قسم کی ذہنیت کے مالک تھے۔ یہ قصیدہ عمرو بن کلثوم کا ہے
الا لا یعلم الا قوام انا
تضعضعنا وانا قدونینا
خبردار کوئی قوم بھی یہ نہیں جانتی کہ کبھی ہم نے عجز و انکسار کیا ہو، کبھی اپنے کام میں سستی برتی ہو۔
الا لا یجھلن احد علینا
فنجھل فوق جھل الجاھلینا
خبردار ہم سے کوئی جہالت کا معاملہ نہ کرے، ورنہ ہم(ان کے ساتھ) جاہلوں کی کی جہالت سے بڑھ کر جہالت کریں گے
ورثنا مجد علقمۃ ابن سیف
اباح لنا حصرن المجد دینا
ہم نے وراثت میں علقمہ بن سیف(سردار قبیلہ) کی بزرگی پائی اور اس نے ہمارے لیے بوجہ قہر و غضب عزت و بزرگی کے قلعے جائز کر دیے۔
و نشرب ان وردنا الماء صفوا
و یشرب غیرنا کدرا و طینا
جب ہم پانی( کے گھاٹ) پر پہنچتے ہیں تو پہلے ہم صاف ستھرا پانی پی لیتے ہیں اور بعد میں دوسرے لوگ بچا ہوا میلا اور مٹی والا پانی پیتے ہیں۔
الا ابلغ بنی الطماح عنا
ود عمیا فکیف وجد تمونا
ہماری طرف سے بنی طماح ودعمی(دو عرب قبائل) کو خبر پہنچا دے کہ انہوں نے ہمیں جنگ کے معاملے میں کیسا پایا
ملأنا البر حتی ضاق عنا
ونحن البحر نملأہ سفینا
ہم نےتمام روئے زمین کی خشکی کو اپنی فوج سے ایسا بھر دیا کہ وہ (باوجود وسعت کے) ہم پر تنگ ہو گئی اور اس طرح ہم نے سمندر کو اپنے قبیلے کی کشتیوں سے بھر دیا۔
اذا بلغ الفطام لنا صبی
تخر لہ الجبابر ساجدینا
جب ہمارا بچہ دودھ چھڑانے کی عمر کو پہنچتا ہے تو دوسری اقوام کے بڑے بڑے نامور سردار اس کے سامنے سجدہ ریزی کرتے ہیں۔
لنا الدنیا و من اضحی علیہا
و نبطش حین نبطش قادرینا
دنیا اور تمام دنیا والے ہماری مملکت ہیں اور جس وقت ہم کسی کی پکڑتے ہیں اپنی قوت سے پکڑتے ہیں اور چھوڑتے بھی نہیں (ہمیں اس پر پوری قدرت حاصل ہے)
مندرجہ بالا اشعار پڑھ کر انسان کے ذہن میں وہ تصورِ انسانیت نہیں ابھرتا، جس کا خاکہ قرآن و سنت نے کھینچا ہے، بلکہ ذہن اس قسم کے اشعار سن کر تہذیبی اقدار کے بجائے اکھڑ پن، رعونتِ نسبی اور رذیل صفات کی طرف مائل ہونے لگتا ہے۔ اس لیے رسالت مآبﷺ نے ایسے کلام کو پسند فرمایا اور اس کی تعریف فرمائی، جس میں دانائی، دلیل اور حکمت ہو اور جسے پڑھ یا سن کر انسان کا ذہن اخلاقی پستیوں کی دلدل سے نکل کر عالی ظرفی، بلند حوصلگی اور صفاتِ عالیہ کی رفعتوں کو چھونے لگے۔ عربی ادب کی نسبت فارسی ادب ایسے اشعار سے بھرا پڑا ہے، جس میں بلند فکر اساتذۂ سخن نے اپنے فطری جوہر دکھاتے ہوئے اس خوبصورتی سے ایک مصرع بہ صورتِ دعوی اور مصرعِ ثانی بہ طور دلیل پیش کیا ہے کہ عالی اذہان مسحور ہو کر رہ جاتے ہیں اور ان کی نادرہ زائیاں اور بلند خیالیاں دیکھ کر بے اختیار سبحان اللہ العظیم کہہ اٹھتے ہیں یوں تو دعویٰ اور دلیل کے ساتھ اشعار کہنے والوں کی تعداد بہت ہے، مگر جو اس میدان کے شہسوار سمجھے جاتے ہیں ان میں صائب تبریزی، مولانا غنی کاشمیری، مرزا عبدالقادر بیدل اور مولانا جلال الدین رومی کے اسمائے گرامی سرِ فہرست ہیں۔
اردو شعراء اگرچہ یہ انداز پیدا نہ کر سکے۔ شاید اس کی وجہ اردو زبان کی تنگ دامانی ہے۔ بہرحال پھر بھی میر ببر علی انیس، مرزا سلامت علی دبیر، خواجہ آتش، ناسخ، مصحفی اور استاد ابراہیم ذوق کے نام لیے جا سکتے ہیں مولانا غلام قادر گرامی جالندھری کی فارسی رباعیات میں یہ جھلک پائی جاتی ہے اور پھر علامہ اقبال کے اردو کلام کی نسبت فارسی کلام میں یہ انداز پوری قوت کے ساتھ جلوہ فرما نظر آتاہے۔ جہاں تک برزگانِ دین اور صوفیاء کے کلام کا تعلق ہے تو ایسے لوگوں کے کلام کے سلسلے میں اتنا عرض کر دیناضروری سمجھتا ہوں کہ ان میں سے بعض وہ حضرات ہیں، جو شاعری کو محض اظہارِ مدعا کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور اسی حد تک شعر کہہ لیتے ہیں، ان کا کلام شعری محاسن کا شاہکار نہیں کہلا سکتا۔ مگر وہ دوسرے میدان کے شہسوار ہوتے ہیں ۔ مثلا فقہ، حدیث، تفسیر اور دوسرے فنون میں مہارت رکھتے ہیں۔ اور انہیں شعر گوئی کا کوئی دعویٰ بھی نہیں ہوتا۔ میرے خیال میں اگر ان کی شاعری میں وہ فنی کمالات نہ بھی پائے جاتے ہوں جنہیں ماہرین اساتذۂ سخن نے لازمۂ سخن قرار دیا ہے۔ تو یہ کوئی اتنا بڑا عیب نہیں کہ جو قابلِ درگزر نہ ہو۔ اگر ان کا کوئی مصرع ساقط الوزن ہو، یا ان کا کوئی شعر غرابتِ لفظی کا شکار ہو، ایطائے خفی یا جلی کی زد میں ہو تقابل ردیف کا عیب ہو یا وہ پوری قوت سے بات نہ کہہ پائے ہوں۔ کسی مصرعے کی چول ڈھیلی ہو، مضمون کمزور ہو، بلند خیالی نہ پائی جاتی ہو، یا شعر میں جاذبیت مفقود ہو، تو ایسے صوفیاء کے کلام کو سنتے اور پڑھتے وقت درگزر سے کام لینا چاہیے اور یہ خیال کرنا چاہیے کہ انہوں نے دوسرے علمی میدانوں میں جو فطری جوہر دکھائے ہیں وہ بھی اپنی جگہ وقیع ہیں۔ بعض ناقدین نے مولانا رومی اور کچھ اردو اور پنجابی صوفی شعراء کے کلام پر انگشت تنقید اٹھائی اور اسے شائع بھی کیا۔ میں یہ نہیں کہتا ہے ہمارے تمام صوفیاء کا کلام معیارِ سخن گوئی پر کماحقہ پورا اترتا ہے، کیوں کہ میں خود بھی اس دنیا سے اچھا خاصہ تعلق رکھتا ہوں، اس لیے ایسے جلد باز ناقدین سے اتنا ضرور کہوں گا کہ میں ان کے کلام کو بحوالۂ شاعری محاسنِ سخن کا شاہکار نہیں کہتا، مگر اتنا ضرور کہوں گا کہ وہ بعض مصرعے ایسے بھی کہہ گئے کہ جن پر پورا ادب قربان کیا جاسکتا ہے چند اشعار اور مصاریع بطورِ ثبوت ملاحظہ ہوں۔ شاہ نیاز بریلوی ؒ فرماتے ہیں:
