پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خدا بخشے بہت ہی شوقؔ ہم کو یاد آتا ہے وہ دل والا ت…

خدا بخشے بہت ہی شوقؔ ہم کو یاد آتا ہے
وہ دل والا تھا درد اُس میں جناب میرؔ کا سا تھا
…
آج ممتاز شاعر منشی احمد علی شوقؔ قدوائی کی برسی ہے۔
April 27, 1925

احمد علی ۔ ولادت 1852ء قصبہ جگور مضافات لکھنؤ ۔ تلمتذ ۔ مظفر علی اسیر ۔ بھوپال میں مخلف عہدوں پر فائز رہے ۔ آخر عمر میں رام پورا آ کر کتب خانہ سرکاری میں ملازم ہو گۓ۔ وفات 27 اپریل 1925ء گونڈہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منشی شیخ احمد علی شوقؔ قدوائی اپنے وطن قصبہ جگور ضلع لکھنؤ میں 1852ء میں پیدا ہوۓ۔ ان کے والد شیخ کاظم علی قدوائی مختلص بہ قیسؔ لکھنوی اودھ کے ایک عالی نسب اور ممتاز رئیس تھے۔ شوقؔ قدوائی کا بچپن مصیبت میں گزرا ۔ اڑھائی سال کی عمر میں والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا ۔ موروثی جائداد کا اکثر حصہ غدر میں تلف ہو گیا۔ ابتدائی تعلیم ماں کی زیر سرپرستی وطن ہی میں شروع ہوئی۔مولوی عبدالحیؒ موہانی ایک صوفی منش بزرگ جن کا مشہور مزار اسی قصبہ میں ہے ان کے معلم تھے۔ ابھی دس گیارہ سال کی عمر تھی کہ ان کو شیخ امیر الزماں صدیقی جو ان کے بہنوئی تھے اور اوناؤ میں سرکاری عہدہ دار تھے اپنے ساتھ اناؤ لے گۓ اور جب رامپور میں ایک بڑے عہدہ پر سرفراز ہوۓ تو اپنے ساتھ رامپور میں رکھا اور نہایت شفقت سے فارسی اور عربی کی تعلیم شروع کرائی۔ اس کے بعد ان کے بہنوئی کا مستقل قیام سہسواں ضلو بدایوں میں ہوا تو شوقؔ کو بھی وہیں رہنا پڑا جہاں انھوں نے مولانا ریاض الحسن مرحوم سے علوم عربیہ حاصل کیۓ اور پھر بدایوں کے سکول میں انٹرنس کی جماعت تک انگریزی تعلیم حاص کی۔ ابھی شوقؔ کا سن اٹھارہ ہی سال کا تھا کچھ ایسے اتفاقات وطن میں پیش آۓ کہ ان کی والدہ محتمہ نے ان کو سلسلہ تعلیم ترک کرنے پر مجبور کیا اور بلا لیا۔ وطن کا آنا قیام لکھنؤ کے مرادف تھا۔ انکی مستقل سکونت اپنے پھوپھی زاد بھائی منشی امتیاز علی مرحوم سابق وزیر بھوپال کی مشہور کوٹھی میں سالہا سال رہی۔ اسی اثناء میں ان کو فکر معاش نے گھیرا اور کچھ عرصہ اور کچھ عرصہ تک تحصیلداری پر فیض آباد میں رہے۔ مگر یہ مشغلہ مرضی کے مطابق نہ تھا مستعفی ہو کر لکھنؤ چلے آۓ اور اخبار ” آزاد” نکالا جو لکھنؤ کے ابتدائی اخبارات میں ممتاز حیثیت رکھتا تھا ۔ اس اخبار کے فائل جہاں کہیں ہیں قدر کے ساتھ رکھے جاتے ہیں۔ کیونکہ ان میں سیاست سے زیادہ ادبیات کا مواد محفوظ ہے ۔ چند سال کے بعد یہ مشغلہ بھی مجبوراً ترک کیا اور بھوپال میں سرکاری ملازمت قبول کی جہاں نظامت (کلکٹری) کے عہدہ تک ترقی کی اور پنشن لے لی پھر آخری عمر میں رامپور آ کر کتب خانہ میں ملازم ہوۓ۔یہاں مشغلہ طبیعت کے مطابق بالکل موافق تھا۔ یعنی ترتیب لغات کا کام سپرد تھا۔ جو تقریباً پندرہ سال تک نہایت انہماک اور محنت کے ساتھ انجام دیتے رہے۔ زیادہ تر وقت کتب خانہ میں کٹتا ۔
