پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افتخار راغبؔ کا یومِ ولادت *آج – ٣١ / مارچ / ١٩٧٣…

افتخار راغبؔ کا یومِ ولادت
*آج – ٣١ / مارچ / ١٩٧٣*

نام *افتخار عالم* اور تخلص *راغبؔ* ہے۔ *٣١ مارچ ١٩٧٣ء* کو *نرائن پور، گوپال گنج صوبہ بہار* میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم مقامی اسکول میں حاصل کی اور میٹرک کے لیے مولوی اسمٰعیل میموریل اردو ہائی اسکول، نبی گنج بہار سے حاصل کی اعلیٰ تعلیم کے لئے دہلی کا رخ کیا اور *١٩٩٨ء* جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی سے بی ۔ ٹیک کی ڈگری حاصل کی اور پیشے سے سول انجنئیر ہیں۔ مارچ ١٩٩٩ء سے دوحہ ( قطر) میں ملازمت کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ آپ کے چار شعری مجموعۂ کلام، *’لفظوں میں احساس‘ ، ’خیال چہرہ‘ ، ’غزل درخت‘ اور ‘یعنی تو’* منظرِ عام پر آکر مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔ غزلوں کا پانچواں مجموعہ اور مزاحیہ شاعری کا پہلا مجموعہ زیرِ ترتیب ہیں۔

افتخار راغبؔ کے منتخب اشعار
…
اک بڑی جنگ لڑ رہا ہوں میں
ہنس کے تجھ سے بچھڑ رہا ہوں میں
—
اس شوخئ گفتار پر آتا ہے بہت پیار
جب پیار سے کہتے ہیں وہ شیطان کہیں کا
—
ایک موسم کی کسک ہے دل میں دفن
میٹھا میٹھا درد سا ہے مستقل
—
*بے سبب راغبؔ تڑپ اٹھتا ہے دل*
*دل کو سمجھانا پڑے گا ٹھیک سے*
—
تم نے رسماً مجھے سلام کیا
لوگ کیا کیا گمان کر بیٹھے
—
جی چاہتا ہے جینا جذبات کے مطابق
حالات کر رہے ہیں حالات کے مطابق
—
دن میں آنے لگے ہیں خواب مجھے
اس نے بھیجا ہے اک گلاب مجھے
—
*راغبؔ وہ میری فکر میں خود کو بھی بھول جائیں*
*ایسی تو کوئی بات نہیں چاہتا تھا میں*
—
یہ وصل کی رت ہے کہ جدائی کا ہے موسم
یہ گلشن دل ہے کہ بیابان کہیں کا
—
*کس کس کو بتاؤں کہ میں بزدل نہیں راغبؔ*
*اس دور میں مفہومِ شرافت ہی الگ ہے*
—
*ڈھونڈ کر لاؤں کوئی تجھ سا کہاں سے آخر*
*ایک ہی شخص ہے بس تیرا بدل یعنی تو*
—
زعم تھا بے حساب چاہت ہے
اُس نے سمجھا دیا حساب مجھے
—
جمالیات کا جادو کہاں جنون کہاں
ترے بغیر کسی پل مجھے سکون کہاں
—
سرگوشیوں کا میں ہدف، حیرانیاں ہیں ہر طرف
ششدر ہے آئینہ عجب تم نے مجھے بدل دیا
—
کاسۂ عشق میں وفا کی بھیک
اور کیا آرزو تھی سائل کی
—
میں زمانے سے واقف نہیں
ایسا لگتا ہے مصدر ہوں میں
—
تیرا پیکر وجود میں آئے
جب بھی تجسیم ہو محبت کی
—
مجھ پہ الزامِ عشق ہو اور میں
اپنے حق میں ترا بیاں ہو جاؤں
—
*پھر اس کے بعد مری نیند اُڑ گئی راغبؔ*
*کسی نے سرمہ لگایا تھا میرے سپنے کا*
—
انوکھی آنچ پہ تپتے ہیں قلب و چشمِ عجب
عجیب لطف ترا انتظار دیتا ہے
—
اک دوسرے کے دل میں دھڑکتے رہیں سدا
تا عمر اعتماد کی سانسیں رہیں بحال
—
*نہ چاہ کر بھی نکلتی ہے بد دعا راغبؔ*
*وہ شاہدین جو چپ ہیں وہ بے زباں ہو جائیں*
—
آنکھوں میں تیرتے ہیں ابھی تک کئی حروف
لکھا تھا اُس نے اشک سے بین السطور "صبر
—
*قوتِ برداشت میری کم نہ ہو*
*اور خدا رکھے سلامت آپ کو*
—
کون صف میں کھڑا تھا دشمن کی
کس کو دیکھا تھا مہرباں میں نے
—
آگ کے ساتھ ہی پانی بھی بہم رکھنا تھا
دل میں تھا عشق تو آنکھوں کو بھی نم رکھنا تھا
—
خوش بو بنا لیا ہے بکھرتے وجود کو
لے جائے اب ہوا میں اڑا کر جہاں نصیب
—
* ضد کا موسم تھا مستقل راغبؔ*
*ہوتی کس طرح بد گمانی دور*
—
دردِ دل انسانیت کا درس تھا جن کا شعار
ایسا لگتا ہے کہ وہ مکتبِ مقفّل ہو گئے
—
چمک رہا تھا موافق تری توجّہ کے
خلوص و مہر و وفا کا دیار یعنی میں
……
*انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ*