پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خوفناک عمارت عمران سیریز قسط 2 ”شکر ہے خدا کا ک…

خوفناک عمارت
عمران سیریز
قسط 2

”شکر ہے خدا کا کہ خود بخود رک گئی !“عمران اترتا ہوا بڑبڑایا ….پھر جلدی سے بولا ۔”لاحول ولاقوة اس کا ہینڈل پیچھے ہے ! اب موٹر سائیکلیں بھی الٹی بننے لگیں ۔“

”کیا مطلب ہے تمہارا؟ کیوں تنگ کررہے ہو؟ “فیاض نے بے بسی سے کہا ۔

”تنگ تم کررہے ہو یا میں !….الٹی موٹر سائیکل پر لئے پھرتے ہو! اگر کوئی ایکسیڈنٹ ہو جائے تو!“

”چلو بیٹھو ۔“فیاض اسے کھینچتا ہوا بولا ۔

موٹر سائیکل پھر چل پڑی ۔

”اب تو ٹھیک چل رہی ہے ۔“عمران بڑبڑایا۔

موٹر سائیکل شہر سے نکل کر ویرانے کی طرف جارہی تھی اور عمران نے ابھی تک فیاض سے یہ بھی پوچھنے کی زحمت گوارا نہیں کی تھی کہ وہ اسے کہاں لے جارہاہے ۔

”آج مجھے پھر تمہاری مدد کی ضرورت محسوس ہوئی ہے “فیاض بولا۔

”لیکن میں آج کل بالکل مفلس ہوں ۔ “عمران نے کہا ۔

”اچھاتو کیا میں تم سے ادھارمانگنے جارہا تھا“

”پتہ نہیں ۔ میں یہی سمجھ رہا تھا ! ارے باپ رے پھر بھول گیا! ….لٹھ مار کا….پانجامہ ….اور قمیض ….لاحول ولاقوة …. بوسکا….“

”پلیز شٹ اپ….عمران….یوفول!“فیاض جھنجھلا اٹھا۔

”عمران….“کیپٹن فیاض نے ٹھنڈی سانس لے کر پھر اسے مخاطب کیا۔

”اوں….ہا۔“

”تم آخر دوسروں کو بےوقوف کیوں سمجھتے ہو۔“

”کیونگہ ….ہا….ارے باپ رے یہ جھٹکے ….یار ذرا چکنی زمین پر چلاو ¿!“

”میں کہتا ہوں کہ اب یہ ساری حماقتیں ختم کرکے کوئی ڈھنگ کا کام کرو۔“

”ڈھنگ ….لویار….اس ڈھنگ پر بھی کوئی بات یاد آنے کی کوشش کررہی ہے۔“

”جہنم میں جاو ¿۔“فیاض جھلا کر بولا۔

”اچھا ۔“ عمران نے بڑی سعادت سے گردن ہلائی۔

موٹر سائیکل ایک کافی طویل و عریض عمارت کے سامنے رک گئی جس کے پھاٹک پر تین چار باوردی کانسٹیبل نظرآرہے تھے۔

”اب اترو بھی ۔ “فیاض نے کہا۔

”میں سمجھا شائد اب تم مجھے ہینڈل پر بٹھاو ¿ گے ۔“عمران اترتا ہوا بولا ۔

وہ اس وقت ایک دیہی علاقہ میں کھڑے ہوئے تھے جو شہر سے زیادہ دور نہ تھا یہاں بس یہی ایک عمارت اتنی بڑی تھی ورنہ یہ بستی معمولی قسم کے کچے پکے مکانوں پر مشتمل تھی اس عمارت کی بناوٹ طرز قدیم سے تعلق رکھتی تھی !چاروں طرف سرخ رنگ کی لکھوری اینٹوں کی کافی بلنددیواریں تھیں اور سامنے ایک بہت بڑا پھاٹک تھا جو غالباً صدر دروازے کے طورپر استعمال کیا جاتا رہا ہوگا۔

