بھگوڑا (قسط نمبر 14)
میں باتھ روم میں نیم گرم پانی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے شیتل کی اپنے باپ سے فون پر ہونے والی گفتگو سن رہا تھا۔ وہ بڑے زور وشور سے اپنی رہائی کی فرضی کہانی سنا رہی تھی۔
میں جب نہا کر باہر نکلا تو اس وقت تک وہ اپنی بات ختم کر چکی تھی اور صوفے پر بڑے انداز سے بیٹھی کچھ گنگنا رہی تھی۔
”کس سے گپ شپ ہو رہی تھی؟“ میں جانتے بوجھتے مستفسر ہوا۔
”پتا جی تھے۔“ وہ جواباً بولی۔ ”میری جدائی میں سخت پریشان تھے میں نے سوچا ان کی پریشانی دور کر دوں۔“
”کیا کہہ رہے تھے؟“
”کہنا کیا تھا۔ مجھے واپس بلا رہے تھے کہ جتنی جلدی ہو سکے میں ان کے پاس پہنچ جاﺅں یہ نہ ہو کوئی دوسرا دشمن مجھ پر وار کر جائے۔“
”تُم نے کیا جواب دیا۔“
”میں نے کہا کہ جس محسن کی وجہ سے میری رہائی ممکن ہوئی ہے میں اس کے گاﺅں میں چند دن گزار کر واپس آجاﺅں گی اور یوں بھی گاﺅں میں مجھے کوئی نہیں پہچانتا۔“
”پھر؟“
”پھر کیا…. ڈھیر ساری نصیحتیں کرنے کے بعد جلد سے جلد واپس آنے کی تاکید کی اور بس؟“
”اس کا مطلب ہے آپ کے والد آپ سے محبت کرتے ہیں؟“
”ایسی ویسی۔“ وہ شوخی سے بولی۔ ”اپنی دولت کے بعد وہ سب سے زیادہ مجھے ہی چاہتے ہیں۔“اور میں اس کے انداز پر بے ساختہ مسکرا پڑا۔
”ویسے آپ کی یہ گھسی پٹی کہانی سن کر انھوں نے کیسے یقین کر لیا۔“
”میرے پتا جی میں ایک خوبی ہے کہ وہ آم کھانے سے غرض رکھتے ہیں پیڑ گننے سے نہیں جب ان کی بیٹی خیریت سے ان کے پاس واپس آرہی ہے تو ان کی بلا سے کہ درمیان میں جو کہانی بھی ہے۔“
”اچھا ابھی یہ کہانیاں ہی سناتی رہو گی کہ کچھ کھلاﺅ پلاﺅ گی بھی سہی۔“
”اوہ سوری۔“ وہ شرمندگی سے اپنے ملازم کو آواز دیتے ہوئے بولی ۔ ”دھر مندر چاچا“ ۔ اور وہی بوڑھا جس نے دروازہ کھولا تھا آن موجود ہوا۔
”جی بی بی جی ۔“ وہ مو¿دبانہ اندز میں بولا۔
”اس طرح کرو کہ نزدیکی ہوٹل سے دو بندوں کا کھانا لے آﺅ اور پیسے….“ کہہ کر اس نے میری طرف دیکھا اور قہقہہ لگا کر ہنس پڑی۔ میں سمجھ گیا کہ پیسوں کے نام پر اس کے پاس پھوڑی کوڑی بھی نہیں تھی۔
”ہاں پیسے یہ لو چا چا۔“ میں نے جلدی سے ایک بڑا نوٹ جیب سے نکال کر اس کی طرف بڑھا دیا۔پیسے لے کر دھر مندر سر ہلاتا ہوا باہر چلا گیا۔
”سور ی جان!“اس نے شرمندہ لہجے میں کہا۔
”اس میں شرمندہ ہونے کی کیا بات ہے۔“ میں سنجیدگی سے بولا۔ ”ہر بیٹی کا آئیڈیل اس کا باپ ہوتا ہے اور وہ اسی کے نقش قدم پر چلتی ہے۔“ میں نے اس کے باپ کی کنجوسی پرچوٹ کی۔
”بس باتیں بنانا تو کوئی آپ سے سیکھے۔“ وہ تپتے ہوئے بولی۔ ”اچھی طرح جانتے ہوئے کہ چیک بک یا رقم میرے پاس نہیں ہے پھر طعنے دینے کا مطلب ؟“
”ہوتے تو تُم نے کون سے خرچ کرنے تھے۔“
”جانوکے بچے بازآجاﺅ۔“ وہ گھونسہ تانتے ہوئے میرے جانب بڑھی۔
”سوری…. سوری۔“ میں جلدی سے کان پکڑتے ہوئے بولا۔ ”سچی بات غلطی سے منہ سے نکل ہی جاتی ہے۔“
اور میری بات سن کر اس کے چہرے پر شرمندہ ہنسی چھا گئی۔ ہنستے ہوئے اس کے گالوں میں گڑھے پڑ جاتے تھے اور سفید موتی کی طرح چمکتے دانت مخالف کو مبہوت کر دیتے تھے۔ وہ بے شک و شبہ سامنے والے کے حواسوں پر چھا جانے کی صلاحیت رکھتی تھی۔ اس کا مسکراتا چہرہ دیکھ کر ایک لمحے کے لیے میں بھی گنگ سا ہو گیا تھا۔
اس نے میری کیفیت بھانپ لی اور جواباً اس کے چہرے پر جو قوسِ قزح کے رنگ لہرائے میں ان کی تاب نہ لا سکا اور جلدی سے نظریں جھکا کر فرش کو گھورنے لگا۔
”جان۔“وہ اپنی جگہ سے اٹھی اور میرے قدموں میں بیٹھ کر اپنی ٹھوڑی میرے گھٹنے پر ٹکاتے ہوئے بولی۔ ”مجھ سے نظریں کیوں چرا رہے ہو۔ میں تمھاری اپنی ملکیت ہوں۔ تمھاری داسی ہوں۔ میرا تن من سب کچھ تمھارا ہے۔ پھر یوں اپنے اوپر جبر کرنے کا فائدہ۔“
اس کی کھلی ڈلی باتوں سن کر میں جیسے کانپ گیاتھا۔ پتا نہیں میری محبت کو اس نے اپنے دل کا روگ کیوں بنا لیا تھا۔ اگر وہ میرا جسمانی قربت حاصل کر لیتی تب بھی میں رکنے والا تو نہیں تھا۔ پھر نامعلوم اپنے آپ کو یوں سستے پن سے میرے حوالے کر دینے سے اس کا کیا مقصد تھا۔ میں بھی کوئی سنسار تیاگ دینے والاسادھو یا کوئی بہت بڑا ولی اﷲ نہیں تھا، بلکہ ان معاملات میں عام مردوں جیسا ایک مرد تھا جسے کو ئی بھی جوان لڑکی وقتی طور پر بھٹکا سکتی تھی جبکہ وہ تو شیتل تھی جو زاہدِ صد سالہ کو بھی اپنا زہد توڑنے پر مجبور کر دیتی۔ لیکن نامعلوم اس کے بارے کون سا ایسا جذبہ میرے اندر پرورش پا چکا تھا کہ میں اسے پاکیزہ دیکھنا چاہتا تھا اور وہ تو تھی بھی ایسی کہ چھونے سے بھی میلی ہو جائے۔
میری طرف سے چھائی خاموشی کو اس نے توڑنے کی کوشش نہ کی اور چپ چاپ میرے گھٹنے سے سرٹیک کر بیٹھی رہی یہاں تک کہ کافی دیر گزر گئی۔ ہماری محویت کو ڈرائنگ روم کی طرف بڑھتے ہوئے قدموں کی چاپ نے توڑ دیا اور شیتل ”شاید دھرمندر آگیا ہے۔“ کہتے ہوئے اٹھ کر صوفے پر بیٹھ گئی۔
وہ واقعی دھر مندر تھا۔ دروازے کو ہلکے سے کھٹکھٹاتے ہوئے وہ اندر آیا اور مستفسر ہوا۔ ”بی بی جی کھانا یہیں پر کھائیں گی یا….۔“
”اس ٹیبل پر لگا دو۔“ شیتل نے قطع کلامی کرتے ہوئے اپنے سامنے دھری ٹیبل کی طرف اشارہ کیا۔
کھانا ہم دونوں نے خاموشی سے کھایا۔ کھانے کے بعد دھر مندر کے ہاتھ کی بنی ہوئی گرما گرم چاے پی کر ہم دونوں تازہ دم ہو گئے۔
”کیا خیال ہے آﺅٹنگ کے لیے چلیں۔“ اس نے کہا۔
میں جواباََ بولا۔”لڑکی، تمھارا کوئی پرزہ تُو ڈھیلا نہیں ہے….میں چاروں طرف سے دشمنوں میں گھرا ہوا ہوں اتنی آسانی سے بمبئی میں نہیں گھوم سکتا۔ تم نے البتہ جانا ہے تو چلی جاﺅ۔ میں رات گئے ہی نکلوں گا۔ کیونکہ میں نے جن لوگوں سے ملاقاتیں کرنی ہیں ان کے دن سوتے ہیں اور راتیں جاگتی ہیں۔
وہ شرارتی لہجے میں مستفسر ہوئی۔”کیا کسی کوٹھے پر جانے کا ارادہ ہے؟….راتیں تو طوائفوں کی جاگتی اور دن سوتے ہیں۔“
”بکواس بند کرو۔ میری مراد جرائم پیشہ لوگوں سے ہے اور تمھاری اطلاع کے لیے عرض کرتا چلوں کہ تمام جرائم پیشہ افراد ظلمت کی پیداوار ہوتے ہیں اور اندھیرے کو پسند کرتے ہیں۔“
