سونی ماہیوال
قسط 6
مہینوال کو اتنا تو اندازہ تھا کہ ان کے عشق کا راز کھل گیا ہے اور اس کے بارے میں باتیں ہونے لگی ہیں لیکن اسے یہ یقین نہیں تھا کہ اسے اتنی جلدی گھر سے نکال دیا جائے گا۔ اس وقت سوہنی بھی ایک طرف کھڑی یہ سب کچھ سن رہی تھی مگر وہ اپنی جگہ مجبور تھی، کچھ نہ کر سکتی تھی۔ اس طرح تلے نے مہینوال کوگھر سے نکال دیا اور سوہنی بے بسی میں آنسو بہاتی رہ گئی۔ اس کے بعد یہ ہوا کہ تلے اور اس کی بیوی نے کمہاروں کا ایک لڑکا پسند کرکے جلدی جلدی سوہنی کی منگنی کردی اور دوچار روز ہی میں شادی کرکے اسے رخصت کردیا۔ سوہنی بہتیری چیخی چلائی مگر اس کی کون سنتا تھا؟ زبردستی اسے ڈولی میں ڈال دیا گیا اور باجوں گاجوں کے شور میں اس کی ساری چیخیں دب کر رہ گئیں۔ کہا جاتا ہے کہ شب عروسی میں اس نے اللہ کے آگے دعا کی۔
’’ اے اللہ! میں مہینوال کی امانت ہوں، تو ہی مجھے محفوظ رکھنے والا ہے۔‘‘
اس کی یہ دعا اس طرح قبول ہوئی کہ اسی رات اس کا شوہر کسی ایسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہوگیا جس کا کوئی علاج نہ تھا۔ پھر وہ مردانہ قوت سے محروم ہونے کے ساتھ ساتھ چند ہی روز میں سوکھ کر کانٹا ہوگیا۔
ادھر مہینوال کا یہ ہوا کہ جب اسے گھر سے نکال دیاگیا تو وہ ادھر ادھر بے مقصد مارا مارا پھرنے لگا۔ پھر جونہی اسے سوہنی کی شادی کی خبر ملی تو وہ اور بھی پریشان ہوگیا۔ اس کی حالت پہلے ہی قابل رحم ہورہی تھی، اب اور بھی ابتر ہوگئی۔ سوہنی سے ملنے کی کوئی سبیل نظر نہیں آرہی تھی۔ اتفاق سے ایک روز اسے سوہنی کی ایک سہیلی مل گئی تو اس نے اس سے اتا پتا پوچھا اور ایک خط بھی دیا کہ اسے سوہنی تک پہنچا دو۔ خط میں اس نے سوہنی سے گلے شکوے کرتے ہوئے اسے بے وفا کہا تھا لیکن دوچار روز بعد جب سوہنی کا جواب ملا تو اس کے دل کی ڈھارس بندھی سوہنی نے لکھا تھا۔
’’ میں اپنے قول کی سچی ہوں۔ تمہاری تھی اور ہمیشہ تمہاری رہوں گی۔‘‘
مہینوال کو اس کی سچی محبت کا یقین آگیا تھا۔ اس نے سوہنی کی سہیلی سے اس کے سسرال کا پتا تو معلوم کرہی لیا تھا چنانچہ ایک روز فقیر کا بہروپ بھرکے اس کے دروازے پر جا پہنچا اور فقیروں کی طرح آواز لگادی۔
’’ اللہ کے نام پر بابا… کچھ فقیر کودو!‘‘
اتفاق سے سوہنی کی ساس کسی کام میں مصروف تھی، اس لیے اس نے کہا، فقیر کو خیرات دے دو۔ اور پھر جونہی سوہنی نے خیرات دینے کے لیے دروازہ کھولا تو آگے مہینوال کو کھڑے پایا۔ وہ گھبرا گئی کہ کہیں کسی کو پتا نہ چل جائے۔ انہوں نے جلدی جلدی دوچار باتیں کیں اور سوہنی نے اسے مشورہ دیا کہ۔
’’ تم دریا کے دوسرے کنارے پر گھاٹ کے قریب ڈیرا جمالو۔ میں رات کو دریا تک پہنچ جاوں گی تم ادھر سے تیر کے آجانا۔ مہینوال نے ایسا ہی کیا۔ اس نے دریا کے دوسری جانب ایک جھونپٹری بنالی اور دھونی رماکر بیٹھ گیا۔ سوہنی بھی رات کے انتظار میں تھی جیسے ہی رات ہوگئی اور گھر کے تمام لوگ گہری نیند میں چلے گئے تو وہ دبے پاؤں اٹھی اور گھر سے نکل کر دریا پر پہنچ گئی۔ دوسری طرف سے مہینوال تیر کر وہاں پہلے ہی آچکا تھا، دونوں نے تنہائی میں ایک دوسرے کو دیکھا تو دیوانہ وار ملے اور جی بھر کے باتیں کیں۔ اس کے بعد ان کا یہ روز کا معمول بن گیا تھا کہ رات کو سوہنی دریا پر پہنچ جاتی، دوسری طرف سے مہینوال آجاتا اور دونوں بیٹھ کر آپس میں باتیں کرتے۔ مہینوال روز اس کے لئے بھنی ہوئی مچھلی لاتا تھا۔
اتفاق سے ایک روز وہ مچھلی نہ پکڑ سکا مگر محبوب کے پاس خالی ہاتھ نہیں جاسکتا تھا۔ اس نے چاقو سے اپنی ران کا گوشت کاٹا اور اسے بھون کر لے آیا۔ سوہنی نے روز کی طرح مچھلی کھائی تو اسے ذائقہ مختلف محسوس ہوا۔ کہنے لگی۔
’’ یہ آج تم کیسی مچھلی لائے ہو… بڑی بدذائقہ ہے‘‘؟
یہ سن کر مہینوال نے اپنی ران پر بندھی ہوئی پٹی کھول دی اور بتایا کہ مچھلی پکڑ نہیں سکا تھا اس لیے اپنا ہی گوشت بھون لایا ہوں۔ یہ دیکھ کر سوہنی بہت گھبرائی اور اسے پیار کرتے ہوئے بولی۔
’’ یہ تم نے کیا کیا؟ مجھے تو تمہارے سچے عشق کا پہلے سے یقین ہے۔‘‘
پھر اس نے کہا۔
’’ اب کل سے تم دریا پار کرکے نہیں آؤ گے میں خود تمہارے پاس پہنچوں گی۔‘‘
(جاری ہے)

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