پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خوفناک عمارت عمران سیریز قسط 3 ”وہ دراصل ان کے …

خوفناک عمارت
عمران سیریز
قسط 3

”وہ دراصل ان کے ایک دوست کی ملکیت تھی اور اس دوست نے ہی اسے خریدا تھا ان کی دوستی بہت پرانی تھی لیکن فکر معاش نے انہیں ایک دوسرے سے جدا کردیا ۔آج سے پانچ سال قبل اچانک جج صاحب کو اس کا ایک خط ملاجو اسی عمارت سے لکھا گیا تھا اس نے لکھا تھا کہ اس کی حالت بہت خراب ہے اور شائد وہ زندہ نہ رہ سکے لہٰذا وہ مرنے سے پہلے ان سے بہت اہم بات کہنا چاہتا ہے !تقریباً پندرہ سال بعد جج صاحب کو اس دوست کے متعلق کچھ معلوم ہوا تھا ! ان کا وہاں پہنچنا ضروری تھا بہرحال وہ وقت پر نہ پہنچ سکے ان کے دوست کا انتقال ہوچکا تھا ۔ معلوم ہوا کہ وہاں تنہاہی رہتا تھا ….ہاں تو جج صاحب کو بعد میں معلوم ہوا کہ مرنے والے نے وہ عمارت قانونی طور پر جج صاحب کی طرف منتقل کردی تھی ۔ لیکن یہ نہ معلوم ہوسکا کہ وہ ان سے کیا کہنا چاہتا تھا ۔

عمران تھوڑی دیر تک کچھ سوچتا رہا پھر بولا۔

”ہاں !….اور اس کمرے کے پلاسٹر کے متعلق پوچھا تھا ۔“

”جج صاحب نے اس سے لاعلمی ظاہر کی ۔ البتہ انہوں نے یہ بتایا کہ ان کے دوست کی موت اسی کمرے میں واقع ہوئی تھی۔“

”قتل ۔“عمران نے پوچھا ۔

”نہیں قدرتی موت گاو ¿ںوالوں کے بیان کے مطابق وہ عرصہ سے بیمار تھا ۔“

”اس نے اس عمارت کو کسی سے خریدا تھا ۔“عمران نے پوچھا ۔

”آخراس سے کیا بحث ! تم عمارت کے پیچھے کیوں پڑگئے ہو۔“

”محبوبہ یک چشم کے والد بزرگوار سے یہ بھی پوچھو۔“

”ذرا آہستہ !عجیب آدمی ہواگر اس نے سن لیا تو!“

”سننے دو!۔۔ابھی میں ا سے اپنے دل کی حالت بیان کروں گا ۔“

”یار عمران خدا کے لئے ….کیسے آدمی ہوتم !“

”فضول باتیں مت کرو۔“عمران بولا ۔”ذرا جج صاحب سے وہ کنجی مانگ لاو ¿۔“

”اوہ کیا ابھی ….!“

”ابھی اوراسی وقت“۔

فیاض اٹھ کر چلا گیا ! اس کے جاتے ہی وہ دونوں خواتین ڈرائنگ روم میں داخل ہوئیں ۔

”کہاں گئے !“فیاض کی بیوی نے پوچھا۔

”شراب پینے۔“عمران نے بڑی سنجیدگی سے کہا۔

”کیا؟“فیاض کی بیوی منہ پھاڑ کر بولی۔پھر ہنسنے لگی۔

”کھانا کھانے سے پہلے ہمیشہ تھوڑی پیتے ہیں ۔“ عمران نے کہا ۔

”آپ کو غلط فہمی ہوئی ہے ….وہ ایک ٹانک ہے ۔“

”ٹانک کی خالی بوتل میں شراب رکھنا مشکل نہیں !“

”لڑانا چاہتے ہیں آپ۔“فیاض کی بیوی ہنس پڑی۔

”کیا آپ کی آنکھوں میں کچھ تکلیف ہے ۔“عمران نے رابعہ کو مخاطب کیا۔

”جی ….جی….جی نہیں ۔“رابعہ نروس نظر آنے لگی۔

”کچھ نہیں ۔“فیاض کی بیوی جلدی سے بولی۔”عادت ہے تیز روشنی نہیں ہوتی اسی لئے یہ چشمہ ….“