”میں تو یونھی مذاق کر رہی تھی آپ تو سنجیدہ ہو گئے۔“
”اچھا اس مذاق وغیرہ کو چھوڑو اور مجھے سونے کا کمرہ دکھاﺅ تاکہ میں تھوڑی دیر آرام کر لوں رات کو شاید مجھے سونے کا موقع نہ ملے۔“
”ہاں آﺅ میرے ساتھ۔“ وہ کھڑی ہوتے ہوئے بولی اور میں اس کے ساتھ چل پڑا۔
وہ کافی پُر تعیش خواب گاہ تھی۔ دیواروں کو ہلکا آسمانی رنگ دیا گیا تھا اور اسی کلر کے پردے کھڑکیوں اور دروازوں کے ساتھ لٹکائے گئے تھے۔ کمرے کے وسط میں پڑا ایک جہازی سائز کا ڈبل بیڈ جو چوکور کی بجائے گول تھا۔ اس پر آسمانی رنگ کی پھول دار چادر اور اسی کلر کا ایک خوب صورت گرم کمبل تہہ کیا ہوا پڑا تھا۔
”واہ….“ میرے منہ سے بے ساختہ نکلا۔ ”اس کا مطلب ہے سیٹھ انکل اتنے بھی کنجوس نہیں ہیں۔“
”یہ خواب گاہ انھوں نے نہیں میں نے سجائی ہے۔“ وہ فخریہ لہجے میں بولی۔ ”اور اس کی وجہ سے ڈیڈی کی ڈانٹ بھی کھائی ہے۔“
”بہ ہر حال بہت خوب صورت ہے۔ واقعی تمھارا انتخاب لاجواب ہے۔“ میں تعریفی لہجے میںبولا۔
”ہاں میرا انتخاب لاجواب ہی ہوتا ہے۔“ وہ میری جانب دیکھتے ہوئے ذومعنی لہجے میں بولی۔
اور میں اس کی بات کا جواب دیئے بغیر بیڈ پر بیٹھ کر اپنے بوٹ کے تسمے کھولنے لگا۔
”ٹھیک ہے تم آرام کرو میںذرا بمبئی گھوم آﺅں۔ کافی دنوں بعد چکر لگا ہے۔“ میرے سر ہلانے پر وہ مجھے گہری نظروں سے دیکھتی خواب گاہ سے نکل گئی۔
نرم و ملائم بیڈ پر لیٹ کر میں نے آنکھیں بند کرلیں۔ راستے میں گاڑی کے اندر میں خاطر خواہ آرام نہیں کر سکتا تھا۔ یوں بھی سفر نام ہی تکلیف اور خواری کا ہے۔ تھوڑی دیر بعد ہی میں گہری نیند سو گیا تھا۔
میری آنکھ شیتل کے جگانے پر کھلی۔ اس کے ریشمی ہاتھوں کالمس مجھے بہت اچھا لگا۔ سعدیہ بھی مجھے اسی طرح جگاتی تھی کہ اپنے ہاتھوں سے میرے بالوں میں کنگھی کرتی۔ شاید تمام محبت کرنے والی عورتوں کا اپنے مردوں کو جگانے کا یہی طریقہ کار ہو۔
”آگئی ہو۔“ میں نے آنکھیں کھولتے ہی پوچھا۔ ”تھوڑی دیر سونے نہیں دے سکتی تھیں کیا؟“
”رات کے دس بجنے والے ہیں جناب۔“ وہ تیکھے لہجے میں بولی۔ ”اگر نہ جگاتی تو بعد میں مہاراج نے موڈ بنا لینا تھا کہ جگایا کیوں نہیں۔ میں نے کام جانا تھا۔“
”اچھا ٹھیک ہے…. زیادہ تقریر جھاڑنے کی ضرورت نہیں۔“ میں سلیپر اپنے پاﺅں میں ڈال کر باتھ روم کا رخ کرتا ہوا بولا۔ ”ایک تو تم عورتوں کی زبان کو آرام نہیں آتا۔“
اور وہ ہونٹ بھینچ کر خاموش ہو گئی۔ شاید اتنی محبت سے جگانے کے جواب میں اسے مجھ سے اس قسم کے رویے کی توقع نہیں تھی۔
حوائجِ ضرور یہ سے فارغ ہو کر میں کمرے میں داخل ہوا تو وہ ابھی تک اسی جگہ بیٹھی تھی۔
”کچھ کھانے پینے کا بندوبست کرو یہ کیا بت بنی بیٹھی ہو؟“میں مزاحیہ لہجے میں بولا۔
”کھانا تیار ہے مسڑعمر جان!“
”تو پھر چلیں مسز….“
”عمر جان۔“ وہ کھلکھلا کر میرا فقرہ پورا کرتی ہوئی بولی۔
”نہیں جی مس ہری چرن داس صاحبہ، مجھ غریب کی اتنی قسمت کہاں کہ کسی سیٹھ زادی کو اپنا سکوں۔“
”اچھا کھانے کے لیے چلو۔ بڑی بھوک لگ رہی ہے دوپہر کو بھی بس واجبی سا کھایا تھا۔“ وہ مجھے کھانے والے کمرے کی طرف دھکیلتی ہوئی بولی۔
ڈائننگ ٹیبل کھانے کے مختلف لوازمات سے بھری پڑی تھی۔ وہ کسی محبت کرنے والی بیوی کی طرح مختلف ڈشیں اٹھا اٹھا کر میرے سامنے رکھتی چلی گئی جن کو چکھنے سے ہی میرا پیٹ بھر گیا۔
”اچھا اٹھو میںآپ کو سامان دیکھاﺅں۔جو میں ابھی شاپنگ کر کے لائی ہوں۔“ کھانے سے فارغ ہو کر اس نے کہا۔
”تمھارے پاس تو رقم نہیں تھی۔ پھر شاپنگ کے لیے کہاں سے ڈھونڈلی۔“
”میں سیٹھ ہری چرن داس کی بیٹی ہوں“ وہ فخریہ لہجے میں بولی۔ ”پیسے کا حصول میرے لیے کوئی مشکل کام نہیں۔ ویسے آپ کی اطلاع کے لیے بتاتی چلوں کہ ابھی میں نے ابو کے ایک دوست سے پچاس ہزار روپیہ ادھار لے کر آئی ہوں۔
”ہاں یہ تو آپ نے بجا فرمایا۔“میں نے ٹھنڈا سانس بھرا۔ ” سیٹھوں کو پیسے کیا کمی۔“ اور وہ مسکرا دی۔
اس نے زیادہ تر میرے لیے شاپنگ کی تھی۔ تین تھری پیس سوٹ، بوٹوں کے دو تین جوڑے سپورٹس شرٹس، جینز کی پتلونیں۔ایک چمڑے کی سیاہ رنگ کی جیکٹ۔ شیو کا سامان اور پتا نہیں کیا کیا اٹھا لائی تھی۔
”یہ کیا؟“ میںنے اس سارے سامان کو حیرانی سے دیکھا۔ ”میڈم! میرا یہاں پر ساری عمر رہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ میں زیادہ سے زیادہ مزید ایک یا دو دن رہوں گا۔“
”مجھے پتا ہے۔“ وہ سنجیدگی سے بولی۔ ”لیکن آپ اس سامان کو اپنے ساتھ تو لے جا سکتے ہیں نا؟“
میرے جی میں آیا کہ اسے کہوں کہ میں خود کو سنبھالوں گایا اس سامان کو مگر پھر اس کی آزردگی کے خیال سے خاموش رہا۔
”اپنے لیے کیا لائی ہو؟“
”میرے لیے پہلے ہی اس کوٹھی میں کافی سامان بھرا پڑا ہے۔“
”اچھا ٹھیک ہے ابھی تم آرام کر لو میں ذرا باہر کا چکر لگا آﺅں۔“
”کس وقت تک واپس آجاﺅ گے۔“ وہ مستفسر ہوئی۔
”کچھ کہہ نہیں سکتا۔ بہ ہر حال تم میرا انتظار نہ کرنا۔“
”آپ کاانتظار تو میںاپنی آخری سانس تک کروں گی“ وہ ذومعنی لہجے میں بولی۔
”میری مراد آج رات سے تھی۔“
”اگر میں آپ کو اپنی گاڑی میں مطلوبہ جگہ تک چھوڑ آﺅں؟“
”شکریہ میں ٹیکسی میں چلا جاﺅں گا۔“ کہہ کر میں نے کالی جینز اور سرخ سپورٹس شرٹ اٹھا کر باتھ روم کا رخ کیا۔لباس تبدیل کر کے میں نے چمڑے کی کالی جیکٹ پہنی اور شیتل کو بائے کہہ کر کوٹھی سے باہر نکل آیا۔فرلانگ بھر پیدل مارچ کے بعد ہی مجھے ٹیکسی مل گئی۔
”کتھے جاڑاں جے بابو؟“ سکھ ڈرائیورنے میرے ٹیکسی میں بیٹھتے ہی پوچھا۔
”کسی اچھے اور بڑے جوا¿ خانے تک لے جاﺅ۔“
وہ ہنستے ہوئے بولا۔”تو سیدھا کہیں نا، جگو دادا کے اڈے تک لے جاﺅ۔“
