پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عدوات (ریاض عاقب کوہلر) قسط نمبر 3 …

عدوات (ریاض عاقب کوہلر)
قسط نمبر 3

میچ سے گھنٹا بھر پہلے ہی دونوں ٹیمیں باسکٹ بال کورٹ میں پہنچ گئی تھیں ۔اپنی اپنی یونیورسٹی کی کِٹ ڈال کر دونوں ٹیمیں پریکٹس کرنے لگیں ۔لمبا تڑنگا ملک ثوبان الحق ایک بہترین کھلاڑی تھا۔ بچپن ہی سے اسے پڑھائی سے زیادہ کھیل کود کا شوق رہا تھا ۔پڑھائی میں وہ درمیانے درجے کا طالب علم تھا جو بس بغیر نقل کے پاس ہو جایا کرتا تھا ۔البتہ کھیل کے میدان میں اس کی کارکردگی بے مثال تھی ۔یونیورسٹی کے علاوہ وہ باسکٹ بال کلب کی جانب سے بھی مقابلوں میں حصہ لیتا تھا۔
میچ شروع ہونے سے پون گھنٹا پہلے عباس باسکٹ بال کورٹ سے باہر نکلا اس کا رخ کیفے ٹیریا کی جانب تھا ۔اور میچ شروع ہونے سے قریباََ آدھا گھنٹا باقی تھا جب وہ دودھ کی بوتلوں کا کریٹ لیے نمودار ہوا ۔
”چلیں جی !سر عبداللہ کی طرف سے ٹھنڈا میٹھا دودھ نوش فرمائیں ۔“
اس کی ہانک سنتے ہی سارے کھلاڑی اس کے گرد جمع ہو گئے تھے ۔اس نے ایک ایک بوتل سب کو دینا شروع کر دی ۔ٹیم کیپٹن ہونے کے ناتے اس نے سب سے پہلی بوتل ملک ثوبان کے حوالے کی تھی ۔اور پھر اسے بوتل، منہ سے لگاتے دیکھ کر عباس کے ہونٹوں پر خفیف سی مسکراہٹ دوڑ گئی تھی ۔
تمام کے بوتلیں خالی کرتے ہی اس نے خالی بوتلیں کریٹ میں ڈالیں اور واپس لے گیا۔تھوڑی دیر بعد وہ واپس پہنچ کر ٹیم کے ساتھ پریکٹس کرنے لگا،مگر اس کا سارا دھیان ملک ثوبان کی طرف تھا جو مختلف انداز اور پینترے بدل کر بال کو کامیابی سے رنگ سے گزار رہا تھا ۔ لامحالہ وہ بہترین کھلاڑی ہونے کے ساتھ ایک منفرد کھلاڑی بھی تھا ،کہ مختلف انداز اور طریقوں سے بال کو باسکٹ بال رنگ میں پھینکتا تھا ۔
میچ انتظامیہ کی طرف سے سپیکر پر دونوں ٹیموں کے کھیلنے والے کھلاڑیوں کی لسٹ کا مطالبہ کیا جانے لگا ۔اچانک عباس نے ملک ثوبان کو عجلت سے واش روم کا رخ کرتے دیکھا ۔
”وہ مارا ۔“عباس نے دل ہی دل میں نعرہ لگایا اور نظریں گھما کر تماشائیوں میں نیہا ملک کو تلاشنے لگا ۔مگر تماشائیوں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ ایک طائرانہ نظر میں اسے ڈھونڈنا مشکل تھا ۔
ریفری نے باسکٹ بال کورٹ کی سنٹر لائن پر کھڑے ہو کر ایک لمبی سیٹی بجا ئی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آمنے سامنے قطار باندھ کر کھڑے ہو گئے ۔دونوں ٹیموں کو اچھا کھیل پیش کرنے کی ہدایت کر کے سینئر ریفری نے ٹیم کپتانوں کو ٹاس کے لیے بلایا ۔
”ثوبان کہاں ہے ؟“