کیپٹن فیاض عمران کا ہاتھ پکڑے ہوئے عمارت میں داخل ہوگیا ….اب بھی عمران نے اس سے یہ نہ پوچھا کہ وہ اسے کہاں اور کس مقصد کے تحت لایا ہے ۔

دونوں ایک طویل دالان سے گزرتے ہوئے ایک کمرے میں آئے اچانک عمران نے اپنی آنکھوں پر دونوں ہاتھ رکھ لئے اور منہ پھیر کر کھڑا ہوگیا ۔ اس نے ایک لاش دیکھ لی تھی جو فرش پراوندھی پڑی تھی اور اس کے گرد خون پھیلا ہوا تھا ۔

”انا للہ وانا الیہ راجعون“وہ کپکپاتی آواز میں بڑبڑارہا تھا ۔

”خدا اس کے متعلقین کو جوار رحمت میں جگہ دے اور اسے صبر کی توفیق عطا فرمائے“

”میں تمہیں دعائے خیر کرنے کے لئے نہیں لایا۔“جھنجھلا کر بولا۔

”تجہیز و تکفےن کے لئے چندہ وہاں بھی مانگ سکتے تھے آخر اتنی دور کیوں گھسیٹ لائے۔“

”یار عمران خدا کے لئے بور نہ کرو! میں تمہیں اپنا ایک بہترین دوست سمجھتا ہوں ۔“فیاض نے کہا۔

”میں بھی یہی سمجھتا ہوں ۔مگر پیارے پانچ روپے سے زیادہ نہ دے سکوں گا ۔ ابھی مجھے….لٹھی کا بوسکا خریدنا ہے !….کیا لٹھی ….لویار پھر بھول گیا !کیا مصیبت ہے۔“

فیاض چند لمحے کھڑا اسے گھورتا رہا پھر بولا۔

”یہ عمارت پچھلے پانچ برسوں سے بند رہی ہے ۔ کیا ایسی حالت میں یہاں ایک لاش کی موجودگی حیرت انگیز نہیں ہے ۔“

”بالکل نہیں۔“عمران سرہلاکر بولا۔ ”اگر یہ لاش کسی امرود کے درخت پر پائی جاتی تو میں اسے عجوبہ تسلیم کرلیتا۔“

”یار تھوڑی دیر کے لئے سنجیدہ ہوجاو ¿۔“

”میں شروع ہی سے رنجیدہ ہوں ۔ “عمران نے ٹھنڈی سانس لے کر کہا

”رنجیدہ نہیں سنجیدہ “فیاض نے اسے مخاطب کیا ۔

عمران خاموشی سے لاش کی طرف دیکھ رہا تھا ….وہ آہستہ سے بڑبڑایا ۔ ”تین زخم۔“

فیاض اسے موڈ میں آتے دیکھ کر کچھ مسرور سا نظر آنے لگا ۔

”پہلے پوری بات سن لو !“فیاض نے اسے مخاطب کیا ۔

”ٹھہرو ۔“عمران جھکتا ہوا بولا ۔ وہ تھوڑی دیر تک زخموں کو غورسے دیکھتا رہا پھر سراٹھا کر بولا ”پوری بات سنانے سے پہلے یہ بتاو ¿ کہ اس لاش کے متعلق تم کیا بتاسکتے ہو“

”آج بارہ بجے دن کو یہ ۔دیکھی گئی :!“فیاض نے کہا ۔

”او نہہ!میںزیادہ عقل مندانہ جواب نہیں چاہتا ۔ “ عمران ناک سکوڑ کر بولا۔

”میں یہ جانتا ہوں کہ کسی نے اس پر تین وار کئے ہیں “

”اور کچھ !“ عمران اسے سوالیہ نظروں سے دیکھ رہا تھا۔

”اور کہا!“ فیاض بولا۔

”مگر ….شیخ چلی دوئم….یعنی علی عمران ایم ایسی ۔سی۔پی ۔ایچ۔ڈی کا خیال کچھ اور ہے۔“

”کیا؟“

”سن کر مجھے الو سہی احمق بنادو سمجھنے لگوگے۔“

”ارے یار کچھ بتاو ¿ بھی تو سہی ۔“

”اچھا سنو ! قاتل نے پہلا وار کیا!….پھر پہلے زخم سے پانچ پانچ انچ کا فاصلہ ناپ کر دوسرا اور تیسرا وار کیا ور اس بات کا خاص خیال رکھا کہ زخم بالکل سیدھ میں رہیں ۔ نہ ایک سوت ادھر نہ ایک سوت ادھر ۔“

