پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بھگوڑا قسط نمبر 6 ریاض عاقب کوہلر ”کیوں ۔ بولتی ب…

بھگوڑا قسط نمبر 6
ریاض عاقب کوہلر

”کیوں ۔ بولتی بند ہو گئی کیا؟“ مجھے خاموشی دیکھ کر وہ ایک مرتبہ پھر گویا ہوا۔
” تمھیں کیسے پتا چلا کہ میں اس گھر میں ہوں۔“
”ہاہا ہا….“ اس نے ایک مرتبہ پھر بلند آہنگ قہقہہ لگایا۔ ”تم کو برا کو جانتے نہیں ہو نا۔ اس لیے یہ بات کر رہے ہو۔ تم اگر پاتال میں بھی جاکرچھپ جاتے، کوبرا تمھیں وہاں سے بھی ڈھونڈ نکالتا۔ اب چونکہ تمھاری سانسیں پوری ہونے والی ہیں اس لیے بتائے دیتا ہوں کہ تم نے جو ڈبل کیبن کمال ورکشاپ میں فروخت کی تھی اس کے بارے میں مجھے علم ہو گیا۔ کمال سے پتا کرنے پر دلیر سنگھ کا نام معلوم ہوا اور اس کے بعد۔ دو جمع دو چار۔“
یہ کہتے ہی وہ اچھلا اور اس کی زور دار فلائنگ کک میری چھاتی پر لگی، میں اس حملے کے لیے تیار نہیں تھا اس لیے بے خبری میں مار کھا گیا اور کولہوں کے بل زمین پر جا گرا۔ نیچے گرتے ہی میں پھرتی سے اٹھ کھڑا ہوا لیکن کوبرا مجھ سے پہلے سیدھا ہو چکا تھا اور حملے کے لیے پینترے بدل رہا تھا۔ میرے کھڑے ہوتے ہی وہ بائیں پاﺅں پر گھوما اوردائیں پاﺅں کی ایڑی میری چھاتی میں ماری اس وار کو میں نے دونوں کلائیوں پر روک لیا تھا …. ابھی میں اس وار سے سنبھلا ہی تھا کہ اس کی بائیں ٹانگ میرے پیٹ میں لگی اورمیں اُڑ کر چارپائی پر جاگرا۔ میری سانسیں رکنے لگی تھیں۔ دلیر سنگھ کے کہنے کے بہ موجب وہ واقعی بہت اچھا لڑاکا تھا۔ میرا دل چاہ رہا تھا کہ چارپائی پرلیٹا رہوں مگر اس وقت لیٹے رہنے کا مطلب تھا ہمیشہ کا آرام۔ اس لیے میں چارپائی پر گرنے کے بعد کروٹیں بدلتا ہوا وہاں سے ہٹ گیا اور میرابروقت ہٹنا کام آگیا ورنہ جہاں میں ایک لمحہ پہلے گرا تھا اس جگہ پر کوبرا نے اپنے دونوں پاﺅں ملا کر چھلانگ لگائی تھی۔ پیٹ میں ایک ضرب کھانے کے بعد اسی جگہ دوسری چوٹ برداشت کرنا میرے لیے ناممکن ہو جاتا۔ چارپائی پرگرتے ہی وہ اچھلا اور تیر کی طرح میری طرف بڑھا مگر اس بار جیسے ہی وہ میرے قریب پہنچا میں تیزی سے سائیڈ پر ہوا اور اس کے تھوڑا سا آگے بڑھتے ہی میں نے زور دار قسم کی کک اس کے کولہوں پر جڑ دی، لیکن دیوار کے ساتھ ہاتھ ٹیک کر وہ بڑی خوب صورتی سے خود کو بچا گیا۔ اس کے سیدھا ہونے تک میں دوڑ کر مخالف کونے میں پہنچ گیا تھا۔ مجھے دوڑتا دیکھ کر اس نے استہزائی قہقہہ لگایا اور بولا۔
”بس…. عمر جان گنڈہ پور عرف جانو کمانڈو!…. اتنی ہی ہمت تھی؟“
اس کے الفاظ اور لہجہ مجھے آگ لگانے کے لیے کافی تھا، لیکن میں نے اپنے دماغ کو ٹھنڈا رکھا اور اپنی سوچوں کادھارا اپنے مشفق انسٹریکٹر صوبیدار مراد کی جانب موڑا۔
”جوانو!…. سب سے پہلے اپنے مخالف کو جانچو۔ اس کی لڑائی کے طریقے پر نظر رکھو۔ دیکھو کہ وہ کس ہاتھ اور کس پاﺅں کا استعمال زیادہ کررہا ہے کہیں وہ کھبا (بائیں ہاتھ والا) تو نہیں ہے۔ دوران لڑائی اس کے مضبوط پہلوپر نظر رکھو۔ اس کے ساتھ اپنے لباس کا بھی جائزہ لو کہیں تم نے کوئی ایسا لباس تو نہیں پہنا جو لڑائی میں مانع ہو۔ مخالف کی کمزوری ڈھونڈو۔ اکثریت ایسے لڑاکوں کی ہے جو حملہ کرنے میں تو بہت تیز ہوتے ہیں لیکن اپنے دفاع سے غافل رہتے ہیں۔ اسی طرح بہت اچھے لڑا کے عموماً غصے کی حالت میں مار کھا جاتے ہیں تم لوگ بھی یہ بات یاد رکھنا کہ چاہے کتنی مار کیوں نہ کھا لو غصے کا اظہار نہیں کرنا۔ ابتدائی لڑائی میں مار کھاکر کبھی بھی ہتھیار نہیں پھینکنا۔ لڑائی کا پانسہ کسی وقت بھی پلٹ سکتا ہے۔“
میں نے اپنے لباس کا جائزہ لیا چمڑے کی جیکٹ اور قمیض میرے تیزی سے حرکت کرنے میں رکاوٹ پیدا کر رہی تھی ۔ میں نے جلدی جلدی قمیض اور جیکٹ اتار کر سائیڈ پر پھینک دی۔
”تم اگر شلوار بھی اتار دو تب بھی مجھ سے بچ نہیں سکتے۔“ کوبرے نے مجھ پر چوٹ کرتے ہوئے کہا لیکن میری باڈی دیکھ کر اس کی آنکھوں میں جو مرعوبیت کی لہر اٹھی تھی وہ مجھ سے چھپ نہیں سکتی تھی۔
”وہ میں نیلم کے سامنے اتاروں گا۔“ میں ترکی بہ ترکی بولا، اور میرا تکا، نشانے پر لگا کیونکہ نیلم کا نام سنتے ہی اس کے چہرے پر چھائی استہزائیہ ہنسی غیض و غضب میں بدل گئی تھی۔
”تیری تو ….“ اس نے گالیاں بکتے ہوئے مجھ پر چھلانگ لگائی، مگر اس مرتبہ میں تیارتھا۔ اس کے نیچے گرنے سے پہلے میں اپنی جگہ چھوڑ چکا تھا۔ نیچے گرتے ہی وہ سرعت سے پلٹا اورمیں اس وقت اپنے دائیں پاﺅں پر گھوم گیا۔ بائیں پاﺅں کی ایڑی تیرسے نکلے ہوئے کمان کی طرح اس کی چھاتی پر لگی اور وہ پشت کے بل نیچے گر پڑا۔ اس کے ساتھ ہی میں وحشیانہ اندازمیں اس پر پل پڑا۔ وہ بھی کچھ کم نہیں تھا۔ ہم کافی دیر ایک دوسرے کو رگیدتے رہے۔ عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ مجھے کوئی اس طرح اینٹ کا جواب پتھر سے دے رہا تھا۔ ہم دونوں کے سانس دھونکنی کی طرح چل رہے تھے لیکن ہم میں کوئی بھی ہارماننے کو تیار نہیں تھا اور پھر کو برے کی بدقسمتی کہ میری کک سے بچنے کے لیے اس نے اچھل کر پیچھے ہونا چاہا مگر پیچھے دیوار ہونے کی وجہ سے وہ دیوار کے ساتھ بڑی زور سے ٹکرایا، اس ٹکر کا بدلہ لینے کے لیے وہ سرجھکا کر مجھے ٹکر مارنے کے لیے دوڑا ۔ میں تھوڑا سا دائیں جانب کو ہوا اور اگلے ہی لمحے اس کی مضبوط گردن میرے بائیں بازو کے شکنجے میں پھنسی ہوئی تھی۔