”گڈ، سمجھ دار ہو۔“ میں نے اس کی تردید نہیں کی تھی ۔اس نے گاڑی آگے بڑھائی اور میں دائیں بائیں کے مناظر کو غور سے دیکھنے لگا تاکہ واپس آنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔ ٹیکسی تقریباً پون گھنٹا چلتی رہی اور اس سے بھی زیادہ تیز رفتاری سے سکھ ڈرائیور کی زبان چلتی رہی، لیکن میں سارے راستے اسے ہوں ہاں کر ے کے ٹر خاتا رہا۔جب ٹیکسی ایک بہت بڑی عمارت کے سامنے رکی تو میں سمجھ گیا کہ وہی جگو داد کا جوا¿ خانہ تھا۔ عمارت کی پیشانی پر مون لائٹ ہوٹل لکھا ہوا جگمگارہا تھا۔کرایہ ادا کر کے میں پارکنگ سے نکلا جہاں مختلف قسم کی قیمتی گاڑیاں پارک تھیں۔ میں سیدھا عمارت کے مین گیٹ کی طرف بڑھا۔ گیٹ پر معزّز لباس میں کھڑاغیر معزّز شخص ہر آنے جانے والے کو غور سے دیکھ رہا تھا۔
عمارت کا ہال لوگوں سے بھرا پڑا تھا۔ مختلف لوگوں کی آپس میں بات چیت کی آوازیں مکھیوں کی بھنبھناہٹ کی طرح سنائی دے رہی تھیں۔ زیادہ تر لوگ ڈنر کررہے تھے میں نے ایک بیرے کو روک کر جوا¿ خانے کا راستا پوچھا اور پھر اس کے بتائے ہوئے راستے کی طرف بڑھ گیا۔ جوا¿ خانہ عمارت کے تہہ خانے میں بنایا گیا تھا اس کے لیے مجھے سیڑھیاں اتر کر نیچے جانا پڑا۔ دروازے پر ایک کریہہ الشکل غنڈہ براجمان تھا جس کے چہرے پر زخموں کے لا تعداد نشان نظر آرہے تھے۔ اس نے بھی مجھ سے کوئی تعرض نہ کیا اور میں دروازہ کھول کر اندر داخل ہو گیا۔
وہ ایک بہت بڑا ہال تھا۔ جس میں جوئے کی مشینیں بھی لگی ہوئی تھیں مگر زیادہ تر لوگ تاش سے قسمت آزمائی کر رہے تھے۔ مختصر لباس میں خوش شکل لڑکیاں کھیلنے والوں کومختلف مشروبات سروکر رہی تھیں۔ اس ماحول میں جو مشروب کثرت سے پیا جاتا ہے اس سے قارئین بھی بہ خوبی واقف ہوں گے۔ہال کی دیواروں کے ساتھ مخصوص لباس میں ملبوس افراد کھڑے تھے جو لامحالہ کسی بھی قسم کا ہنگامہ یا جھگڑا نہ ہونے دینے کے لیے کھڑے کیے گئے تھے۔
میں نے کاﺅنٹر پر بیس ہزار کے ٹوکن لیے جو کاﺅنٹر مین نے بے پرواہی سے میرے آگے ڈال دیئے۔ اس کا انداز اس بات کا مظہر تھا کہ بیس ہزار کی رقم وہاں کوئی حیثیت نہیں رکھتی تھی۔
میرا ارادہ اس وقت جوا¿ کھیل کر دولت کمانے کا نہیں تھا کیونکہ ضرورت پڑنے پر رقم کا حصول میرے لیے اتنا بڑا مسئلہ ثابت نہ ہوتا۔ میرا مقصد اس وقت کسی طریقے سے جگو دادا سے ملاقات کر کے اس کو جانچنا تھا کہ آیا وہ میرے کام آ سکتا تھا یا نہیں۔
ٹوکن لے کر میں جیسے ہی پیچھے مڑا اسی وقت دو معزز قسم کے آدمی ہال میں داخل ہوئے میں اس وقت ہال کے ایک کونے میں پڑی خالی ٹیبل کے پاس نشست جما چکا تھا۔ خوش قسمتی سے اس وقت وہی ایک ٹیبل خالی پڑی تھی میرا اندازہ تھا کہ ان دونوں نے اسی ٹیبل کا رخ کرتا تھا، کیونکہ باقی میزیں اس وقت تقریباً فل ہو چکی تھیں یا گنجائش تھی تو کسی ایک بندے کی۔
میرا اندازہ صحیح ثابت ہوا اور وہ دونوں ٹوکن لے کر سیدھا میری ٹیبل کی طرف بڑھے۔
ان میں سے ایک مستفسر ہوا۔”ہینڈ سم نوجوان ہم ادھر بیٹھ سکتے ہیں؟“
”پلیز سر۔“ میں احتراماً ہلکے سے اٹھ کر بولا۔
وہ دونوں ”تھینک یو“ کہتے ہوئے بیٹھ گئے۔
”میرا خیال ہے ایک بندے کی گنجائش ہے۔“ ایک درمیانی قامت اور چھریرے بدن کا ادھیڑ عمر شخص کرسی کھینچ کر بیٹھتا ہوا بولا۔ جس کے جواب میں ہم نے صرف سر ہلانے پر اکتفا کیا تھا۔ اس آدمی کو میںنے کاﺅنٹر کے ساتھ پڑے سٹول پر بیٹھ کر شراب پیتے ہوئے دیکھا تھا وہ غالباً جوا¿ خانے کا اپنا آدمی تھا۔ ایسے آدمی ماہر شارپر ہوتے ہیں اور پتا بازی میں مہارت رکھتے ہیں۔ ان کا کام صرف امیر کبیر اسامیوں کے ساتھ کھیلنا ہوتا ہے۔ جیتے ہوئے پیسوں میں ان کا اپنا کمیشن مقرر ہوتا ہے۔ اس وقت بھی وہ موٹی اسامیوں کو دیکھ کر ادھر آیا تھا۔ ہم چاروں کے بیٹھتے ہی ایک خوب صورت سی لڑکی ٹرے میں تاش کی ایک نئی گڈی لے کر آئی اور ہمارے سامنے رکھ دی۔
”شروع کرو نوجوان۔“ وہی آدمی جس نے مجھے ہینڈ سم نوجوان کہہ کر بیٹھنے کی اجازت مانگی تھی مجھے مخاطب ہوا۔میں نے ڈبی کو کھول کر پتے نکالے اور مہارت سے پھینٹ کر گڈی ٹیبل کے درمیان میں رکھ دی۔
نووارد نے جلدی سے ہاتھ بڑھا کر چند پتے اٹھا کر کاٹ لگا دی، لیکن میں نے بے پرواہی سے بقیہ پتے اٹھا کر تین تین پتے سب کو دے دیئے پہلے ہاتھ میرا ارادہ کسی قسم کی ہیرا پھیری کا نہیں تھا، لیکن اتفاق سے میرے پاس پتے اچھے آئے اور باقی نے بھی اس بازی میں کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی اور ایک ایک دو دو چالوں کے بعد سب نے ہاتھ کھینچ لیے۔
مجموعی طور پر اس بازی میں مَیں نے دوہزار روپے جیتے۔ اگلی بازی میں مَیں نے جان بوجھ کر دونوں معزز اشخاص میں سے ایک کو اچھے پتے دے دیئے اور اس ہاتھ میں ایک دو بلا ئیڈ چالوں کے بعد میں نے پتے اٹھا کر دیکھے اور منہ بناتے ہوئے پتے سائیڈ پر رکھ کر مزید چالوں سے ہاتھ کھینچ لیا۔
باقی تینوں شروع رہے۔ شارپر کی کوشش تھی کہ اس ہاتھ کا میابی حاصل کر کے تاش اپنے ہاتھ میں کر لے مگر اس کی بدقسمتی کہ معزز افراد میں ایک جس کو میں اچھے پتے دے چکا تھا میدان میں ڈٹا رہا اور آخر فتح اسی کے حصے میں آئی۔
اس کے چہرے پر خوشی کے رنگ چھا گئے اور یہ خوشی صرف بازی جیتنے کی خوشی تھی ایسے لوگ پیسے کو اتنی اہمیت نہیں دیتے۔
”واہ بھئی راجندر صاحب !آج تو ابتداءسے ہی لکشمی دیوی آپ پر مہربان ہونے لگ گئی۔“
”منہوترا جی! آپ تو پھر جانتے ہی ہیں ناکہ لکشمی دیوی اپنی عاشق ہے۔“ راجندر فخریہ لہجے میں بولا اور اس کے ساتھ ہی تاش کے پتے پھینٹ کر ٹیبل کے درمیان رکھ دیئے اس مرتبہ بھی وہی جیتا تھا، مزید ایک دو ہاتھ کھیلنے کے بعد تاش میرے ہاتھ میں آگئی کلب کا شارپر ہنوز کوئی بازی نہیں جیت سکا تھا۔ اس مرتبہ پتوں کے میرے ہاتھ میںآتے ہی میں نے اپنا کام شروع کر دیا اور میرے سامنے ٹوکنوں کے ڈھیر میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔
”تمھاری شکل کی طرح تمھاری قسمت بھی خوب صورت ہے جوان!“ راجندر بولا۔
”بس سیٹھ صاحب کسی دن لکشمی دیوی مہربان ہو رہی جاتی ہے۔“ میں انکساری سے بولا۔
جوا¿ خانے کا شارپر میرے جیتنے پر تلملانے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتا تھا، لیکن میرے کھیلنے کا انداز ایسا تھاکہ میری پتا بازی نہیں پکڑی جارہی تھی۔ عموماً شارپر تاش پھینٹتے وقت چند مخصوص پتے لگاتے ہیں اس کے برعکس میں باون کے باون پتوں کو اپنی یادداشت میں رکھتا اور ہر بندے کے حوالے اپنی مرضی کے پتے کرتا تھا۔