”کیابکتے ہو !“فیاض بڑبڑایا۔

”ناپ کر دیکھ لو میری جان اگر غلط نکلے تو میرا قلم سر کر دینا ….آں….شائد میں غلط بول گیا ….میرے قلم پہ سر رکھ دینا ….“عمران نے کہا اورادھر ادھر دیکھنے لگا اس نے ایک طرف پڑا ہوا ایک تنکا اٹھایا اور پھرجھک کر زخموں کادرمیانی فاصلہ ناپنے لگا فیاض اسے حیرت سے دیکھ رہا تھا ۔

”لو“عمران اسے تنکا پکڑاتا ہوا بولا ۔ ”اگر یہ تنکا پانچ انچ کا نہ نکلے تو کسی کی ڈاڑھی تلاش کرنا۔

”مگر اس کا مطلب !“ فیاض کچھ سوچتا ہوا بولا۔

”اس کا مطلب یہ کہ قاتل و مقتول دراصل عاشق و معشوق تھے ۔“

”عمران پیارے ذرا سنجیدگی سے ۔“

”یہ تنگا بتاتا ہے کہ یہی بات ہے ۔“عمران نے کہا ”اور اردو کے پرانے شعراءکا بھی یہی خیال ہے ۔ کسی کا بھی دیوان ٹھا کر دیکھ لو ! دو چار شعر اس قسم کے ضرور مل جائیں گے جن سے میرے خیال کی تائید ہوجائے گی ۔ چلو ایک شعر سن ہی لو۔

موچ آئے نہ کلائی میں کہیں سخت جاں ہم بھی بہت پیارے

”مت بکواس کرو ۔ اگر میری مدد نہیں کرنا چاہتے تو صاف صاف کہہ دو۔“فیاض بگڑ کر بولا ۔

”فاصلہ تم نے ناپ لیا !اب تم ہی بتاو ¿ کہ کیا بات ہوسکتی ہے “عمران نے کہا ۔

فیاض کچھ نہ بولا۔

”ذرا سوچو تو ۔“عمران پھر بولا ۔ ”ایک عاشق ہی اردو شاعری کے مطابق اپنے محبوب کو اس بات کی اجازت دے سکتا ہے کہ وہ جس طرح چاہے اسے قتل کرے۔ قیمہ بناکر رکھ دے یا ناپ ناپ کر سلیقے سے زخم لگائے یہ زخم بد حواسی کا نتیجہ بھی نہیں ۔ لاش کی حالت بھی یہ نہیں بتاتی کہ مرنے سے پہلے مقتول کو کسی سے جدوجہد کرنی پڑی ہو۔ بس ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے چپ چاپ لیٹ کر اس نے کہا جومزاج یار میںآئے…. “

”پرانی شاعری اورحقیقت میں کیا لگاو ¿ ہے ؟“فیاض نے پوچھا ۔

”پتہ نہیں ۔ “عمران پر خیال انداز میں سرہلا کربولا ۔ ”ویسے اب تم پوری غزل سناسکتے ہو۔ مقطع میں عرض کردوں گا۔“

فیاض تھوڑی دیر خاموش رہا پھربولا۔ ”یہ عمارت تقریباً پانچ سال سے خالی رہی ہے!….ویسے ہر جمعرات کو صرف چند گھنٹوں کے لئے اسے کھولا جاتا ہے“

”کیوں ؟“

”یہاں دراصل ایک قبر ہے جس کے متعلق مشہور ہے کہ وہ کسی شہید کی ہے چنانچہ ہر جمعرات کو ایک شخص اسے کھول کر قبر کی جاروب کشی کرتا ہے ۔“