”اوہ اچھا ؟“عمران بڑبڑایا ۔”میں ابھی کیا سوچ رہا تھا۔“

”آپ غالباً یہ سوچ رہے تھے کہ فیاض کی بیوی بڑی پھوہڑ ہے ۔ ابھی تک کھانا بھی نہیں تیار ہوسکا ۔“

”نہیں یہ بات نہیں ہے میرے ساتھ بہت بڑی مصیبت یہ ہے کہ میں بڑی جلدی بھول جاتا ہوں ! سوچتے سوچتے بھول جاتا ہوں کہ کیا سوچ رہا تھا ۔ ہوسکتا ہے میں ابھی یہ بھول جاو ¿ں کہ آپ کون ہیں اور میں کہاں ہوں ؟ میرے گھر والے مجھے ہر وقت ٹوکتے رہتے ہیں ۔“

”مجھے معلوم ہے ۔“فیاض کی بیوی مسکرائی۔

”مطلب یہ کہ اگر مجھ سے کوئی حماقت سرزدہوتو بلا تکلف ٹوک دیجئے گا۔“

ابھی یہ گفتگو ہورہی تھی کہ فیاض واپس آگیا۔

”کھانے میں کتنی دیر ہے ۔“اس نے اپنی بیوی سے پوچھا۔

”بس ذراسی۔“

فیاض نے کنجی کا کوئی تذکرہ نہیں کیا اور عمران کے انداز سے بھی ایسا معلوم ہورہا تھا جیسے وہ بھول ہی گیا ہوکہ اسنے فیاض کو کہاں بھیجا تھا ۔

تھوڑی دیر بعد کھانا آگیا ۔

کھانے کے دوران میں عمران کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے ۔ سب نے دیکھا لیکن کسی نے پوچھا نہیں خود فیاض جو عمران کی رگ رگ سے واقف ہونے کا دعوی رکھتا تھا کچھ نہ سمجھ سکا ۔ فیاض کی بیوی اور رابعہ توبار بارکن انکھیوں سے اسے دیکھ رہی تھیں ۔ آنسو کسی طرح رکنے کا نام ہی لیتے تھے ۔ خود عمران کے انداز سے ایسا معلوم ہورہا تھا جیسے اسے بھی ان آنسوو ¿ں کا علم نہ ہو۔ آخر فیاض کی بیوی سے ضبط نہ ہوسک اور وہ پوچھ ہی بیٹھی۔

”کیا کسی چیز میں مرچیں زیادہ ہیں۔“

”جی نہیں ….نہیں تو۔“

”تو پھر یہ آنسو کیوں بہہ رہے ہیں “۔

”آنسو ….کہاں ۔“عمران اپنے چہرے پر ہاتھ پھیرتا ہوا بولا”لل….لاحوں ولا قوة۔ شائد وہی بات ہو….مجھے قطعی احساس نہیں ہوا۔“

”کیا بات؟“فیاض نے پوچھا ۔

”دراصل مرغ مسلم دیکھ کر مجھے اپنے ایک عزیز کی موت یاد آگئی تھی۔“

”کےاا ؟ مرغ مسلم دیکھ کر ۔“فیاض کی بیوی حیرت سے بولی۔ ©

”جی ہاں ….“

”بھلا مرغ مسلم دیکھ کر کیوں؟“

”دراصل ذہن میں دوزخ کا تصور تھا ؟ مرغ مسلم دیکھ کر آدمی مسلم کا خیال آگیا ۔ میرے ان عزیز کا نام اسلم ہے مسلم پر اسلم آگیا ….پھر ان کی موت کا خیال آیا ۔ پھر سوچا کہ اگر وہ دوزخ میں پھینکے گئے توا سلم مسلم ….معاذ اللہ….!“