تقریباً 50,40ہزار جیتنے کے بعد میں ایک گیم جان بوجھ کر ہار گیا تاکہ کسی کو میری پتا بازی میں شک نہ ہو سکے اور اس دفعہ میں نے شارپر کو جیتنے کا موقع دیا تھا۔اس بات میں بھی میرا مفاد پنہاں تھا۔
تاش کے پتے ہاتھ آتے ہی شارپر نے بڑی مہارت سے پتے پھینٹے اور بانٹ دیئے میں اس کے ہاتھوں کی حرکات کو غور سے دیکھتا رہا۔
ایک دو دو چالیں سب نے بلا ئینڈ چلیں اور پھر جو جو اپنے پتے اٹھا کر دیکھتا گیا اس کے منہ پر رونق آتی گئی۔ خود میرے حوالے اس نے تین بیگمیں کیں تھیں۔” اس کا مطلب ہے پہلے ہاتھ میں موصوف اپنا تمام نقصان پورا کرنے کے چکر میں ہے۔“ میں نے دل میں سوچا اور زیر لب مسکرا کر پتے سائیڈ پرکر لیے اور ہاتھ سر کے پیچھے باندھ کے بیٹھ گیا جواس بات کا اعلان تھا کہ میں اس بازی دستبر دار ہو گیا ہوں۔
دونوں سیٹھ بڑے زور وشور سے چالیں چلنے میں مصروف تھے۔ پھر نہ جانے سیٹھ راجندر کو کیا ہوا کہ اس نے پتے شو کروا دیئے اور یہ دیکھ کر اس کا منہ لٹک گیا کہ اس کے تین بادشاہوں کے جواب میں شارپر نے تین اِکے اس کے سامنے رکھ دیئے تھے۔
اگلی بازی میں مَیں نے اپنے منصوبے پر عمل کرنا تھا۔ اس لیے میں شارپر کے ہاتھوں کی حرکت کو خوب غور سے دیکھتا رہا۔ جیسے ہی اس نے تاش پھینٹ کر ٹیبل کے درمیان رکھی میں نے صرف اوپر والا پتا اٹھا کر کاٹ لگا دی۔ اس نے بڑی طنزیہ نظروں سے میری جانب دیکھا اور پھر تاش بانٹنے لگا۔
اس مرتبہ میرے ہاتھ دو دہلے اور ایک نائیلا آیا تھا۔ مجھے پتا تھا کہ با قیوں کا بھی یہی حال ہو گا۔ چھے سات چالوں کے بعد ہی دونوں سیٹھوں نے اپنے ہاتھ پیچھے کھینچ لیے، لیکن ہم دونوں میدان میں ڈٹے رہے۔ میرے آگے پڑا ٹوکنوں کازیادہ تر ڈھیر ٹیبل کے درمیان منتقل ہو چکا تھا۔ اس نے بھی مزید ٹوکن طلب کر لیے۔ ہم دونوں سے کوئی بھی پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں تھا۔ جب میں نے دیکھا کہ ٹیبل کے درمیان پڑا ہوا ڈھیر کافی بڑھ گیا ہے۔ تو میں نے ”شو“ کا نعرہ لگا دیا اور یہ دیکھ کر مجھے دھچکا سا لگا جب اس نے تین اِکے میرے سامنے رکھ دیئے۔ ایک لمحے کے لیے میں گڑبڑا گیا۔ یہ کیسے ہو سکتا تھا اس نے جو پتے لگائے تھے اور میں نے جو کاٹ لگائی تھی اس کے مطابق اس کے پاس تین اِکے آہی نہیں سکتے تھے۔…. کوئی چکر ضرو رتھا۔میں نے اپنے ذہن پرزور دیا اور ایک جھما کے کے ساتھ میں بات کی تہہ تک پہنچ گیا۔
”کیوں مسٹر !پریشان کیوں ہو گئے ہو؟“ شارپر طنزیہ لہجے میں بولا۔ ”کیا شو کرانے کی ادائی کے بارے سوچ میں پڑ گئے ہو۔“
”بتاتا ہوں۔“ میں نے ہاتھ بڑھا کر تاش کی گڈی پکڑتے ہوئے کہا اور جلدی جلدی پتے سیدھے کرنے لگا۔
”یہ کیا کر رہے ہو۔“ وہ گھبرا کر اٹھنے لگا مگر اس وقت تک میں گڈی سے اپنے مطلوبہ پتے نکال چکا تھا۔ چاروں اِکے ٹیبل پر سیدھے پڑے اس کا منہ چڑا رہے تھے۔
”ارے بھئی یہ کیا؟“ سیٹھ راجندر ان پتوں کو غور سے دیکھتے ہوئے حیران سے بولا۔ تاش کی گڈی میں سات اِکے کب سے آنے لگے۔
”یہ تو بھائی کو پتا ہو گا۔“ میں نے شارپر کی طرف اشارہ کیا۔ جو رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد گنگ ہو گیا تھا۔دیوار کے ساتھ کھڑے محافظوں کو بھی گڑبڑ کا احساس ہو گیا اور ان میں سے دو تیر کی طرح ہماری ٹیبل کی طرف بڑھے۔
”کیا ہوا؟“ان میں سے ایک نے پوچھا ۔
”مہاراج شارپنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔“ میں نے طنزیہ لہجے میں جواب دیا ۔
”وہ کیسے ؟“اس کے لہجے میں حیرانی در آئی ،جو سراسر مصنوعی تھی ۔
”وہ ایسے۔“ میں نے سات اِکے اٹھا کر اس کی آنکھوں کے سامنے لہرائے۔
”اچھا۔“ وہ حیرانی سے بولا۔ ”چلو بھئی جگو دادا کے آفس۔ دھوکا بازوں کی تو وہ اچھی خاطر تواضع کرتے ہیں اور بھائی صاحب آپ کو بھی زحمت کرنا پڑے گی۔“ وہ ہم کو مخاطب ہوا اور ساتھ ہی ان دونوں نے شارپر کو دونوں بازوﺅں سے پکڑ لیا ۔
اس کے کھڑے ہوتے ہی اس کی گود میں رکھے تین پتے پیچھے گر گئے جو اٹھا کر میں نے سامنے رکھ دیئے، وہ دو دکیاں اور ایک چوکی تھی ۔ اس تاش کے ہم رنگ تین اِکے اس نے پہلے سے اپنے پاس چھپائے تھے جو موقع ملتے ہی اس نے اپنے سامنے رکھ دیئے تھے۔
”سیٹھ صاحب…. آپ اپنے ٹوکن واپس لے لیں۔“ میں نے درمیان میں پڑے ٹوکنوں کے ڈھیر کی طرف اشارہ کرکے دونوں سیٹھوں کو کہا۔
”یہ ہماری طرف سے آپ کا انعام ہوا۔“ راجندر خوشدلی سے بولا۔اور میں نے شکریہ کہہ کر تمام ٹوکن ایک شاپر میں ڈال لیے۔
”مسٹر۔“ سیٹھ راجندر ان محافظوں کو مخاطب ہوا۔ ”ہماری طرف سے جگو کو بتا دینا کہ یہ جوان حق پر ہے۔“ اس کا اشارہ میری طرف تھا۔”ہم فی الحال واپس جارہے ہیں اور جوان اگر جگو کوئی زیادتی کرے تو مجھے مل لینا یہ میرا کارڈ ہے۔“ اس نے ایک وزٹینگ کارڈ نکال کر میرے حوالے کیا اور دونوں جوا¿ خانے کے داخلی دروازے کی طرف بڑھ گئے ۔
”چلیں سر۔“ محافظ نے کہا۔
”چلو۔“ میں شاپر اپنے ہاتھ میں سنبھال کران کے ساتھ ہو لیا۔کاﺅنٹر کے پیچھے ایک دروازے سے ہوتے ہم ایک کشادہ گیلری میں داخل ہوئے جس کا اختتام لکڑی کے ایک منقش دروازے پر ہوا۔اس کے دائیں بائیں دو غنڈے جوا¿ خانے کے محافظوں کی مخصوص وردی میں ملبوس کھڑے تھے۔ ہمیں دیکھتے ہی ان میں سے ایک نے ہمیں رکنے کا اشارہ کیا اور دروازہ کھول کر اندر چلا گیا چند لمحوں بعد باہر آ کر وہ میرے ساتھ آئے محافظوں سے بولا۔
”باس نے کہا ہے کہ صرف اسے بھیج دو اور باقی واپس چلے جاﺅ۔“ اس کا اشارہ میری جانب تھا۔دونوںمحافظ اور شارپراُلٹے قدموں واپس مڑ گئے اور یہ تو مجھے پہلے ہی سے پتا تھا کہ وہ شارپر جوا¿ خانے کااپنا بندہ تھا۔ بہ ہر حال میں محافظ کے اشارے پر جگو دادا کے آفس میں گھس گیا۔