”چڑھاوے وغیرہ چڑھتے ہوں گے۔“عمران نے پوچھا ۔

”نہیں ایسی کوئی بات نہیں ۔ جن لوگوں کا یہ مکان ہے وہ شہر میں رہتے ہیں اوران سے میرے قریبی تعلقات ہیں انہوں نے ایک آدمی اسی لئے رکھ چھوڑا ہے کہ وہ ہر جمعرات کوقبر کی دیکھ بھال کرلیا کرے!….یہاں معتقدین کی بھیڑ نہیں ہوتی ۔ بہر حال آدمی آج دوپہر کو جب وہ یہاں آیا تو اس نے یہ لاش دیکھی ۔“

”تالابند تھا !“عمران نے پوچھا ۔

”ہاں ۔اوروہ یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہے کہ کنجی ایک لمحے کے لئے بھی نہیں کھوئی اور پھر یہاں ا س قسم کے نشانات نہیں مل سکے جن کی بناءپر کہا جاسکتا کہ کوئی دیوار پھلانگ کر اندر آیا ہو“۔

”تو پھر یہ لاش آسمان سے ٹپکی ہوگی!“عمران نے سنجیدگی سے کہا۔”بہتر تو یہ ہے کہ تم اسی شہید کی مدد طلب کروجس کی قبر….“

”پھر بہکنے لگے !“فیاض بولا۔

”اس عمارت کے مالک کون ہیں اور کیسے ہیں !“عمران نے پوچھا۔

”وہی میرے پڑوس والے جج صاحب ۔“فیاض بولا۔

”ہائے وہی جج صاحب!“عمران اپنے سینے پر ہاتھ مار کر ہونٹ چاٹنے لگا۔

”ہاں وہی ….یار سنجیدگی سے….خدا کے لے۔“

”تب میں تمہاری کوئی مدد نہیں کرسکتا ۔‘ ‘عمران مایوسانہ انداز میں سرہلا کر بولا ۔

”کیوں“

”تم نے میری مدد نہیں کی؟“

”میں نے ۔“فیاض نے حیرت سے کہا ۔”میں نہیں سمجھا۔“

”خود غرض ہونا ۔بھلا تم میرے کام کیوں آنے لگے۔“

”ارے تو بتاو ¿نا۔میں واقعی نہیں سمجھا۔“

”کب سے کہہ رہا ہوں کہ اپنے پڑوسی جج صاحب کی لڑکی سے میری شادی کرادو۔“

”مت بکو….ہر وقت بے تکی باتیں۔ “

”میں سنجیدگی سے کہہ رہا ہوں ۔“عمران نے کہا ۔

”اگر سنجیدگی سے کہہ رہے ہو تو شائد تم اندھے ہو۔“

”کیوں ۔“

”اس لڑکی کی ایک آنکھ نہیںہے ۔“

”اس لئے تو میں اسے سے شادی کرناچاہتا ہوں ۔ وہ مجھے اور میرے کتوں کو ایک نظر سے دیکھے گی۔“

”یار خدا کے لئے سنجیدہ ہوجاو ¿“

”پہلے تم وعدہ کرو۔“عمران بولا۔

”اچھا بابا میں ان سے کہوں گا۔“

”بہت بہت شکریہ! مجھے سچ مچ اس لڑکی سے کچھ ہوگیا ہے ….کیا کہتے ہیں اسے ….لویار بھول گیا….حالانکہ کچھ دیر پہلے اسی کا تذکرہ تھا۔“

”چلو چھوڑوکام کی باتیں کرو۔“

”نہیں اسے یادہی آجانے دو۔ورنہ مجھ پر ہسٹیر یاکادورہ پڑجائے گا۔“

”عشق ۔“فیاض منہ بنا کر بولا۔

”جیو!شاباش!“عمران نے اس کی پیٹھ ٹھونکتے ہوئے کہا۔”خدا تمہاری مادہ کو سلامت رکھے۔اچھا اب یہ بتاو ¿ کہ لاش کی شناخت ہوگئی یا نہیں ۔“۔