میں نے نفرت کے ساتھ اس کی گردن کو جھٹکا دیا اور کٹاک کی آواز کے ساتھ ہی وہ میرے بازو میں جھول گیا۔ اسے فرش پر پھینک کر میںاپنی پھولی سانسوں پر قابو پانے لگا۔ یہی موقع اگر اسے ملتا تو شاید وہ مجھے مارنے کی بجائے بے ہوش کرنے پر اکتفاکرتا کیونکہ اس نے مجھے گرفتار کرنا تھا۔
دلیر سنگھ جو ہماری فائٹ کے دوران دروازے پر جا کرکھڑا ہو گیا تھا۔ کوبرے کی ہلاکت کے ساتھ ہی بھاگ کر مجھ سے لپٹ گیا اور میرے بازوﺅں پر بوسہ دیتا ہوا بولا۔ ”مان گیا ہوں جانو صاحب !….آپ ایک عظیم لڑاکے ہیں۔“
لیکن میں اس نے اس کی بات کا جواب دینے کی بجائے اسے خود سے علاحدہ کیا اورخاموشی سے چارپائی پر جا کر بیٹھ گیا۔
”پانی لے آﺅں؟“ دلیر سنگھ عقیدت سے بولا۔
”پانی کو چھوڑو میرے لیے لباس اور جوتوں کا بندوبست کرو ہمیں یہاں سے فی الفور نکلنا ہو گا۔“
”آپ چند منٹ انتظار کریں میں یہ گیا اور یہ آیا۔“ دلیر سنگھ مستعدی سے بولا ”البتہ اپنے پاﺅں کا ناپ بتا دیجئے گا۔“
میں نے کہا۔”دس نمبر۔“ اور دلیر سنگھ سر ہلاتا ہوا گھر سے نکلتا چلا گیا۔
اس کے جاتے ہی میں نے تینوں لاشوں کی جامہ تلاشی لی مگر کوئی کام کی چیز نہ پا سکا۔ نقدی کے علاوہ سارا سامان میں نے ان کی جیبوں میں واپس ڈال دیا۔ نقدی اپنے پاس رکھنے کا مقصد بھی کوئی روپے پیسے کالالچ نہیں تھا، بلکہ دشمن ملک میں میرا سب سے بڑا مدد گار یہی پیسہ ہو سکتا تھا۔
نیلم اور کوبرے کے پستول میں نے اپنی جیب میں ڈال لیے۔ خصوصاً نیلم کا چھوٹا پستول تو مجھے بہت پسند آیا تھا۔ میں نے اس کا جائزہ لیا اس کے دستے کے دونوں جانب چمڑے کے چھوٹے چھوٹے بیلٹ لگے ہوئے تھے جن میں سات سات گولیاںپڑ یںجگمگارہی تھیں۔ اس کی میگزین کے اندر مجھے سات راﺅنڈ کی گنجائش نظر آئی۔ جس میں سے تین راﺅنڈ میں کوبرے اور اس کے دونوں ساتھیوں پر استعمال کر چکا تھا۔ میں نے حفظ ِ ماتقدم کے طور پر اس کی میگزین دوبارہ فل کر دی۔
میرا ارادہ تھا کہ گن دلیر سنگھ کے پاس ہی چھوڑ دوں گا۔ گو پستول اور گن کی کارکردگی میں زمین آسمان کا فرق ہے کہ پستول کی رینج کے ساتھ نشانے میں درستی بھی بہت کم ہوتی ہے ، لیکن چھوٹا ہونے کی وجہ سے باآسانی چھپایا جا سکتاہے اس لیے میں نے پستول کا انتخاب کیا تھا۔
دلیر سنگھ میرے اندازے سے پہلے ہی واپس پہنچ گیا۔ لباس کے نام پر اس نے میرے لیے جنیز ٹی شرٹ اور چمڑے کی ایک کھلی جیکٹ پسند کی تھی۔ سر پر رکھنے کے لیے گرم ٹوپی جس میں میرے لمبے بال آسانی سے چھپ سکتے تھے اور منہ پر لپیٹنے کے لیے ایک کالے رنگ کا مفلر بھی وہ ساتھ لیتا آیا تھا جبکہ پاﺅں میں پہننے کے لیے سپورٹس شوز لایا تھا۔ یہ تمام چیزیں مجھے اپنی شناخت چھپانے میں مدد دے سکتی تھیں ۔ میں نے دل کھول کر اس کے انتخاب کی داد دی۔ جسے سن کر دلیر سنگھ کے چہرے پر بشاشت چھا گئی تھی۔
”دلیر سنگھ میں نے کوبرے کی جیب میں گاڑی کی چابی دیکھی ہے۔ گاڑی انھوں نے کہیں قریب ہی پارک کی ہو گی۔ تم گاڑی اندر لے آﺅتاکہ ان لاشوں کو غائب کریں ورنہ بعد میں تمھارے لیے مسئلہ بنے گا، اس وقت تک میں لباس بدل لوں۔“
اور دلیر سنگھ سر ہلاتا ہوا کو برے کی طرف بڑھ گیا۔
”اور ہاں۔“ میں نے اسے تاکید کرتے ہوئے کہا ۔ ”دھیان رکھنا گاڑی میں ان کا کوئی بندہ موجود نہ ہو۔“
”بے فکر رہیں، میں خیال رکھوں گا۔“ دلیر سنگھ نے کوبرے کی لاش سے چابی نکالتے ہوئے کہا اور میں کپڑے اٹھا کر غسل خانے کی سمت بڑھ گیا ۔ پانی ٹھنڈا تھا لیکن میںاس سے لطف اندوز ہوئے بنانہ رہ سکا۔ کافی عرصے کے بعد مجھے نہانے کا موقع ملا تھا۔ صابن کو میں نے سر اور بدن پر اتنی مرتبہ رگڑا کہ اس کی ٹکیہ میرے ہاتھوں ختم ہو کر رہ گئی۔ جب میں باہر نکلا تو بالکل فریش تھا۔
دلیر سنگھ لاشوں کو کار میں منتقل کر چکا تھا۔ اس کے لیے اس نے کار کی ڈگی استعمال کی تھی۔ میری اور کوبرے کی فائیٹ کے دوران جو افراتفری مچی تھی اور جو سامان درہم برہم ہوا تھا دلیر سنگھ نے اس کو بھی ترتیب سے رکھ دیا تھا۔
میں نے کلاشنکوف دلیر سنگھ کے حوالے کرتے ہوئے کہا۔ ”اگر اس کی ضرورت ہے تو اپنے پاس کہیں چھپا کر رکھ لو۔“
”کیوں….؟آپ کو نہیں چاہئے۔“ وہ مستفسر ہوا۔
”میں اسے کہاں لیے پھروں گا۔ میرے لیے یہ پستول ہی کافی ہے۔“
”اب کہاں جائیں گے؟“
”یار!…. میں تو اس علاقے سے بالکل ناواقف ہوں، بلکہ مجھے تو یہ بھی پتا نہیں ہے کہ یہ شہر کون سا ہے۔“