وہ ایک وسیع کمرہ تھا۔ لکڑی کی بڑی سی ٹیبل کے پیچھے گینڈا نما شخص ریوالونگ چیئرپر بیٹھا تھا وہ سر سے گنجا تھا اس کے چہرے پر موجود لاتعداد زخموں کے نشان اس کے ماضی کی عکاسی کر رہے تھے۔ کمرے کی دائیں اور سامنے والی دیوار پر بڑی سکرینوں والے ٹیلی ویژن آویزاں تھے جن پر جوا¿ خانے کے ہال کے مختلف مناظر دکھائی دے رہے تھے ۔
”اس کا مطلب ہے بغیر بتائے جگو اس سارے معاملے سے واقف تھا۔“ میرے دماغ میں ٹیلی ویژن سکرینوں کو دیکھتے ہی خیال آیا۔
”بیٹھو جوان۔“ جگو دادا نے ٹیبل کے سامنے پڑے صوفہ سیٹ کی طرف اشارہ کرکے کہا۔ میں ”شکریہ“ کہہ کر صوفے پر ٹک گیا۔
”کیا نام ہے تمھارا ۔“
”جان۔“ میں نے مختصرا جواب۔
”تو مسٹرجان!…. بات یہ ہے کہ تم اچھی طرح جان گئے ہو گے کہ جو گندر ہمارے جوا¿ خانے کا اپنا بندہ ہے۔ اس لیے اسے میں نے واپس بھجوا دیا ہے اور تمھیں بھی بلوانے کا مقصد اتنا ہے کہ مجھے تمھاری گیم کافی پسند آئی ہے اور میں چاہوں گا کہ اس کے بعد تم میرے لیے کھیلو۔ جیتی ہوئی رقم سے 40فیصد تمھارے ہوں گے اور ہارنے کی صورت میں تم بری الذمہ قرار پاﺅ گے۔ اس کے ساتھ تمھاری رکھشا کی ذمہ داری بھی میری ہو گی۔“
”آفر کافی اچھی ہے ۔“ میں دھیمے لہجے میں بولا۔ ”مگر افسوس کہ یہ میری منزل نہیں ہے۔“
”اس کا مطلب ہے۔ تم میری آفر مسترد کر رہے ہو۔“ اس کا لہجہ سخت ہو گیا تھا۔ ”لیکن یاد رکھنا یہ جرا¿ت تمھیں مہنگی پڑے گی۔“
”مہنگی ۔“ میں استہزائی انداز میں ہنسا۔ ”جگو دادا میں ادھر تمھاری دھمکیاں سننے نہیں آیا اپنے کسی مقصد سے آیا ہوں۔“
”کون سا مقصد؟“ وہ مستفسر ہوا۔
”ایک بندے کو غیر قانونی طور پر انڈیا سے باہر بھجوانا ہے۔“ میں نے اپنے مقصد کی وضاحت کی ۔
”سوری مسٹر جان…. یہ میری فیلڈ نہیں ہے۔“
”جگو دادا!…. آپ جیسی شخصیت ان فیلڈوں سے مبرا ہوتی ہے۔“ میں نے اسے مکھن لگایا۔
”ٹھیک ہے لیکن میں ایسا کام کیوں کرنے لگا۔“
”معاوضا لے کر اگر آپ قتل کروا سکتے ہیں تو اس کام میں کیا مضائقہ ہے۔“میں نے اندھیرے میں تیر چھوڑا۔
میری بات سن کر وہ ایک مرتبہ تو سیدھا ہو کر بیٹھا اور پھرسخت لہجے میں بولا۔
”جوان تم بہت بڑی بات کر رہے ہو اور میرا خیال ہے اس کا ثبوت تم پیش نہیں کر سکو گے اور سنی سنائی باتیں حقیقت نہیں ہوتیں۔“
”جگو دادا میں نے برسبیل تذکرہ ایک بات کر دی ہے۔ میرا مقصد آپ کو مجرم ثابت کرنا نہیں ہے۔“
”بہ ہر حال چھوڑو اس موضوع کو۔“ جگو نے کہا۔ شاید وہ خود اس موضوع سے جان چھڑانا چاہ رہا تھا۔“ تم معاوضے کی بات کرو۔“
”وہ آپ نے مانگنا ہے۔“ میں جواباً بولا۔
”مطلوبہ شخص کس سے چھپ کر نکلنا چاہتا ہے۔ پولیس یا کوئی ذاتی دشمنی؟“
”دونوں سے۔“
”ذاتی دشمن کا نام جان سکتا ہوں۔“ وہ مستفسرہوا۔
”سیٹھ رابندر ناتھ۔“
”کیا؟“ وہ اچھل کر کھڑا ہوگیا۔ ”جوان تمھارا دماغ جگہ پر ہے۔“
”بالکل۔“ میں نے اطمینان سے سر ہلایا۔
وہ چند لمحے کڑے تیوروں سے میری جانب دیکھتا رہا اور پھر گہرا سانس لے کر بولا۔
”سوری جوان!….رابندر ناتھ سے ٹکر لینا میرے بس سے باہر ہے ۔ کیونکہ میں اپنی طبعی عمر تک جینا پسند کرتا ہوں۔“
”جگو داد!…. آپ کی شخصیت کے ساتھ یہ الفاظ میل نہیں کھاتے۔“
”تم جو بھی سمجھو۔“ وہ حتمی لہجے میں بولا۔ ”میں سیٹھ رابندر ناتھ کے خلاف کسی کام میں ہاتھ نہیں ڈال سکتا۔“
”تم سیٹھ رابندر ناتھ سے میری دشمنی کی وجہ جاننے کی کوشش نہیں کرو گے۔“
”بالک تم بہت کم عمر ہو کر بہت بڑی بڑی باتیں کر رہے ہو۔ سیٹھ رابندر ناتھ کو کہنا کہ اگر جگو دادا کو جانچنا بھی تھا تو کسی با اثر شخصیت کو بھیجتا۔ کسی کالج کے لونڈے کو میں کیونکر رابندرناتھ کا دشمن سمجھ سکتا ہوں اور یہ بھی جان لوکہ تاش کی گیم اورزندگی کے کھیل میں بہت زیادہ فرق ہے انسان کی ساری چالیں دھری کی دھری رہ جاتی ہیں۔“
مجھے پتا چل گیا کہ جگو دادا مجھے رابندر ناتھ کا بھیجا ہوا کوئی بندہ سمجھ رہا ہے جو اسے آزمانے کے لیے آیا تھا۔ میں نے اسے اپنی پہچان کرانے میں قباحت نہ سمجھی یوں بھی اس ملک سے نکلنے کے لیے مجھے اپنی شناخت ظاہر کرنی پڑتی۔
”جگو دادا…. میرا نام عمر جان کمانڈو ہے۔ اور رابندر ناتھ سے میری دشمنی کی وجہ ہے شیش ناگ جو اپنے بھائی کو برے کی موت کا بدلہ مجھ سے لینا چاہتا ہے۔“
”تم عمر جان ہو؟ہاں واقعی تم وہی ہو۔ میں بھی کہوں تم کیوں جانے پہچانے سے لگ رہے ہو۔ کلین شیو کروا کے تمھاری شکل کافی بدل گئی ہے۔ ان بے وقوفوں کو تمھاری کلین شیو کی تصویر بھی جاری کرنا چاہیے تھی۔ ابھی تو اگر تم سرگنجا کرالو تو بالکل ہی نہ پہچانے جاﺅ۔ بہ ہر حال عمر جان صاحب!…. اب بھی میں اپنی بات پر قائم ہوں۔ رابندر ناتھ سے ٹکر لینا میرے بس سے باہر ہے۔ البتہ ایک نصیحت تمھیں کرتا چلوں کہ یوں ہر کسی کے سامنے اپنی شناخت ظاہر نہ کرو۔ تمھاری جانکاری دینے والے کے لیے ایک لاکھ کا اعلان اخبارات میں شائع ہو چکا ہے۔“
”مشورے کا شکریہ۔“ میں رکھائی سے بولا۔ ”ویسے مجھے آپ سے مل کر بہت مایوسی ہوئی ہے جس طرح نام سنا تھا اس طرح آپ نظر نہیں آرہے ہو۔بہ ہر حال شکریہ۔“ میں صوفے سے کھڑا ہو گیا۔
”جانو صاحب بیٹھو۔“ جگو دادا بے تکلفی سے بولا۔ ”کچھ چاے پانی تو ہو جائے اور اتنی جلدی مایوس نہ ہوں۔ میں تمھارے مسئلے پر غور کروں گا شاید کوئی حل سوجھ جائے۔“
اس کی امید افزا بات سن کر میں ایک دفعہ پھر بیٹھ گیا۔ شاید میری مسلسل تعریفوں نے اس کے دل میں کوئی نرم گوشہ پیدا کر دیا تھا۔
”جگو دادا آپ مجھے چوری چھپے ہی انڈیا سے باہر نکالیں گے نا…. تو جس طرح آپ پولیس کو بے خبر رکھیں گے اس طرح رابندر ناتھ کو بھی تو اندھیرے میں رکھ سکتے ہیں۔“
”اس کو اندھیرے میں رکھنا بہت مشکل ہے جوان۔“ وہ گہری سوچ میں ڈوب گیا۔
” اگر اسے پتا چل گیا تو آپ یہ کہہ کر بری الذمہ ہو سکتے ہیں کہ آپ میری اور اس کی دشمنی سے ناواقف تھے۔“ مجھے ایک دفعہ پھر امید کی کرن نظر آئی اور میں نے زور و شور سے دلائل دینے شروع کر دیئے۔
”نہیں۔“ اس نے انکار میں سر ہلایا۔ ”شیش ناگ انڈر گراونڈ حلقوں میں یہ اعلان کر چکا ہے کہ جانو کمانڈو کو انڈیا سے باہر نکالنے والا رابندر ناتھ کا دشمن تصور کیا جائے گا اور شیش ناگ کے منہ میںرابندر ناتھ کی ہی زبان ہے وہ شیش ناگ کو اپنے بیٹے کی طرح چاہتا ہے۔ یوں بھی خبیث حقیقی اولاد سے محروم ہے۔ ایک لے پالک بیٹی اور دوسرا شیش ناگ ہے جن کو وہ اپنے بچوں کی طرح چاہتا ہے۔“