”نہیں! نہ تو اس علاقہ کا باشندہ ہے اور نہ جج صاحب کے خاندان والے ہیں اس سے واقف ہیں۔“

”یعنی کسی نے اسے پہچانا نہیں۔“

”نہیں!“

”اس کے پاس کوئی ایسی چیز ملی یا نہیں جس سے اس کی شخصیت پرروشنی پڑسکے۔“

”کوئی نہیں….مگر ٹھہرو!“فیاض ایک میز کی طرف بڑھتا ہوا بولا۔واپسی پر اس کے ہاتھ میں چمڑے کا تھیلا تھا۔

”یہ تھیلا ہمیں لاش کے قریب پڑا ملا تھا۔“فیاض نے کہا۔

عمران تھیلا اس کے ہاتھ سے لے کر اندر کی چیزوں کا جائز لینے لگا۔

”کسی بڑھئی کے اوزار۔“اس نے کہا ۔”اگر یہ مقتول ہی کے ہیں تو….ویسے اس شخص کی ظاہری حالت اچھی نہیں ….لیکن پھر بھی یہ بڑھئی نہیں معلوم ہوتا….!“

”کیوں!“

”اس کے ہاتھ بڑے ملائم ہیں اور….ہتھیلیوںمیں کھردراپن نہیں ہے ۔ یہ ہاتھ تو کسی مصوریارنگساز ہی کے ہوسکتے ہیں ۔“عمران بولا۔

”ابھی تک تم نے کوئی کام کی بات نہیں بتائی۔“فیاض نے کہا۔

”ایک احمق آدمی سے اس سے زیادہ کی توقع رکھنا عقلمندی نہیں۔“عمران ہنس کر بولا۔

”اس کے زخموں نے مجھے الجھن میں ڈال دیا ہے ۔“فیاض نے کہا

”اگر تم نے میرے زخموں پر مرہم رکھا ….تو میں ان زخموں کو بھی دیکھ لوں گا۔“

”کیا مطلب۔“

”جج صاحب کی لڑکی !“عمران اس طرح بولا جیسے اسے کچھ یاد آگیا ہو!”اس مکان کی ایک کنجی جج صاحب کے پاس ضرور رہتی ہوگی۔“

”ہاں ایک ان کے پاس بھی ہے ۔“

”ہے یاتھی“

”یہ تو میں نے نہ ´یں پوچھا!“

”خیر پھر پوچھ لینا ۔ اب لاش کو اٹھواو ¿ ….پوسٹ مارٹم کے سلسلے میں زخموں کی گہرائیوں کا خاص خیال رکھا جائے ۔“

”کیوں !“

”اگر زخموں کی گہرائیاں بھی ایک دوسرے کے برابر ہوئیں تو سمجھ لینا کہ یہ شہید مرد صاحب کی حرکت ہے ۔“

”کیوں فضول بکواس کررہے ہو۔“

”جو کہہ رہا ہوں ….اس پر عمل کرنے کا ارادہ ہوتو علی عمران ایم۔ایس ۔سی ۔پی ۔ایچ۔ڈی کی خدمات حاصل کرنا ۔ور نہ کوئی….کیا نہیں ….ذرابتاو ¿ تو میں کون سا لفظ بھول رہا ہوں“

”ضرورت!“فیاض براسامنہ بنا کربولا ۔

”جیتے رہو ….ورنہ کوئی ضرورت نہیں۔“

”تمہاری ہدایت پر عمل کیا جائے گا !اور کچھ !۔

”اور یہ کہ میں پوری عمارت دیکھنا چاہتا ہوں ۔“عمران نے کہا۔

پوری عمارت کا چکر لگالینے کے بعد وہ پھراسی کمرے میں لوٹ آئے ۔

”ہاں بھئی جج صاحب سے ذرا یہ بھی پوچھ لینا کہ انہوں نے صرف اسی کمرے کی ہیئت بدلنے کی کوشش کیوں کرڈالی ہے جبکہ پوری عمارت اسی پرانے ڈھنگ پر رہنے دی گئی ہے ….کہیں بھی دیوار پر پلاسٹر نہیں دکھائی دیا ….لیکن یہاں ہے….“