بالآخر ضعفِ پیری اور علالتوں کے سلسلوں نے مجبور کر کے یہ مشغلہ ترک کروایا اور مرحوم مستعفی ہو کر ضلع بارہ بنکی میں آ گۓ اور خانہ نشین ہو گۓ۔ دو برس بھی نہ گزرے تھے کہ مرض الموت ( استسقاء) شروع ہوا جب مرحوم زندگی سے بالکل مایوس ہو گۓ تو اپنی صاحبزادی ( اہلیہ خان بہادر شیخ رضی الدین احمد صاحب بیرسٹر) کے پاس گونڈۃ چلے گۓ اور 27 اپریل 1925ء میں انتقال کیا اور وہیں مدفوں ہوۓ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شوق قدوائی لکھنو کے بڑے شاعر تھے۔ اپنا کلام سنانے کے بہت شوقین تھے۔ اسی لیے ان کے دوست، ہمسائے ان سے بہت گھبراتے۔ یہ ان کو دعوت کے بہانے یا بیماری کا دھوکا دے کر بلاتے۔ مرغن کھانے، آم، خربوزے کھلاتے، پھر اپنا کلام سنانے بیٹھ جاتے۔ سہ پہر کا پھنسا شکار رات تک ان کے کلام سے مستفید ہوتا، پھر اس کو ڈنر کراتے اور دستر خوان سے اٹھا کر غزلوں پر غزلیں سناتے۔ تھکاوٹ کے آثار دیکھتے تو چائے منگواتے، پان پیش کرتے یا حقہ بڑھاتے۔ وہ اجازت چاہتا تو اصرار کر کے اپنے ہاں سلا لیتے اور اس کے بیدار ہونے پر یہ سلسلہ پھر سے شروع کر دیتے۔ اگر شوق صاحب غسل خانے جاتے یا کسی ضرورت سے اٹھتے تو ان کی جگہ ان کے چھوٹے بھائی ابر قدوائی آن موجود ہوتے اور وہ اپنی غزلوں سے شوق فرمانا شروع کر دیتے، مشکل ہی سے بے چارے سامع کی جان چھوٹتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منتخب اشعار
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ظلم کرکے کیوں کسی کی آہ لو
جاؤ جاؤ اپنے گھر کی راہ لو
۔۔۔۔
جس طرف کی تان سنیے‘ اک نرالا راگ ہے
شوقؔ‘ اپنی اپنی ڈفلی‘ اپنا اپنا راگ ہے
۔۔۔۔۔۔۔
آنسو بھرے ہیں، دُور ہے، آنکھوں سے دیکھنا
بیٹھے ہوئے ہیں، شوقِ سمندر کے پاس وہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جو حسن اس میں ہے بے وفائی سے بڑھ کر
تو پھر ہرْج کیا ہے اگر بے وفا ہے
۔۔۔۔۔۔۔
خوار ہوئی کیا شوق کی مٹی،مر کر اس کے کوچے میں
پھینک بھی دو اٹھوا کر یارو ، وہ تو نہیں اٹھوانے کا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منتخب کلام
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مرا حق مان کر بَن تو مرا حاجت روا ہونا
کہ میں مانے ہوۓ ہوں اے خدا تیرا خدا ہونا

