بھگوڑا(قسط نمبر9)
ریاض عاقب کوہلر
”کھیل ختم نہیں بلکہ ابھی شروع ہوا ہے مسٹر!“ میں سرد لہجے میں بولا اس کے ساتھ ہی میرا بایاں مکّا بجلی کی سی سرعت سے اس کے چہرے پر پڑا، وہ اچھل کر نیچے جا پڑاتھا۔ اس کے اٹھنے سے پہلے ہی میرے پاﺅں کی ٹھوکر اس کے سر میں لگی اور اس کا سر ایک دھما کے کے ساتھ گلی کے پختہ فرش سے ٹکرایا اس کے ساتھ ہی اس نے ہاتھ پاﺅں ڈھیلے چھوڑ دیے تھے ۔ میں آگے بڑھ کر چند قدم دور گرے ہوئے پستول کواٹھانے کے لیے جیسے ہی جھکا فضا میں فائر کی آواز گونجی۔ شوں کی آواز کے ساتھ گولی میرے اوپر سے گزر گئی تھی۔ ضرورت کے لیے جھکنے نے میری جان بچادی تھی۔ پستول ہاتھ میں پکڑتے ہی میں بجائے سیدھا کھڑا ہونے کے اسی جگہ اوندھے منہ لیٹ گیا۔ سامنے سے دو افراد دوڑتے ہوئے میری سمت بڑھتے چلے آرہے تھے۔ نیچے لیٹتے ہی میرے ہاتھ میں موجود پستول نے دو شعلے اگلے ، وہ دونوں اوندھے منہ گر پڑے تھے۔
میں اچھل کر کھڑا ہوا اور دومزید فائر ان پر جھونک دیئے۔ بیس پچیس گز دور سے فائر کے خطا ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ فائر کرتے ہی میں رکا نہیں تھابلکہ ان کے تڑپتے اجسام کو پھلا نگتے ہوئے آگے بڑھتا چلا گیا۔ میں تھوڑی دور گیا ہوں گا کہ گلی کے سر ے سے دو آدمی آتے دکھائی دیئے۔ میں ان پر گولی ضائع کیے بغیر اپنے بائیں ہاتھ موجود موڑ مڑ گیا۔ بیس پچیس گز آگے جا کر وہ گلی دائیں طرف مڑ گئی۔ میں جیسے ہی موڑ مڑا مجھے سامنے سے ایک اور بندہ تقریباً دوڑتا ہوا اپنی سمت بڑھتا نظر آیاوہ میرے قریب پہنچنے والا تھا میں نے رکنے کے بجائے دوڑتے دوڑتے ہی اس پر چھلانگ لگا دی اور اس سے پہلے کہ وہ ہاتھ میں موجود ہتھیار سیدھا کرتا اس پر جا پڑا۔ میرے سر کی ضرب نے اس کی دو تین پسلیاں تو ضرور توڑ دی ہوں گی۔ اس کے منہ سے بلند کراہ خارج ہوئی اور وہ مرغ بسمل کی طرح پھڑکنے لگا۔ اس کے ہاتھ میں موجود پستول دور جا پڑا تھا۔ میں نے صرف ایک لحظہ کے لیے رک کر اس کے پستول سے میگزین نکالی اور ایک مرتبہ پھر دوڑ پڑا۔
میں بری طرح پھنس چکا تھا۔ تمام گلیوں میں خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار پھیل چکے تھے۔ کسی گھرمیں گھسنا بھی میرے لیے مفید نہیں تھا کہ وہ علاقے کو گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لیناشروع کر دیتے۔ مجھے عبدالمنان کی بات نہ ماننے پر افسوس ہونے لگا۔ مجھے ان کی بات مان کر زیادہ نہیں تو دو تین دن ضرور انتظار کرنا چاہیے تھا۔ تمام گلیوں میں انھوں نے ایک دو، دو بندے چھوڑے ہوئے تھے۔ میرا سب سے بڑا مسئلہ اس علاقے سے ناواقفیت تھی۔ وہ گلیاں مجھے کسی طلسمی عمارت کی بھول بھلیاں لگ رہی تھیں۔ اس وقت رک کر کوئی لائحہ عمل ترتیب دینا ناممکن تھا۔ مجھے دوڑتے بھاگتے ہی اس جال سے نکلنے کی سعی کرنا تھی۔
تھوڑی دور جا کر ایک گلی دائیں ہاتھ نکلتی دکھائی دی، لیکن میرے اس گلی میں گھسنے سے پہلے مجھے گلی کے مخالف سرے سے دو سائے داخل ہوتے دکھائی دیئے ۔ میں اپنا ارادہ بدل کر ایک مرتبہ پھر اسی گلی میں آگے بڑھنے لگا۔ وہ گلی کافی طویل تھی اور اس سے دائیں بائیں چھوٹی چھوٹی کئی گلیاں نکل رہی تھیں۔موخّرالذکر چھوٹی گلی کے سرے پر نظر آنے والے سائے کسی بھی لمحے اس گلی میں طلوع ہو سکتے تھے اور پشت کی طرف سے مجھے نشانہ بنانا ان کے لیے دشوار نہ ہوتا۔ اس لیے میں اپنے بائیں ہاتھ پر آنے والی پہلی گلی میں مڑ گیا۔ وہ نہایت تنگ سی گلی تھی۔ جو آگے جا کر مین سٹریٹ سے مل گئی ۔ میں جیسے ہی مین سٹریٹ میں داخل ہوا اسی وقت ایک کوٹھی کے دروازے سے سفید رنگ کی شیورلیٹ نکلی اس کا رخ میری جانب ہی تھا ۔کار کے سپیڈ پکڑنے سے پہلے میں اس کے قریب پہنچ گیاتھا اور اگلے ہی لمحے فرنٹ سیٹ کا دروازہ کھول کر میں ڈرائیور کے ساتھ براجمان ہو گیا۔ میرے ہاتھ میں موجود پستول کا رخ گاڑی چلانے والی کی طرف تھا۔ ان مخدوش حالات میں بھی میں بہ مشکل اس حسین جلوے کی تاب لا سکا تھا۔اس کی موٹی موٹی آنکھیں جو حیرانی سے اور زیادہ پھیل گئی تھیں میں ان کی گہرائیوں میں جیسے ڈوبنے لگا۔کسی کسی کو جانے کیوں اللہ پاک اتنا وافر حسن عطا کر دیتا ہے ۔
”کک …. کون ہیں آپ۔“ اس نے ہکلاتی زبان سے پھول بکھیرے اور میں ایک دم ہوش میں آگیا۔
”سوال کرنے کی ضرورت نہیں۔“ میں نے بہ مشکل خود کوسنبھال پایاتھا۔ ”بس اسی طرح چلتی جاﺅ۔“
”مم…. مگر۔“