”پوچھ لوں گا۔“

”اور کنجی کے متعلق بھی پوچھ لینا !….اور ….اگروہ محبوبہ یک چشم مل جائے تو اس سے کہنا کہ تیرے نیم کش کو کوئی میرے دل سے پوچھے!….شائد غالب کی محبوبہ بھی ایک ہی آنکھ رکھتی تھی ….کیونکہ تیر نیم کش ا کلوتی ہی آنکھ کا ہوسکتا ہے ۔“

”تو اس وقت اور کچھ نہیں بتاو ¿ گے ۔“فیاض نے کہا ۔

”یار بڑے احسان فروش ہو ….فروش….شائد میں پھر بھول گیا ۔ کونسا لفظ ہے ۔“

”فراموش “

”جینو ۔ ہاں تو بڑے احسان فراموش ہو ۔اتنی دیر سے بکواس کررہا ہوں اور تم کہتے ہو کچھ بتایا ہی نہیں۔“

دوسرے دن کیپٹن فیاض نے عمران کو اپنے گھر میں مدعو کیا ۔ حالانکہ کئی بار کے تجربات نے یہ بات ثابت کردی تھی کہ عمران وہ نہیں ہے جو ظاہر کرتا ہے نہ وہ احمق ہے اور نہ خبطی !لیکن پھر بھی فیاض نے اسے موڈ میں لانے کے لئے جج صاحب کی کانی لڑکی کو بھی مدعو کرلیا تھا !حالانکہ وہ عمران کی اس افتاد طبع کو بھی مذاق ہی سمجھا تھا لیکن پھر بھی س نے سوچا کہ تھوڑی تفریح ہی رہے گی ۔ فیاض کی بیوی بھی عمران سے اچھی طرح واقف تھی اور جب فیاض نے اس اس کے ”عشق “کی داستان سنائی تو ہنستے ہنستے اس کا برا حال ہوگیا ۔
فیاض اس وقت اپنے ڈرائنگ روم میں بیٹھا عمران کا انتظارکررہا تھا ۔ اس کی بیوی اور جج صاحب کی یک چشم لڑکی رابعہ بھی موجود تھیں ۔

”ابھی تک نہیں آئے عمران صاحب! “فیاض کی بیوی نے کلائی پر بندھی ہوئی گھڑی کی طرف دیکھتے ہوئے کہا ۔

”کیا وقت ہے ۔“فیاض نے پوچھا ۔

”ساڑھے سات“

”بس دو منٹ بعد وہ اس کمرے میں ہوگا ۔ “فیاض مسکرا کر بولا ۔

”کیوں ۔ یہ کیسے؟“

”بس اس کی ہر بات عجیب ہوتی ہے ! وہ اسی قسم کے اوقات مقرر کرتا ہے ۔ اس نے سات بج کر بیس منٹ پر آنے کا وعدہ کیا تھا ۔ لہٰذا میرا خیال ہے کہ وہ اس وقت ہمارے بنگلے کے قریب کھڑااپنی گھڑی دیکھ رہا ہوگا ۔“

”عجیب آدمی معلوم ہوتے ہیں ۔“رابعہ نے کہا۔

”عجیب ترین کہئے !انگلینڈ سے سائنس میں ڈاکٹریٹ لے کرآیا ہے ۔ لیکن اس کی حرکات وہ بھی دیکھ لیں گی ۔ اس صدی کا سب سے عجیب آدمی ….لیجئے شاہد وہی ہے ۔“