”یہ انبالہ ہے۔“ دلیر سنگھ نے جواب دیا ۔ ”ویسے آپ کو اس شہر کا نام کیوں معلوم نہیں۔“
”دلیر سنگھ ابھی وقت کم ہے۔ یہاں سے چلتے ہیں کسی محفوظ مقام پر پہنچ کر میری کہانی سن لینا ۔“
”ٹھیک ہے جناب!….“ وہ تابعداری سے بولا۔ ”میں تیار ہوں۔ صرف دو منٹ لوں گا یہ کلاشنکوف اور پیسے میں محفوظ مقام پررکھ دوں۔“
میں نے سر ہلا نے پر اکتفا کیا تھا ۔
دلیر سنگھ حقیقتاً دو منٹ میں واپس آگیا اور ہم دونوں اس کے گھر کو تالا لگا کر چل پڑے۔ ڈرائیونگ دلیر سنگھ نے سنبھالی تھی کہ میں اس شہر کے گلی کو چوں سے ناواقف تھا۔ میں اس کے بارے میں صرف اتنا جانتا تھا کہ کشمیر کی سرحد کے ساتھ جالندھر واقع تھا اور اس کے بعد انبالہ آتا تھا۔
”اب کیا کریں؟“ گھر سے نکلتے ہی دلیر سنگھ نے پوچھا ۔
”سب سے پہلے تو اپنے کسی واقف کار کو کمال ورکشاپ بھیجو اور کمال کا پتا کراﺅ آیا کوبرا اسے اپنے کسی اڈے پر لے گیا تھا یا وہیں پر اس نے اس پوچھ گچھ کی تھی اور اس کے بعد ان لاشوں کو ٹھکانے لگائیں گے۔“
”پہلے ان لاشوں کو کیوں ناٹھکانے لگا دیں۔“ دلیر سنگھ نے مجھے مشورہ دیا جو مجھے نہایت معقول لگا۔
”ٹھیک ہے ،کار کسی مشہور مارکیٹ میں لے چلوجہاں گاڑیوں کا رش رہتا ہو اور دلیر سنگھ سرہلا کر ایک جانب روانہ ہو گیا جلد ہی ہم ایسے بازار میں پہنچ گئے جہاں رش بہت زیادہ تھا ۔ اور گاڑیاں دھیمی رفتار میں آگے بڑھ رہی تھیں۔ بازار میں سڑک کے دونوں جانب لوگوں نے گاڑیاں پارک کی ہوئی تھیں ۔ ایک مناسب جگہ دیکھ کر دلیر سنگھ نے بھی گاڑی پارک کی اور ہم دونوں باہر نکل آئے۔ باہر نکلنے سے پہلے میں اپنے چہرے کے گردمفلر لپیٹنا نہیں بھولا تھا۔
”دلیر سنگھ پہلے کھانا نہ کھالیں۔“ ایک صاف ستھرے ریسٹورنٹ پر میری نظر پڑی اور میں نے دلیر سنگھ کو اس طرف متوجہ کیا۔
”بھوک تو مجھے بھی لگی ہوئی ہے۔“اس نے اپنے پیٹ پر ہاتھ پھیرا۔ اور ہم دونوں ریسٹورنٹ میں گھس گئے اندر ایک نسبتاً ویران اور اندھیرے کونے میں بیٹھ کر ہم نے نشستیں سنبھال لیں۔
کھانا کھا کرہم نے چاے پی اور پھر بل پے کر کے باہر نکل آئے۔
”جانو صاحب !….میرا خیال ہے میں آپ کو اپنے ایسے ٹھکانے پر لے چلتا ہوں جس سے کوئی بھی واقف نہیں ہے وہیں قریب میںفون کی سہولت بھی موجود ہے وہاں سے کمال ورکشاپ میں فون کر کے کمال کے بارے معلومات لے لیں گے۔“
”ہاں یہ ٹھیک ہے۔“ میں نے سر ہلا کر اس کی تائید کرتے ہوئے کہا۔ ”اس طرح کم سے کم خطرہ مول لیتے ہوئے ہم کمال کے بارے میں معلومات حاصل کر لیں گے۔“
میری تائید حاصل کرتے ہی دلیر سنگھ نے ایک ٹیکسی کو ہاتھ دے کر روکا اور بیٹھتے ہی ڈرائیور کو پتا بتانے لگا۔ ٹیکسی کے چلتے ہی میں دائیں بائیں مناظر کو گہری نظر سے دیکھنے لگا تاکہ اس انجان شہر سے زیادہ سے زیادہ واقفیت حاصل کر سکوں۔ دلیر سنگھ اور میرے تعلق کا فیصلہ کمال کی خیریت معلوم ہونے کے بعد ہونا تھا۔ اگر کمال کو کوبرا اپنے کسی ٹھکانے میں لے گیا تھا پھر تو میں نے فی الفور دلیر سنگھ سے علاحدہ ہوجانا تھا کیونکہ کوبرے کی طرح کوئی اور بھی دلیر سنگھ کو ڈھونڈ کر مجھ پر قابو پانے آ سکتا تھا۔ اس کے برعکس اگر کوبرا کمال سے دلیر سنگھ کا پتا حاصل کرتے ہی بغیر کسی کو اطلاع دیے دلیر سنگھ کے گھر پر چڑھ دوڑا تھا، تب تودلیر سنگھ کا ساتھ میرے لیے کافی مفید ثابت ہوتا یوں بھی کوبرے کی موت کے بعد دلیر سنگھ کافی عقیدت سے پیش آرہا تھا۔پھر جہاں تک آثار نظر آرہے تھے ،مجھے یہی لگ رہا تھا کہ کو برا کمال سے دلیر سنگھ کے بارے میں معلوم ہوتے ہی ہم پر چڑھ دوڑا تھا اوراسے اپنے اوپر جو اندھا اعتماد تھا اس کی وجہ سے اس نے کسی کو بتانے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی ہو گی۔
آدھے گھنٹے کے سفر کے بعد ہم ایک رہائشی علاقے میں پہنچ گئے تھے ۔
ایک جگہ ٹیکسی رکوا کر دلیر سنگھ نے اسے کرایہ دے کر رخصت کیا اور مجھے ساتھ لے کر ایک جانب چل پڑا۔ تقریباً دو فرلانگ چلنے کے بعد ہم ایک تین منزلہ عمارت کے احاطے میں داخل ہوئے۔ گیٹ پر ایک چوکیدار نما شخص ڈنڈا سونتے کھڑا تھا لیکن اس نے ہم سے کوئی تعرض نہیں کیا اور بھی کافی لوگ آجارہے تھے۔
دلیر سنگھ مجھے ساتھ لیے سیڑھیاں چڑھتا ہوا دوسری منزل پر پہنچا ۔ایک فلیٹ کے دروازے پر رک کر اس نے اطلاعی گھنٹی کا بٹن دبا دیا۔ دروازے کے اوپر فلیٹ کا نمبر73جگمگا رہا تھا۔ تھوڑی دیر بعد دروازہ کھلا۔ کھولنے والی ایک خوش شکل لڑکی تھی جو آسمانی کلر کی ساڑھی میں ملبوس بہت دلکش دکھائی دے رہی تھی۔ دلیر سنگھ کو دیکھ کر اس کے چہرے پرشناسائی کی چمک نمودار ہوئی۔
”بڑے عرصے بعد راستا بھولے ہو۔“ اس نے اپنی جلترنگ سی آواز میں کہا اور دروازے سے ایک طرف ہو کر بولی۔ ”اندر آجائیں۔“
دلیر سنگھ نے اندر داخل ہوتے ہوئے کہا”جو ہی!…. تمھیں پتا تو ہے کہ میں کتنا مصروف رہتا ہوں؟اس کے باوجود تم گلہ کرنے سے باز نہیں آتی ہو۔“