”شٹ اپ ۔“ میں اس کی بات سنے بغیر دھاڑا۔ ”جتنا کہا ہے اتنا کرو ورنہ….“ میں نے خوفناک شکل کا پستول اس کی آنکھوں کے سامنے لہرایا اور اس نے گھبرا کر گاڑی آگے بڑھا دی۔ میری خوش قسمتی کہ ابھی تک مجھے کوئی دشمن بھی اس گلی میں نظر نہیں آیا تھا۔ گاڑی جیسے ہی تھوڑا سا آگے بڑھی میں نے پیچھے مڑ کر دیکھا ۔اسی وقت چھوٹی گلی سے دو افراد اپنے ہاتھوں میں پستول لہراتے برآمد ہوئے لیکن انھوں نے گاڑی پرتوجہ دینے کی بجائے دائیں بائیں نگاہیں دوڑانی شروع کر دیں اور پھر گاڑی کی مخالف سمت دوڑتے چلے گئے۔ اس وقت مجھے اپنے پیچھے ایک اور گاڑی کی ہیڈلائٹیں بھی نظر آئیں۔
”یہ اچھا ہوا۔“ میں آہستہ سے بڑبڑایا۔
”کیا؟“ وہ جو میری طرف ہمہ تن گوش تھی پوچھنے لگی۔
”کچھ نہیں تم ڈرائیونگ پر توجہ دو۔“ میں نے جان بوجھ کر اسے جھڑکا اور اس نے ہونٹ بھینچ کر گاڑی کی رفتار بڑھا دی یہ شایداپنے اندرونی ابال پر قابو پانے کی اضطراری کوشش تھی۔
”گڈ۔“ میں مسکرایا۔ ”اس کا مطلب ہے تم اچھی خاصی ڈرائیونگ کر لیتی ہو؟“ اس نے اس مرتبہ بھی میری بات کا جواب دینا دوارا نہیں کیا تھا ۔
”گاڑی کی اندرونی لائٹ بجھا دو۔“سامنے سے آتے دو مشکوک بندوں کو دیکھ کر میں نے کہا اور اس نے بے چوں چراں کیے لائیٹ بجھا دی ۔ اب باہر سے میرا دیکھا جانا مشکل تھا۔ اس گلی میں مجھے ایک دو اور گاڑیاں بھی حرکت کرتی دیکھائی دیں۔ یہ رونق میرے حق میں بہتر تھی۔ جلد ہی ہم اس گلی سے نکل کر روڈ پر آگئے ۔مین روڈ پر ہم تھوڑا آگے ہی بڑھے ہوں گے کہ پولیس کی دو تین گاڑیاں سائرن بجاتیں ہمارے پاس سے گزر گئیں۔
”مجھے یہ بتانے کی ضرورت تو نہیں کہ شور مچانے کا مطلب تمھاری موت ہی ہوگا، اس کے بعد میرے ساتھ جو کچھ ہو گا اس کا تمھیں کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔“ پولیس کی گاڑیوں کو دیکھ کر اس کے چہرے پر جوتاثرات ابھرے تھے ان کی وجہ سے میں نے اسے متنبہ کرنا ضروری سمجھاتھا۔وہ حسب سابق خاموش ہی رہی تھی ۔
روڈ پر گاڑیوں کی آمد ورفت جاری تھی۔ ہماری کار درمیانی رفتار سے چلتی وہاں سے دور ہٹتی گئی۔ میں ایک بہت بڑے حملے سے بچ نکلا تھا۔ دشمن نے بڑی چالا کی اور عیاری سے مجھے گھیرا تھا۔ مجھے اپنی بے وقوفی پر بہت غصہ آیا۔گزشتہ شب پولیس والوں کے آگے بڑھ جانے کے بعد مجھے عبدالمنان کے گھر سے نکل کروہ محلہ چھوڑ دینا چاہئے تھا۔ خفیہ ایجنسیاں اپنی پوری قوت کے ساتھ میرے خلاف سرگرم عمل تھیں کسی بھی قسم کارسک میرے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔ میری سب سے بڑی مشکلات میں ایک تو علاقے سے ناواقفیت تھی اور دوسرا دشمن میرے حلیے سے اچھی طرح واقف تھا۔ اس صورت میں مجھے زیادہ احتیاط کی ضرورت تھی اور دشمن کی نفسیات کو مدِنظر رکھ کر چلنے میں میری عافیت تھی۔ میں اندھی کھائی کے کنارے چل رہا تھا ایک غلط قدم مجھے اوندھے منہ کھائی کے اندر گرانے کے لیے کافی تھا۔ میں نے دل ہی دل اپنے آپ کو اس غلطی پر سرزنش کی اور دوبارہ ایسی غلطی نہ کرنے کا عہد کیا۔ لیکن یہ بھی ضروری نہیں تھا کہ دشمن میری کسی غلطی ہی سے مجھ پر قابو پاتے۔ ہو سکتا تھا کہ میں اپنی طرف سے ہر قسم کی احتیاط برتتا لیکن دشمن اپنی چالا کی اور عیاری کی بدولت مجھ پر قابو پالیتا۔ بہ ہر حال یہ سب بعد کی باتیں تھیں اس وقت مجھے موجودہ صورتِ حال سے بنٹنے کی ضرورت تھی۔ ابھی تک مجھے یہ بھی معلوم نہیں ہوا تھا کہ کار کارخ کدھر تھا۔ اس لڑکی سے پوچھنا بھی نامناسب تھا کیونکہ میں نہیں چاہتا تھا کہ اسے علاقے سے میری ناواقفیت کے بارے کچھ معلوم ہو۔
’اگر پتا جی سے تاوان وصول کرنے کے لیے مجھے اغوا کررہے ہیں تو آپ کو مایوسی ہو گی ،ان کی اکلوتی اولاد ہونے کے باوجود انھیں مجھ سے زیادہ دولت عزیز ہے۔“ وہ کافی دیر خاموش رہنے کے بعد اچانک بولی۔
”میں ایسے بندوں سے پیسے نکلوانا جانتا ہوں۔“ میں نے اس کی غلط فہمی دور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی ۔
”آ…. آپ اگرمجھے چھوڑ دیں تو ڈیڑھ دو لاکھ تک کی رقم میں اپنے اکاﺅنٹ سے ادا کر سکتی ہوں“ اس نے جھجکتے ہوئے کہا۔
”ہاہا ہا….“ میںنے مصنوعی قہقہہ لگایا۔ ”ڈیڑھ دو لاکھ کے لےے تمھیں کون چھوڑ سکتا ہے۔“ وہ میری ذومعنی بات سن کر جھینپ سی گئی۔
”اسے اگر آپ اپنی جیب میں رکھ لیں۔“ اس نے پستول کی طرف اشارہ کیا۔ ”ضرورت پڑنے پر بھی تو آپ نکال سکتے ہیں۔ یہ نا ہو غلطی سے گولی چل جائے اور ….“
