پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴
خالد شریف

بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی

کل ممتاز شاعر،ادیب ،ایڈیٹر اور ماروا پبلشرز کے مالک جناب محترم خالد شریف صاحب کا یومِ پیدائش تھا۔ انہوں نے شاعری کی تو سب کو حیران کر دیا اور اپنے ایک ہی شعر سے زندہ و جاوید تسلیم کر لئے گئے۔ وہ مقبول ترین شعر یوں ہے۔

بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا

خالد شریف نے کتاب پر کشش بنا کر اس کے قارئین میں اضافہ کیا۔ گویا پبلشنگ میں خوب صورت کتابوں کی پہچان بھی ان کے ادارے ’’ماورا‘‘ سے وابستہ ہوئی۔ وہ دوستوں سے پیار کرنے والے، درد مند انسان ہیں۔
خالد شریف 18 جون 1947ء میں انبالہ (بھارت) میں پیدا ہوئے۔ بعدازاں خاندان کے ساتھ راولپنڈی میں آگئے۔ اسی شہر سے پرائمری اور ہائی سکول کی تعلیم حاصل کی۔ 1967ء میں گورنمنٹ کالج راولپنڈی سے ایم اے اکنامکس کرنے کے بعد انہوں نے انکم ٹیکس کا محکمہ جوائن کر لیا اور مختلف شہروں میں خدمات سر انجام دیں۔ لیکن ملازمت شاید ان کے مزاج کے مطابق نہ تھی۔سو انہوں نے کاروبار کے بارے میں سوچنا شروع کر دیا۔ اس حوالے سے کتاب سے رغبت نے ان کو پبلشنگ کی طرف مائل کیا۔ 1970ء میں اشاعتی کاروبار کا آغاز کیا۔ آج جو کچھ ہمیں نظر آتا ہے، اس میں ان کی برسوں کی محنت شامل ہے۔ انہوں نے 1964ء میں شعر کہنا شروع کئے۔اس وقت یہ کالج کے طالب علم تھے اور کالجوں کے بین الکلیاتی مشاعروں میں حصہ لیتے تھے۔ انہوں نے اپنی کالج کی نمائندگی کے دوران ڈھیروں انعامات حاصل کئے۔ انہوں نے ایم اے اکنامکس کے بعد سی ایس کی تیاری کے دوران اردو فارسی ادب میں بھی ڈگریاں حاصل کیں۔
خالد شریف ایک کاشتکار گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے خاندان میں شعر و ادب کا نام و نشان نہ تھا۔ چونکہ انہوں نے سکول کے زمانے ہی سے فارسی پڑھی تھی اس لیے گریجویشن تک آتے آتے اس کا رچائو ان کے مزاج میں آ چکا تھا۔ اس دوران انہوں نے اردو لٹریچر کا بھی بہت مطالعہ کیا۔ اس طرح شعر و ادب اور پبلشنگ کا کاروبار ان کے مزاج کے مطابق ہے۔
خالد شریف کی پہلی کتاب 1990ء میں ’’نارسائی‘‘ کے نام سے شائع ہوئی جس کے درجن سے زائد ایڈیشن آچکے ہیں۔ اس کے بعد ’’بچھڑنے سے ذرا پہلے‘‘ شائع ہوئی اور پھر’’وفاکیا ہے‘‘ اور ’’گزشتہ‘‘ شائع ہوئیں۔ ’’رت ہی بدل گئی‘‘ 2003ء میں مارکیٹ میں آئی۔ دیگر کئی کتابیں زیر طبع ہیں۔ ان کی کتابیں قارئین میں بے حد پسند کی جاتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منتخب کلام
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رخصت ہوا تو بات مری مان کر گیا
جو اس کے پاس تھا وہ مجھے دان کر گیا

بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا

دلچسپ واقعہ ہے کہ کل اک عزیز دوست
اپنے مفاد پہ مجھے قربان کر گیا

کتنی سدھر گئی ہے جدائی میں زندگی
ہاں وہ جفا سے مجھ پہ تو احسان کر گیا

خالدؔ میں بات بات پہ کہتا تھا جس کو جان
وہ شخص آخرش مجھے بے جان کر گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
زخم رسنے لا ہے پھر شاید
یاد اس نے کیا ہے پھر شاید

سسکیاں گونجتی ہیں کانوں میں
گھر کسی کا جلا ہے پھر شاید

حاصل عمر کیا یہی کچھ ہے
یہ ابھی سوچنا ہے پھر شاید

در زنداں پہ پھر ہوئی دستک
کوئی درد آشنا ہے پھر شاید

پھر پرندے اڑے ہیں شاخوں سے
اک دھماکہ ہوا ہے پھر شاید

مسکراتے ہیں دیکھ دیکھ کے لوگ
امتحان وفا ہے پھر شاید
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یہی کروگے کہ اب ہم سے تم ملو گے نہیں
جو بات دل نے کہی تھی اُسے سنو گے نہیں

وہ زخم ڈھونڈ رہا تھا ہنسی لئے لب پر
ہر اک سے پوچھتا پھرتا تھا کچھ کہو گے نہیں

وہ داستاں جسے سنتے تھے روز ہنس ہنس کر
کبھی ہم سے جو سنو گے تو پھر ہنسو گے نہیں

سمجھ رہے ہو کہ کچھ بھی نہیں ہوا خالد
مگر یہ چوٹ ہے ایسی کہ تم بچو گے نہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
درختوں سے جدا ہوتے ہوۓ پتے اگر بولیں
تو جانے کتنے بھولے بسرے افسانوں کے در کھولیں