”میں نے کب گلہ کیا ہے۔“ وہ دروازہ بند کرتے ہوئے بولی۔
”تو کیا یہ شکرادا کر رہی تھیں۔“ دلیر سنگھ نے منہ بنایا۔ وہ بے ساختہ ہنس پڑی تھی۔
”بس جب جواب نہ بنے تو ہنس پڑو، ساری غلطیاں ختم ۔“ اسے ہنستے دیکھ کر دلیر سنگھ چڑ کر بولا، جس کے جوا ب میں اس نے ایک عدداور ہنسی اچھالی۔
”مہمان کا تعارف تو آپ نے کرایا ہی نہیں ہے۔“
”یہ میرا نیا دوست ہے۔ کچھ دشمنوں سے چھپنے کے لیے اسے ٹھکانے کی تلاش تھی اس لیے میں اسے یہاں لے آیا ہوں۔“
”اچھا آپ لوگ بیٹھیں،میں چاے لاتی ہوں۔“وہ
”یہ اس قابل ہے کہ اس پر اعتبار کیا جا سکے؟“ اس کے باہر نکلتے ہی میری سوالیہ سرگوشی دلیر سنگھ کے کانوں میں گونجی ۔
”جانو صاحب !….مجھے خود سے زیادہ جوہی پر اعتماد ہے۔“ دلیر سنگھ کے لہجے میں فخر تھا ۔
”اچھا کمال کو فون کس وقت اور کہاں سے کرو گے؟“ میں نے موضوع بدلا۔
”بس چاے پیتے ہی جاتا ہوں، اس بلڈنگ میں ایک پی سی او ہے اور اسی سے بات کر لوں گا۔“
”چاے تیار ہونے تک تم بات کر بھی لیتے۔“ میں بے صبری سے بولا۔ ”کیونکہ اس سے ہم نے آئندہ کالائحہ عمل تیار کرنا ہے۔“
”جیسے آپ کی مرضی۔“ وہ اپنی جگہ سے اٹھ گیا ۔
دلیر سنگھ کے باہر نکلنے کے چند منٹ ہی بعد جو ہی لہراتی ہوئی اندر داخل ہوئی ۔ اس نے ہاتھوں میں ایک منقش ٹرے اٹھائی ہوئی تھی جس میں چاے کے برتنوں کے ساتھ دوسرے لوازمات بھی نظر آرہے تھے۔
”یہ دِلّو کدھر چلا گیا؟“ وہ حیرانی سے مستفسر ہوئی۔
”پی سی او تک گیا ہے ایک ضروری فون کرنا تھا۔“ میں اس کی جانب دیکھے بغیر آہستہ سے بولا۔
”ایک تو اس کی ضروری باتیں ختم نہیں ہوتیں۔“ وہ میرے سامنے دھری ٹیبل پر چاے کے برتن رکھتے ہوئے بولی۔وہ خود بھی ٹیبل کے ساتھ ہی قالین پر بڑے انداز سے بیٹھ گئی تھی، لیکن میں نے دانستہ اس کی جانب دیکھنے سے گریز کیا۔
”چینی کتنی ڈالوں۔“ وہ میرے لیے چاے بنانے لگی ۔
”دلیر سنگھ کو آنے دو پھر پی لیتے ہیں۔“
”کیوں اس کی غیر موجودی میں مَیں آپ کو زہر پلا دوں گی۔“ وہ خفگی سے بولی۔ ”اور یہ مفلر بھی اب اپنے چہرے سے ہٹا دو، ادھر ایسا کوئی موجود نہیں جس سے آپ کو پردہ کرنے کی ضرورت پڑے۔“ میں نے اسے کوئی جواب دیئے بغیر مفلر اپنے چہرے سے ہٹا دیا ۔
”تھینک یو۔“ وہ شرارت سے مسکرائی۔
”آپ دلیر سنگھ کی کیا لگتی ہیں؟“ اس کے سوالات سے بچنے کے لیے میں نے اس کا انٹرویولینا شروع کر دیا ۔
”کچھ بھی نہیں اور بہت کچھ ۔“
”کیا مطلب؟“ میں حیرانی سے بولا۔
”مطلب ظاہرہے۔“وہ وضاحت کرتے ہوئے بولی۔ ”اگر ہماری شادی نہ ہوئی تو کچھ بھی نہیں ورنہ بہت کچھ، بلکہ سب کچھ۔“
”انتظار کس بات کا ہے؟“ میںمستفسر ہوا۔
”دِلّو کی اِچھا کا۔“
”میں سمجھا نہیں؟“
”دلو شادی کرنے سے پہلے کوئی چھوٹا موٹا کاروبار کرنا چاہتا ہے۔ اس کے ساتھ وہ اس بات کا بھی خواہاں ہے کہ اپنا ذاتی گھر بنالے۔“
”آپ کی کیا مرضی ہے۔“
”میں دلو کی خوشی میں خوش ہوں۔“ یہ الفاظ اس کے منہ میں تھے کہ بیرونی دروازہ ایک جھٹکے سے کھلا اور دلیر سنگھ تیزی سے اندر داخل ہوا۔ اس کا رنگ اُڑا ہوا تھا۔ اس کی یہ حالت دیکھ کر میں بے ساختہ اٹھ کھڑا ہوا۔
”خیر تو ہے؟“ میں نے بے تابی سے پوچھا۔
مگر اس نے میری بات کا جواب دیئے بغیر ہاتھ میں پکڑ ہوا اخبار میری جانب بڑھا دیا۔ جس کے اندرونی صفحہ پر میری دو عدد تصاویر جگمگارہی تھیں۔ ایک داڑھی والی اور دوسری بغیر داڑھی کے…. اس کے ساتھ لکھی تحریر میں مجھے تخریب کار اور دہشت گرد کے القاب سے نواز ا گیا تھا اور اطلاع دینے والے کے لیے 50ہزار انعام کا وعدہ کیا گیا تھا۔
’اس میں پریشان ہونے کی کیا بات ہے؟“ میں نے اخبار واپس اس کی جانب پھینکا۔
”میں ان تصاویر کی وجہ سے تو پریشان نہیں ہوں۔“ وہ جلدی سے بولا۔
”تو پھر؟“
”کمال کے بارے مجھے ایک دوست سے پتا چلا ہے کہ وہ اور کوبرا بزنس پارٹنر ہیں“ ۔
”کیا کہہ رہے ہو؟“ میں حیرانی سے اچھل پڑا۔
l l l
یہ کیسے ہو سکتا ہے۔ کوبرا تو ایجنسی کا بندہ تھا اور کمال کے بارے تم اچھی طرح جانتے ہو کہ کیسا ہے شخص ہے۔“
دلیر سنگھ اطمینان سے بولا۔ ” مجھے بھی پکی اطلاع ملی ہے۔“
”تم نے کوبراکی باتیں سنی تھیں۔“ میں نے ایک اور نکتہ اٹھایا۔ ”وہ کمال کو کن الفاظ سے یاد کر رہا تھا۔“ ”وہ سارا ڈراما تھا۔ حقیقت یہی ہے کہ وہ اس کاروبار میں کمال کا سانجھی تھا اور جیسے ہی کل ہم نے گاڑی فروخت کی اس نے اچھی گاڑی دیکھ کر کوبرا کو بھی گاڑی دکھلا دی ۔ اب یہ ہماری بد قسمتی تھی کہ کوبرا اس گاڑی کو اچھی طرح پہچانتا تھااس لیے اس نے ہم تک پہنچنے میں دیر نہیں لگائی۔“
”میرا خیال ہے اس نے کسی کو بتائے بغیر یہ قدم اٹھایا تھا۔“ میں نے کہا۔ ”اس کی کوشش یہی تھی کہ مجھ پر قابو پانے کے بعد یہ بات آگے بتائے۔“
”اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں۔“ دلیر سنگھ بولا۔ ”البتہ یہ بات کنفرم ہے کہ کمال کو یہ معلوم ہے کہ کوبرا میرے گھر کی طرف آیا تھا اور اس کی لاش دریافت ہوتے ہی کمال کو پتا چل جائے گا کہ یہ کس کی کارستانی ہے اور شاید اس کے بعد کمال اس بات کی اطلاع کسی اور ایجنسی والے کو دے دے کیونکہ اگر اس کے کو برے کے ساتھ روابطہ تھے تو اوروں سے بھی شناسائی ہو سکتی ہے۔“
”کوبرے کو کس نے مارا ہے۔“ جوہی جو خاموشی سے ہماری باتیں سن رہی تھی مجھے مخاطب ہوئی ۔
دلیرسنگھ نے جواب دیا ۔ ”وہ جانو صاحب کے ہاتھوں نرک میں پہنچا ہے۔“
”اس کے ہاتھوں؟“ جوہی نے حیرانی سے میری جانب اشارہ کیا۔ ”مگر تم تو کہتے تھے کہ کوبرا بہت اچھا لڑاکا ہے اور اس کے ساتھ خالی ہاتھ مقابلہ کرنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں۔“
”جانو صاحب اس سے بھی اچھے لڑاکے ہیں۔“ دلیر سنگھ فخریہ لہجے میں بولا۔
”مجھے تو ان میں ایسی کوئی بات نظر نہیں آرہی۔“ جوہی بے پرواہی سے بولی لیکن اس کی آنکھوں میں میرے لیے ابھرنے والے ستائش کے اثرات مجھ سے چھپے نہ رہ سکے۔
”چھوڑو اس قصے کو۔“ میں چاے کا کپ اپنی جانب کھسکاتے ہوئے دلیر سنگھ کو بولا۔ ”پہلے چاے پی لیں۔“
”صبر کرونا بنا کر دیتی ہوں۔“جو ہی خالی کپ جھپٹتے ہوئے بولی اور اس کی حرکت پردلیر سنگھ کھل کھلا کر ہنس پڑا، لیکن میں نے مسکرانے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی جو ہی ضرورت سے زیادہ ہی میرے ساتھ فری ہونے کی کوشش کر رہی تھی اور میں کسی صورت میں بھی اس کی حوصلہ افزائی نہیں کرنا چاہتا تھا۔
”کتنی چینی ڈالوں۔“
”دو چمچ“ کہہ کر میں دلیر سنگھ کی طرف متوجہ ہو گیا۔ ”اب کمال کی زبان کیسے بند کریں گے؟“
”میرا خیال ہے چاے پی کر اس کی طرف چلتے ہیں۔“ دلیر سنگھ نے تجویز پیش کی۔
”ہو سکتا ہے وہ اب تک یہ بات آگے پہنچا بھی چکا ہو۔“ میں نے اندیشہ ظاہر کیا۔
”ہاں یہ بھی ہو سکتا ہے، لیکن کوبرے کی لاش ملنے سے پہلے شاید وہ یہ قدم نہ اٹھائے۔“ دلیر سنگھ بولا۔
”یہ کیا آ پ لوگوں نے کمال اور کوبرے کی رٹ لگائی ہوئی ہے۔“ جو ہی خفگی سے بولی۔ ”اس کے علاوہ آپ لوگوں کے پاس کوئی موضوع نہیں۔“
”چلو پھر جانو صاحب سے اس کی سٹوری سن لیتے ہیں۔“ دلیر سنگھ بولا۔
”ہاں اب بات کی ہے نا؟“جو ہی نے اشتیاق سے کہا۔ ”چلیں جی جانو صاحب!….اب آپ اپنے بارے کچھ بتائیں۔“
”کیا بتاﺅں ، بس مختصراً یہی ہے کہ کسی گھریلو مجبوری کی وجہ سے مجھے چھٹی کی ضرورت پڑی جبکہ چھٹی بند تھی کیونکہ جس علاقے میں مَیں تعینات تھا وہاں برف پڑنے کی وجہ سے راستے بند تھے۔ مجبوراً مجھے بھاگنا پڑا، بدقسمتی سے سرحد عبور کر کے اس طرف آنکلا اور انڈین فوج کے ہاتھوںپکڑا گیا۔ آرمی والوں نے مجھے جاسوس سمجھ کر اپنے انسویسٹی گیشن والوں کے حوالے کر دیا وہاں سے کل رات میں جان چھڑا کر بھاگا تھا جب آپ مجھے راستے میں مل گئے اور اس کے بعد کے حالات آپ کے سامنے ہیں۔“
”آپ نے سچ مچ کمانڈو کی تربیت حاصل کی ہوئی ہے نا؟“ دلیر سنگھ نے استفسار کیا۔
”ہاں!“ میں مختصراً بولا۔
”اس کا مطلب ہے آپ سے کافی داﺅ پیچ سیکھے جا سکتے ہیں۔“ دلیر سنگھ اشتیاق سے بولا۔
”تمھیں تربیت دینے میں مجھے کوئی عارنہیں لیکن افسوس کہ ہمارا ساتھ بہت مختصر ہے۔“
”کیا مطلب؟“ دلیر سنگھ کے لہجے میں حیرانی تھی ۔
”مطلب واضح ہے دوست۔خفیہ ایجنسی والے میری تلاش میں سرگرداں ہیں اور جیسے ہی انھیں ہمارے تعلق کے بارے معلوم ہو گا وہ یہاں پہنچنے میں دیر نہیں لگائیں گے۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ ہم علاحدہ ہو جائیں اور تم بھی اس سے پہلے کہ وہ جلاد تم تک پہنچیں ان کے پاس خود چلے جاﺅ اور انھیں ساری کہانی بلا کم و کاست سنا دو۔ اس طرح کم از کم تم ان کے تشدد سے بچ جاﺅ گے۔ یوں بھی تم نے اسی ملک میں رہنا ہے۔ جبکہ میں نے جلدیا بدیر یہاں سے نکل جانا ہے اگر زندگی رہی تو۔“
”میں اتنا کمینہ بھی نہیں ہوں کہ اپنی جان کے خوف سے آپ کا ساتھ چھوڑ دوں۔“ دلیر سنگھ جذباتی ہو گیا تھا۔
”دلیر سنگھ سمجھنے کی کوشش کرو، اسی میں ہم دونوں کی بھلائی ہے۔ تمھارے ذریعے انھیں مجھ تک پہنچنے میں آسانی ہو گی۔“ میں نے اسے سمجھایا۔
”لیکن آپ یہاں تو چھپ کررہ سکتے ہیں۔ جو ہی کے ساتھ میرے تعلق کو توکوئی بھی نہیں جانتا۔“
”میں نے چھپ کر نہیں رہنا، یہاں سے نکلنا ہے۔“
جوہی جلدی سے بولی۔”چلے جانا چند دن ہمیں بھی اپنی سیوا کا موقع دو۔“
”میرا بھی یہی مطلب ہے۔“ دلیر سنگھ نے اس کی تائید کرتے ہوئے سر ہلایا۔
”ٹھیک ہے دلیر سنگھ!“ میں ہتھیار ڈالتے ہوئے بولا۔ ”لیکن زیادہ سے زیادہ آج کا دن۔“
”کم از کم تین چار دن تو رہیں۔“ دلیر سنگھ بولا۔ ”اس وقت تک آپ کی تلاش کرنے والوں میں جو سرگرمی پائی جاتی ہے اس میں بھی کمی آجائے گی۔“
”تلاش کرنے والے اتنے بھولے بھی نہیں ہیں کہ تین چار دن میں تھک جائیں۔“ میں نے ان کی غلط فہمی کو دور کرنے کی کوشش کی۔ ”ہو سکتا ہے وہ اگلے دو تین ہفتے شکاری کتوں کی طرح میری بو سونگھتے پھریں۔ جس وقت تک کہ انھیں میرے انڈیا سے فرار ہونے کی اطلاع کسی معتبر ذرائع سے نہیں مل جائے۔“
”کم از کم دو دن ضرور۔“ جو ہی چاے کے برتن سمیٹتے ہوئے حتمی لہجے میں بولی۔ ”اور اب اس بارے آپ کا کوئی بہانہ نہیں سنا جائے گا۔“
”اچھا پھر مجھے آرام کرنے کی جگہ دکھا دیں۔“ میں اپنی جگہ سے اٹھتا ہوا بولا۔
اور دلیر سنگھ”آئیں جی!“ کہہ کرمجھے ڈرائنگ روم سے ملحقہ ایک چھوٹی سی خواب گاہ میں لے آیا۔ جس میں ایک سنگل بیڈ بچھا ہوا تھا۔ دلیر سنگھ مجھے کمرہ دکھا کر باہر نکل گیا اور میں بوٹ اتار کر لیٹ گیا۔ کوبرے سے لڑائی کرتے ہوئے میری اچھی خاصی ورزش ہو گئی تھی اور میں اس وقت سخت تھکن محسوس کر رہا تھا۔ اس کے علاوہ میرا مقصد ان دونوں کو تنہائی فراہم کرنا بھی تھا میں کافی دیرمختلف سوچوں میں گھرا رہا اور پھر نہ جانے کس وقت مجھے نیند آگئی۔
l l l
سعد یہ کمرے میں داخل ہوئی اور میرے سرہانے آ کر بیٹھ گئی۔
”بہت تھکے ہو۔“ وہ اپنی مدھر آواز میں بولی۔
”ہاں بہت زیادہ۔“
”کھانا کھاﺅ گے۔“ وہ میرے بالوں میں انگلیاں پھیرنے لگی ۔
”نہیں ، بس تم اسی طرح اپنے ملائم ہاتھوں سے میرا سر سہلاتی رہو۔“
”اچھا جیسے تمھاری مرضی۔“ وہ اسی طرح ہاتھوں سے میرے سر میں کنگھی کرتے کرنے لگی اور پھر اچانک وہ میری نظروں سے اوجھل ہوئی ، مجھے لگامیں گھر میں نہیں کسی اور جگہ پرہوں ۔ آہستہ آہستہ میرا شعور جاگا اور مجھے یاد آگیا کہ میں دلیر سنگھ کی محبوبہ کے فلیٹ میں ہوں، لیکن جاگ جانے پر بھی مجھے اپنے سر میں انگلیاں پھرتی محسوس ہوتی رہیں۔
میں نے آنکھیں کھول کردیکھا تو وہ جو ہی تھی اور بڑے پیار بھرے انداز میں میرے بالوں میں انگلیاں پھیر رہی تھی۔ کمرے کے اندر ٹیوب لائیٹ روشنی تھی اس کا مطلب تھا کہ رات ہو گئی تھی۔ ٹیوب لائیٹ کی روشنی میں ا س کا چہرہ عجیب منظر پیش کر رہا تھا وہ کسی اور سیارے کی مخلوق نظر آرہی تھی۔
میں اپنے سرسے اس کا ہاتھ ہٹا کر جلدی سے اٹھ بیٹھا اور ہکلاتے ہوئے بولا۔
”کک۔ کیا بات ہے۔“
وہ کھلکھلا کر ہنس پڑی اور بولی۔ ”ڈر گئے ہیں۔ اتنی بری شکل بھی نہیں ہے میری۔“
”بات کیا ہے؟“ میں چڑ کربولا۔ ”اورتم یہاں کیسے؟“
”حضور داسی آئی تھی۔ کھانے کا بتانے کہ کھانا تیار ہے اور سرکار کا انتظار ہے۔“
”اچھا تم چلو، میں آرہا ہوں۔“
”جلد ی آنا ورنہ میں پھر آجاﺅں گی۔“ یہ کہہ کروہ مسکراتے ہوئے کمرے سے نکل گئی اور میں اٹھ کر کمرے سے ملحقہ باتھ روم کی طرف بڑھ گیا۔ منہ ہاتھ دھو کر میں ان کے پاس آیا تو وہ ٹیبل پر کھانا سجائے بے صبری سے میرا انتظار کر رہے تھے۔
”آبھئی جاﺅ یار! آپ کی تو نیند ہی پوری نہیں ہو رہی۔“ مجھے دیکھتے ہی دلیر سنگھ بے صبری سے بولا۔
”سوری۔“ میں معذرت خواہانہ لہجے میں بولا۔ ”تمھیں میرا انتظار کرنا پڑا۔“
” کوئی بات نہیں“ ۔ جوہی جلدی سے بولی۔ ”یہ تو ہے ہی ایسا بے صبرا۔ بس ہروقت جلدی میں پڑا رہتا ہے۔“
”ہاں سوائے شادی کے ۔“ میں نے اس پر چوٹ کی ۔
اور دلیر سنگھ قہقہہ لگا کر ہنس پڑا جبکہ جوہی نے شرما کر سر جھکا لیاتھا۔
کھانا کھانے کے دوران ہم خاموش رہے۔ بہت دنوں بعد اتنا اچھا کھانا کھانے کو ملا تھا میں نے خوب ڈٹ کرکھایا۔
”چاے یا کافی؟“ کھانے کے برتن سمیٹتے ہوئے جوہی نے پوچھا۔
”چاے بہتررہے گی۔ کیوں جانو صاحب!“اسے جواب دیتے ہوئے دلیر سنگھ نے مجھ سے تصدیق چاہی۔
”بالکل۔“ میں نے اثبات میں سر ہلایااور جوہی کچن کی طرف بڑھ گئی۔
”جانو صاحب۔!‘ جوہی کے جاتے ہی دلیر سنگھ بولا۔ ”آج رات میں بھیس بدل کرحالات کا جائزہ لینے کے لیے نکلوں گا اور کوشش کروں گاکہ کمال سے بھی ملاقات ہوجائے۔ اگر میں واپس نہ آوں تو پریشان نہیں ہونا۔“
”میں بھی ساتھ چلوں گا۔“
”نہیں۔ ابھی تک آپ کے جانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ میں کوشش کروں گا کہ آپ کے انبالے سے نکلنے کا کوئی بندوبست کر سکوں۔“
”اگر ایساہو جائے توبہت بہتر ہو گا۔“
”آپ کو کوئی چیز تو نہیں چاہئے؟“ اس نے پُرخلوص لہجے میں پوچھا۔
”بس کپڑوں کا ایک اور جوڑا لیتے آنا۔“ میں نے بے تکلفی سے کہا۔
”ٹھیک ہے۔“ دلیر سنگھ نے اثبات میں سر ہلایا۔ اسی وقت جوہی بھی چاے لے کر پہنچ گئی۔ چاے پیتے ہی دلیر سنگھ جانے کے لیے اٹھ کھڑا ہوا۔
”تم کہاں چلے؟“ جو ہی حیرانی سے بولی۔
”ذرا مارکیٹ تک جانا تھا۔“ جوہی سے نظر بچا کراس نے مجھے آنکھ ماری ۔
”جلدی واپس آنا۔“ جو ہی نے کہا اور دلیر سنگھ سر ہلاتا ہوا فلیٹ سے نکل گیا۔ اس کے جاتے ہی میں اپنے کمرے کی طرف چل دیا۔ جبکہ جوہی برتن سمیٹ کر کچن کی طرف بڑھ گئی تھی۔
کمرے میں جاکر میں بیڈ پر لیٹ گیا۔ نیند میری آنکھوں سے کوسوں دور تھی۔ مختلف قسم کی پریشان سوچوں نے مجھے گھیرے میں لے لیا۔ میں جتنی جلدی گھر پہنچنے کی کوشش کر رہا تھا اتنازیادہ رکاوٹیں پیدا ہورہی تھیں۔ رہ رہ کر چچا جان کے خط کے الفاظ میری آنکھوں کے سامنے ناچنے لگتے۔ ”چھٹی ملے یا نہ ملے گھر پہنچو۔“