”عجیب آدمی ہو۔“فیاض جھنجھلا کر بولا۔

جج صاحب کی لڑکی رابعہ بے تحاشہ ہنس رہی تھی ۔

”کب انتقال ہوا ان کا ۔“فیاض کی بیوی نے پوچھا ۔

”ابھی تو نہیں ہوا ۔“ عمران نے سادگی سے کہا اور کھانے میں مشغول ہوگیا ۔

”یار مجھے ڈرہے کہ کہیں تم سچ مچ پاگل نہ ہوجاو۔“

”نہیں جب تک کوکا کولا بازار میں موجود ہے پاگل نہیں ہوسکتا ۔“

”کیوں !“فیاض کی بیوی نے پوچھا ۔

”پتہ نہیں !بہرحال محسوس یہی کرتا ہوں۔“

کھانا ختم ہوجانے کے بعدبھی شائد جج صاحب کی لڑکی وہاں بیٹھنا چاہتی تھی ۔ لیکن فیاض کی بیوی اسے کسی بہانے سے اٹھالے گئی شائد فیاض نے اسے اشارہ کردیا تھا ۔ ان کے جاتے ہی فیاض نے عمران کو کنجی پکڑادی اور عمران تھوڑی دیرتک اس کا جائزہ لیتے رہنے کے بعد بولا ۔

”ابھی حال ہی میں اس کی ایک نقل تیار کی گئی ہے ۔ اس کے سوراخ کے اندر موم کے ذرات ہیں ! ۔موم کا سانچہ ….سمجھتے ہونا!“

ت کی تاریک تھی ….اور آسمان میں سیاہ بادلوں کے مرغولے چکراتے پھررہے تھے ۔

کیپٹن فیاض کی موٹر سائیکل اندھیرے کا سینہ چیرتی ہوئی چکنی سڑک پر پھسلتی جارہی تھی کیریئر پر عمران الووں کی طرح دیدے پھرارہا تھا۔ اس کے ہونٹ بھنچے ہوئے تھے اور نتھنے پھڑک رہے تھے ۔ دفعتاً فیاض کا شانہ تھپتھپا کر بولا۔

”یہ تو طے شدہ بات ہے کہ کسی نے والد یک چشم کی کنجی کی نقل تیار کروائی ہے “

”پوچھ کر بتاوں گا۔“

”کس سے ؟“

”بیکراں نیلے آسمان سے تاروں بھری رات سے ہولے ہولے چلنے والی ٹھنڈی ہواوں لاحول ولا قوة ….ہواوں سے ….!“۔

فیاض کچھ نہ بولا ! عمران بڑبڑاتا رہا ۔ ”لیکن شہید میاں کی قبرکی جاروب کشی کرنے والے کی کنجی!….اس کا حاصل کرنا نسبتاً آسان رہا ہوگا ….بہر حال ہمیں اس عمارت کی تاریخ معلوم کرنی ہے ۔ شائد ہم اس کے نواح میں پہنچ گئے ہیں ۔ موٹر سائیکل روک دو۔“

فیاض نے موٹر سائیکل روک دی۔

”انجن بند کردو۔“

فیاض نے انجن بند کردیا ۔عمران نے اس کے ہاتھ سے موٹر سائیکل لے کر ایک جگہ جھاڑی میں چھپادی ۔

”آخر کرنا کیا چاہتے ہو۔ “فیاض نے پوچھا

”میں پوچھتا ہوں تم مجھے کیوں ساتھ لئے پھرتے ہو۔“عمران بولا۔

”وہ قتل ….جو اس عمارت میں ہوا تھا۔“

”قتل نہیں حادثہ کہو۔“

”حادثہ !….کیا مطلب ؟“فیاض حیرت سے بولا۔

”مطلب کے لئے دیکھو غیاث اللغات صفحہ ایک سو بارہ ….ویسے ایک سوبارہ بیگم پارہ یاد آرہی ہے ۔ بیگم پارہ کے ساتھ امرت دھار ضروری ہے ورنہ ڈیوڈ کی طرح چندیا صاف ۔“

