پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افتخار قیصر کی غزلیں — Iftikhar Qaisar Ghazals

افتخار قیصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مری آنکھوں کو آنکھوں کا کنارہ کون دے گا (غزل)

مری آنکھوں کو آنکھوں کا کنارہ کون دے گا

سمندر کو سمندر میں سہارا کون دے گا

مرے چہرے کو چہرہ کب عنایت کر رہے ہو

تمہیں میرے سوا چہرہ تمہارا کون دے گا

مرے دریا نے اپنے ہی کنارے کاٹ ڈالے

بپھرتے پانیوں کو اب سہارا کون دے گا

بدن میں ایک صحرا جل رہا ہے بجھ رہا ہے

مرے دریاؤں کو پہلا اشارہ کون دے گا

محبت نیلا موسم بن کے آ جائے گی اک دن

گلابی تتلیوں کو پھر سہارا کون دے گا

ہم سے اپنے گاؤں کی مٹی کے گھر چھینے گئے (غزل)

ہم سے اپنے گاؤں کی مٹی کے گھر چھینے گئے

جس طرح شہری پرندوں سے شجر چھینے گئے

تتلیوں نے کاغذی پھولوں پہ ڈیرا کر لیا

راستے میں جگنوؤں کے بال و پر چھینے گئے

اس قدر بڑھنے لگے ہیں گھر سے گھر کے فاصلے

دوستوں سے شام کے پیدل سفر چھینے گئے

کالے سورج کی ضیا سے شہر اندھا ہو گیا

خون میں خوشبو اگانے کے ہنر چھینے گئے

آنکھ آنکھوں سے زبانوں سے زباں چھینی گئی

داستاں سے داستانوں کے شرر چھینے گئے