”واش روم تک گیا ہے ۔آپ ٹاس کروا لیں وہ آتا ہی ہو گا ۔“احمد کے سوال پر عباس جلدی سے بولا ۔ اور احمد سر ہلاتا ہوا ریفری کی طرف بڑھ گیا۔
مخالف ٹیم نے ٹاس جیت لیا تھا ۔ریفری کے پوچھنے پر مخالف ٹیم نے اپنے لیے وہی طرف برقرار رکھی تھی ۔فالتو کھلاڑی کورٹ سے باہر نکل کر بینچوں پر بیٹھ گئے ۔ثوبان کی ٹیم کے چار کھلاڑی ہی میدان میں کھڑے تھے کیونکہ ان کا کپتان ثوبان غائب تھا اور وہی پانچواں کھلاڑی تھا ۔
ٹیم کوچ کسی لڑکے کو واش روم کی طرف بھیجنے کے بجائے خود اس طرف بڑھ گیا ۔ عباس بھی اس کے ساتھ ہو لیا تھا ۔ثوبان انھیں واش بیسن کے ساتھ پیٹ پر ہاتھ رکھے کھڑا نظر آیا۔اور پھر کوچ کے استفسار سے پہلے وہ ایک دم مڑا اور سرعت سے ایک ٹائلٹ میں گھس گیا۔
”اسے کیا ہو گیا ہے ؟“ان کے کوچ مشتاق نے متوحش آواز میں پوچھا ۔
عباس نے سوچنے کی اداکاری کرتے ہوئے جوا ب دیا ۔”شاید پیٹ میں گڑ بڑ ہو گی۔“
اسی وقت دو تین بار تیز وسل بجی ۔یقینا ان کی ٹیم سے تاخیر کی وجہ پوچھی جا رہی تھی ۔ عباس نے واش روم کے دروازے سے جھانک کر کورٹ کی طرف نگاہ دوڑائی مگر وہاں سے اسے کچھ نظر نہ آیا ۔اسی وقت احمر دوڑتا ہوا وہاں پہنچا ۔
”سر !….ریفری تاخیر کی وجہ دریافت کر رہا ہے ؟“
کوچ مشتاق نے کہا ۔”ایسا کرو ثوبان کی جگہ تم خود اندر چلے جاو…ثوبان کے آتے ہی تمھیں باہر نکال لیں گے ۔“
اس نے گھبرا کر پوچھا ۔”مم….مگر ثوبان بھائی کو ہوا کیا ہے؟“
”پیٹ میں تھوڑا درد ہے گھبرانے کی ضرورت نہیں ….بس ہم آ رہے ہیں ۔“کوچ نے اسے ٹالتے ہوئے جانے کا اشارہ کیا
”اوکے سر !“کہہ کر احمر واپس بھاگ گیا ۔کہ ریفری کی سیٹی ایک بار پھر بج اٹھی تھی ۔ یقینا ٹاس ہو جانے کے بعد ریفری کسی قسم کی دیر برداشت نہیں کر سکتا تھا۔
تالیوں کے شور سے عباس کو میچ کے شروع ہونے کا اندازہ ہوا۔ثوبان پانچ چھے منٹ لگا کر ہی ٹائلٹ سے باہر نکلا تھا ۔
”ثوبان !کیا ہوا ؟“کوچ مشتاق فکر مندی سے اس کی جانب بڑھا ۔
”پتا نہیں سر !….بس پیٹ میں شدید قسم کے مروڑ اٹھ رہے ہیں ۔“
”مم….مگر ایک دم کیسے ؟“کوچ حقیقت میں سخت پریشان تھا ۔
”کچھ کہہ نہیں سکتا سر !….معذرت چاہوں گا ۔“کہہ کر وہ دوبارہ ٹائلٹ میں گھس گیا۔اور کوچ فکر مندی سے ہاتھ ملنے لگا ۔اسی وقت عباس کو بھی ہلکی سی ندامت محسوس ہوئی کہ اس کا ذمہ دار وہ تھا ۔مگر پھر ہزار ہزار کے کڑکڑاتے نوٹ اس کی نگاہوں کے سامنے لہرانے لگے۔
تین چار منٹ کے بعد ثوبان دوبارہ باہر نکلا اور کوچ کو کہنے لگا ۔