دروازے پر دستک ہوئی۔

فیاض اٹھ کرآگے بڑھا !….دوسرے لمحے میں عمران ڈرائنگ روم میں داخل ہورہا تھا ۔

عورتوں کو دیکھ کر وہ قدرے جھکا اور پھر فیاض سے مصافحہ کرنے لگا ۔

”غالباً مجھے سب سے پہلے یہ کہنا چاہیے کہ آج موسم بڑا خوشگوار ہے ۔“عمران بیٹھتا ہوا بولا ۔

فیاض کی بیوی ہنسنے لگی اور رابعہ نے جلدی سے تاریک شیشوں والی عینک نکالی ۔

”آپ سے ملئے ،آپ مس رابعہ سلیم ہیں ۔ ہمارے پڑوسی جج صاحب کی صاحبزادی اور آپ مسٹر عمران میرے محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل رحمان صاحب کے صاحبزادے ۔“

”بڑی خوشی ہوئی ۔ “عمران مسکر کر بولا پھر فیاض سے کہنے لگا تم ہمیشہ گفتگو میں غیر ضروری الفاظ ٹھونستے رہتے ہو۔ جو بہت گراں گزرتے ہیں ….رحمان صاحب کے صاحبزادے دونوں صاحبوں کا ٹکراو ¿ برا لگتا ہے ۔ اس کے بجائے رحمان صاحب کے زادے ….یا صرف رحمان زادے کہہ سکتے ہیں ۔

”میں لٹریری آدمی نہیں ہوں ۔ “فیاض مسکرا کر بولا ۔

دونوں خواتین بھی مسکرارہی تھیں ۔ پھر رابعہ نے جھک کر فیاض کی بیوی سے کچھ کہا اور وہ دونوں اٹھ کرڈرائنگ روم سے چلی گئیں ۔

”بہت برا ہوا ۔“عمران براسامنہ بنا کر بولا ۔

”کیا ؟شائد وہ باورچی خانے کی طرف گئی ہیں ؟ فیاض نے کہا ۔”باورچی کی مدد کے لئے آج کوئی نہیں ہے ۔“

”تو کیا تم نے اسے بھی مدعو کیا ہے ۔“

”ہاں بھئی کیوں نہ کرتا میں نے سوچا کہ اس بہانے سے تمہاری ملاقات بھی ہوجائے ۔“

”مگر مجھے بڑی کوفت ہورہی ہے ۔“عمران نے کہا ۔

”کیوں؟“

”آخر اس نے دھوپ کا چشمہ کیوں لگایا ہے “

”اپنا نقص چھپانے کے لئے ۔“

”سنو میاں !دو آنکھوں والیاں مجھے بہتیری مل جائیں گی ۔ یہاں تو معاملہ صرف اس آنکھ کا ہے ۔ ہائے کیا چیز ہے ….کسی طرح اس کا چشمہ اترواو ¿ ۔ ورنہ میںکھانا کھائے بغیر واپس چلا جاو ¿ں گا ۔“
”مت بکو۔“

”میں چلا !“عمران اٹھتا ہوا بولا ۔

”عجیب آدمی ہو….بیٹھو!“فیاض نے اسے دوبارہ بٹھادیا ۔

”چشمہ اترواو ¿ میں اس کا قائل نہیں کہ محبوب سامنے ہو اور اچھی طرح دیدار بھی نصیب نہ ہو۔“

”ذرا آہستہ بولو۔“فیاض نے کہا ۔

”میں تو ابھی اسے کہوںگا ۔“

”کیا کہو گے۔“فیاض بوکھلا کر بولا۔

”یہی جو تم سے کہہ رہا ہوں’’۔

”یار خدا کےلئے ….“

”کیا برائی ہے ….اس میں ۔“

”میں نے سخت غلطی کی ۔“فیاض بڑبڑایا۔

”واہ….غلطی تم کرو اور بھکتوں میں !نہیں فیاض صاحب !میں اسے سے کہوں گا کہ براہ کرم چشمہ اتاردیجئے۔ مجھے آپ سے مرمت ہوگئی ہے ….مرمت ….مرمت….شائد میں نے غلط لفظ استعمال کیا ہے ۔ بولو بھئی کیا ہونا چاہیے ۔ “

