افتخار نسیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس کے چہرے کی چمک کے سامنے سادہ لگا (غزل)
اس کے چہرے کی چمک کے سامنے سادہ لگا
آسماں پہ چاند پورا تھا مگر آدھا لگا
جس گھڑی آیا پلٹ کر اک مرا بچھڑا ہوا
عام سے کپڑوں میں تھا وہ پھر بھی شہزادہ لگا
ہر گھڑی تیار ہے دل جان دینے کے لیے
اس نے پوچھا بھی نہیں یہ پھر بھی آمادہ لگا
کارواں ہے یا سراب زندگی ہے کیا ہے یہ
ایک منزل کا نشاں اک اور ہی جادہ لگا
روشنی ایسی عجب تھی رنگ بھومی کی نسیمؔ
ہو گئے کردار مدغم کرشن بھی رادھا لگا
نہ جانے کب وہ پلٹ آئیں در کھلا رکھنا (غزل)
نہ جانے کب وہ پلٹ آئیں در کھلا رکھنا
گئے ہوئے کے لیے دل میں کچھ جگہ رکھنا
ہزار تلخ ہوں یادیں مگر وہ جب بھی ملے
زباں پہ اچھے دنوں کا ہی ذائقہ رکھنا
نہ ہو کہ قرب ہی پھر مرگ ربط بن جائے
وہ اب ملے تو ذرا اس سے فاصلہ رکھنا
اتار پھینک دے خوش فہمیوں کے سارے غلاف
جو شخص بھول گیا اس کو یاد کیا رکھنا
ابھی نہ علم ہو اس کو لہو کی لذت کا
یہ راز اس سے بہت دیر تک چھپا رکھنا
کبھی نہ لانا مسائل گھروں کے دفتر میں
یہ دونوں پہلو ہمیشہ جدا جدا رکھنا
اڑا دیا ہے جسے چوم کر ہوا میں نسیمؔ
اسے ہمیشہ حفاظت میں اے خدا رکھنا
جولی کتنی بھولی تھی (نظم)
جولی کتنی بھولی تھی
جب اس نے اظہار کیا تھا
اپنے اندر کی خواہش کا
اس چھوٹے سے شہر کے
سارے لوگوں نے اس پر تھوکا تھا
چرچ کے فادر نے
اس کو
انجیل مقدس کے ورقوں سے پڑھ کے سنایا
عورت نسل انسانی کی خاطر دنیا میں آئی ہے
اس کے اندر کی خواہش تو ایک گنہ ہے
یہ تو کافی سال پرانا قصہ ہے
اب جولی تو بہت بڑے اک شہر کے اندر
عالی شان مکان میں رہتی ہے
کبھی کبھار اسے جب
اس چھوٹے قصبے کی یاد ستاتی ہے تو
کسی بھی قبرستان میں جا کر
انجانی قبروں پہ
پھول چڑھا کر
گھر کو واپس آ جاتی ہے