”سر !….پلیز آپ جائیں اگر مجھے افاقہ ہوا تو میں آ جاوں گا ۔آپ کی ضرور ت گراونڈ میں ہے ۔“اتنی بات کہہ کر وہ ایک بار پھر ٹائیلٹ کی جانب پلٹ گیا۔عباس اور کوچ واپس کورٹ میں پہنچ گئے ۔پہلے کوارٹر کا کھیل ختم ہو چکا تھا ۔دس منٹ کے اختتام پر مخالف ٹیم نے آٹھ باسکٹ کر کے سولہ پوائنٹ حاصل کیے تھے، جبکہ ان کی ٹیم فقط دو باسکٹ کر کے چار پوائنٹ لے سکی تھی ۔گو ابھی تک تیس منٹ باقی تھے مگر ان کی ٹیم حوصلہ ہار گئی تھی ۔ان کی ٹیم کا انحصار ہی ثوبان ملک کے کھیلنے پر تھا ۔یوں بھی باسکٹ بال ایسا کھیل ہے کہ ایک کھلاڑی ہی کھیل کا پانسا پلٹ سکتا ہے اور ثوبان ملک ایسا ہی تھا ۔اگر وہ ہوتا تو یقینا صورت حال مختلف ہوتی ۔مخالف ٹیم کوبھی ثوبان کی غیر موجودی ورطاے حیرت میں ڈالے ہوئے تھی ۔
کورٹ میں مخالف طرف کے تماشائیوں کے نعروں ،تالیوں اور سیٹیوں کی گونج تھی ۔
ان کے وہاں پہنچتے ہی تمام ثوبان کے بارے استفسار کرنے لگے ،مگر ان کے پاس تسلی کے الفاظ موجود نہیں تھے ۔
میچ دوبارہ شروع ہوا اور ان کی ٹیم کی درگت بننے لگی ۔وہ یوں بری طرح ہارے تھے کہ اس کا تصور ہی ناممکن تھا ۔دوران میچ عباس سخت قسم کے پچھتاوے کا شکار ہوگیا تھا ۔مگر اب پچھتاوے سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں تھا ۔اپنے شیر کو پنجرے میں بند کرنے والا وہ خود تھا ۔ مخالفین کے نعروں سے باسکٹ بال کورٹ گونج رہا تھا ۔اس بات کا تو کوئی تصور ہی نہیں کر سکتا تھا کہ ان کی ٹیم ہار جائے گی ۔مگر ناممکن ،ممکن ہو گیا تھا ۔مخالف ٹیم کی دعائیں رنگ لائی تھیں ٫کسی غریب کا نخلِ تمنا کھل گیا تھا یاپھر نفرت کا جذبہ فتح یاب ہوا تھا اس بارے کچھ کہنا مشکل ہے ۔
میچ ہارنے کا دکھ نہایت شدید تھا ۔دبے لفظوں میں ایک دوسرے کو الزامات دیئے جانے لگے اور دوسروں کی غلطیوں کی نشان دہی کی جانے لگی ۔اس سے پہلے کہ وہ آپس میں الجھتے ٹیم کے کوچ نے انھیں خاموش کراتے ہوئے کہا ۔
”کسی کا بھی قصور نہیں ہے ۔بس ٹیم کپتان کی طبیعت کی خرابی کی وجہ سے ہم ہارے ہیں ۔“
احمد نے باآواز بلند پوچھا۔”وہ ابھی تک نہیں آیا ۔“ اور تمام کھلاڑی اسے دیکھنے کے لیے واش روم کی طرف بڑھ گئے ۔ثوبان کی لیٹرین یاترا جاری تھی ۔اس کی اڑی ہوئی زردرنگت دیکھ کر تمام کو احساس ہوا کہ اس کی طبیعت سخت خراب ہے ۔ٹیم کوچ کے حکم پر اسے دو لڑکوں نے سہارا دیا اور پھر اس کی گاڑی میں بٹھا کر ہاسپیٹل لے جانے لگے ۔
٭٭٭