”محبت ….“فیاض براسا منہ بناکربولا۔

”جینو ! محبت ہوگئی ہے ….تو وہ اس پر کیا کہے گی ۔“

”چانٹا مار دے گی ۔“فیاض جھنجھلا کر بولا۔

”فکر نہ کرو میں چانٹے کو چانٹے پر روک لینے کے آرٹ سے بخوبی واقف ہوں طریقہ وہی ہوتاہے جو تلوار پر تلوار روکنے کا ہوا کرتا تھا ۔“

”یار خدا کے لئے کوئی حماقت نہ کر بیٹھنا “

”عقل مندی کی بات کرنا ایک احمق کی کھلی ہوئی توہین ہے اب بلاو ¿نا ….دل کی جو حالت ہے بیان کر بھی سکتا ہوں اور نہیں بھی کرسکتا ….وہ کیا ہوتا ہے جدائی میں ….بولو نایار کون سا لفظ ہے ۔“

”میں نہیں جانتا ۔ “فیاض جھنجھلا کر بولا ۔

”خیر ہوتا ہوگا ….ڈکشنری میں دیکھ لوں گا ….ویسے میرا دل دھڑک رہا ہے ہاتھ کانپ رہے ہیں لیکن ہم دونوں کے درمیان دھوپ کا چشمہ حائل ہے ۔ میں اسے نہیں برداشت کرسکتا ۔“

چند لمحے خاموشیررہی ! عمران میز پر رکھے ہوئے گلدان کو اس طرح گھوررہا تھا جیسے اس نے اسے کوئی سخت بات کہہ دی ہو۔

”آج کچھ نئی باتیں معلوم ہوئی ہیں ۔“فیاض نے کہا۔

”ضرور معلوم ہوئی ہوں گی ۔“عمران احمقوں کی طرح سر ہلاکر بولا۔

”مگر نہیں !پہلے میں تمہیں ان زخموں کے متعلق بتاو ¿ں ۔تمہارا خیال درست نکلا ۔زخموں کی گہرائیاں بالکل برابر ہیں۔“

”کیا تم خواب دیکھ رہے ہو۔ “عمران نے کہا۔

”کیوں؟“

”کن زخموں کی باتیں کررہے ہو؟“

”کیوں ؟“

”کن زخموں کی باتیں کررہے ہو؟“

”دیکھو عمران میں احمق نہیں ہوں ۔“

”پتہ نہیں جب تک تین گواہ نہ پیش کرو یقین نہیں کرسکتا۔“

”کیاتم کل والی لاش بھول گئے۔“

”لاش ….ارے….ہاں یاد آگیا ۔اور وہ تین زخم برابر نکلے ….رہا….“

”اب کیا کہتے ہو ۔ “فیاض نے پوچھا ۔

”سنگ وآہن بے نیاز غم نہیں ….دیکھ کر ہر دیوار دور سے سرنہ ملا ۔“عمران نے گنگنا کر تان ماری اور میز پر طبلہ بجانے لگا ۔

”تم سنجیدہ نہیں ہوسکتے ۔ “فیاض اکتا کر بے دلی سے بولا۔

”اس کا چشمہ اتروادینے کا وعدہ کرو تو میں سنجیدگی سے گفتگو کرنے پر تیار ہوں ۔“

”کوشش کروں گا بابا:میں نے اسے ناحق مدعو کیا ۔“

”دوسری بات یہ کہ کھانے میں کتنی دیر ہے !“

”شائد آدھا گھنٹہ ….وہ ایک نوکر بیمار ہوگیا ہے ۔“

”خیر ….وہاں جج صاحب کیا باتیں ہوئیں ؟“

”وہی بتانے جارہا تھا !کنجی اس کے پاس موجود ہے اور دوسری بات یہ کہ وہ عمارت انہیں اپنے خاندانی ترکے میں نہیں ملی تھی۔“

”پھر “عمران توجہ اور دلچسپی سے سن رہا تھا ۔

جاری ہے