فیاض جھنجھلا کر خاموش ہوگیا

دونوں آہستہ آہستہ اس عمارت کی طرف بڑھ رہے تھے ۔ انہوں نے پہلے پوری عمارت کا چکر لگایا پھر صدر دروازے کے قریب پہنچ کر رک گئے ۔

”اوہ ۔“عمران آہستہ سے بڑبڑایا ”تالا بند نہیں ہے ۔“

”کیسے دیکھ لیا تم نے ….مجھے تو دیکھائی نہیں دیتا ۔ “فیاض نے کہا۔

”تم الو نہیں ہو۔“عمران بولا۔”چلو ادھر سے ہٹ جاو۔“

دونوں وہاں سے ہٹ کر پھر مکان کی پشت پر آئے ۔ عمران اوپر کی طرف دیکھ رہا تھا ۔ دیوار کافی اونچی تھی ….اس نے جیب سے ٹارچ نکالی اور دیوار پرروشنی ڈالنے لگا۔

”میرا بوجھ سنبھال سکو گے ۔“اس نے فیاض سے پوچھا ۔

”میں نہیں سمجھا ۔“

”تمہیں سمجھانے کے لئے تو باقاعدہ بلیک بورڈ اور چاک اسٹک چاہیے مطلب یہ کہ میں اوپر جانا چاہتا ہوں۔“

”کیوں ؟کیا یہ سمجھتے ہو کہ کوئی اندر موجود ہے ۔“فیاض نے کہا ۔

”انہیں یوں ہی جھک مارنے کا ارادہ ہے ۔ چلو بیٹھ جاو ۔ میں تمہارے کاندھوں پر کھڑا ہوکر….“

”پھر بھی دیوار بہت اونچی ہے ۔“

”یار فضول بحث نہ کرو ۔ “عمران اکتا کر بولا۔”ورنہ میںواپس جارہا ہوں “

طوہاًو کر ہاً فیاض دیوارکی جڑ میں بیٹھ گیا ۔

”اماں جوتے تو اتارلو۔ “فیاض نے کہا ۔۔

”لے کر بھاگنا مت ۔“عمران نے کہا اورجوتے اتارکر اس کے کاندھوں پر کھڑا ہوگیا ۔

”چلو اب اٹھو۔“

فیاض آہستہ آہستہ اٹھ رہا تھا ….عمران کا ہاتھ روشندان تک پہنچ گیا!….اور دوسرے ہی لمحے میں وہ بندروں کی طرح دیوار پر چڑھ رہا تھا ….فیاض منہ پھاڑے حیرت سے اسے دیکھ رہا تھا ۔ وہ سوچ رہا تھا کہ عمران آدمی ہے یا شیطان کیا یہ وہی احمق ہے جو بعض اوقات کسی کیچوے کی طرح بالکل بے ضرر معلوم ہوتا ہے ۔

جن روشندانوں کی مدد سے عمران اوپر پہنچا تھاانہیں کے ذریعہ دوسری طرف اتر گیا چند لمحے وہ دیوار سے لگا کھڑا رہا پھر آہستہ آہستہ اس طرف بڑھنے لگا جدھر سے کئی قدموں کی آ ہٹیں مل رہی تھیں ۔

اورپھر اسے یہ معلوم کرلینے میں دشواری نہ ہوئی کہ وہ نامعلوم آدمی اسی کمرے میں تھے جس میں اس نے لاش دیکھی تھی ۔ کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا لیکن دروازوں سے موم بتی کی ہلکی زرد روشنی چھن رہی تھی ۔ اس کے علاوہ دالان بالکل تاریک تھا ۔

عمران دیوار سے چپکا ہوا آہستہ آہستہ دروازے کی طرف بڑھنے لگا لیکن اچانک اس کی نظر شہید مرد کی قبر کی طرف اٹھ گئی ۔ جس کا تعویز اوپر اٹھ رہا تھا ۔ تعویز اور فرش کے درمیان خلامیں ہلکی سی روشنی تھی اوراس خلا سے دو خوفناک آنکھیں اندھیرے میں گھورہی تھیں ۔