پتا نہیں وہ کون سی مصیبت تھی جس کے تحت چچا جان کو یہ الفاظ لکھنے کی ضرورت پڑی تھی۔ میں انھی خیالوں میں ڈوبا ہوا تھا کہ جوہی دروازہ کھول کر اندر داخل ہوئی۔ میرے چہرے پر ایک دم بے زاری کے آثار نمودار ہوئے۔ مجھے اس کا آنا ناگوار گزرا تھا۔ دلیر سنگھ کسی بھی وقت لوٹ کر آسکتا تھا اور ہمیں اکٹھا دیکھ کر کسی قسم کا شک بھی اس کے ذہن میں پیدا ہو سکتا تھا۔ اگر وہ نہ بھی آتا تب بھی جوہی کا میرے ساتھ بیٹھ کر گپیں ہانکنا بہتر نہیں تھا اور یہ بات بھی تھی کہ جوہی جس طرح میری ذات میں دلچسپی لے رہی تھی وہ میرے لیے کسی مشکل کا باعث بن سکتی تھی۔
”آپ کو شاید میرا آنا ناگوار گزرا ہے۔“ جوہی میرے چہرے پر ناگواری کے واضح آثار محسوس کرکے بولی۔
”نہیں…. نہیں۔“ میں جلدی سے بولا کیونکہ آخر میں اس کے گھر میں تھا اور بن بلایا مہمان تھا۔ ”یہ تو میں یونہی گھر یاد آنے کی وجہ سے میں کچھ پریشان سا تھا۔“
”جانو صاحب!“ جو ہی سنجیدہ سے لہجے میں بولی۔ ”مجھے پتا ہے کہ میں آپ کو اچھی نہیں لگی ہوں اور اگر لگتی تو تب بھی آپ کا میرا ملاپ اس جنم میں ناممکن نہیں تو مشکل ضرور تھا۔آپ مجھے پہلی نظر میں کیوں اچھے لگنے لگے ہیں۔ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔ البتہ ابھی میں آپ کے پاس پسندیدگی کا اظہار کرنے نہیں آئی تھی بلکہ میرا مقصد آپ کو ایک بہت بڑے خطرے سے آگاہ کرنا ہے۔“
”کیسا خطرہ؟“ میں اس کی باتیں بے زاری سے سن رہا تھا خطرے کا نام آتے ہی میری بے زاری کا فور ہو گئی تھی ۔
”دلیر سنگھ۔ کمال کے پاس گیا ہے اور وہاں سے دونوں انویسٹی گیشن والوں کے پاس جائیں گے۔ اس طرح ایک تو دلیر سنگھ اس خطرے سے بچ جائے گا جو اسے آپ کا ساتھ دینے سے لاحق ہوسکتا تھا۔ دوسرے وہ انعام کی اس رقم کا بھی حق دار پائے گا جو آپ کو گرفتار کرانے والے کو دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔“
اور میرے ذہن نے بغیر کسی تردد کے اس کی بات کو تسلیم کرلیا، لیکن پھر بھی میں اس سے پوچھے بنا نہ رہ سکا۔
”تم اتنے یقین سے یہ سب کچھ کیسے کہہ سکتی ہو۔“
”کیونکہ جس وقت آپ سوئے تھے اس وقت دلیر سنگھ نے میرے ساتھ بیٹھ کر یہی منصوبہ بنایا تھا اور آپ کے چاے کے کپ میں مَیں نے نیند والی دوائی بھی ڈالی تھی۔“
”کیا؟“ میں پریشانی سے اچھل پڑا اور وہ کھل کھلا کر ہنس پڑی۔
”سوری منصوبہ اسی طرح تھا، لیکن میں نے اس پر عمل نہیں کیا۔“
”اس کا مطب ہے مجھے یہاں سے جانا پڑے گا۔“ میں جلدی سے بوٹ پہنتے لگا۔
”ہاں۔“ وہ یک دم سنجیدہ ہوگئی ۔ ”اگر میرے بس میں ہوتا تو میں آپ کو اسی فلیٹ میں چھپا لیتی۔ البتہ اگر آپ چاہیں تو میں آپ کو اپنی ایک سہیلی کا پتا دے سکتی ہوں جہاں آپ جب تک چاہیں چھپ کر رہ سکتے ہیں۔“
”شکریہ“ میں گھڑی پرنظر ڈالتا ہوا بولا۔ ”میں اب چلوں گا کیونکہ دلیر سنگھ کو گئے کافی دیر ہو گئی ہے یہ نہ ہو وہ انھیں ساتھ لیے سر پر آ پہنچے۔“
”اگر رقم کی ضرورت ہو تو میرے پاس تھوڑی بہت موجود ہے۔“ اس نے خلوص بھرے لہجے میں آفر کی ۔
”نہیں رقم میرے پاس کافی ہے۔“ یہ کہہ کر میں اس کی جانب بڑھا اور اسے دونوںکندھوں سے پکڑ کر اس کی آنکھوں میں جھانکا ،جن میں نمی تیرتی واضح نظر آرہی تھی ۔
”جوہی تم بہت اچھی لڑکی ہو۔ مجھے بھی پہلی نظر میں پسند آئی ہو لیکن افسوس کہ میں شادی شدہ ہوں۔ بالکل تمھاری طرح کی ایک پیاری سی لڑکی میری شریک ِحیات ہے۔ جس سے میرا ایک بیٹا بھی ہے۔ تمھاری ذات میں دلچسپی لے کر میں اس سے بے وفائی کا مرتکب نہیں ہو سکتا تھا۔ بلکہ یہ تمھارے ساتھ بھی دھوکا ہوتا اسی وجہ سے میں تمھارے ساتھ ناگواری سے پیش آرہاتھا ۔ ورنہ بہ خدا تم نظر انداز کرنے کے قابل نہیں ہو۔ اس کے علاوہ یہ دلیر سنگھ سے بھی دوستی کی آڑ میں دشمنی کرنا تھی۔“ میں ایک لمحے کے لیے رکا اور پھر بات جاری رکھتے ہوئے بولا۔
”تم نے میرے ساتھ جو اچھائی کی اس کا بدلہ دینا تو میرے بس میں نہیں البتہ اگر میری کسی بات پر تمھارا دل دکھا ہو تو اس کی معافی ضرور چاہوں گا…. اگر ہو سکے تو اس پر دیسی کو معاف کر دینا۔“ یہ کہہ میں نے جیسے ہی اس کے کندھوں سے ہاتھ ہٹائے وہ بے ساختہ مجھ سے لپٹ گئی اور میرے چہرے پر بوسوں کی بارش کر دی۔ میرے پاس ان چونچلوں کے لیے وقت نہیں تھا۔ دلیر سنگھ کسی بھی وقت میرے دشمنوں کو ساتھ لیے وہاں پہنچ سکتا تھا، لیکن اس کے احسان کو دیکھتے ہوئے مجھے اس کا دل رکھنا پڑا س لیے میں نے نرمی سے اسے خود سے علاحدہ کیا۔ اس کی آنکھوں میں تیرتی نمی آنسوﺅں کی شکل اختیار کر گئی تھی۔
”جو ہی !….پاگل مت بنو۔“ میں نے اسے پیار سے جھڑکا۔” تمھارے آنسو دیکھ کر میں رکنا چاہوں بھی تو نہیں رک سکتا کہ میرے دشمن پہنچنے والے ہوں گے اور وہ مجھے زبردستی تم سے جدا کر کے لے جائیں گے۔ اگر تم یہی چاہتی ہو تو ٹھیک ہے میں نہیں جاتا۔“