اکھٹے بیٹھ کر باتیں نہ پھر شاید میسر ہوں
چلو ان آخری لمحوں میں جی بھر کر ہنسیں بولیں

ہوا میں بس گئی ہے پھر کسی کے جسم کی خوشبو
خیالوں کے پرندے پھر کہیں اڑنے کو پر تولیں

جہاں تھے متفق سب اپنے بیگانے ڈبونے کو
اسی ساحل پہ آج اپنی انا کی سیپیاں رولیں

بھنور نے جن کو لا پھینکا تھا اس بے رحم ساحل پر
ہوائیں آج پھر ان کشتیوں کے بادباں کھولیں

نہ کوئی روکنے والا نہ کوئی ٹوکنے والا
اکیلئ آئینے کے سامنے ہنس لیں کبھی رو لیں

نام۔۔۔!

وہ یہ کہہ رہی تھی
کہ میرا نام نہ لو
مگر میرا وجدان
ُاس سے پلٹ کر یہ کہہ نہ سکا
میرے ہر سانس میں
بس تیرا نام ہے۔۔!

 

ہماری داستانِ شوق سُن کر
مقدر کو پسینہ آ گیا

 

دل یھی سوچ کر لگانا ھے
جس نے جانا ھے أس نے جانا ھے

 

مہک کے ساتھ ہی رنگت بھی اڑ گئی خالد

بچھڑ کے شاخ سے خود بھی گلاب ختم ہوا

 

منزل پہ پہنچنے کی تمنا ہی نہیں ہے
وہ لطف اُٹھائے ہیں تِری ہمسفری میں

 

اگرچہ خوف کے عالم میں خواب ختم ہوا

لگا کہ روح پہ طاری عذاب ختم ہوا

یہ ملنا اور بچھڑنا ہے پانیوں کی طرح

کہ ایک لہر اٹھی نقش آب ختم ہوا

 

اُسے تو کھو ہی چُکے، پھر خیال کیا اُس کا
یہ فکر کیسی کہ اب ہو گا حال کیا اُس کا

وہ ایک شخص! جسے خود ہی چھوڑ بیٹھے تھے
گُھلائے دیتا ہے دِل کو ملال کیا اُس کا

تمہاری آنکھوں میں چَھلکیں ندامتیں کیسے
جواب بُننے لگا تھا سوال کیا اُس کا

تمہارے اپنے اِرادے میں کوئی جَھول نہ تھا
کہو کہ ملنا تھا ایسا محال کیا اُس کا

وہ نفرتوں کے بھنْور میں بھی مُسکرا کے مِلا
اب اِس سے بڑھ کے بَھلا ہو کمال کیا اُس کا

اب اِس طرح بھی نہ یادوں کی کرچیاں چُنیے
نہ تھا فراق سے بہتر وصال کیا اُس کا

یہ سوچ کر نہ مِلے پھر اُسے کبھی خالد
کہ جانے ہو گا ندامت سے حال کیا اُس کا

 

لب سی لیے تو اپنے ہی کمرے میں یوں لگا
خاموش آئنوں کے سوا کچھ نہیں رہا

جذبے تمام کھو گئے لمحوں کی دھول میں
اب دل میں دھڑکنوں کی سوا کچھ نہیں رہا

اک عمر ہو گئی ہے کہ دل کی کتاب میں
کچھ خشک پتیوں کے سوا کچھ نہیں رہا

 

کتنی سدھر گئی ہے جدائی میں زندگی
ہاں وہ جفا سے مجھ پہ تو احسان کر گیا

 

ﺧﻮﺩ ﭘﺴﻨﺪﯼ ﺳﮯ ﻧﮑﻞ آؤ ﺗﻮ ﻣﺠﮫ ﺳﮯ ﻣﻠﻨﺎ’
ﻣﯿﮟ ﺑﺮﺍﺑﺮ ﮐﮯ ﺗﻌﻠﻖ ﭘﮧ ﯾﻘﯿﮟ ﺭﮐﮭﺘﺎ ﮨﻮﮞ..!!

 

وہ نفرتوں کے بھنور میں بھی مُسکرا کے مِلا
اب اِس سے بڑھ کے بَھلا ہو کمال کیا اُس کا

 

کاش ایسا ہو کہ اب کے بے وفائی میں کروں
تو پھرے قریہ بہ قریہ کو بہ کو میرے لیے

 

کسی کو دیکھوں تو ماتھے پہ ماہ و سال ملیں
کہیں بکھرتی ہوئی دھول میں سوال ملیں

ذرا سی دیردسمبر کی دھوپ میں بیٹھیں
یہ فرصتیں ہمیں شاید نہ اگلے سال ملیں

 

نہ اترے گا تمھارے پیار کا رنگ
یہ دھیما ہے مگر کچا نہیں ہے

 

ہم جو باتیں سکھا نہیں پائے !
اب زمانہ اسے سکھائے گا

[button color=”orange” size=”medium” link=”http://” icon=”” target=”false”]ترتیب و تدوین : معظم علی اعوان[/button]