پیر • 5 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب غزلیں

سراجؔ اورنگ آبادی عجب، وہ مُو کمر خورشید رُو ہے …


سراجؔ اورنگ آبادی

عجب، وہ مُو کمر خورشید رُو ہے
نزاکت جس کے قد میں مُو بہ مُو ہے

نہیں ہے اُس کو طوبا کی تمنّا
جسے، اُس سرو قد کی آرزُو ہے

ہُوا ہے جس کے دِل کا پیرَہن چاک
خیالِ تارِ زُلف اُس کا رفُو ہے

نمازی ہے طرِیقِ عاشقی میں
کوئی جو آنسؤں سے باوضُو ہے

اُسے ہے جلوۂ دِیدار بے شک
جسے آئینۂ دِل رُوبہ رُو ہے

ہُوا ہے جو شہیدِ تیغِ اُلفت
صَفِ عُشاق میں وہ سُرخ رُو ہے

کِیا ہے پردۂ دِل جس نے فانُوس
سراج ؔ اُس کو خیالِ شمع رُو ہے

سراجؔ اورنگ آبادی
(سیّد شاہ سراج الدین)