”جیب میں ایک اور بھی موجود ہے۔“ میں نے خوفناک شکل کابریٹا اسے نکال کر دکھایا ۔” تمھیں ڈر لگ رہا ہے تو میں جیب میں رکھ لیتا ہوں لیکن یہ یاد رکھنا اسے جیب سے باہر نکالنے میں کوئی وقت نہیں لگتا۔“
پستول کوٹ کی جیب میں رکھ کرمیں سیٹ پر سیدھا ہو کر بیٹھ گیا۔ اس کے چہرے کو مسلسل دیکھنے سے الٹے سیدھے خیالات ذہن میں پرورش پانے لگ گئے تھے۔ وہ خطرناک حد تک حسین تھی۔ پستول جیب میں رکھے مجھے ایک دومنٹ ہی گزرا تھا کہ اچانک اس نے زور سے بریک لگائی اور میں سنبھل نہ پایا،اپنی پوری کوشش کے باوجود میں اپنا سر ڈیش بورڈ سے ٹکرانے سے نہیں بچا سکاتھا۔ میں خود کو سنبھال ہی پا رہا تھا کہ میری گردن پر ایک سخت ضرب لگی میری آنکھوں کے سامنے چنگاریاں سی پھوٹ پڑیںتھیں۔
”اس کا مطلب ہے یہ سب کچھ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہوا ہے۔“ میرا دماغ حقیقت سے آشنا ہوا ۔اس چوٹ سے سے شاید میں سنبھل نہ پاتا لیکن گردن میں لپیٹے ہوئے مفلر نے مجھے بے ہوش ہونے سے بچا لیاتھا۔ اس کے نرم و نازک دکھائی دینے والے ہاتھ اچھے خاصے سخت تھے، لیکن اس سے پہلے کہ وہ دوسری ضرب لگا پاتی میں جھٹکے سے سیدھا ہوا اور اس کی لگائی ہوئی دوسری ضرب سے بال بال بچ گیا اس کی ہتھیلی کی چاپ میری ران پر لگی اور اگلے ہی لمحے اس کا داہنا ہاتھ میرے بائیں ہاتھ کی گرفت میں تھا، اس کے باوجود اس نے اپنی کوشش جاری رکھی اور اپنے بائیں ہاتھ سے میرے چہرے پر حملہ آور ہوئی اب اس کے حملے کامیاب ہونے کا مطلب میری نااہلی ہوتی۔ اس کے دوسرے ہاتھ کو بھی اپنی گرفت میں لے کر میں نے زور سے دبایا تو اس کے منہ سے کراہ نکل گئی۔ اس کے ساتھ ہی وہ چلائی۔
”چھوڑو مجھے جنگلی، سو¿ر،کمینے….“ اس کے منہ سے مغلظات کا لاوا ابل پڑا۔ اتنے خوب صورت ہونٹوں سے اتنے کریہہ الفاظ سننے کی توقع کم از کم مجھے نہیں تھی۔
میں نے اس کے دونوں ہاتھ چھوڑ کر بائیں ہاتھ کا ایک بھرپور تھپڑ اس کے چہرے پر جڑ دیا اور وہ اپنی سیٹ ہی پرغش کھا کر گر پڑی تھی۔ اس کی قینچی کی طرح چلتی زبان کوایک دم بریک لگ گئی ۔
”اگر میں اتنا ہی موم کا پتلا ہوتا تو ایسے کاموں میں ہاتھ نہ ڈالتا۔“ میں غصیلے لہجے میں بولا ”اور اب آرام سے گاڑی چلانا۔ اس کے بعد غلطی کی گنجائش بالکل نہیں ہو گی۔ تمھاری گردن توڑنے کے لیے مجھے پستول کی ضرورت نہیں پڑے گی۔“
میرا تھپڑ کھا کر اس کا سرخ و سفید چہرہ لازماً سرخ ہو گیا ہو گا،لیکن سٹریٹ لائٹ کی روشنی میں مَیں اس کے چہرے کو اتنی باریکی سے نہیں دیکھ سکتا تھا۔ وہ لرزتی ہوئی اٹھی اور سٹیرنگ پرسر رکھ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ مجھے اپنے رویے پر ندامت محسوس ہوئی۔ میں اس وقت ایک غنڈے اور غلط شخص کے روپ میں تھا اور ایسے بندے سے جان چھڑانے میں وہ حق بہ جانب تھی مجھے شروع سے ہی اسے حقیقت بتلا دینی چاہیے تھی۔
”سوری…. آئی ایم ویری سوری۔“مجھے سخت ندامت محسوس ہوئی ۔ ”میں کوئی غلط بندہ نہیں ہوں اور نہ تمھیں اغوا کر کے لے جارہا ہوں۔ میں تو خود دشمنوں سے بچتا پھر رہا ہوں اور تمھاری کار میں بھی میں اپنے مخالفین سے چھپنے کے لیے گھسا تھا۔ میری غلطی کہ میں نے تمھارے ساتھ ڈراما بازی شروع کر دی۔ پلیز اب اپنا موڈ ٹھیک کر لو اور مجھے مزید شرمندہ نہ کرو۔“
میری بات ختم ہوتے ہی اس نے اپنا سر اٹھا کر میری آنکھوں میں جھانکا ۔ ”تم جھوٹ بول رہے۔“وہ تو شکر تھا کہ گاڑی کی اندرونی لائٹ بند تھی ورنہ میں کبھی بھی ان آنسووں سے دھلی آنکھوں کے نظارے کی تاب نہ لا سکتا۔
”میں بالکل سچ کہہ رہا ہوں،کسی بھی محفوظ مقام پر پہنچتے ہی میں تمھیں چھوڑ دوں گا۔“
”کھاﺅ بھگوان کی قسم۔“
”بھگوان کی قسم تو نہیں البتہ اپنے رب کی قسم کھا سکتا ہوں۔“
”تم مسلمان ہو؟“
”الحمد ﷲ میں مسلمان ہوں۔“ میرالہجہ فخریہ تھا۔ ”اور مسلمان کبھی جھوٹ نہیں بولتا۔“
”کہاں جاﺅ گے؟“ اس مرتبہ اس نے گاڑی آگے بڑھاتے ہوئے پوچھا۔
”دہلی سے قریب ترین شہر کون سا ہے۔“
”آپ کسی سمت کا پوچھ رہے ہیں۔ دہلی سے تو آگرہ بھی قریب ہے جے پور بھی ہے اسی طرح میرٹ بھی تقریباً اتنے فاصلے پر ہے۔“
”آپ مجھے کس شہر تک پہنچا سکتی ہیں۔“ میں دانستہ اس کے آگے بمبئی کی سمت کا تذکرہ نہیں کررہا تھا کیونکہ میں نہیں چاہتا تھا کہ کسی کو بھی میرے سفر کی سمت معلوم ہو جائے۔