عمران سہم کر رک گیا وہ آنکھیں پھاڑے قبر کی طرف دیکھ رہا تھا ….اچانک قبر سے ایک چیخ بلند ہوئی ۔ چیخ تھی یا کسی ایسی بندریا کی آواز جس کی گردن کسی کتے نے دبوچ لی ہو۔

عمران جھپٹ کر برابر والے کمرے میںگھس گیا ! وہ جانتا تھا کہ اس چیخ کا رد عمل دوسرے کمرے والوں پر کیا ہوگا ! وہ دروازے میں کھڑا قبر کی طرف دیکھ رہا تھا تعویز ابھی تک اٹھاہوا تھا اور وہ خوفناک آنکھیں اب بھی چنگاریاں برسا رہی تھیں ۔ دوسری چیخ کے ساتھ ہی برابر والے کمرے کا دروازہ کھلا ایک چیخ پھر سنائی دی جو پہلی سے مختلف تھی ۔ غالباً یہ انہیں نامعلوم آدمیوں میں سے کسی کی چیخ تھی ۔

”بھوت بھوت !“کپکپاتی ہوئی آواز میں بولا اور پھر ایسا معلوم ہوا جیسے کئی آدمی صدر دروازے کی طرف بھاگ رہے ہوں۔

تھوڑی دیر بعد سناٹا ہوگیا ۔ قبر کا تعویز برابر ہوگیا تھا۔

عمران زمین پر لیٹ کر سینے کے بل رینگتا ہوا صدردروازے کی طرف بڑھا کبھی کبھی وہ پلٹ کر قبر کی طرف بھی دیکھ لیتا تھا لیکن پھر تعویز نہیں اٹھا ۔

صدر دروازہ باہر سے بند ہوچکا تھا ۔ عمران اچھی طرح اطمینان کرلینے کے بعد پھر لوٹ پڑا ۔

لاش والے کمرے کا دروازہ کھلا ہوا تھا ۔ لیکن اب وہاں اندھیرے کی حکومت تھی ۔ عمران نے آہستہ سے دروازہ بند کرکے ٹارچ نکالی ۔ لیکن روشنی ہوتے ہی ….

”انا اللہ وانا علیہ راجعون“وہ آہستہ سے بڑبڑایا ”خدا تمہاری بھی مغفرت کرے۔“

ٹھیک اسی جگہ جہاں وہ اس سے قبل بھی ایک لاش دیکھ چکا تھا ۔ دوسری پڑی ہوئی دکھائی دی ….اس کی پشت پر بھی تین زخم تھے جن سے خون بہہ بہہ کر فرش پر پھیل رہا تھا۔ عمران نے جھک کر اس دیکھا یہ ایک خوش وضع اورکافی خوبصورت جوان تھا۔ اور لباس سے کسی اونچی سوسائٹی کا فرد معلوم ہوتا تھا ۔

”آج ان کی کل اپنی باری ہے ۔“عمران درویشانہ انداز میں بڑبڑاتا ہوا سیدھا ہوگیا ۔ اس کے ساتھ میں کاغذ کا ایک ٹکڑا تھا جو اس نے مرنے والے کی مٹھی سے بدوقت تمام نکالا تھا۔۔

وہ چند لمحے اسے ٹارچ کی روشنی میں دیکھتارہا ۔ پھرمعنی خیز انداز میں سر ہلا کر کوٹ کی اندرونی جیب میں رکھ لیا کمرے کے بقیہ حصوں کی حالت بعینہ وہی تھی ۔ جو اس نے پچھلی مرتبہ دیکھی تھی ۔ کوئی خاص فرق نہیں نظر آرہا تھا ۔

تھوڑی دیر بعد وہ پھر پچھلی دیوار سے نیچے اتر رہاتھا ۔ آخری روشندان پر پیر رکھ کر اس نے چھلانگ لگادی ۔