نہ مقامِ گفتگو ہے نہ محل جستجو
ہےدل بے نوا نے میرے جہاں چھاؤنی ہے چھائی
بلھے شاہ کا یہ مصرعہ:
دن اکے دھرو دوال نی ، میرا پیا گھر آیا، لال نی
یہ مصرع ایسا ہے کہ پورے عربی فارسی اردو اور پنجابی ادب میں یہ مضمون کسی اور نے بیان نہیں کیا اس مصرعہ کے مضمون کی رفعت اور پھر کیفیت و مستی کو ذرا ناقدین حضرات بچشمِ غور دیکھیں اور پھر انصاف سے فیصلہ دیں کہ کیا وہ ایسا ایک مصرعہ خود بھی کہہ لینے کی توفیق رکھتے ہیں۔ سیف الملوک کے مصنف اور مشہور پنجابی شاعر میاں محمد کھڑی شریف والوں کا یہ شعر
کرنا کرنا ہر کوئی آکھے میں وی آکھاں کرنا
جس کرنے وچ خوشبو ناہیں اس کرنے کی کرنا
ناقدین اب بولیں کہ ایک پنجابی شاعر نے کرنا اور کرنے کی تقرار سے مضمون میں جو لطف پیدا کیا اور کرنا پھول کو بطورِ علامت استعمال میں لاتے ہوئے، جو خوبصورت نتیجہ نکالا ہے، کیا ایسا شعر آپ بھی کہہ سکتے ہیں؟ یا صرف تنقید ہی کر سکتے ہیں
میاں محمد کا ایک اور شعر ملاحظہ ہو
جی کردا تینوں کول بٹھا کے درد پرانے چھیڑاں
ہجر ترا جے پانی منگے کھوہ نیناں دے گیڑاں
مجھے کوئی شخص "کھوہ نینا دے گیڑاں” کا خیال اور یہ ترکیب عربی، فارسی اور اردو ادب سے نکال کر تو دکھا دے۔
اسی طرح حضرت پیر مہر علی شاہ گولڑوی نے بھی کلام کہا ہے اور اپنے اپنے موقع و محل کے اعتبار سے خوب ہے، مگر آج بڑے سے بڑا ناقد ذرا درجِ ذیل شعر کو پڑھے اور پھر اس کا جواب لا کر دکھائے۔
سبحان اللہ ما اجملک ما احسنک ما اکملک
کتھے مہر علی کتھے تیری ثناء گستاخ اکھیں کتھے جا اڑیاں
میرے نزدیک بلا شبہ یہ وہ شعر ہے کہ جس پر پورے ادبیاتِ عقیدت کی دنیا قربان کی جا سکتی ہے۔ یہ بات میں خوشامدانہ طور پر نہیں کہہ گیا کہ پیر مہر علی شاہ گولڑویؒ میرے پردادا ہیں اس ذات کی قسم جس کے قبضۂ قدرت میں ہر ذی روح کی جان ہے یہ وہ شعر ہے کہ جسے بار بار سننے سے ایسا لطف پیدا ہوتا ہے کہ جس کا بیان کرنا اس کے لطف کو کھو دیتا ہے۔ میں نے جو کچھ کہا وہ ایک شاعر اور عربی، فارسی اور اردو ادب کا ایک ادنیٰ طالب ہونے کے ناتے سے کہا۔ کسی انسان کی بے جا تعریف میری عادت میں داخل ہی نہیں چاہے وہ کوئی شیخ ہو، عظیم صوفی ہو، یا کوئی اور صاحب فن ہو، بالخصوص علم و ادب کی دنیا میں اگر کوئی شعر کمزور ہو گا تو ببانگ دہل کہوں گا کہ اس میں فلاں فلاں عیوب ہیں اور یہ معیارِ شعر سے گرا ہوا ہے، چاہے وہ جس کا بھی کلام ہو، میں صوفیاء کے کمزور اور بے وزن اشعار کو عارفانہ کلام کی چادر میں ڈھانپنے کا قائل نہیں، بلکہ جس کا جو شعر یا جو مصرعہ جس درجے کا ہو اس کے مطابق اس کا تجزیہ کرنے کا قائل ہوں۔
جن لوگوں کا خیال ہے کہ نظم و نثر میں محض ابلاغِ مفہوم ضروری ہے زبان و بیان اور دیگر لوازمِ فن کا ہونا چنداں ضروری نہیں، میرے نزدیک یہ عجزِ بیان کا خاموش اعتراف ہوتا ہے۔ ایسی تحریر یا ایسے شعر زیادہ دیر زندہ نہیں رہتے، عقیدت مندی کی رو میں بہہ کر کسی کی نظم یا نثر کو پڑھ لینا اور بات ہے مگر کسی کی نظم یا نثر کا شہ پارۂ ادب قرار پانا بالکل اور بات ہے۔ نظم و نثر یا خطاب وہ ہوتا ہے جس کی تعریف دشمن کرے۔ قرآن مجید کو محض مسلمان عقیدت مندوں کے لیے ہی نازل نہیں کیا گیا کہ وہ اسے صرف چوم کر اعتراف عظمت کر لیا کریں۔ بلکہ یہ ہدایت کا آخری پیغام ہونے کے ساتھ ساتھ ان سر پھرے اور بزعم خویش زبان و بیان کے ٹھیکیداروں کے لیے ایک عظیم چیلنج بھی تھا، جنہیں اپنی فصاحت لسانی اور زبان دانی پر بڑا گھمنڈ تھا۔ اللہ تعالیٰ نے ان سے کہا کہ تم میری ایک سورۃ کے مقابلے میں کوئی سورۃ کہہ کر تو لاؤ مگر وہ کسی صورت بھی ایسا نہ کرسکے۔ ہم چوں کہ مسلمان ہیں اور ہمارا یہ عقیدہ ہے کہ قرآن مجید کا ایک ایک لفظ اپنے اندر ایک جہانِ معنی لیے ہوئے ہے اور اس کتاب میں ساری کائنات کے اسرار و رموز کا بیان موجود ہے، مگر مشرکینِ مکہ قرآن کی معنویت کے قائل نہیں ہوئے، کیوں کہ ان کے نزدیک اس میں ایسی بے شمار باتیں ہیں، جو دوسرے انسان بھی کہہ سکتے ہیں، گویا معنی اور مفہوم کے اعتبار سے ان کے نزدیک آیاتِ قرآنیہ اس قدر بلند نہ تھیں مگر جس چیز نے انہیں عاجز کردیا، وہ قرآن کا اسلوب بیان، فصاحت و بلاغت، لفظوں کا رکھ رکھاؤ، خوبصورت جملوں اور مختصر الفاظ پر مشتمل آیات کی اثر انگیزی وغیرہ تھی۔ اسی لیے قرآن نے فاتو بسورۃ من مثلہ کے الفاظ میں چیلنج دیا۔ اگرچہ آیت الفاظ و معانی دونوں سے تشکیل پاتی ہے، لیکن یہ چیلنج معانی و مطالب کے اعتبار سے نہیں، بلکہ الفاظ اور جملوں کے اعتبار سے تھا، کیوں کہ فصحائے عرب کو معانی کے مقابلے میں الفاظ پر زیادہ ناز تھا، جیسا کہ اس مقالے میں دیئے گئے عربی اشعار کے مفاہیم سے واضح ہے۔ بعض آیات کے مفاہیم عام سہی، مگر ان کی ادائیگی کے لیے جن الفاظ کو منتخب کیا گیا اور پھر انہیں جس سلیقے سے نظم کیا گیا بلاشبہ وہ انسانی ذہن کے لیے الفاظ و معانی کا ایک حیرت خانہ ہے۔ چناں چہ مشرکین مکہ اگرچہ قرآنی مطالب و مفاہیم عالیہ پر تو ایمان لانے سے رہے، مگر قرآن کی معجز بیانی کے آگے اپنی گردنیں خم کر دیں اس بحث کا خلاصہ یہ نکلا کہ محض ٹوٹے پھوٹے الفاظ میں مفہوم بیان کر دینے سے شعر گوئی یا نثر نویسی یا خطابت کا حق ادا نہیں ہوجاتا، بلکہ قرآن مجید کا اسلوب بیان اور فصاحت و بلاغت کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا بحرِ ذخار یہ دعوت دیتا ہے کہ اے انسان! اگر تو نے کچھ لکھنا یا بولنا ہی ہے تو کسی ڈھنگ سے لکھا اور بولا کر، کیوں کہ ہم نے تجھے قوت گویائی کے جوہر عطا کیے ہیں، چاہے شعر کہہ ، نثر لکھ یا خطاب کر مگر یہ سب کچھ اس ڈھنگ سے پیش کر کہ پڑھنے سننے والا بے ساختہ پکار اٹھے۔
اعجاز بیانی سے پتا چلتا ہے
لفظوں کی روانی سے پتا چلتا ہے
طاقت ہے ترے ذہن کے پیچھے کوئی
القائے معانی سے پتا چلتا ہے
بات چوں کہ شعر گوئی کے حوالے سے چلی تھی، اس لیے اس کے متعلق جملہ پہلوؤں سے بات کی گئی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں وہ کلام کہنے سننے اور پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے جس کلام کو افصح العرب والعجم نے پسند فرمایا اور وہ ایسے اشعار ہیں، جو دانائی، دلائل اور حکمت سے بھرے ہوئے ہوں۔ تاکہ قاری کا ذہن ان سے کچھ حاصل کرے۔ فلمی گانوں، بے ہودہ اور بازاری قسم کے اشعار اور موسیقی سے اللہ تعالیٰ بچائے۔ کیوں کہ ایسا کلام اور موسیقی سننا گناہ ہے۔ جس سے ہوائے نفس بڑھے اور انسان انابت الی اللہ کے بجائے لہو و لعب میں کھو کر رہ جائے۔ ایسے عالی اشعار کا اشعار انہی لوگوں سے ممکن ہے، جو خود باشعور ہوں اور عالی ذہن شعراء کا کلام سمجھنے کی فطری استعداد کے حامل ہوں، آخر میں خواجہ آتش کا وہی مصرعہ دہرا کر اپنی بات کو ختم کرتا ہوں کہ
شعر گوئی کام ہے آتش ! مرصع ساز کا
یا یہ کہ
بہتریں گوہرِ گنجینۂ ہستیست سخن
گرسخن جاں نبود، مردہ چرا خاموش است
ترجمہ: انسان کے لیے خزانۂ ہستی کا بہترین موتی سخن(بات کرنا) ہے۔ اگر سخن روح کا درجہ نہیں رکھتا تو پھر مردہ کس لیے خاموش ہے۔ گویا مردے کا نہ بول سکنا ہی اس کی سب سے بڑی دلیلِ مرگ ہے۔

نصیر الدین نصیر کان اللہ لہ


Comments

2 responses to “اسلام میں شاعری کی حیثیت اور متعلقات شعر پر ایک تح…”

  1. باقی پانچ حصہ بھی شئیر کیجئے ۔۔

جواب دیں