”اس کا مطلب ہے میرے مسئلے پر غور کرنے سے آپ کی مراد فقط مجھے ٹالنا تھا۔“ میں نے مایوسی برے انداز میں صوفے سے ٹیک لگا لی ۔
”جانو!جرائم کی دنیا میں طاقت کا قانون رائج ہے عرفِ عام میں کیا کہتے ہیں جس کی لاٹھی اس کی بھینس۔ ہر کمزور کو طاقتور کی ہاں میں ہاں بھی ملانا پڑتی ہے اور اپنے مفادات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاتا۔ میں تمھیں انڈیا سے باہر نکلنے میں ضرور مدد دوں گا کیونکہ رابندر ناتھ کی وجہ سے میں اپنا کاروبار ٹھپ نہیں سکتا۔ البتہ سامنے میں خود نہیں آﺅں گا باقی میں یہ تو نہیں کہتا کہ میں تمھیں سو فیصد حفاظت سے تمھارے ملک پہنچوا دوں گا کیونکہ اس میں بیس پچیس پرسنٹ ناکامی کے بھی چانس ہیں۔ ویسے بھی جرائم کی دنیا میں کسی بھی کام کی گارنٹی سو فیصد نہیں دی جا سکتی۔“
”شکریہ جگو دادا!“ میں ممنونیت سے بولا۔ ”ابھی اگر معاوضا بھی طے ہو جاتا۔“
”ضرور …. یہ تو اس کاروبار کا پہلا اصول ہے۔“ اس نے ریوالونگ چیئر کو گول گھماتے ہوئے کہا۔ ”میں اس کام کے سلسلے میں پندرہ لاکھ روپے لوں گا۔ دس لاکھ پہلے اور پانچ کام ہو جانے کے بعد۔“
” دس لاکھ دوں گا۔ پانچ کام سے پہلے اور پانچ کام کے بعد۔“ میں نے جواباً کہا اس نے ریوالونگ چیئر کو ایک مرتبہ پھر گھما کر سیدھا کیا اور ایک دولمحے میری آنکھوں میں جھانک کر کچھ سوچا اور پھر باآواز بلند بولا۔ ”ڈن۔“جواباً میں ایک گہرا سانس لے کر رہ گیا۔
”ابھی کیا چلے گاٹھنڈا یا گرم؟“ وہ مستفسر ہوا۔
”صرف چاے۔ کھانا میں کھا کے آیا ہوں۔“
اس نے گھنٹی بجا کر ملازم کو بلایا اور چاے لانے کا کہا۔
”ویسے اس جگہ چاے کچھ معیوب سی لگتی ہے۔“ ملازم کے جانے کے بعد جگودادا مسکرایا۔
”ہاں یہ تو ہے۔“ میں نے اثبات میں سر ہلایا۔”مگر میں ڈرنک نہیں کرتا۔“
”ویسے آپ کو دیکھ کر یقین نہیں آتا آپ خالی ہاتھوں کو برے کے ساتھ لڑ کر اسے ہلاک کرچکے ہیں۔“
”اس بارے میں خود بھی حیران ہوں۔“ میں انکساری سے بولا۔ ”بس کم بخت کی موت آئی تھی ورنہ لڑا کا تو وہ بہت اچھا تھا۔“
”یہ تو خیر آپ کی منکسرالمزاجی ہے ورنہ عینی شاہد دلیر سنگھ نے اس لڑائی کا احوال تفصیل سے اخبار والوں کے سامنے بیان کیا ہے۔ اس کے مطابق کو برا اتفاقی طور پر ہلاک نہیں ہوا بلکہ عمر جان کمانڈو بجا طور پر کوبرے سے اچھا فائیٹر تھا۔ تفصیل بتلاتے ہوئے اس نے کہا کہ ابتدا میں کوبرے نے جارحانہ انداز اپنایا مگر اس کے بعد کوبرے کی فائیٹ زیادہ تر دفاعی رہی۔ جانو آخر تک کوبرے پر حاوی رہا اور لڑائی کا نتیجہ ہم سب کے سامنے ہے۔“
”اصل میں بہت سے ایسے واقعات بھی مجھ سے منسوب کیے جارہے ہیں جن سے میرا دور کا بھی واسطہ نہیں۔ اسی طرح دلیر سنگھ نے بھی میرے ساتھ گزرے ہوئے روزو شب خوب مرچ مصالہ لگا کر اخبار والوں کے سامنے بیان کیے ہیں۔ ورنہ اگر حقیقت دیکھی جائے تو اس کے بالکل برعکس ہو گی۔“
”جانو صاحب !تمھاری یہی باتیں تمھارے کردارکی عکاسی کرتی ہیں۔ تم جتنا بھی خود کو چھپاﺅ تمھارے اندر جو صلاحیتیں ہیں وہ خود بہ خودابھر کر سامنے آئیں گی۔ مشہور کہاوت تو تو نے سنی ہو گی کہ ”شیر کبھی یہ نہیں کہتا کہ وہ شیر ہے وہ عمل سے دکھاتا ہے کہ وہ شیر ہے۔“
”جگو دادا آپ بھی اخبارات میں میرے متعلق الٹی سیدھی خبریں پڑھ کے متاثر ہو گئے۔“
”نہیں۔“ اس نے نفی میں سر ہلایا۔ متاثر تو میں تم سے ملنے کے بعد ہوا ہوں اور صرف تمھاری شخصیت کو دیکھتے ہوئے میں نے رابندرناتھ سے مخالفت کا خطرہ مول لینے کی کوشش کی ہے۔“
”دھنے واد جگو صاحب۔“ میں نے اس کا شکریہ ادا کیا۔ اس وقت ملازم بھی چاے لے کر آگیا۔چاے پی کر میں نے جگو دادا سے رخصت چاہی۔
”جانو صاحب اب مجھے ملنے کے لیے خود نہ آنا،بلکہ یہ میرا فون نمبر ہے اس پر رابطہ کرنا اور اپنا نام آکاش بتانا۔“
”ٹھیک ہے جگو صاحب۔“ میں اس سے فون نمبر والا کاغذ کا ٹکڑا لے کر جیب میں ڈالا اور ٹوکنوں کا شاپر اٹھا کر اس کے دفتر سے نکل آیا۔ ہال میں جوا¿ اسی زور وشور سے جاری تھا۔ میں نے کاﺅنٹر پر جا کر ٹوکن جمع کرائے اور اس نے مجھے تین عددبڑے نوٹوں کی گڈیاں تھما دیں۔ مجموعی طور پر وہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب رقم تھی۔ رقم کوٹ کی اندرونی جیبوں میں منتقل کر کے میں جوا¿ خانے سے باہر نکل آیا۔ہوٹل کے ہال کی رونق ماند پڑ گئی تھی۔
میں جونھی ہوٹل سے باہر نکلا اچانک دو افراد جو مجھ سے آگے چل رہے تھے تیزی کے ساتھ میرے دائیں بائیں ہو گئے۔ دونوں نے ہاتھوں میں پستول پکڑے ہوئے تھے جو انھوں نے میرے دونوں پہلووںمیں گھسیڑ دیئے۔
”اسی طرح آرام سے چلتے رہو۔ ورنہ جسم میں روشندان بنا دوں گا۔“ ایک غراکر بولا۔میں ذہنی طور پر اس قسم کے کسی حادثے کے لیے تیار نہیں تھا۔ یہ کون ہو سکتے تھے کیا جگو دادا کے آدمی یا پھر چوراُچکے ۔ میرا ذہن کسی ایک خیال پر منطبق نہ ہو سکا۔ وہ مجھے لیے پارکنگ ایریا کی سائیڈ سے گزرتے ہوئے ایک ویران گلی میں داخل ہوئے۔ میرے ساتھ لگ کر چلتے ہوئے انھیں بہ ہر حال اتنی دیر گزر چکی تھی کہ وہ لاشعوری طور پر مجھ سے غافل ہو گئے تھے۔ ان کے گمان کے مطابق میں مزاحمت کی کوشش نہ کرتے ہوئے خود کو ان کے حوالے کر چکا تھا۔ ان کا ارادہ لازماً ویران گلی میں تھوڑا سا آگے جا کر مجھے لوٹنے کا تھا۔ انھوں نے غالباً مجھے کاﺅنٹر سے رقم وصول کرتے دیکھا تھا جس کے بعد ان کی نیت خراب ہوئی تھی۔
ویران گلی میں گھستے ہی میں نے ایکشن میں آنے کا فیصلہ کیا اور ایک جھٹکے سے پیچھے ہو کر میں نے اپنے دونوں ہاتھ ان کے پستولوں والے ہاتھ پر ہتھوڑے کے انداز میں مارے۔ دونوں کے منہ سے بے ساختہ ”اف“ کی آوازیں نکلیں تھیں اور ان کے پستول ان کے ہاتھ سے چھوٹ کر گلی کے پختہ فرش پر گر پڑے۔ وہ دونوں جلدی سے پستول اٹھانے کے لیے جھکے۔ مگر ایک کی ٹھوڑی میں اپنا گھٹنا مارتے ہوئے دوسرے کی گدی پر میں نے کھڑی ہتھیلی کا وار کیا اور دونوں ”اوغ“ کی آواز کے ساتھ نیچے ڈھیرہو گئے۔
