پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افتخار مغل کی غزلیں — Iftikhar Mughal Ghazals

افتخار مغل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی سبب سے اگر بولتا نہیں ہوں میں (غزل)

کسی سبب سے اگر بولتا نہیں ہوں میں

تو یوں نہیں کہ تجھے سوچتا نہیں ہوں میں

میں تم کو خود سے جدا کر کے کس طرح دیکھوں

کہ میں بھی تم ہوں، کوئی دوسرا نہیں ہوں میں

تو یہ بھی طے! کہ بچھڑ کر بھی لوگ جیتے ہیں

میں جی رہا ہوں اگرچہ جیا نہیں ہوں میں

کسی میں کوئی بڑا پن مجھے دکھائی نہ دے

خدا کا شکر کہ اتنا بڑا نہیں ہوں میں

مری اٹھان کی ہر اینٹ میں نے رکھی ہے

میں خود بنا ہوں بنایا ہوا نہیں ہوں میں

یہاں جو آئے گا وہ خود کو ہار جائے گا

قمار خانۂ جاں میں نیا نہیں ہوں میں

مرے وجود کے اندر مجھے تلاش نہ کر

کہ اس مکان میں اکثر رہا نہیں ہوں میں

میں ایک عمر سے خود کو تلاشتا ہوں مگر

مجھے یقین نہیں، ہوں بھی یا نہیں ہوں میں

میں اک گمان کا امکاں ہوں افتخارؔ مغل

کہ ہو تو سکتا ہوں لیکن ہوا نہیں ہوں میں

رکھ رکھاؤ میں کوئی خوار نہیں ہوتا یار (غزل)

رکھ رکھاؤ میں کوئی خوار نہیں ہوتا یار

دوست ہوتے ہیں، ہر اک یار نہیں ہوتا یار

دو گھڑی بیٹھو مرے پاس، کہو کیسی ہو

دو گھڑی بیٹھنے سے پیار نہیں ہوتا یار

یار! یہ ہجر کا غم! اس سے تو موت اچھی ہے

جاں سے یوں ہی کوئی بیزار نہیں ہوتا یار

روح سنتی ہے محبت میں بدن بولتے ہیں

لفظ پیرایۂ اظہار نہیں ہوتا یار

نوکری، شاعری، گھر بار، زمانہ، قدریں

اک محبت ہی کا آزار نہیں ہوتا یار

خوش دلی اور ہے اور عشق کا آزار کچھ اور

پیار ہو جائے تو اقرار نہیں ہوتا یار

لڑکیاں لفظ کی تصویر چھپا لیتی ہیں

ان کا اظہار بھی اظہار نہیں ہوتا یار

آدمی عشق میں بھی خود سے نہیں گھٹ سکتا

آدمی سایۂ دیوار نہیں ہوتا یار!!

گھیر لیتی ہے کوئی زلف، کوئی بوئے بدن

جان کر کوئی گرفتار نہیں ہوتا یار

یہی ہم آپ ہیں ہستی کی کہانی، اس میں

کوئی افسانوی کردار نہیں ہوتا یار