”کسی شہر تک بھی نہیں….پتا جی میری گمشدگی سے سخت پریشان ہوں گے۔ کیونکہ کئی دشمن میری تاک میں ہیں۔“
”گمشدگی!“ میں حیرانی سے مستفسر ہوا۔ ”ابھی گھر سے نکلے تمھیں گھنٹا بھی نہیں گزرا اور تمھارے پتاجی تمھاری گمشدگی سے واقف ہو گئے۔“
”میں نے اپنی کوٹھی سے نکل کر سو دو سو گز دور اپنی ایک سہیلی کے گھر جانا تھا اور وہاں پہنچتے ہی میں پتا جی کو خیریت سے آگاہ کر دیتی۔ اب لازماً پتا جی میری سہیلی سے میری آمد کی بابت دریافت کر چکے ہوںگے اور جواب منفی میں پا کر متفکر ہوں گے۔“
”میرا خیال ہے تمھارے ابو کافی امیر ہیں۔“
”میرا بھی یہی خیال ہے۔“ وہ ہلکے سے مسکرائی۔
”تو پھر وہ تمھارے ساتھ باڈی گارڈ کیوں نہیں رکھتا۔“
”باڈی گارڈ میرے ساتھ ایک چھوڑ دو دو ہوتے ہیں۔ آج بس میری بدقسمتی کہ میں انھیں ساتھ نہ لے سکی۔“
”ایک بات پوچھوں مائنڈ تو نہیں کروگی؟“
”پوچھو۔“
”آپ کے دشمن کون ہیں؟“
”دشمن میر ے نہیں پتا جی کے ہیں۔“
”دشمنی کی وجہ؟ “ میں مستفسر ہوا۔
”کچھ کاروباری رقابت اور کچھ مزدور برادری اپنے مطالبے پورے نہ ہونے پر دشمنی پر کمر بستہ ہے۔“
”مزدور برادری؟“
”ہاں پتا جی دو فیکٹریوں کے مالک ہیں۔ ان فیکٹریوں میں آئے دن جھگڑے اور ہڑتالیں چلتی رہتی ہیں۔ وہی مالک اور مزدور کی ازلی چپلقش۔“
”لیکن مالک اور مزدور کی چپلقش میں مالک کی اولاد کو کیا خطرہ درپیش ہو سکتا ہے۔“
”اس کے پس منظر میں بھی ایک کہانی ہے۔“
”کیا؟“
اس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا۔”پتا جی کی انتظامیہ کے ہاتھوں دو تین مزدوروں کا قتل ہو گیا تھا۔ ان کا خون بہا ادا کرنے سے پتا جی انکاری ہو گئے کہ یہ شر پسند تھے ان کے ساتھ یہی ہونا چاہئے تھا ۔ بس یہ چھوٹی سی غلطی بہت بڑی دشمنی کا پیش خیمہ ثابت ہوئی ۔“
”اسے آپ چھوٹی سی غلطی کہتی ہیں۔“ میں طنزیہ لہجے میں بولا۔
”بھئی لڑائی جھگڑے میں تو یہ ہوتا ہے نا؟ جب دنگا فساد ہو گا تو ہلاکتیں بھی ہوں گی۔ جو جیسا کرتا ہے ویسا ہی بھرتا ہے۔ کسی کی کرنی کا پھل فیکٹری کا مالک کیوں بھگتتارہے۔“
ہم اس وقت ایک معروف ہوٹل کے سامنے سے گزر رہے تھے جس کے باہر رنگ برنگی روشنیوں سے لکھا ہوا اس کا نام جگمگا رہا تھا لیکن وہ ہندی زبان میں لکھا ہوا تھا اس لیے میں پڑھ نہ سکا۔ جیسے ہی ہماری گاڑی گیٹ کے سامنے سے گزری ایک کھلی چھت والی جیپ ہمارے ساتھ سے ہو کر گزری شیتل( اس لڑکی کا نام شیتل تھا جو مجھے بعد میں معلوم ہوا) اس وقت میری طرف متوجہ تھی لیکن میری نظر اتفاقاً کار کے ڈرائیور پر پڑی جو ہماری گاڑی کو دیکھ کر واضح طور پر چونکا تھا اور پھر جیپ روک کر اپنے ساتھی کو کچھ کہنے لگا۔ میرا ہاتھ بے اختیار اپنی جیب میں رینگ گیا۔”اس کا مطلب ہے اس نے مجھے پہچان لیا ہے۔“ میرے دماغ میں فوراً خطرے کی گھنٹی بجی لیکن پھر مجھے خود ہی اپنی سوچ پر ہنسی آگئی کہ کار کے اندر چھائے اندھیرے میں وہ مجھے کس طرح پہچان سکتا تھا جبکہ اپنے چہرے پر میں نے مفلر بھی لپیٹا ہوا تھا۔
”اگرچہ مزدوروں کی غلطی تھی تب بھی تمھارے ڈیڈی کو کچھ نہ کچھ رقم ادا کر دینی چاہئے تھی۔ اس سے ان کی دولت میں بھی کوئی خاص کمی نہ ہوتی اور اس کے ساتھ ساتھ یہ دشمنی بھی پیدا نہ ہوتی۔“
”دشمنی کے اور بھی کئی اسباب ہیں، اسی طرح تمام اسباب پتا جی ختم کرتے رہے تو اپنی دونوں فیکٹریوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔“
”ماشاءاﷲ بہت سکھا پڑھا رکھا ہے۔ پتا جی نے آپ کو۔“
”میں آپ کو کبھی بھی مطمئن نہیں کر سکوں گی۔“ وہ بحث ختم کرتے ہوئے بولی ۔”بہ ہر حال آپ کو کہاں ڈراپ کروں۔“
اس سے پہلے کہ میں اس کو کوئی جواب دیتا ایک گاڑی ہمیں تیزی سے اوور ٹیک کرتی ہوئی آگے نکلی اور ہماری گاڑی کے سامنے اس طرح ترچھی ہو کے کھڑی ہو گئی کہ ہماری کار کا آگے جانا ناممکن ہو گیاتھا۔ یہ وہی جیپ تھی جو چند لمحے پہلے میں نے ہوٹل کے سامنے دیکھی تھی۔
”یہ کون کمینے ہیں؟“ شیتل جھلاتے ہوئے بولی لیکن میرے کچھ کہنے سے پہلے جیپ کے پیچھے بیٹھے ہوئے تین افراد بھاگتے ہوئے ہماری طرف آئے۔ تینوں کے ہاتھ میں ہتھیار تھے ایک نے مجھے پر ہتھیار تان لیا اور دوسرے نے شیتل پر جبکہ تیسرا پچھلی سیٹ کا دروازہ کھول کر بیٹھ گیا۔
”کک کیا بات ہے؟“شیتل نے گاڑی کی اندرونی لائیٹ جلا کر ہکلاتے ہوئے پوچھا۔لیکن وہ تینوں خاموشی سے ہمیں گھورتے رہے۔
اسی وقت جیپ کا ڈرائیور ڈرامائی انداز میں جیپ سے اتر کر ہماری سمت بڑھاوہ جیسے ہی ہماری کار کی ہیڈلائٹ کے سامنے سے گزرا بے ساختہ شیتل کے ہونٹوں سے نکلا ”اوہ تو یہ کمینہ ہے۔“