میں دائیں بائیں دیکھ کر ان کی تلاشی لینے کے لیے جھکا مگر اسی وقت گلی کے سرے سے چند آدمیوں کے دوڑنے کی آواز آئی اور اس سے پہلے کہ میں اس آواز کا سبب جان کر کوئی حرکت کرتا۔ وہ دوڑتے ہوئے میرے سر پر پہنچ گئے تھے۔ وہ تمام کے تمام مسلح تھے اور ان کے جسموں پر موجود لباس سے آسانی سے پتا چل رہاتھا کہ وہ جگو دادا کے آدمی تھے۔
”آپ ٹھیک تو ہیں سر۔“ میں انھیں دیکھ کر جونھی سیدھا ہوا۔ ان میں سے ایک مو¿دبانہ لہجے میں بولا اور میں ان کے انداز سے سمجھ گیا کہ وہ دشمن نہیں تھے۔
”ہاں …. لیکن آپ لوگ؟“
”سر ہمیں جگو دادا نے بھیجا ہے۔ اس نے اپنے آفس میں موجود سکرین پر ان دونوں کو آپ کے دائیں بائیں دیکھ لیا تھا۔ یہ دونوں بمبئی کے مشہور اچکے ہیں انھیں پہچانتے ہی انھوں نے مجھے چار آدمیوں کے ساتھ آپ کے پیچھے بھیجا تاکہ ان سے آپ خلاصی کرا سکیں، لیکن میرا خیال ہے آپ کو ہماری مدد کی بالکل ہی ضرورت نہیں تھی۔“ آخری فقرہ اس نے مسکرا کر ادا کیا تھا۔
اس کی بات سن کر میرے سر سے ایک بہت بڑا بوجھ ہٹ گیا تھا۔
”میری طرف سے جگو دادا کا شکریہ ادا کر دینا۔“ میں نے کہا۔ ”اور ان نمونوںکو بھی سنبھال لو میں چلا۔“
”اگر سر ہم آپ….۔“
”نو تھینکس ۔“ میں قطع کلامی کرتے ہوئے بولا۔ ”میں چلا جاﺅںگا۔“
اور وہ سر ہلاتے ہوئے ان پر جھک گئے جبکہ میں گلی سے نکل کر روڈ پر آگیا۔ روڈ پر نکلتے ہی میری نظر سامنے سے گزرتی ہوئی ٹیکسی پر پڑی۔ میں نے اسے ہاتھ دے کر روکا اور شیتل کے مکان کے سامنے موجود ایک مشہور بلڈنگ کا نام بتا کر بیٹھ گیا۔ٹریفک کم ہونے کے وجہ سے ٹیکسی نے مجھے پچیس منٹ میں وہاں پہنچا دیا۔ کرایہ ادا کر کے میں شیتل کے مکان کے جانب چل پڑا۔ صبح کے پانچ بج رہے تھے جب میں نے گیٹ پر جا کے دستک دی۔دوسری تیسری دستک پر دھرمندر بابا نے اٹھ کر دروازہ کھولا، میں اس سے معذرت کرتا ہوا اندر داخل ہوا۔
”شما چاہتا ہوں چچا۔ آپ کی نیند خراب کر دی ۔“
”کوئی بات نہیں پُتر۔“ وہ خوش ہوگیا تھا میں اندرونی عمارت کی طرف بڑھ گیا۔سردی اپنے عروج پر تھی میں نے خواب گاہ میں جھانکا شیتل گردن تک کمبل اوڑھے گہری نیند سو رہی تھی۔ میں نے الماری کھول کر ہلکا پھلکا لباس نکال کر پہنا اور خواب گاہ سے باہر نکلنے کے لیے قدم بڑھائے میرا ارادہ تھا کہ دھرمندر چاچا سے اوڑھنے کے لیے کوئی کمبل وغیرہ لے کر ڈرائنگ روم کے کشادہ صوفے پر لیٹ جاﺅں گا۔ مگر اس سے پہلے کہ میں دروازے تک پہنچتا مجھے شیتل کی آواز سنائی دی۔
”اب کہاں چل دیئے؟“
”تم جاگ رہی تھیں۔“ میںنے حیران ہو کر کہا۔ ”میں ساتھ والے کمرے میں سونے جارہا تھا۔“
” ادھر ہی سو جاﺅ۔ میں تو ویسے ہی اٹھنے والی تھی۔“ وہ کمبل سے باہر ہوتے ہوئے بولی۔ اس کے کمبل سے باہر نکلتے ہی میرے نگاہیں خود بخود جھک گئیں کم بخت نے شب خوابی کا نہایت ہی مہین لباس پہنا ہوا تھا ۔
l l l
جگو دادا سے ہونے والی بات چیت کافی امید افزارہی تھی۔ اب مسئلہ 10لاکھ روپوں کے پورا کرنے کا تھا۔ بمبئی میں بڑے بڑے جوا¿ خانے موجود تھے لیکن 10لاکھ پیدا کرتے کرتے چند دن تو لگ ہی جانے تھے۔جگو دادا کے جوا¿ خانے سے جیتی ہوئی رقم اور میرے اپنے پاس موجود رقم مل ملا کر ایک لاکھ ساٹھ ہزار کے بہ قدر بن رہی تھی اس کا مطلب تھا میں ابھی تک اپنے ٹارگٹ سے ساڑھے آٹھ لاکھ کی دوری پر تھا۔ ایک مرتبہ میرے جی میں آیا کہ شیتل سے یہ پیسے مانگ لوں مگر پھر مجھے یاد آیا کہ اس کے کہنے کے مطابق تو اس کے اکاونٹ میں اڑھائی تین لاکھ روپے پڑے تھے وہ اگر تمام پیسے بھی میرے حوالے کر دیتی تب بھی میں اپنے مطلوبہ رقم کے ٹارگٹ سے دور ہی رہتا۔
میرے جی میں آیا کہ کسی سیٹھ کے گھر ڈاکہ ڈالوں مگر بعد میں مجھے اس خیال کو بھی مسترد کرنا پڑا کہ اس طرح کسی بے گناہ کے قتل ہو جانے کا اندیشہ تھا۔
گو جوا¿ کھیلنا بھی بہت بڑا گناہ تھا مگر اس میں کسی بے گناہ کی ذات ملوث نہیں ہوتی تھی میں اس ادھیڑ بن میں مصروف تھا کہ مجھے شیتل کی آواز سنائی دی۔
”سو گئے کیا۔“ وہ میرے ساتھ بیٹھی پوچھ رہی تھی۔
”ہاں، تم جاﺅ تاکہ میں سو سکوں۔“ میں نے کہا۔
”کوئی سونا وغیرہ نہیں ہے…. شرافت سے اٹھ کر تیار ہو جاﺅ ہو جاﺅ آج لنچ باہر کریں گے۔“
”شیتل پاگل ہوئی ہے کیا۔ اگر کسی نے پہچان لیا تو۔“
”رات کو کسی نے نہیں پہچانا تو دن کو بھی کوئی نہیں پہچانے گا یوں بھی بمبئی میں تمھاری تلاش شروع نہیں ہوئی….ڈھونڈنے والے ابھی تک دہلی اور اس کے مضافات میں خوار ہوتے پھر رہے ہیں۔“
”پھر بھی ، رات کے وقت کم روشنی اور چہرے پر مفلر لپیٹنے کی وجہ سے میری پہچان مشکل ہو جاتی ہے۔ دن کو تو بندہ بہت دور سے نظر آتا ہے۔ دوسرے رات کو میں جن جگہوں پر جاتا ہوں وہاں اکثریت ایسے لوگوں کی ہوتی ہے جو اخبار وغیرہ کم ہی دیکھتے ہیں جبکہ دن کے وقت پر زیادہ تر جو لوگ ملتے ہیں وہ عموماً اخبار بینی کے رسیا ہوتے ہیں۔ اور ….“
”میں تمھاری منطق سے بالکل متفق نہیں۔“ وہ ہٹ دھرمی سے بولی۔ ”بس تم تیار ہو جاﺅ ایک دو ن کی بات ہے پھر تو….“ وہ گلوگیر ہونے لگی۔
”اچھا بابا…. ابھی نہانے تو دونا۔“اور وہ ہنستے ہوئی اٹھ بیٹھی ۔
تھوڑی دیر بعد ہم دونوں شیتل کی چھوٹی سی کار میں بیٹھ کر باہر جارہے تھے۔
”میرا خیال سے ساحل سمندر کی طرف چلتے ہیں۔“ اس نے اپنی گاڑی کا رخ جنوب کی سمت موڑتے ہوئے کہا۔ جواباً میں نے فقط سر ہلانے پر اکتفاکیا۔شیتل بہت خوش دکھائی دے رہی تھی۔ کالی قمیص اور سفید شلوار میں وہ کسی اور ہی جہان کی مخلوق نظر آرہی تھی۔ساحل سمندر پر پہنچ کر اس نے گاڑی ایک جدید طرز کے خوب صورت سے ہوٹل کے کمپاﺅنڈ میں موڑ دی۔چاق چوبند بیرہ ہمارے بیٹھتے ہی مینو کارڈ لے کر آن موجود ہوا۔
”صاحب سے آرڈر لو۔“ شیتل بیرے سے مخاطب ہوئی جو اس کے سامنے جھک کر مینو کارڈ رکھ دیا تھا۔
