پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آج کل انسٹا پہ ایک حدیث کا بہت چرچہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہ صحیح البخاری میں ک…

آج کل انسٹا پہ ایک حدیث کا بہت چرچہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

یہ صحیح البخاری میں کتاب الفتن کے باب میں درج ہے۔

نبی ﷺ نے فرمایا:

«يُوشِكُ أَنْ يَكُونَ خَيْرَ مَالِ الْمُسْلِمِ غَنَمٌ، يَتْبَعُ بِهَا شَعَفَ الْجِبَالِ وَمَوَاقِعَ الْقَطْرِ يَفِرُّ بِدِينِهِ مِنَ الْفِتَنِ !
📚 (صحیح البخاری: 7088)

“قریب ہے کہ مسلمان کا بہترین مال بکریاں ہوں گی، جن کے ساتھ وہ پہاڑوں کی چوٹیوں اور بارش کی جگہوں میں چلا جائے گا، اپنے دین کو فتنوں سے بچانے کے لیے بھاگتا ہوا”

اسے مال سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔ جوکہ ایک پہلو ہے لیکن فتنوں کی جس حدیث سے ہمیں سب سے زیادہ خوف کھانا چاہئے اس کا تذکرہ کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ کون سی حدیث ؟

فرمان نبوی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہے
نیک اعمال میں جلدی کرو، ایسے فتنے آئیں گے جو اندھیری رات کے ٹکڑوں کی طرح ہوں گے، آدمی صبح مومن ہوگا اور شام کو کافر ہو جائے گا، اور شام کو مومن ہوگا اور صبح کو کافر ہو جائے گا، وہ اپنا دین دنیا کے معمولی فائدے کے بدلے بیچ دے گا۔
(صحیح مسلم)

علماء نے خاص طور پر اس جملے پر زور دیا:
"یبیع دینہ بعرض من الدنیا”

امام ابن حجر عسقلانی فرماتے ہیں انسان تھوڑے سے دنیاوی فائدے (مال، عہدہ، شہرت) کے لیے حق کو چھوڑ دیتا ہے، باطل کو قبول کر لیتا ہے یعنی اصل مسئلہ دنیا کی محبت ہے۔

اب رزق ایک اہم شے ہے۔ اس کے بغیر گزارا ممکن نہیں اسی لئے انسان کو ساتھ بکریوں (ہماری عام زبان میں رزق) سمیت کوچ کرنے کا حکم ہے۔ کیوں ؟ تاکہ ہم خلوت میں اپنے ایمان کی حفاظت کر سکیں اور اسے مزید تقویت بخشیں۔
اوپر کی دونوں احادیث کا لنک ہے آپس میں۔

لیکن کبھی یہ سوچا کہ بار بار فتنوں کا تذکرہ کیوں ملتا ہے ؟ کیونکہ یہ ہمارے ایمان کی جڑیں کھوکھلی کر کے ان کی عمارت گرا دیتے ہیں۔
جھوٹ سچ لگنے لگتا ہے
اور سچ کی تصدیق کرنا محال لگنے لگتا ہے۔

جیسے دور حاضر ! دین کو ٹرینڈ بنا لیا ہے۔ سورہ توبہ میں آتا ہے نا کہ منافقین اپنی مرضی کا دین چنتے ہیں یعنی جس سے ان کا نفس خوش رہے اور وہ خود کو مسلمان بھی ثابت کر سکیں۔ جہاں انہیں مشکل پیش آنے لگے وہ عمل چھوڑ دیتے ہیں۔ اور یہ چیز آج بخوبی واضح ہے۔

ویسے آئمہ کرام کے نزدیک "کافر ہونا” ہمیشہ مرتد ہونے کے مترادف نہیں ہوتا۔ کبھی کبھی اس سے مراد یہ بھی ہوتا ہے کہ انسان اپنے دین سے اس قدر دوری اختیار کر لے کہ اس کا ایمان متزلزل رہنے لگے۔ اور بالآخر وہ مکمل کنارہ کشی کرلیتا ہے یعنی کفر اختیار کرلیتا ہے (معاذ اللہ)

لیکن وہ رزق دراصل ہے کیا ؟ جسے ساتھ لے جانے کا حکم ملتا ہے ؟ "ایمان کا رزق” ، "دلوں کا رزق”
آپ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کی طرف نظر دوڑائیں ذرا۔ فاقے گزارے لیکن کبھی ناشکری، ناامیدی جیسی اشیاء کو قریب نہ آنے دیا۔ کیا تھا جس نے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کو ہمت عطا فرمائی ؟ ذکر الٰہی ! صبر، شکر۔

اور یہی راہ ہمارے لیے بھی ہے۔
دلوں کا رزق کیسے اکٹھا کرنا ہے ؟ آپسی معاملات بہتر کر کے، دلوں کو بغض، حسد سے پاک رکھ کر۔ جس دل میں صرف نیک نیتی ہوگی وہ کبھی مار نہیں کھائے گا۔

اور ایمان کا رزق ؟ وہ حدیث یاد ہے ؟!
جس میں آتا ہے کہ قحط سالی اس قدر ہو جائے گی کہ اللہ والے بس ذکر الٰہی کر کے اپنا پیٹ بھریں گے۔

قرآن مجید میں بھی آتا ہے
الا بذكر الله تطمن القلوب.
دل اللہ کے ذکر سے سکون پاتے ہیں۔

تو اول اس فتنے کے دور میں دین کو مضبوطی سے تھامنا ہے۔ چاہے دنیا یہاں سے وہاں ہو جائے لیکن آپ نے راہ ہدایت سے فرار اختیار نہیں کرنی۔
دوم جتنا ہو سکے ذکر کی عادت ڈالیں۔
یقیناً جو ایمان والے ہوتے ہیں انہیں فتنے متزلزل نہیں کر سکتے۔

عائشہ اعوان 🖋️



Source