وہ شیتل کے قریب پہنچ کر بولا۔ ”چچ ….چچ بے چاری بے بی شیتل ۔ آگئی ہوناقابو میں چاہنے والوں سے کب تک بھاگا جا سکتا ہے۔“
”یہ حرکت تمھیں بہت مہنگی پڑے گی مسٹر انیل۔ ”شیتل زہر خند لہجے میں بولی ۔
”تم غالباً اس ہیجڑے نماز باڈی گارڈ پر انحصار کیے بیٹھی ہو۔“ وہ میری طرف اشارہ کر کے استہزائی لہجے میں بولا۔ ”یہ خود ابھی رو رو کر اپنی جان بخشی کی بنتی کرے گا۔“
”اگر اپنے اوپر تمھیں اتنا ہی وشواس ہے تو آجاﺅ میں عورت ذات ہو کر تمھیں خالی ہاتھ لڑائی کی دعوت دیتی ہوں۔“
”ضرور لیکن اپنے ٹھکانے پر جا کر۔“ انیل نے کہا اور اس کے ساتھ ہی اس نے اپنی جیب سے ائیر فریشنر نما بوتل نکالی اور اپنا ہاتھ کھڑکی کے قریب کر کے ایک زور دار بوچھاڑ سپرے کردی۔ میری چھٹی حس نے خطرے کا الارم بجایا اور میں نے بے ساختہ سانس روک لی، لیکن وہ سانس روکنا میرے کام نہیں آسکا تھا۔ میری آنکھیں بند ہو گئیں۔
مجھے ہوش آیا تو میں نے خود کو زمین پر لیٹے پایا۔ دائیں بائیں دیکھنے پر شیتل بھی زمین بکھری پڑی نظر آئی۔ بے ہوشی کی حالت میں اس کا لباس بے ترتیب ہو رہا تھا۔ اس بے ترتیبی میں بھی ایسی ترتیب تھی کہ شاید ہوش کی حالت میں وہ یہ پوزیشن اختیار نہ کر سکتی۔ میرا دل عجیب انداز میں دھڑکنے لگا۔ میں نے جلدی سے اس دلکش نظارے سے نظر ہٹائی اور اپنی حالت پر غور کرنے لگا۔ میرے کوٹ کی جیب میں موجود دونوں پستول غائب تھے۔ نیلم سے حاصل کیا ہوا چھوٹا سا پستول جومیں نے اپنی کلائی کے ساتھ باندھا ہوا تھا وہ بھی انھوں کھول لیا تھا۔ پیسوں اور گھڑی کو بھی انھوں نے معاف نہیں کیا تھا۔
وہ یقینی طور پر شیتل کے دشمن تھے انیل نامی شخص کو دیکھ کر شیتل نے جس نفرت کا اظہار کیا تھا اس سے ظاہر ہوتا تھا کہ وہ اس سے اچھی طرح واقف تھی۔
ایک دفعہ تو میرے جی میں آیا کہ شیتل کو اس کے حال پر چھوڑ کر اپنا اُلّو سیدھا کروں اور انیل پارٹی سے تعلقات بنا کر دہلی سے نکلنے کی کوشش کروں، مگر بعد میں مجھے اپنی سوچ پر ندامت محسوس ہوئی۔ شیتل میری وجہ سے ان حالات سے دو چار ہوئی تھی اس کو ان غنڈوں کے رحم و کرم پرچھوڑنا اس کے ساتھ ظلم کرنے کے مترادف تھا۔ میں نے سر جھٹک کر ان گھٹیا خیالات سے اپنا پیچھا چھڑایا اسی وقت شیتل کے منہ سے ایک کراہ بلند ہوئی اور اس نے ہلکے سے کسمسا کر آنکھیں کھول دیں چند لمحے وہ اسی طرح لیٹی چھت کو تکتی رہی اور پھر دونوں ہاتھوں سے سر تھام کر اٹھ بیٹھی۔
میں بھی دیوار سے ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔ کچھ دیر سر پکڑے بیٹھے رہنے کے بعد اس نے اپنا چہرہ میری جانب پھیرا اور آہستہ سے بولی۔
”آپ غالباً ….؟“
”بالکل آپ نے صحیح پہچانا۔“ میں نے قطع کلامی کی۔ ”میں وہی ہوں جس کے کارن آپ اس حالت کو پہنچی ہیں۔“
وہ آہستہ سے ہنسی عجیب خمار آلود ہنسی تھی اس کی آنکھوں میں سرخ ڈورے سے نظر آرہے تھے یوں جیسے وہ ساری رات مئے نوشی کرتی رہی ہو۔ میرے ذہن میں بے ساختہ عدم کا شعر گونجا
آپ کی آنکھ بھاری بھاری ہے
رات کس شغل میں گزاری ہے
میرا دل چاہا کہ اسے یہ سنا دوں مگر صرف سوچ کر رہ گیا۔
”اس میں آپ کا کوئی دوش نہیں ہے۔ میری اپنی قسمت ہی ایسی تھی۔“ وہ فلسفیانہ لہجے میں بولی۔
”کبھی شراب پی ہے آپ نے ؟“ میں نے اس کا فلسفہ نظر انداز کرتے ہوئے پوچھا۔
”دو تین دفعہ پی ہے۔“ وہ جواباً بولی۔ ”لیکن اتنی نہیں کہ مدہوش ہو جاﺅں ویسے آپ یہ کیوں پوچھ رہے ہیں؟“
”یونھی بس تمھاری حالت دیکھ کر یوں لگ رہا ہے کہ شراب پی کر تم بالکل ایسے ہی لگتی ہو گی۔“
”ہا ہا ہا۔“ اس نے بے ساختہ قہقہہ لگایا۔ میرے کانوں جیسے جلترنگ بجنے لگے ۔
”اچھا چھوڑیں اس سلسلے کو اپنا تعارف تو کروادیں۔ میرے نام کا پتا تو آپ کو چل ہی گیا ہو گا۔ پتا جی کا نام سیٹھ ہری چرن داس ہے اور میں اس کی اکلوتی بیٹی ہوں۔“
”میرا نام اسلم ہے۔“ میں اس سے نظریں چراتے ہوئے بولا۔ ”اور کہانی وہی ہے جو کسی بھی حالات کے مارے عام شخص کی ہو سکتی ہے۔“
”اداکاری اچھی کرلیتے ہو۔ عمر جان۔“ وہ جان کی جا کو کھینچتے ہوئے شوخ لہجے میں بولی۔
میں کھسیاناہوکر بولا۔ ”سوری…. لیکن یہ میری مجبوری ہے ہر شخص کے سامنے میں اپنی اصلیت ظاہر نہیں کر سکتا۔“
”اچھا آ آ ….اب میں بھی عوام کی لسٹ میں آگئی ہوں۔“
”تو آپ خواص کی لسٹ میں کب تھیں۔“ میرے منہ سے غیر ارادتاً نکلا بعد میں مجھے اپنے فقرے کی تلخی کا احساس ہو گیا لیکن کمان سے نکلا ہوا تیر اور زبان سے نکلے ہوئے الفاظ واپس نہیں آ سکتے۔
”اوہ …. آئی ایم سوری۔“ وہ نادم ہو کر بولی۔”مجھے اتنا فری نہیں ہونا چاہئے تھا۔“
”آپ نے تو مائنڈ کر لیا۔“ میں جلدی سے بولا۔ ”میں صرف مذاق کر رہا تھا۔“
”آپ کا اور میرا مذاق کب سے ہو گیا۔“ اس نے جوابی چوٹ کی۔
مجھے پتا چل گیا کہ اس کا موڈ بحال ہونے میں کافی دیر لگے گی اس لیے اس کی بات کا جواب دینے کی بجائے میں نے خاموشی اختیارکرلی اور اس صورتِ حال سے نمٹنے کی تدبیر سوچنے لگا۔ انڈیا کی زمین نے میرے لیے دلدل کی صورت اختیار کرلی تھی۔ اس سے نکلنے کے لیے میں جتنے ہاتھ پاﺅں مار رہا تھا اتنا دھنستا جارہا تھا۔
”آپ نے تو چپ سا دھ لی ہے۔“ وہ زیادہ دیر خاموشی برداشت نہ کر سکی اور بول پڑی، لیکن میں اسے جواب دینے کی بجائے آنکھیں بند کئے بیٹھا رہا۔
”مسٹر جان !….سو گئے ہوکیا؟“ وہ مستفسر ہوئی۔
”میرا نام عمر جان ہے۔“
وہ مسکرا کر بولی۔”میں نے میری جان نہیں صرف جان کہا ہے۔“
”مطلب ایک ہی بنتا ہے۔“ میں بھی ترکی بہ ترکی بولا۔
”غلط فہمی ہے جناب کی ۔“ وہ شوخی سے بولی۔
”اچھا چھوڑو اس چوٹ بازی کو۔“ میںنے موضوع بدلا۔”اس انیل کے بارے مجھے بتاﺅ آپ کے انداز سے تو یوں لگ رہا تھا جیسے وہ آپ اس سے اچھی طرح واقف ہے۔“
”کمینہ….“ وہ نفرت بھرے لہجے میں بولی۔ ”یونیورسٹی میں میرے ساتھ پڑھتا رہا ہے مڈل کلاس فیملی سے تعلق رکھتا ہے۔ موصوف کو مجھ سے محبت کا دعواتھا، بلکہ اب بھی ہے اور اس سلسلے میں ایک دن پتا جی کے پاس میرا رشتا مانگے چلاآیا۔ پتا جی نے اسی وقت مجھے بلا کر پوچھ لیا کہ موصوف اس وجہ سے تشریف لائے ہیں ، تمھاری کیا رائے ہے ۔ان کا خیال تھا کہ شاید اس کے آنے میں میری مرضی شامل ہے۔ لیکن میں نے پتا جی کے سامنے اسے خوب بے عزت کیا نتیجے میں پتا جی نے اسے دھکے دے کر گھر سے نکلوا دیا۔ اس بات کو دو ہفتے ہونے کو ہیں اسی بے عزتی کا بدلہ لینے کے لیے اس نے کسی غنڈے کو ہائر کیا ہے جسے پتا نہیں کون سا دادا کہہ رہا تھا…. باقی کے واقعات تمھاری نظروں کے سامنے ہیں۔“
”ہوں….“ میں نے ایک لمبا سانس کھینچا۔
”اب آپ بھی اپنے بارے میں کچھ بتانا پسند کریں گے۔”وہ مستفسر ہوئی۔”اخبارات میں تو آپ کے متعلق کافی کچھ لکھا جا چکا ہے لیکن اس میں حقیقت کتنی ہے اس کی وضاحت کر دیں۔“
”اخبارات میں کتنی حقیقت بیان ہوتی ہے اس سے آپ واقف ہیں۔“
”اسی لیے تو آپ سے پوچھ رہی ہوں؟“
جواباً میں نے اسے مختصراً اپنی کہانی سنا دی لیکن بہت سی باتیں حذف کر گیا۔ وہ بڑے اشتیاق سے میری کہانی سنتی رہی۔ میں بہ مشکل اپنی بات ختم کر پایا تھا کہ بند دروازے کے پیچھے قدموں کی چاپ ابھری تالے میں چابی گھومنے اور پھر ہلکی سی کٹک کے ساتھ تالا کھلنے کی آواز آئی۔ دروازہ کھلاایک شخص ہاتھ میں ٹرے پکڑے کمرے میں داخل ہوا جبکہ اس کی پشت پر مجھے دو ہتھیار بردار نظر آئے جنھوں نے ہاتھوں میں ہلکی مشین گنیں پکڑی ہوئی تھیں۔
کمرے میں داخل ہونے والے شخص نے ٹرے ہمارے سامنے رکھی اور بغیر کچھ بولے واپس مڑ گیا۔ دروازے پر موجود دونوں سنتریوں نے بھی کچھ بولنے کی ضرورت محسوس نہیں کی تھی۔ کھانا لانے والے کے کمرے سے نکلتے ہی انھوں نے دروازہ بند کیا اور دروازے سے ہٹتے چلے گئے۔ کھانا سبزی کے سالن اور تندور کی روٹیوں پر مشتمل تھا۔
”اس کا مطلب ہے دن کافی گزر گیا ہے کہ یہ ناشتے کے بجائے کھانا دے گئے ہیں۔“ میں نے ٹرے کی طرف اشارہ کرکے کہا۔
”شاید“ ۔وہ آہستہ سے بولی۔
”چلو کھانا کھاتے ہیں۔“ میں نے ٹرے اس کی سمت کھسکا ئی۔
”مجھے بھوک نہیں ہے۔“اس نے انکار میں سر ہلایا۔
میںنے اصرار کیا۔”تھوڑا سا تو کھالیں۔“
میرے کہنے پر اس نے ایک نوالہ لیا اور پیچھے ہو کر بیٹھ گئی۔ مجھے اس وقت اچھی خاصی بھوک محسوس ہورہی تھی اس لیے میں تین چار روٹیاں کھا گیاتھا۔
”آپ کو اس صورت ِحال میں بھی بھوک لگتی ہے؟“ اس نے حیرانی سے پوچھا۔
”ہم کمانڈوز کے لیے ماحول کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ اور ہماری یہ مجبوری بھی ہے ۔ جیسے مجھے یہاں سے بھاگنے کا موقع مل جاتا ہے تو راستے میں بھوکے پیٹ میری کارکردگی تو آدھی رہ جائے گی نا؟“
”نہیں اصل بات یہ ہے کہ تم مردوں کو صرف جان کا خطرہ ہوتا ہے جبکہ عورت ذات کو اس کے ساتھ عزت لٹنے کا بھی خوف ہوتا ہے جو اس کے لیے موت سے بھی بھیانک سزا بن جاتی ہے۔“