”نہیں بیگم صاحبہ خود آرڈر دے دو۔“ اور میرے بیگم صاحبہ کہنے پر شیتل کا چہرہ گلاب کے پھول کی طرح کھل اٹھا۔ اس نے مینو کارڈ لے کر دو تین ڈشوں کا بتایا اور میری جانب متوجہ ہو گئی۔
”کتنا اچھا لگتا ہے تمھارے منہ سے بیگم صاحبہ سننا۔“
”جس کی بیگم بنو گی نا…. وہ اس سے بھی زیادہ اچھے انداز میں پکارے گا۔ مثلاً منے کی ماں۔“
”بکومت ۔“ وہ خفگی سے بولی۔ ”تمھارے علاوہ میںنے کسی سے بھی شادی نہیں کرنی۔“
”کیوں…. مجھ میں ایسے کون سے سرخاب کے پر لگے ہیں جو کسی اور مرد میں نہیں ہو سکتے۔ تم اپنے اردگرد نگاہ تو دوڑاﺅ شاید مجھ سے بھی کئی گنا زیادہ ہینڈسم، خوب صورت اور قد آور جوان تمھیں اپنے ہم مذہب مل جائیں۔ جو تمھاری محبت کا جواب تم سے بڑھ کرچاہت سے دیں۔“
”کیوں بائیس سال کی زندگی میں نے آنکھیں بند کرکے گزاری ہے کیا؟اسی معاشرے اور ملک میں رہی ہوں۔ اگر تمھارے جیسا کوئی ہوتا تو نظر نہ آجاتا۔“
”اچھا بیرا آرہا ہے۔ فی الحال خاموش رہو۔“ میں نے بیرے کو کھانے والے برتنوں سمیت آتے دیکھ کر آہستہ سے کہا۔
”کیوں خاموش رہوں…. ڈرتی ہوں کسی سے۔“اس کا انداز بالکل نک چڑھی بیوی کا سا تھا۔ بیرا بھی کھانے برتن ٹیبل پر سجاتے ہوئے زیر لب مسکرا دیا تھا۔ میں اس کی بات کا جواب دینے کی بجائے کھانے کی طرف متوجہ ہو گیا۔
کھانا واقعی بہت لذیذ بنا ہوا تھا۔ کھانے کے بعد ہم نے چاے پی اور پھر بل پے کرکے باہر نکل آئے۔ ہوٹل کے دروازے سے نکلتے وقت سامنے سے آتا ہوا ایک شخص اچانک ٹھٹک کررکا، میرے دل کی دھڑکن ایک لمحے کے لیے تیز ہوئی کہ شاید اس نے مجھے پہچان لیا ہے مگر پھر اسے اپنی جیبیں ٹٹولتے دیکھ کر میں نے اطمینان بھرا سانس لیا۔ اس سے شاید گاڑی کی چابی یا بٹوہ کھو گیا تھا۔
”اب کہاں چلیں۔“ شیتل نے ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ کر پوچھا۔
”جہاں سرکار کا جی چاہے۔“ میں مو¿دبانہ لہجے میں بولا۔ میرے انداز پر وہ بے ساختہ قہقہہ لگا کر مسکرا پڑی۔وہاں سے ہم سیدھے سمندر کے نسبتاً ویران ساحل پر پہنچ گئے۔
”یہ کہاں لے آئی ہو؟“ میں نے گاڑی سے نیچے اترتے ہوئے پوچھا ۔
”اپنے خوابوں کی جنت میں۔“ وہ جیسے کھلی آنکھوں خواب دیکھ رہی تھی ۔
”میرا جی چاہتا ہے کہ سنسار کے اس گوشے میں چلی جاﺅں جہاں کوئی نہ ہو صرف میں اور تم ہوں ۔“
”اگر میں کہوں کہ تم پاگل ہو تو….“ میں نے اس کی تقلید میں اپنے جوتے اور جرابیں اُتار کر ننگے پیر ٹھنڈی ریت پر چلتے ہوئے کہا۔
ایک ہمی کو پاگل کہنا کوئی بڑا الزام نہیں
دنیا والے دل والوں کو اور بہت کچھ کہتے ہیں
اس نے ہلکے سے ردو بدل کے ساتھ شعر پڑھ کر میری بات کا جوا ب دیا۔
”میں الزام نہیں دے رہا…. حقیقت بیان کررہا ہوں۔“
”جان…. یہ سبھی محبت کرنے والوں کو لوگ پاگل کیوں سمجھتے ہیں؟“
”لوگ تو انھیں پاگل نہیں سمجھتے۔“ میں سنجیدہ ہوتے ہوئے بولا۔
”تو پھر؟“ وہ مستفسر ہولی۔
”وہ اصل میں ہوتے ہی پاگل ہیں لوگوں کے سمجھنے نہ سمجھنے سے کیا ہوتا ہے۔“
”جان کے بچے باز آجاﺅ۔“ وہ مکہ تانتے ہوئے بولی۔
”دو فیکٹریوں کے مالک سیٹھ کی اکلوتی بیٹی۔ ایک ایسے شخص کی محبت میں مبتلا ہو جائے جو اس کے ملک کی نظر میں مجرم ہے۔ پاگل پن نہیں تو اور کیا ہے۔ جبکہ اس شخص میں صرف اتنی خوبی ہے کہ وہ قد میں لمبا ہے۔ حالانکہ اس سے بہتر تھا کہ تم کس زرافے سے محبت کرلیتیں۔“
”تم باز نہیں آﺅ گے۔“ وہ مجھے پکڑنے کے لیے میری طرف دوڑی اور میں الٹے قدموں پیچھے بھاگا اچانک مجھے اپنے آنے کی سمت سے تین گاڑیاں آتی دکھائی دیں۔ میں ٹھٹک کر رک گیا۔
”کیا ہواجان!“ مجھے حیرانی سے گاڑیوں کی سمت دیکھتے دیکھ کر وہ پریشان ہو گئی۔
”تین گاڑیاں ہماری طرف آرہی ہیں۔“
”تو کیا ہوا؟“ وہ بے فکری سے بولی۔ ”ہوں گے کوئی پکنک منانے والے۔“مگر میں اس کی بات کا جواب دیئے بغیر گاڑیوں کی سمت دیکھتا رہا۔
”کم آ ن جان۔“ وہ میرے بازو سے پکڑ کر کھینچنے لگی ۔ ”تم خواہ مخواہ پریشان ہو رہے ہو۔“
اس وقت تینوں گاڑیاں ہماری کار کے ساتھ آ کر رک گئی تھیں۔اور پھر ان سے تیرہ چودہ افراد نیچے اترے۔ سب سے آگے ایک لمبے قد اور سڈول جسم کا نوجوان تھا۔ اس کے دونوں ہاتھ خالی تھے۔ جبکہ اس کے پیچھے چلنے والے تمام افراد نے مختلف ہتھیار پکڑے ہوئے تھے۔
مجھے شبہ ہوا کہ وہ کوئی اچکوں کا گروہ تھا جو اکیلے جوڑے کو دیکھ کر لوٹنے آرہے تھے۔ اس طرح کی وارداتیں بمبئی میں معمول کی بات ہے۔لیکن سب سے آگے چلنے والے نوجوان کا انداز بالکل معمولی نہیں تھا۔ اس کے چلنے کے انداز سے لگتاتھا گویا اپنے ہمراہ وہ طوفان لے کر بڑھ رہا ہو۔ان ہتھیار برداروں کو دیکھ کر شیتل بھی خاموش ہو گئی تھی۔ جگو دادا کے جوا خانے سے جیتی ہوئی رقم میں گھر ہی چھوڑ آیا تھا۔ مجھے اس وقت صرف شیتل کی فکرکھائے جارہی تھی۔ اس ویرانے میں اتنے ہتھیار برداروں کا مقابلہ کرنا میرے لیے بہت مشکل ثابت ہوتا۔ اپنا پستول میں نے جیب سے نکالنے کی ضرورت محسوس نہیں کی کہ اتنے ہتھیاروں کے مقابلے میں اس کی کوئی حیثیت نہیں تھی۔
وہ تمام ہمارے قریب آتے ہی پھیل گئے اور ہمارے گرد دائرہ بنا لیا گو یا انھوں نے ہمیں چاروں طرف سے گھیر لیا تھا۔ ان کا لیڈر غالباً وہی نوجوان تھا جو سب سے آگے چل رہا تھا۔ لمبی زلفیں جو اس کے شانوں تک پھیلی ہوئی تھیں، بھوری آنکھیں، پتلے ہونٹ، لمبی گردن، مجموعی طور پر اسے خوب صورت کہا جا سکتا تھا مگر ایک خاص قسم کی بے رحمی کا تاثر اس کے چہرے سے چھلکتا تھا جس بنا پر اسے پسندیدہ شخصیت نہیں کہا جا سکتا تھا۔ وہ بالکل میرے سامنے آ کر رک گیا۔ اس کا قد تقریباً میرے برابر ہی تھا۔چند لمحے میری آنکھوں میں جھانکنے کے بعد وہ گویا ہوا۔
”عمر جان کمانڈو…. بہت اچھا پیس چنا ہے انڈیا سے۔“ اس کی بات سن کر گویا میرے سر پر بم پھٹ پڑاتھا۔وہ مجھے پہچانتا تھا، لیکن میرے لیے اجنبی تھا۔
”آپ کاتعارف ۔“ مجھے اپنے حواسوں پر قابو پانے میں دیر نہیں لگی تھی ۔
”میرا نام۔“ وہ ایک لمحے کے لیے رکا اور پھر زہریلے لہجے میں بولا۔ ”داس کو شیش ناگ کہتے ہیں۔“
(جاری ہے )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