اگلے دن اتھلیٹ کے مقابلے تھے ۔عباس نے پختہ ارادہ کر لیا تھا کہ وہ ملک ثوبان کو دوبارہ وہ سفوف نہیں پلائے گا ۔مگر اس کا یہ ارادہ کسی کام نہیں آ سکا تھا کہ ثوبان ملک گراونڈ میں تو آیا تھا لیکن خود کو مقابلے میں حصہ لینے کے قابل نہیں سمجھ رہا تھا ۔کوچ کے اکسانے کے باوجود اس نے مقابلے میں حصہ لینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا تھاکہ ….”سر !مقابلے میں حصہ جیتنے کے لیے لیا جاتا ہے ہار کی غرض سے نہیں ۔اور اس حالت میں جیتنا ناممکن ہے ۔“
چونکہ اتھلیٹ کوچ کو بھی اس کی صحت کی خرابی کا معلوم تھا اس لیے اس نے اصرار نہیں کیا تھا ۔
اسے صحت مند دیکھ کر عباس نے سکھ کا سانس لیا تھا ۔اگر اسے کچھ ہو جاتا تو شاید وہ کبھی خود کو معاف نہ کر سکتا ۔اسے دوڑ میں حصہ نہ لیتے دیکھ کر عباس کو ہلکی سے خفت کے ساتھ خوشی کا احساس بھی ہوا تھا ۔بغیر کسی کوشش کے ثوبان دوڑ کے مقابلے میں حصہ نہیں لے رہا تھا ۔گو نیہا ملک نے باسکٹ بال کے میچ کے بعد بقیہ رقم کی ادائی کا وعدہ کیا تھا مگر گزشتہ دن وہ میچ کے بعد اس سے ملاقات نہیں کر سکا تھا کہ ثوبان کو ہسپتال لے کر جانے اور اس کے ٹھیک ہونے تک وہ وہیں رہا تھا ۔یوں بھی باسکٹ بال ٹیم کا کھلاڑی ہونے کی وجہ سے ،ثوبان ملک کے ساتھ اس کے تعلقات دوستانہ تھے ۔
پانچ ہزار میٹر کی دوڑ میں ان کی یونیورسٹی کا کھلاڑی تیسرے نمبر پر آیا تھا ۔مقابلے کے ختم ہوتے ہی عباس نے گراونڈ سے یونیورسٹی کی لائبریری کا رخ کیا کیونکہ وہ جانتا تھا نیہا ملک اسے وہیں ملے گی ۔اس کے اندازے کے مطابق وہ وہاں موجود تھی ۔اس کی دل چسپی صرف پڑھائی یا اس سے متعلقہ کارروائیوں تک محدود تھی ۔کھیل کود کو وہ وقت کا ضیاع ہی گردانتی تھی ۔
ا س وقت وہ کونے کی میز پر تنہا بیٹھی کسی ضخیم کتاب کے مطالعے میں غرق تھی ۔
”اسلام علیکم !“اس کے قریب جا کر عباس نے آہستہ سے کہا۔
اس نے چونکتے ہوئے عباس کی طرف دیکھا۔اور اس کے ہونٹوں پر مدہم سا تبسم نمودار ہوا۔
”اوہ عباس صاحب !….آوبیٹھو ۔“
”شکریہ ۔“کہتے ہوئے عباس نے دائیں بائیں دیکھا اور کرسی گھسیٹ کر اس کے سامنے بیٹھ گیا ۔حفظ ماتقدّم کے طور پر اس نے ٹیبل پر دھرے کتابوں کے ڈھیر سے ایک کتاب اٹھا کر اپنے سامنے کھول کر رکھ لی کہ وہ نیہا ملک سے اپنی ملاقات کو اپنے دوستوں سے خفیہ رکھنا چاہتا تھا ۔گو لائبریری جیسی جگہ میں اس کے دوستوں کی آمد غیر یقینی تھی ،مگر اس کے باوجود وہ کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتا تھا ۔نیہا اور ثوبان کی دشمنی ان کے جاننے والے کسی بھی شخص کی نظروں سے اوجھل نہیں تھی ۔
”تو آپ بقیہ معاوضا لینے آئے ہیں ؟“وہ توبہ شکن انگڑائی لیتے ہوئے مستفسر ہوئی ۔ یقینا وہ کافی دیر سے وہاں پر موجود تھی۔
وہ بولا ۔”ارادہ تو یہی ہے میڈم!“
”آج دوڑ کا مقابلہ کیسا رہا ؟“
”ثوبان ملک حصہ نہیں لے پایا ہے ۔اور اس کی جگہ جس آدمی نے حصہ لیاوہ تیسرے نمبر پر آیا ہے ۔“
”کسی دوسرے٫ تیسرے سے مجھے کوئی غرض نہیں ۔“اس نے منہ بناتے ہوئے پرس کھولا اور پانچ پانچ ہزار کے چار نوٹ نکال کر اس کی جانب بڑھا دیے۔
”شکریہ میڈم !“دائیں بائیں دیکھ کر عباس نے جلدی سے اس کے ہاتھوں سے نوٹ جھپٹ لیے ۔
”آج اسے وہ سفوف پلایا تھا؟“
”نہیں….وہ ابھی تک کل والی کمزوری محسوس کر رہا تھا ۔“عباس نے سچ بولنا ہی مناسب سمجھا تھا۔یوں بھی رقم وہ وصول کر چکا تھا۔
اس نے منہ بناتے ہوئے کہا۔”ویسے اتنا بڑا کھلاڑی نہیں ہے جتنا تم لوگوں نے اسے سر پر چڑھایا ہوا ہے ۔“
”کل کا میچ دیکھا تھا؟“
”میرے پاس اتنا فالتو وقت تونہیں ہے ۔لیکن دیکھ لیا تھا۔“
”میڈم !کل ہماری ٹیم تیس گولوں سے ہاری ہے ۔جبکہ ثوبان کی موجودی میں ہم اس ٹیم کو بیس گولوں کے واضح فرق سے ہرا چکے ہیں۔“
”اچھا بھاڑ میں جائے ثوبان۔اور اب میں تمھارا مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہتی ۔“ یقینا اسے ثوبان کی تعریف پسند نہیں آئی تھی ۔
”ٹھٹھ….ٹھیک ہے میڈم !میں چلتا ہوں۔“وہ گڑبڑاتے ہوئے وہاں سے اٹھ گیا ۔ اور وہ دوبارہ کتاب کی جانب متوجہ ہو گئی ۔
٭٭٭
ٹی وی لاونج میں بیٹھا ثوبان بے خیالی میں مسلسل چینل بدل رہا تھا ۔اس کی نظریں سکرین پر تھیں مگر اس کادماغ کہیں اور پہنچا ہواتھا ……..
مقابلوں کے ختم ہونے کے بعد وہ پہلے دن کلاس اٹینڈ کرنے آیا تھا ۔پروفیسر ابھی تک کلاس میں نہیں آیا تھا طلبہ گپ شپ میں لگے تھے ۔ثوبان الحق کی آمد کے بعد نیہانے اپنی ایک سہیلی کوباآوازبلند کسی چوہدری کے شکاری کتے کی کہانی سنانی شروع کر دی ۔اس کی آوازبہ ہرحال اتنی اونچی ضرور تھی کہ کافی طلبہ اس کی جانب متوجہ ہو گئے تھے ۔
”تو بس جناب جب خرگوش اپنے بل سے باہر نکل کر بھاگا تو چوہدری صاحب کے کتے کوپیشاب آگیا اور خرگوش بچ نکلا….چوہدری صاحب پھرشکار کی تلاش میں سرگرداں ہوئے۔ اس کی خوش قسمتی کہ اسے دوبارہ ایک خرگوش نظر آگیااور اس نے کتے کی رسی کھول کر خرگوش کے پیچھے لگا دیا ،مگر چند قدم لینے کے بعد کتے کو پھر پیشاب آ گیا ۔اور خرگوش یہ جا وہ جا ۔ ایک مرتبہ پھر کسی نئے شکار کی امید میں وہ آگے بڑھے شکار پھر نظر آیا ،چوہدری نے سہ بارہ کتے کا رسّا کھولا مگر پہلے کی طرح چند قدم لیتے ہی کتے نے اپنی عادت کے مطابق ٹانگ اٹھا دی ۔ تنگ آکر چوہدری نے ایک تاریخ ساز قدم اٹھا یا اور اپنی بندوق سیدھی کر کے یہ کہتے ہوئے کتے کو وہیں ڈھیر کر دیا ۔کہ تیرے عام دنوں کا بھاگنا دوڑنا کس کام کا،کہ شکار کے وقت تجھے پیشاب آ جاتا ہے ۔“