”نہیں نہیںمیں اب نہیں روﺅںگی۔“ وہ جلدی سے اپنے آنسو پونچھنے لگی ۔
”اپنا خیال رکھنا اور اگر ہو سکے تو دلیر سنگھ کو بھی معاف کر دینا۔ بھگوان تمھاری رکھشا کرے۔“ یہ کہہ کر وہ رخ موڑ کرکھڑی ہو گئی ۔
جبکہ میں اسے ”خدا حافظ“ کہتے ہوئے فلیٹ سے باہر نکل آیا۔
گرم ٹوپی اور مفلر اوڑھنے کے بعد میرا چہرہ کافی حد تک چھپ گیا تھا۔ ویسے بھی سردی کافی تھی اور کسی کو میرے حلیے پر شک نہیں ہو سکتا تھا۔ میں نے اپنی رفتار نارمل رکھی کیونکہ تیز رفتاری سے خواہ مخواہ لوگوں کی توجہ میری جانب مبذول ہو جاتی۔ میں جیسے ہی بلڈنگ کے گیٹ سے نکلنے لگا مجھے بائیں طرف سے ایک تیز چمک نظر آئی جو کسی گاڑی کی ہیڈ لائیٹ کی تھی۔ میں ٹھٹک کررک گیا اس لمحہ بہ لمحہ قریب آتی گاڑی سے مجھے خطرہ محسوس ہوا اور میں جلدی سے دیوار کی آڑ میں بیٹھے چوکیدار کی طرف بڑھ گیا۔ میرا انداز ایسے تھا جیسے میں اس سے کچھ پوچھنے جارہا ہوں۔ اپنی جانب بڑھتا دیکھ کر وہ بھی سوالیہ نظروں سے میری جانب متوجہ ہو گیا تھا۔
”پانی مل جائے گا۔“مجھے اس کے علاوہ کوئی بہانہ نہیں سوجھا تھا ۔
اس وقت گاڑی اسی بلڈنگ کے گیٹ کے اندر داخل ہوئی لیکن میں دیوار کی آڑ میں ہونے کی وجہ سے اس کی ہیڈ لائیٹ کی روشنی میں آنے سے بچ گیاتھا۔ وہ ویگن نما گاڑی تھی اس کی اندرونی لائیٹ کی روشنی میں مجھے دلیر سنگھ کا منحوس چہرہ نظر آیا اس کے ساتھ اوربھی کافی بندے بیٹھے ہوئے نظر آرہے تھے۔
”بابو سامنے بر آمدے میں کولر لگا ہوا ہے۔“ چوکیدارنے اندرونی عمارت کی طرف اشارہ کیا۔
”دھنے واد“ ۔ میں نے اس کی بات پوری ہوتے ہی ہندوﺅں کے انداز میں ہاتھ باندھ کر اس کا شکریہ ادا کیا اور دلیر پارٹی کے گاڑی سے باہر آنے سے پہلے ہی اس عمارت کے داخلی دروازے سے باہر نکل آیا۔
ان کی گاڑی بائیں جانب سے آئی تھی میں نے بھی وہی سمت اختیار کی واپسی پر انھوں نے فطری طور پر دائیں طرف جانا تھا کیونکہ بائیں طرف سے آتے وقت راستے میں میرا ان سے ٹکراﺅ نہیں ہوا تھا اور اس کے بعد صرف دائیں جانب ہی رہتی تھی جدھر وہ میری تلاش میں جا سکتے تھے، لیکن یہ حتمی بات نہیں تھی۔ اس کے برعکس بھی ہو سکتا تھا کہ چوکیدار سے پوچھنے پر انھیں میرے فرار کی صحیح سمت معلوم ہو جاتی۔
اس لیے تھوڑی دیر چلنے کے بعد میں نے روڈ کی بجائے گلیوں میں سفر کرنا مناسب سمجھا۔ رات کے گیارہ بج رہے تھے۔ سردی اپنے جوبن پر تھی۔ صبح ہونے میں ابھی تک سات آٹھ گھنٹے پڑے تھے۔ گو دن کو میں کافی آرام کر چکا تھا اور اس وقت بھی نیند میری آنکھوں سے کوسوں دور تھی اس کے باوجود میرا دل چاہ رہا تھا کہ سرچھپانے کے لیے کوئی ٹھکانہ مل جائے کیونکہ بغیر پلاننگ کے انبالہ سے فرار ہونا مشکل تھا اور اس کی سب سے بڑی وجہ اس شہر کے محلِ و قوع سے ناواقفیت تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس اور خفیہ ایجنسی والے میری تلاش کس نہج پر کر رہے تھے اس سے بھی میں ناواقف تھا۔ ٹیڑھی میٹرھی گلیوں سے گزرتے ہوئے میںجوہی کے فلیٹ سے کافی دور نکل آیا تھا۔ اکا دُکا راہگیروں کو دیکھ کر مجھے گلیوں میں اجنبیت کا احساس نہیں ہو رہا تھا۔ میں مٹرگشت کے انداز میں ٹہلتا ہوا دائیں بائیں کے راہگیروں کو گہری نظروں سے دیکھتا جارہا تھا۔ راہگیروں میں اکا دُکا کے ساتھ لڑکیاں بھی نظر آرہی تھیں۔
گلی کے آخری سرے پر ایک پویس والے کو دیکھ کرمیں ایک چھوٹی گلی میں مڑ گیا۔ جس کا اختتام بڑی سڑک پر ہوا ۔ سڑک پر سفر کرنا تو گلیوں کی نسبت زیادہ خطرناک تھا لیکن میں نے واپس جانا مناسب نہ سمجھااور ایک سمت متعین کر کے روانہ ہو گیا ۔
میں تھوڑی دور ہی گیا ہوں گا کہ رستے میں آنے والے بس سٹاپ پر ایک لڑکی کھڑی دکھائی دی۔ رات کے اس وقت اکیلی لڑکی کو دیکھ کر مجھے اچنبھا ہوا۔ وہ شوخ کلر کی ساڑھی میں ملبوس ایک قبول صورت لڑکی تھی۔ میرے قریب پہنچنے پر بجائے اس نے دائیں بائیں یا نیچے دیکھنے کے جو کہ عموماً عورتوں کی فطرت میں شامل ہے۔ براہِ راست میری آنکھوں میں جھانکنا شروع کر دیا۔ مجھے اس کی آنکھیں عجیب قسم کی دعوت دیتی محسوس ہوئیں۔ میرا واسطہ الحمدﷲ اس سے پہلے کبھی بھی غلط قسم کی عورتوں سے نہیں پڑا تھا لیکن اس کو دیکھ کر بے ساختہ میرے ذہن میں کسی کال گرل کا خیال آگیا اور میں اس سے چند قدم ہی آگے بڑھا ہوں گا کہ میرے خیال کی تصدیق ہو گئی جب اس نے مجھے پیچھے سے پکارا۔
”بابو رات کے لیے ساتھی چاہئے؟“
اس کی کھلی ڈھلی دعوت سن کر ایک بار تو میرے کانوں کی لویں تک گرم ہو گئیں اور میں نے چاہا کہ اپنے قدموں کو تیز کر کے وہاں سے نکل جاﺅں مگر پھر رات گزارنے کے خیال نے میرے قدموں کو روکا اور ایک فیصلے پر پہنچ کر میں رک گیا ۔
”جگہ کا بندوبست ہو جائے گا؟“
وہ ایک لمحے کے لیے ہچکچائی اور پھر بولی۔ ”ہو جائے گا مگر اس کے لیے علاحدہ پیسے دینے ہوں گے۔“
(جاری ہے )