میں اس جیسی آزاد خیال لڑکی کے اس قدر قدامت پرست خیال سن کر حیران رہ گیا تھا۔ دروازے کے باہر ایک مرتبہ پھر قدموں کی آواز آئی اور باورچی نما شخص دروازہ کھول کر اندر داخل ہوا اس نے ہاتھ میں ایک کر سی پکڑی ہوئی تھی جو اس نے کمرے کے فرش پر رکھ دی اور کھانے کے برتن سمیٹ کر کمرے سے نکل گیا۔ اس کے ساتھ آنے والے دونوں گن مین دروازے کے دائیں بائیں کھڑے ہو گئے دونوں نے گنوں کو مضبوطی سے ہاتھوں میں پکڑا ہوا تھا اور ہماری ہلکی سی جنش پر فائر کرنے کے لیے تیار تھے۔
چند لمحوں بعد انیل آنکھوں پر سیاہ چشمہ چڑھائے کمرے میں داخل ہوا اور بڑے انداز سے کرسی پر براجمان ہو گیا۔
”ہاں تو شیتل بے بی کیا حال ہے؟“ وہ مجھے یکسر نظر انداز کرتے ہوئے بولالیکن شیتل نے جواب دینے کی بجائے خاموشی اختیار کیے رکھی۔
”ویسے مجھے آپ کو اس حالت میں دیکھ کر بڑا افسوس ہوا ہے۔“ شیتل کو خاموش پا کر وہ دوبارہ بولا۔ ”ایک سیٹھ زادی اور اس لاچاری کی حالت میں زمین پر لیٹی ہوئی ہے۔“
”حوالات میں بھی چارپائی نہیں ملتی جو تمھاری آخری منزل ہے۔“ شیتل غصے سے بولی ۔
”ہا ہا ہا۔“ اس کا استہزائی قہقہہ گونجا۔ ”اس کو کہتے ہیں کہ رسی جل گئی پر بل نہیں نکلے۔“
اس سے پہلے کہ اس کے جواب میں شیتل کچھ بولتی کسی گاڑی کا تیز ہارن سنائی دیا۔
”میرا خیال ہے رگھو دادا واپس آگیا ہے۔“ انیل ہتھیار برداروں سے مخاطب ہو ا۔
” جاو¿گیٹ کھول دو ۔“ اور ایک آدمی سر ہلاتا ہوا کمرے سے باہر نکل گیا۔
تھوڑی دیر بعد ایک دیوقامت شخص تیزی سے چلتا ہوا کمرے میں داخل ہوا۔ دروازہ کھولنے کے لیے جانے والا اور ایک دوسرا شخص اس کے ہمراہ تھے۔
وہ رگھو دادا تھا اس کے چہرے پر زخموں کے تین چار نشانات نظر آرہے تھے نہایت کریہہ شکل اور بھیانک چہرہ تھا۔ عام لوگ تو اس کو دیکھ کر ہی کانپ جاتے ہوں گے۔ وہ قد اور جسامت ہر دو لحاظ سے مجھ پر بھاری نظر آرہا تھا۔
”بابو !….وہ چڑی مار سیٹھ تاوان دینے پر آمادہ نہیں ہو رہا۔“ وہ انیل کو مخاطب ہوا جو اس کو دیکھ کر بے ساختہ کھڑا ہو گیا تھا۔
”رگھو داد آپ فکر نہ کریں۔“ انیل اعتماد سے بولا۔ ”میں اسے راضی کرلوں گا۔ بس تھوڑی دیر لگے گی۔“
”نہیں بابو!…. میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے میرا طریقہ کار کچھ اور ہے۔“ اس نے انیل کے چہرے سے نظر ہٹا کر ایک سرسری نگاہ مجھ پر ڈالی اور پھر اس کی نگاہ شیتل پرجا پڑی۔ میں نے محسوس کیا کہ شیتل کی طرف دیکھتے ہی اس کی سانپ کی مانند چھوٹی چھوٹی آنکھوں میں ایک حیوانی چمک لہرائی تھی ۔عورت ہونے کے ناطے شیتل ان احساسات سے زیادہ واقف تھی وہ بے ساختہ اپنے آپ میں سمٹ گئی۔
”رگھو دادا آپ مجھے ایک ہفتے کی مہلت تو دیں۔“ انیل آہستہ سے بولا میں نے محسوس کیا کہ وہ رگھو دادا سے دب کر بات کررہا تھا۔ ”میں سیٹھ کو منوالوں گا۔“
”یہ معاملہ مجھ پر چھوڑ دو ۔“ رگھو داد شیطانی انداز میں شیتل کی طرف بڑھتا ہوا بولا۔ ”میں اس کے باپ کو ایسا تحفہ بھیجوں گا کہ اس کو رگھو دادا کے ساتھ پنگا لینے کا انجام معلوم ہو جائے گا۔“ یہ کہتے ہی اس نے سمٹی سٹمائی شیتل کا بازو پکڑا شیتل نے زور لگا کر اپنا بازو چھڑانے کی کوشش کی لیکن یہ چیونٹی اور ہاتھی کا مقابلہ تھا۔
”چھوڑ و مجھے کمینے …. کتے“ ۔وہ چلائی ۔ جواباً رگھو دادا قہقہہ لگا کر ہنسا اور اسے کھینچتا ہوا دروازے کی طرف بڑھا۔ میں دیوار سے ٹیک لگا کر بیٹھا ہوا تھا رگھو دادا کو روکنے کے لیے میں نے اٹھنے کی کوشش کی مگر دروازے کے اطراف میں کھڑے ہتھیار برداروں میں سے ایک دھاڑا۔
”خبردار اگر اپنی جگہ سے ہلنے کی کوشش کی۔“اور میں ہونٹ کاٹتا ہوا بیٹھا رہ گیا۔
”جان مجھے اس وحشی سے بچاﺅ۔“ شیتل جب اپنا ہاتھ اس کے پنجے سے نہ چھڑا پائی تو مجھے پکار نے لگی ۔جبکہ انیل جو رگھو دادا کے اس اقدام پر ہکا بکا کھڑا تھا ۔
”نہیں رگھو دادا نہیں۔“ کہتے ہوئے اس کے پیچھے دوڑا۔ رگھو دادا شیتل کو اپنے بائیں ہاتھ سے پکڑے دروازے سے نکلنے والا تھا ،اپنے عقب میں قدموں کی آواز سنتے ہی اچانک گھوما اور اپنے سیدھے ہاتھ کا زور دار تھپڑ انیل کے چہرے پردے مارا۔انیل اُڑتا ہوا میرے قدموں میں آگرا تھا۔اس کے بعد اس کے جسم میں حرکت پیدا نہیں ہوئی تھی ۔رگھو کے ایک ہی تھپڑ نے اسے بے ہوش کر دیا تھا ۔
رگھو دادا غرایا ”اسے حویلی سے باہر پھینک دو۔“ اور پھر چیختی چلاتی شیتل کو گھسیٹتا ہوا باہر نکلتا چلا گیا۔