”تمہاری یہ خصوصیت بھی آ ±ج ہی معلوم ہوئی۔“فیاض آہستہ سے بولا ۔

”کیا اندر کسی بندریا سے ملاقات ہوگئی تھی ۔“

”آواز پہنچی تھی یہاں تک ۔“عمران نے پوچھا ۔

”ہاں !لیکن میں نے ان اطراف میں بند نہیں دیکھے!“

”ان کے علاوہ کوئی دوسری آواز ؟“

”ہاں ….شائد تم ڈرکر چیخے تھے۔“فیاض بولا۔

”لاش اسی وقت چاہئے یا صبح !“عمران نے پوچھا۔

”لاش !“فیاض اچھل پڑا۔”کیا کہتے ہو۔ کیسی لاش۔“

”کسی شاعر نے دوغزلہ عرض کردیا ہے ۔“

”اے دنیا کے عقلمند ترین احمق صاف صاف کہو۔“فیاض جھنجھلا کر بولا۔

”ایک دوسری لاش ….تین زخم….زخموں کا فاصلہ پانچ انچ…. پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق ان کی گہرائی بھی یکساں نکلے گی۔“

”یار بے وقوف مت بناو ۔“فیاض عاجزی سے بولا۔

”جج صاحب والی کنجی موجود ہے ۔عقلمند بن جاو ۔“عمران نے خشک لہجے میں کہا۔

”لیکن یہ ہوا کس طرح !“

”اسی طرح جیسے شعر ہوتے ہیں ….لیکن مجھے بھرتی کا معلوم ہوتا ہے جیسے میر کا یہ شعر۔“

میر کے دین و مذہب کو کیا پوچھتے ہو اب اس نے تو

قشقہ کھینچا دیر میں بیٹھا کب کا ترک اسلام کیا

”بھلا بتاو دیر میں کیوں بیٹھا جلدی کیوں نہیں بیٹھ گیا ۔“
”اسی کمرے میں اور ٹھیک اسی جگہ جہاں پہلی لاش ملی تھی ۔“

”لیکن وہ آوازیں کیسی تھیں ۔“فیاض نے پوچھا۔

”اوہ نہ پوچھو تو بہتر ہے ۔ میں نے اتنا مضحکہ خیز منظر آج تک نہیں دیکھا ۔“

”یعنی ۔“

”پہلے ایک گدھا دکھائی دیا ۔ جس پر ایک بندریا سوار تھی ….پھر ایک دوسرا سایہ نظر آیا جو یقیناً کسی آدمی کا تھا ۔ اندھیرے میں بھی گدھے اور آدمی میں فرق کیا جاسکتا ہے ۔ کیوں تمہارا کیاخیال ہے“۔

”مجھے افسوس ہے کہ تم ہر وقت غیر سنجیدہ رہتے ہو۔“

”یار فیاض سچ کہنا!اگر تم ایک آدمی کو کسی بندریا کا منہ چومتے دیکھوتو تمہیں غصہ آئے گا یا نہیں ۔“

”فضول !….وقت برباد کررہے ہو تم ۔“

”اچھا چلو….“عمران اس کا شانہ تھپکتا ہوا بولا۔

وہ دونوں صدر دروازے کی طرف آئے ۔

”کیوں خواہ مخواہ پریشان کررہے ہو۔“فیاض نے کہا ۔

”کنجی نکالو!“

دروازہ کھول کر دونوں لاش والے کمرے میں آئے ۔عمران نے ٹارچ روشن کی ۔ لیکن وہ دوسرے ہی لمحے میں اس طرح سرسہلا رہا تھا جیسے دماغ پر دفعتاً گرمی چڑھ گئی ہو ۔

لاش غائب تھی۔

”یہ کیا مذاق؟ “فیاض بھنا کر پلٹ پڑا ۔

”ہوں۔بعض عقلمند شاعر بھرتی کے شعر اپنی غزلوں سے نکال بھی دیا کرتے ہیں ۔“

”یار عمران میں باز آیا تمہاری مدد سے ۔“

”مگر میری جان یہ لو دیکھو….نقش فریادی ہے کسی کی شوخی تحریر کا ….لاش غائب کرنے والے نے ابھی خون کے تازہ دھبوں کا کوئی انتظام نہیں کیا ۔ مرزا افتخار رفیع سودایا کوئی صاحب فرماتے ہیں ۔“