”اس کی بات پر کان دھرے طلبہ کے ہونٹوں پر مسکراہٹ دوڑ گئی تھی ۔نیہا کی مثال کے پسِ پردہ طنز ان کی نظر سے اوجھل نہیں تھا ۔نیہا ملک اور ثوبان ملک کی دشمنی سے تمام کلاس اچھی طرح واقف تھی ۔دونوں ایک دوسرے پر طنز و پھبتی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے تھے ۔
”یہ ہنسنے کی بات نہیں ہے ۔“طلبہ کو ہنستا دیکھ کر وہ با آوازبلند بولی ۔”چوہدری صاحب کا ردعمل قابل تحسین ہے ۔یقین مانو میر ا بس چلے تو پاکستان کرکٹ ٹیم کے ان تمام کھلاڑیو ں کو گولی سے اڑا دوں جو عین میچ کے دنوں میں ان فٹ ہو جاتے ہیں اور ان کی وجہ سے ہمیں میچ ہارناپڑتاہے ۔“وہ نام تو پاکستان کرکٹ ٹیم کا لے رہی تھی مگر بین اسطور وہ کس پر پھبتیاں کس رہی تھی یہ بات تمام کلاس کو معلوم تھی ۔
اس کی بات پر ثوبان خون کے گھونٹ بھر کر رہ گیا تھا ۔اس سے خاموش نہ رہا گیا۔
”اچھا دوستو!یہ بات سب کو معلوم ہو گی کہ مس نیہا اکرام الحق بد قسمتی سے میرے چچا کی بیٹی ہیں گو آج کل ہمارے تعلقات کشیدہ ہیں لیکن بچپن میں ہم اکٹھے کھیلتے تھے اور یقین مانیں مس نیہاملک کو اس شرط پر ساتھ کھلاتے کہ تھے کہ اگر گیند گندی نالی میں گر گئی تو مس نیہا ملک نکالے گی ۔اور آج وہی نیہا صاحب پاکستان کرکٹ ٹیم پر طنز فرما رہی ہے ۔“
ثوبان کے دوستوں نے زور دار قہقہہ لگا کر اس کی حوصلہ افزائی کی تھی ۔
نیہا ترکی بہ ترکی بولی ۔”اسے کہتے ہیں چور کی داڑھی میں تنکا ۔“
”اور چورنی کے منہ میں خاک !“ثوبان بھی کب خاموش رہنے والا تھا ۔
”شٹ اپ !“وہ غصے میں چلائی ۔
”میرا خیال ہے تمھیں تمھاری اوقات یاد دلانی پڑے گی ۔“ثوبان خطرناک ارادے سے اس کی جانب بڑھا۔
”تم ہاتھ لگا کر دیکھو ۔“وہ بے خوفی سے اس کے سامنے تن کر کھڑیٍ ہو گئی تھی ۔
”یہ کیا بے وقوفی ہے یار ۔“عباس نے ایک دم اٹھ کر ثوبان کو پکڑ لیا ۔
وہ دانت پیستے ہوئے بولا ۔”اسے بولنے کی تمیز ہی نہیں سکھائی کسی نے۔“
”تم آئے بڑی تمیز والے….“وہ کہاں خاموش رہنے والی تھی ۔”خواتین کے ساتھ بات کرنے کا بھی سلیقہ نہیں ہے ۔“
”تم خواتین کے زمرے میں آتی کہاں ہو۔….آئینہ دیکھو، بندریا لگتی ہو ۔“
”تم یوسف ثانی ہو نا ۔منہ نہ متھا، جن پہاڑوں لتھا۔“
”نیہا!…. پاگل مت بنو بیٹھو ۔“شمائلہ نے اس کا ہاتھ پکڑتے ہوئے کھینچا۔
”کیوں بیٹھ جاوں ، ڈرتی نہیں ہوں اس سے ۔ایسوں کو ٹھیک کرنا مجھے اچھی طرح سے آتا ہے ۔“
”تم صرف زبان درازی جانتی ہو ….اور جس دن میری برداشت جواب دے گئی تمھاری یہ لمبی زبان کاٹ دوں گا ۔“