”جی دادا“ کہہ ان میں سے ایک آگے بڑھا اور انیل کو گریبان سے پکڑ کر دروازے کی طرف گھسیٹنے لگا جبکہ دوسرے مجھ پر ہتھیار تانے کھڑے رہے۔ اس کے کمرے سے نکلتے ہی باقی دونوں بھی کمرے سے نکلے اور دروازہ بند کردیا ۔ میرا ذہن اس وقت شیتل کی چیخوں کی طرف متوجہ تھا جو بڑے زور سے چلا رہی تھی اور بھگوان کے واسطے دے کر اپنی جان بخشی کی منت کررہی تھی۔ میرا خون کھول اٹھا، مجھ سے بیٹھا نہ گیا،میں مٹھیاں بھینچ کرکھڑا ہو گیا اور اضطراب کی حالت میں ٹہلنے لگا۔
”کیا میری موجودی میں ایک بے بس لڑکی کو بے عزت کر دیا جائے گا۔“ میرے ذہن میں سوچ ابھری۔
”نہیں کبھی نہیں۔“ میں زور سے بولا۔ ” اسے اس حالت میں پہنچانے کاذمہ دار میں ہوں۔ مجھے کچھ کرنا ہو گا۔“
میں دروازے کی سمت بڑھا۔ وقت بہت کم تھا رگھو دادا پر شیطان سوارتھا ایک بات میر ے حق میں جاتی تھی کہ اس نے اپنے باقی بندوں کو حکم دیا تھا کہ انیل کو اس حویلی سے باہر پھینک آئیں اور اس مہلت سے فائدہ نہ اٹھانا کفرانِ نعمت تھا۔ میں نے دروازے کو ہاتھ لگا کر دیکھا دروازہ مضبوط لکڑی کا بنا ہوا تھا لیکن اس کے باہر لگی ہوئی زنجیر مجھے کوئی خاص مضبوط نظر نہ آئی۔
سب سے بہتربات یہ تھی کہ دروازہ عام اصول کے بر خلاف باہر کی طرف کھل رہا تھا میں دروازے سے چند قدم پیچھے ہٹا اور پھر دوڑ کر اپنے بائیں کندھے کی ضرب دروازے کے درمیان میں لگائی۔ پہلی ضرب کامیاب رہی اور میں دروازے کی کنڈی توڑتا ہوا باہر جاگرا۔ شیتل کی چیخیںدائیں طرف کے دو کمرے چھوڑ کر تیسرے کمرے سے آرہی تھیں۔ میں اٹھ کر اس جانب دوڑ پڑا۔ آس پاس کے مناظر سے میں بے نیاز ہو گیا تھا۔ اس کمرے تک کا فاصلہ میں نے ایک دو سیکنڈ میںطے کیاتھا۔ میری یا شیتل کی خوشی قسمتی کہ جذبات میں اندھے ہو کر رگھو دادا کمرے کا دروازہ بند کرنا بھول گیا تھا۔یہ بھی ممکن تھا کہ ایسا اس نے جان بوجھ کر کیا ہو آخر اس وقت اس کی خلوت میں کون مخل ہو نے کی جرا¿ت کر سکتا تھا ۔ اس کمرے کے دروازے کو بھی میں نے باہر کی طرف کھلتا پایا۔اس کا مطلب تھا کہ اس عمارت کے سارے دروازے اس طرح باہر کی طرف کھلتے تھے۔
میں آندھی و طوفان کی طرح کمرے میں داخل ہوا۔ اس وقت دیوقامت کر یہہ شکل رگھو دادا کے بدن پر صرف ایک جانگیہ نظر آرہا تھا جبکہ شیتل مادر زاد برہنہ کمرے کے کونے میں کھڑی دونوں ہاتھوں سے اپنی برہنگی چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی تھی۔ رگھو داد کے جسم پر ریچھ کی طرح لمبے لمبے بال تھے اور شیتل کے چیخنے چلانے اور منت زاری سے بے نیاز وہ اس کی جانب چھوٹے قدموں سے بڑھتا جارہا تھا۔ اس منظر کو دیکھ کر میرے ذہن میں بے ساختہ اس بلے کا خیال آیا جس نے ننھی سی چوہیا کو کونے میں اس طرح گھیر لیاہو کہ اس کے بھاگنے کا کوئی راستا نہ بچا ہو۔
میں جونھی کمرے میں داخل ہوا۔ شیتل چلائی۔
”جان…. جان اپنے خدا کے واسطے مجھے اس درندے سے بچاﺅ۔“میں شاید بے خبری میں رگھو دادا پر وار کرنے کی کوشش کرتا۔ گو یہ میری مردانگی کے خلاف ہوتا لیکن ایک لڑکی کی عزت بچانے کے لیے مجھے اس قسم کا طعنہ گوارا تھا۔ کیونکہ انیل کو باہر پھینکنے والوںنے واپس آجانا تھا اور تمام پر اکیلے قابو پانا میرے لیے ناممکن ہو جاتا لیکن شیتل نے میرا یہ منصوبہ ناکام کر دیا اور اس کی طرف مستی سے جھوم کر بڑھتا ہوا رگھو پھرتی سے پیچھے گھوما۔ مجھے دیکھ کر اس کا کریہہ چہرہ بھیانک انداز میں بگڑ گیا تھا۔ اس کو پیچھے مڑتا دیکھ کر میں اپنی جگہ پر رک گیا اور پھر الٹے قدموں دروازے کی طرف بڑھنے لگا۔ میرے اس طرح پیچھے ہٹنے کو اس نے میرے بھاگنے پرمحمول کیا اور استہزائی انداز میں ہنسا۔ شیتل بھی یہی سمجھی کہ میں وہاں سے ڈر کر بھاگ رہا ہوں۔ وہ چلائی ۔
”نہیں جان نہیں مجھے چھوڑ کر مت جاﺅ۔“
اس کو جواب دینے کی بجائے میں دروازے کے قریب پہنچا اور دروازے کی اندر سے کنڈی لگا دی۔ ایسا میں نے اپنے عقب کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا تھا۔ کنڈی بند کر کے میں پلٹا میرے سامنے ایک سخت حریف کھڑا کینہ توز نظروں سے میری جانب گھور رہا تھا۔ میں خالی ہاتھ تھا اور ایک مرتبہ پھر مجھے زندگی اور موت کا معرکہ در پیش تھا۔ رگھو دادا کو زندگی کی قید سے آزاد کر کے ہی میں شیتل کی عزت بچا سکتا تھا۔
(جاری ہے )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