تجھے سمجھے ہوۓ میں ہمیشہ سے ہمیشہ تک
نہ جانوں ابتدا ہونا نہ مانوں انتہا ہونا

ہے تیری ذات اے اللہ خود ہی مققخی تیری
نہیں ممکن ہے ایسا اور کا تیرے سوا ہونا

خرد کو عجز زیبا ہے ادب سے دم بخود ہو کر
کہ تیری معرفت تک غیر ممکن ہے رسا ہونا

خطا سے پیشتر میں ہوں خطا کا معترف یا رب
بشر ہوں اور نہیں ممکن بشر کا خطا ہونا

میں کیوں محروم رکھوں تیرے وصفِ عفو سے تجھکو
نہیں منظور یارب مجھ کو اپنا پارسا ہونا

الٰہی عفو کرنا شوقؔ پر جو قرض رہ جاۓ
ہیں اتنے حق ترے دشوار ہے جن کا ادا ہونا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ابرو ہے کعبہ ، آج سے یہ نام رکھ دیا
ہم نے اٹھا کے طاق پہ اسلام رکھ دیا

نشے میں جا گرا جو میں مسجد میں سر کے بل
زاہد نے مجھ پہ سجدے کا الزام رکھ دیا

جھچکا وہ خوف کھا کے تو میں نے تڑپ کے خود
برچھی کی نوک پر دلِ ناکام رکھ دیا

دلچسپ نام سن کے لگے مانگنے حسیں
کس نے ذرا سے خون کا دل نام رکھ دیا

جُوڑا جو بندھ گیا تو نۓ دل کہاں پھنسیں
تو نے اُدھر لپیٹ کے کیوں دام رکھ دیا

آنکھ اس ادا سے اُس نے دکھائی کہ میں نے شوقؔ
چپکے سے اپنا مَے کا بھر ا جام رکھ دیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میں جو رویا خلق کی نظروں سے بادل گر گیا
اُس کی ساری آبرو پر آج پانی پھر گیا

دل میں وہ مجھ کو برا سمجھا مگر سمجھا تو کچھ
ہوں رسا اتنا کہ میں نظروں سے تا خاطر گیا

کس قدر بیدل ہوا میں جا کے اُس بدخو کے پاس
اس طرح کھویا کہ گویا کچھ بغل سے گر گیا

رہ گیا حیرت کے مارے بن کے پتلی دم بخود
سامنے اُس شوخ کی آنکھوں کے جو ساحر گیا

یوں بلائیں گرد سَر ہیں ، بادل جیسے سر کے گرد
کیا بلاؤں میں ترے بالوں کا عاشق گِھر گیا

بدگمانی سے ہوا کیا کیا نہ سَر گرداں خیال
رات کو کس کس کے گھر بن کر مرا مخبر گیا

کل نکالا جا چکا اے شوقؔ اُس کی بزم سے
آج کیوں اپنا سا مُنھ لیکر وہاں تو پھر گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوادِ خط ترے خط میں تری تحریر کا سا تھا
مگر بگڑا ہوا میرے خطِ تقدیر کا سا تھا

تری تصویر وہ ، جو ہے شباب آنے سے پہلے کی
فلک پر چودھویں کا چاند اُسی تصویر کا سا تھا

کبھی دیکھا نہ تھا پہچاں سکتا کیا میں گیسو کو
کچھ اُس کے سَر پہ ہاں لٹکا ہوا زنجیر کا سا تھا

کیا جادو بھی میں نے اُسکی آنکھوں پر کہ مل جائیں
مری قسمت سے وہ بھی آہِ بے تاثیر کا سا تھا

کوئی مجھ سے مرے دل کے تڑپنے کا سبب پوچھے
نظارہ اُس کی چتون کا نکیلا تیر کا سا تھا

ہوا جو دفن ابھی وہ ہو نہ ہو تیرا ہی عاشق ہو
بدن خشک اور چہرہ زرد اُسی دلگیر کا سا تھا

خدا بخشے بہت ہی شوقؔ ہم کو یاد آتا ہے
وہ دل والا تھا درد اُس میں جناب میرؔ کا سا تھا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