قاتل ہماری لاش کو تشہیر دے ضرور

آئندہ تاکہ کوئی نہ کسی سے وفا کرے

فیاض جھک کر فرش پر پھیلے ہوئے خون کو دیکھنے لگا۔

”لیکن لاش کیا ہوئی ۔“وہ گھبرائے ہوئے لہجے میںبولا۔

”فرشتے اٹھائے گئے ۔ مرنے والا بہشتی تھا ….مگر لاحول ولا ….بہشتی ….سقے کو بھی کہتے ہیں ….اوہوفردوسی تھا ….لیکن فردوسی ….تو محمود غزنوی کی زندگی ہی میں مرگیا تھا ….پھر کیا کہیں گے ….بھئی بولونا۔“

”یار بھیجامت چاٹو۔“

”الجھن ۔ بتاو جلدی ….کیا کہیں گے….سر چکرارہا ہے دورہ پڑجائے گا۔“

”جنتی کہیں گے….عمران تم سے خد سمجھے ۔“

”جیوئ!….ہاں تو مرنے والا جنتی تھا….اور کیا کہہ رہا تھا میں ….“

”تم یہیں رکے کیوں نہیں رہے۔“فیاض بگڑ کر بولا ۔ ”مجھے آواز دے لی ہوتی “

”سنویار!بندریا تو کیا میں نے آج تک کسی مکھی کا بھی بوسہ نہیں لیا ۔“عمران مایوسی سے بولا۔

”کیا معاملہ ہے ۔تم کئی بار بندریا کا حوالہ دے چکے ہو۔“

”جو کچھ ابھی تک بتایا ہے بالکل صحیح تھا ….اس آدمی نے گدھے پر سے بندریا اتاری اسے کمرے میں لے گیا ….۔

پھر بندریا دوبارہ چیخی اور وہ آدمی ایک بار ….اس کے بعد سناٹا چھا گیا ….پھر لاش دکھائی دی ۔ گدھا اور بندریا غائب تھے! “

”سچ کہہ رہے ہو ۔ “فیاض بھرائی ہوئی آواز میں بولا۔

”مجھے جھوٹا سمجھنے والے پر قہر خداوندی کیوں نہیں ٹوٹتا ۔“

فیاض تھوڑی دیر تک خاموش رہا پھر تھوک نگل کر بولا۔

”تت….تو….پھر صبح پررکھو۔“

عمران کی نظریں پھر قبر کی طرف اٹھ گئیں ۔ قبر کا تعویز اٹھا ہوا تھا اور وہی خوفناک آنکھیں اندھیرے میں گھورہی تھیں ۔ عمران نے ٹارچ بجھادی اور فیاض کو دیوار کی اوٹ میں دھکیل لے گیا نہ جانے کیوں وہ چاہتا تھا کہ فیاضَ کی نظر اس پر نہ پڑنے پائے ۔

”کک کیا ؟“فیاض کانپ کر بولا ۔

”بندریا !“عنران نے کہا ۔

وہ کچھ اور بھی کہنا چاہتا تھا کہ وہی چیخ ایک بار پھر سناٹے میں لہراگئی ۔

”ارے باپ….“فیاض کسی خوفزدہ بچے کی طرح بولا ۔

”آنکھیں بند کرلو ۔“عمران نے سنجیدگی سے کہا ۔”ایسی چیزوں پر نظر پڑنے سے ہارٹ فیل بھی ہوجایا کرتا ہے ۔ ریوالور لائے ہو۔“

”نہیں ….نہیں ….تم نے بتایا کب تھا۔“

”خےر کوئی بات نہیں!….اچھا ٹھہرو“عمران آہستہ آہستہ دروازے کی طرف بڑھتا ہوا بولا ۔ قبر کا تعویز برابر ہوچکا تھا اور سناٹا پہلے سے بھی کچھ زیادہ گہرا معلوم ہونے لگاتھا۔