وہ چلائی ۔”لاوارث نہیں ہوں۔“
”پلیز خاموش ہو جاویار !“عبداللہ نے اٹھ کر ہاتھ جوڑ دئےے تھے ۔
ثوبان نے اپنی صفائی دیتے ہوئے کہا ۔”یار !….شروعات کس کی جانب سے ہوئی۔ اس نے ایویں ہی صبح صبح بکواس شروع کر دی ۔“
”جھوٹ نہیں کہا ۔تم اس یونیورسٹی کے لیے کھیلتے ہو اور اس یونیورسٹی کا ہر طالب علم اپنے کسی بھی کھلاڑی پر تنقید کاحق رکھتا ہے ۔“نیہا نے کلاس فیلوز کی ہمدردی جیتنے کے لیے نئی چال چلی ۔
”وہ طالبِ علم خود آ کرکیوں نہیں کھیلتا؟“
”تم نہ کھیلو ۔باسکٹ بال ٹیم کی جان چھوڑ دو، کھیلنے والے کئی ہیں ۔“
”تو کہاں کھیلا ہوں ؟….میں نے تو حصہ نہیں لیا۔جس نے ہرایا ہے اسے کوسو ۔ “
”عین میچ کے وقت، مخالف ٹیم سے ڈر کر بیت الخلامیں گھس جانے والے کو نہ کوسوں تو اور کسے کوسوں ؟….سارا سال تم نے کسی بھی کھلاڑی کو اپنی جگہ پر نہیں کھیلنے دیا اور آخری دن جگہ خالی کر د ی واہ ….کیا قربانی ہے۔“
”تم صرف بکواس کرنا جانتی ہو ….ورنہ تمام کو معلوم ہے کہ میں بیمار ہو گیا تھا۔“
”اسے بیماری نہیں بزدلی کہتے ہیں ۔ڈرپوک آدمی مقابلے کے وقت بیت الخلاہی کی پناہ لیتا ہے ۔“نیہا نے زہر اگلا۔
”تم کل بلالووہ ٹیم، اگر ہم ان سے ہار گئے تو وعدہ کرتا ہوں کبھی باسکٹ بال کورٹ میں داخل نہیں ہوں گا ۔“
”رہنے دو ،یہ ڈینگیں اپنی کسی محبوبہ کے سامنے مارنا ۔“نیہا نے طنزیہ انداز میں ارم کو گھورا ۔جو اس ہنگامے کے دوران خاموش بیٹھی کڑی نظروں سے اسے گھور رہی تھی ۔ ثوبان اور اس کے درمیان جو کچھ چل رہا تھا اس سے تمام کلاس فیلوزواقف تھے ۔
”میں تمھاری طرح بڑ بولا نہیں ہوں ۔“
”تم میری طرح ہو بھی نہیں سکتے ۔“نیہا برابر اسے جواب دئےے جا رہی تھی ۔”اور فرض کیا باسکٹ میچ کے دوران تمھاری صحت ٹھیک نہیں تھی۔….اگلے دن دوڑ کے مقابلے میں حصہ کیوں نہیں لیا ؟“
”شاید تمھارے دماغ میں بھوسا بھرا ہے کیا ،ایک دن میں جسم سے خارج شدہ توانائی بحال جاتی ہے؟“
”توانائی کا تو میں کچھ نہیں کہتی ،البتہ بزدلی کی بحالی کے لیے مقابلوں کا ختم ہونا ضروری ہوتا ہے ۔“
اس سے پہلے کہ ثوبان اسے کوئی کراراجواب دیتا ،پروفیسر اسلم کلاس روم میں داخل ہوئے اوراس کی زبان کو بریک لگ گئی ۔
”اسلام علیکم!….اور معذرت، میں تھوڑا لیٹ ہو گیا ۔“
”وعلیکم اسلام !“کہہ کر تمام کلاس اس کی جانب متوجہ ہو گئی تھی ۔
٭٭٭
**********جاری ہے**********
اگر پوسٹ اچھی لگی تو شئیر ضرور کیجیے گا………مزید ایسی پوسٹ کے لیے ہمارا پیج لائیک کریں اور ساتھ فالو کے بٹن پر کلک کر کے سی فرسٹ آل See First All پر کلک کریں